امالا

437

امالا کیا ہے؟

امالا سعودی عرب کے شمال مغربی ساحل کے ساتھ واقع ایک نہایت پُرآسائش سیاحتی مقام ہے جس کا دورہ فن و ثقافت، شادمانی اور بحیرۂ احمر کی پاکیزگی سے مامور ہونے کے سبب آپ کی شخصیت کو یکسر بدل کے رکھ دے گا۔ امالا کو اس طرح ڈیزائن کیا اور نکھارا گیا ہے کہ یہ ایک منفرد سیاحتی مقام بن گیا ہے اور اس نے سعودی عرب کو بھی سیاحت، میزبانی، ریئل اسٹیٹ اور پائیدار معیشت کے تناظر میں ممتاز ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نیچرل رِزرو کے دم بخود کر دینے والے حُسن کے بیچوں بیچ واقع امالا کا منفرد ورثہ اور اپنی اصل حالت میں موجود جداگانہ ساخت کی حامل زمین 4155 مربع کلو میٹر تک پھیلی ہوئی ہے۔ امالہ یادگار تجربات تخلیق کرنے کے نئے طریقوں کی داغ بیل ڈالے گا۔ سیاحوں کے اذہان و قلوب پر اس کے ثبت شُدہ نقوش شاہانہ سیاحتی مقامات کی عالمی فہرست میں امالا کا درجہ خود بخود بلند کر دیں گے۔

امالا کو کون کیسے ڈیزائن کر رہا ہے؟

سعودی عرب کے ویژن 2030ء کو مد نظر رکھتے ہوئے امالا کو اس کے قدرتی ماحول کی فطری توسیع کے اصول کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے۔ نقشہ نویسی اور تعمیرات کی دنیا کے 3 بڑے اور جانے پہچانے نام امالا کو خواب سے حقیقت میں تبدیل کر رہے ہیں۔ فوسٹر، پارٹنرز، ڈینِسٹن انٹرنیشنل آرکیٹیکٹس اور پلانرز اور ایچ کے ایس آرکیٹیکٹس امالا کے ہوٹلوں، گھروں اور ریٹیل آؤٹ لیٹس وغیرہ کے تخلیقی اور ماحول دوست ڈیزائن تیار کر کے اسے خواب سے حقیقت کا روپ دینے کے ذمہ دار ہیں۔

امالا میں کیا کیا ہو گا؟

اپنی تکمیل کے بعد امالا اپنی طرز کا اکلوتا سیاحتی مقام ہو گا جس کا اپنا ایئر پورٹ ہو گا، مقامی ماحول کے مطابق خصوصی طور پر ڈیزائن اور تعمیر کردہ گھر ہوں گے، کھیلوں کی انگنت سہولیات ہوں گی اور کشتی رانی، تیراکی اور غوطہ خوری جیسے پانی کے مشغلے بھی آسانی سے اپنائے جا سکیں گے۔ امالا کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی سیاح دنیا کے عمدہ ترین صحت افزاء مقام، فن تعمیر کے شاہکار، ثقافت کے مُرقع، کھیلوں اور تندرستی کے سامان، ششدر کر دینے والے مناظر قدرت، پہاڑی خد و خال، سنہری ریت، چمکتے شفاف پانیوں اور مرجان کی نئی رنگا رنگ چٹانوں میں کھو جائیں گے۔

امالا میں کتنی اور کیسی کمیونٹیز ہوں گی؟

یہ شاندار سیاحتی مقام 3 اقسام کی کمیونٹیز پر مشتمل ہو گا۔ ہر کمیونٹی تجربات اور ماحول کے مختلف نمونے کی عکاسی کرے گی۔ ہر کمیونٹی تسکینِ ذوق کے ایک نئے اور انفرادی سفر کی ترجمانی کرے گی۔ ان کمیونٹیز میں آنے والے اپنی توقعات سے کہیں زیادہ حسین تجربات سے ہمکنار ہوں گے اور انہیں یہاں سارا سال چمکنے والے سورج اور مسلسل بہنے والے سمندر جیسی قدرتی نعمتوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی ملے گا۔ اِن زیرتعمیر کمیونٹیز یا کالونیوں کی تفصیل حسبِ ذیل ہے۔

