سِکس فلیگز قدیہ
سِکس فلیگز قدیہ کیا ہے؟
ریاض سعودی عرب کا دارالحکومت ہے اور قدیہ ریاض کے مغرب میں موجود صحرائی علاقے میں زیرِ تعمیر ایک نہایت وسیع و عریض تفریحی منصوبہ ہے جسے اگر تفریحی شہر کہا جائے تو یقیناً زیادہ بہتر رہے گا۔ اس شہر میں دنیا کی سب سے بڑی تفریحی پارکس بنانے والی امریکی کمپنی سِکس فلیگز ایک بہت بڑا اور انگنت منفرد تفریحی سہولیات سے آراستہ تھیم پارک تعمیر کر رہی ہے جو مکمل تو 2023ء میں ہو گا تاہم اسے آزمائشی بنیادوں پر کچھ سہولیات کے ساتھ رواں برس ہی کھول دیا جائے گا۔ اس پارک کی تعمیر کا بنیادی مقصد پُرجوش طبیعت کے حامل افراد کے ذوق کی تسکین ہے۔ بات بے بات ڈر جانے والے اور پریشان رہنے والے تو یقیناً یہاں آنے کی بجائے کسی پُرسکون اور پُرفضاء قدرتی مقام ہی پر تفریح اور فرصت کا لطف اٹھانے جائیں گے۔ تاہم ایڈونچر پسند یعنی مہم جوئی کی جانب مائل طبیعت رکھنے والے اور تھرِل یعنی سنسنی کے بغیر زندگی کو بالعموم اور فرصت کے لمحات کو بالخصوص بے مزہ جاننے والے سِکس فلیگز قدیہ سے بہتر شاید ہی کسی اور جگہ اپنے شوق کی تسکین کے اتنے زیادہ سامان دیکھ پائیں۔
سِکس فلیگز قدیہ میں خاص کیا ہے؟
قِدیہ کے سِکس فلیگز تھیم پارک کی خاص بات فالکنز فلائٹ ہے۔ یہ ایک رولر کوسٹر ہے جو 20 لوگوں کو 4 کلو میٹر طویل سفر پر لے کر جایا کرے گی۔ اس راستے میں ایک عموداً اوپر جانے والی اُڑان نما مسافت بھی شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس رولر کوسٹر ٹرین کو فالکنز فلائٹ یعنی ‘شہباز کی پرواز’ کا نام دیا گیا ہے۔ عموداً بلندی کی جانب اپنا سفر مکمل کرنے کے بعد شہباز کی پرواز میگنیٹک موٹر ایکسیلریشن کو استعمال کرتے ہوئے اچانک 160 میٹر گہری وادی میں غوطہ لگانے کا مظاہرہ کرے گی اور ایک ٹنل میں جا کر 250 کلو میٹر فی گھنٹہ کی بے مثال رفتار سے اپنا سفر جاری رکھے گی۔ یہ ٹرین اپنی پوری مُسافت صرف اور صرف 3 منٹ میں مکمل کرے گی۔ یوں اپنی تکمیل کے بعد ‘شہباز کی پرواز’ دنیا کی بلند ترین مقام تک جانے والی، تیز ترین رفتار سے چلنے والی اور طویل ترین فاصلہ طے کرنے والی رولر کوسٹر بن جائے گی۔
سکس فلیگز پارک تعمیر کے کس مرحلے میں ہے؟
اس وقت سِکس فلیگز تھیم پارک سمیت قدیہ کے تفریحی شہر میں انگنت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ کام کی رفتار کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے ان تمام منصوبوں کا اعلان 2017ء میں کیا گیا تھا۔ ان منصوبوں کے لئے جگہیں مختص کرنے، ان کے نقشے بنانے اور ان کی منصوبہ بندی کرنے کا سارا کام اگلے ہی برس نہایت قلیل مدت میں یعنی سال 2018 کے اندر اندر مکمل کر لیا گیا۔ 2019ء میں سکس فلیگز پارک سمیت ان تمام نہایت بڑے بڑے منصوبوں کی تعمیر کا آغاز ہو گیا اور اب رواں برس یعنی 2021ء میں سِکس فلیگز تھیم پارک اور اس میں نصب اور تعمیر کی جانے والی بیشتر سہولیات کی ٹیسٹنگ اور ان کی جزوی اوپننگ کا عمل شروع ہو چکا ہے جب کہ 2023ء میں ان منصوبوں کی گرینڈ اوپننگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ کرونا بحران کے باوجود سعودی حکومت پرعزم ہے کہ وہ ان منصوبوں کے مقررہ وقت پر افتتاح کو یقینی بنائے گی اور اس مقصد کے لئے یہاں نہایت زور و شور سے تعمیراتی کام جاری ہیں۔