1۔ ٹرپل بے یا خلجانِ ثلاثہ کیا ہے؟

ٹرپل بے یا خلجانِ ثلاثہ سے مُراد ہے 3 خلیجیں یا سمندر کی 3 چھوٹی چھوٹی شاخیں۔ اس مقام پر 3 خلیجوں کے ملاپ کی وجہ سے اس کمیونٹی کو یہ نام دیا گیا ہے۔ یہ دنیا کی پہلی کھیلوں اور تفریح کے مکمل اتصال کی مظہر کمیونٹی ہو گی۔ ایک بھرپور صحت بخش تفریح کا مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ ٹرپل بے مستند علاج کی سہولیات بھی فراہم کرے گی۔ کمیونٹی خطے میں سینکڑوں سالوں سے آزمودہ روایتی طریقہ ہائے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو اور دوستانہ ماحول میں طبی تشخیص و علاج کی جدید سہولیات بھی فراہم کرے گی۔

یہاں آنے والے سیاح سمندر میں غوطہ زن ہو کر براہِ راست ڈولفنز، کچھوؤں اور صحت بخش مرجان کی چٹانوں کی فطری دنیا میں پہنچ سکتے ہیں۔ یوں ٹرپل بے سیاحت کے لئے آنے والے خاندانوں کے لئے دنیا بھر کے غوطہ خوری کے مقامات میں سے عمدہ ترین ہو گا۔ جہاں وہ دلفریب اور بکثرت آبی حیات سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔

2۔ ساحلی آبادی کیا ہے؟

مشرقِ وسطیٰ میں عہدِ حاضر کے فنون کے جامع مرکز کے طور پر زیرتعمیر امالا کی کوسٹل ڈویلپمنٹ کمیونٹی یا ساحلی کمیونٹی میں ایک آرٹ میوزیم اور ایک ایمفی تھیئٹر (کرکٹ گراؤنڈ جیسی کُھلی، وسیع اور بیضوی تماشہ گاہ) بھی ہو گا۔ یہ دونوں مقامات عالمی، علاقائی اور مقامی ادب و فن اور سعودی عرب اور دنیا کے ثقافتی کیلنڈروں کے مطابق تقاریب اور سرگرمیوں کے اہتمام کا ایک جامع پروگرام تشکیل دیں گے۔ امالا کے ثقافتی مرکز کے طور پر تعمیر کی جانے والی یہ کمیونٹی علاقے کے متنوع ثقافتی ورثے اور قدیم دستکاریوں کو محفوظ کرنے اور دنیا کے سامنے خوبصورت اور سحر انگیز انداز میں پیش کرنے کا کام کرے گی۔

ماہرینِ فنون، دنیا کو متاثر کرنے والوں اور دلوں کو موہ لینے والوں کو ایک جگہ جمع کرنے والے مقام کے طور پر ساحلی کمیونٹی کو سماجی فلاح کے اصولوں کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے کیونکہ انسانی ہمدردی اور سماجی خدمت سعودی شہریوں کا طرۂ امتیاز ہے۔ صرف یہی سب نہیں، یہ طویل و عریض ساحلی پٹی صحت اور تندرستی کو برقرار رکھنے اور بحال کرنے کے لئے گرم حوض میں نہانے، یوگا کرنے، دھیان لگانے اور گھڑ سواری کرنے کی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔ یہاں ایک عالمی معیار کا اصطبل اور قومی و بین الاقوامی پولو ٹورنامنٹس کھیلنے کے لئے گراؤنڈ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔

دی آئی لینڈ کیا ہے؟

دی آئی لینڈ ایک خاص آرٹ کمیونٹی کا پُرسکون مسکن ہو گا جہاں عربی طرز کے باغ لگائے جائیں گے جو کہ پُرکشش نقش و نگار سے سجائے جائیں گے اور سیاحوں کو موزوں ترین ماحول فراہم کریں گے جس میں وہ غور و فکر بھی کر سکیں گے اور آرام بھی کر سکیں گے۔

عہدِ حاضر کے فن پاروں سے آراستہ عجائب گھر اور اکیڈمی کی حامل ہونے کے ناطے یہ کمیونٹی ساحل پر آباد ایک گلیمرس آرٹسٹ کالونی کا روپ دھار لے گی۔ فنکاروں کے گاؤں جیسی اس پرجوش کمیونٹی میں فنکاروں کے کام کرنے کے مراکز یا سٹوڈیوز ہوں گے، فن پارے فروخت کرنے والوں کی دکانیں ہوں گی، فن و ثقافت سے متعلق نمائشیں منعقد ہوں گی اور فنکاروں کو نہ صرف اپنے فنون کے مظاہروں کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ انہیں ہر طرح کی دوسری ضروری سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ دیگر سوچنے والوں اور تخلیق کاروں کو بھی نت نئی ٹیکنالوجیز، مشینیں اور سائنسی و فنی میکانزمز ایجاد کرنے اور متعارف کروانے کے لئے تمام درکار سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ اہل علم و فن کی قدر کرنے کی روایت پڑنے کے ساتھ ساتھ انسانی ارتقاء کا سفر بھی آگے بڑھ سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More