سِکس فلیگز تھیم پارک میں کیا کیا ہے؟
79 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا سکس فلیگز تھیم پارک سلطنتِ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا پارک ہو گا۔ اس پارک میں دل کش مقامات کو حیرت انگیز تعداد میں جمع کر دیا گیا ہے۔ یہاں ایک، دو یا چار نہیں بلکہ پوری 28 رائیڈز اور دلکش و سحر انگیز جگہیں ہیں۔ یہاں 6 تھیمز کی حامل زمینیں یا مقامات ہیں جن کی مختصر تفصیل حسبِ ذیل ہے۔
1۔ سٹیم ٹاؤن
کیا آپ بھاپ کے انجن کے زمانے میں واپس جانا چاہتے ہیں؟ کیا آپ اس زمانے کی سیر کرنا چاہتے ہیں کہ جب انسان نیا نیا ‘مینول’ سے ‘مشینی’ ہوا تھا اور دھواں چھوڑنے والے انجن کی ایجاد نے اس کی پیداواری صلاحیتوں کو کئی گنا بڑھا دیا تھا اور وہ اپنی اس کامیابی پر پھولا نہیں سما رہا تھا؟ سِکس فلیگز تھیم پارک کا سٹیم ٹاؤن آپ کو اسی زمانے کی جھلک دِکھا رہا ہے کہ جہاں قدامت اور جدیدیت آپس میں ٹکراتے ہیں اور انسان کی تہذیبی زندگی ایک نیا موڑ کاٹتی ہے اور نئے زمانے میں داخل ہوتی ہے۔
2۔ چاندنی والے باغات
دن کے وقت سِکس فلیگز تھیم پارک کا یہ علاقہ کسی پوشیدہ باغ سے زیادہ کچھ نہیں لگتا۔ تاہم، جونہی شام ڈھلتی ہے ٹوائیلائٹ گارڈنز یا چاندنی والے باغات چمکتے دمکتے درختوں اور پودوں سے بھرپور مسحورکن جنگل میں بدل جاتے ہیں۔
3۔ ڈِسکوری سپرنگز
ڈِسکوری سپرِنگز سِکس فلیگز تھیم پارک میں ایک قدیم نخلستان کی طرز پر تعمیر کردہ مقام ہے جہاں پانی ایک مرکزی فوراہ نُما چشمے سے مسلسل نکلتا اور پورے نخلستان کو سیراب کرتا رہتا ہے۔
4۔ سٹی تھرِلز
تھیم پارک کے اس مُتحرک مقام پر توانائی اور حرکت کو ان کی تعمیری صلاحیتوں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ یہاں اُفق پر نظر آنے والا بلند ترین مقام پارک کی سب سے اہم اور خاص رائڈ شہباز کی پرواز کی مسلسل بلند ہوتی ہوئی پٹڑی ہے۔
5۔ قسمت کی وادی
‘قسمت کی وادی’ سِکس فلیگز تھیم پارک کا وہ خاص مقام ہے کہ جو بالخصوص مہم جوانہ مزاج رکھنے والوں کے ذوق کی تسکین کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ چنانچہ اگر آپ ایڈونچر کی دولت کو دریافت کرنا اور قسمت کی وادی کے مخفی رازوں سے واقف ہونا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو اس وادی کا کم از کم ایک دورہ ضرور کر لینا چاہئے۔
6۔ بڑی نمائش
کیا آپ کسی بہت بڑی اور حیرت انگیز حد تک متنوع نمائش کا دورہ کرنا چاہتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو بھی آپ کی یہ خواہش سِکس فلیگز تھیم پارک پوری کر سکتا ہے کیونکہ یہاں ماضی کی انگنت ایسی اشیاء کی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا کہ جنہیں دیکھ کر آپ یقیناً ان سے وابستہ اپنے بیتے دنوں کی یادوں میں کھو جائیں گے۔