تُرک پویلین، منفرد اور خوبصورت

589

ترک پویلین میں کیا ہے؟ کیسا ہے؟

بلاشبہ ترک پویلین میں ایسا بہت کچھ ہے جو اسے ایکسپو 2020 دبئی میں موجود دیگر ممالک کے پویلینز سے زیادہ خوبصورت، منفرد اور ممتاز بناتا ہے۔ پویلین کے سپروائزر نے متحدہ عرب امارات کے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ترک پویلین انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، زیورات، لکڑی کی مصنوعات، سیاحت اور صحت سمیت مصنوعات اور خدمات کی بڑی تعداد کو نمائش کیلئے پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم اپنے یہاں آنے والے معزز مہمانوں کا نہایت خوشی اور گرم جوشی کے ساتھ استقبال کر رہی ہے اور ان کا متحدہ عرب امارات میں قیام کا یہ دورانیہ اپنے منفرد تجربات اور مشاہدات کے سبب انہیں نہایت خوشگوار احساس دے رہا ہے اور بہت پرجوش کر رہا ہے۔ ترک پویلین کے سپروائزر کیم ملک نے انٹرویو کے دوران بالخصوص اپنے ملک کے دارالحکومت استنبول کے متعلق بات کی اور کہا کہ صرف دارالحکومت ہی کے متعلق ہمارے پاس ایکسپو 2020 میں دکھانے کو اتنا کچھ ہے کہ شاید ہم سب کچھ نہ دکھا پائیں کیونکہ یہ شہر اہم ترین تاریخی داستانوں کا گہوارہ ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت شاندار صنعتی ورثہ بھی رکھتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ترک دارالحکومت استنبول ماضی میں رومی، بازنطینی اور عثمانی سلطنتوں کا دارالحکومت بھی رہ چکا ہے۔

ترک پویلین کی تھیم ‘تہذیبوں کے نقطۂ آغاز سے مستقبل کی تعمیر‘ ہے اور یہ ایکسپو 2020 دبئی کے سسٹین ایبلٹی ڈسٹرکٹ میں واقع ہے۔ اس کی تعمیر ڈریم ڈیزائن فیکٹری نے کی ہے۔ یہاں آنے والوں کو ترک ثقافت کی آئینہ دار تقاریب میں شرکت کا موقع ملے گا۔ ترک اور دیگر ممالک کے انواع و اقسام کے کھانے کھانے کو ملیں گے۔ وہ یہاں سے اپنے ساتھ بہت سے تحائف اور ترک مصنوعات بھی لے جا سکتے ہیں اور پویلین کے مختلف میٹنگ رومز میں مختلف عالمی، معاشی، تجارتی، فنی، تعلیمی و ثقافتی موضوعات پر جاری مذاکروں میں بھی شرکت کر سکتے ہیں۔ اس سب کے ساتھ ساتھ ترک پویلین کی انتظامیہ نے بالخصوص بچوں کی تفریح و تعلیم کیلئے بھی بہت سی سرگرمیوں کا اہتمام کر رکھا ہے۔

Source:https://wam.ae/en/details/1395302985802

ترک پویلین کے بنیادی مقاصد کیا ہیں؟

ترکی موجودہ اور آئندہ نسلوں کی زندگیوں پر منفی اثرات کا سبب بننے والی ترقی کے خلاف ہے اور چاہتا ہے کہ عالمی برادری ایسی تمام اشیاء کی تیاری و استعمال روک دے جو کہ ہماری زندگیوں اور ماحول پر مضر اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ترک پویلین بھی انسانیت کے ماحول دوست یعنی سسٹین ایبل یا پائیدار مستقبل کیلئے ابھرتے ہوئے ترکی کو پوری توانائی کے ساتھ دنیا سے متعارف کروا رہا ہے۔ مکمل طور پر ماحول دوست مواد سے تیار کردہ یہ پویلین ترکی کی خوبصورتیوں، برآمدی مصنوعات، ٹیکنالوجیز، قدرتی حسن، منفرد تاریخ اور متنوع ثقافت کو دنیا کے سامنے آشکار کر رہا ہے۔ بالخصوص یہاں ترک ہنرمندوں کے فن کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے اور ان کی دیدہ زیب دستکاریوں کی نمائش کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہاں ترک ثقافت اور فنون کے دیگر مظاہرے، روایتی رقص اور گیت وغیرہ بھی آنے والوں کی تفریحِ طبع کیلئے پیش کئے جا رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں تعینات ترک سفیر نے اپنے پویلین کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو امید ہے کہ ایکسپو 2020 دبئی انہیں نہ صرف اپنے ملک کی زبردست اور متنوع معیشت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بھرپور موقع فراہم کرے گی بلکہ یہ دنیا بھر سے دبئی آنے والے ان مندوبین کو جو ترک پویلین کا دورہ بھی کریں گے، ترکی میں موجود انگنت دلفریب سیاحتی مقامات سے بھی روشناس کرائے گی جس کے نتیجے میں ترکی میں سیاحت کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی صنعت کو مزید پھلنے پھولنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

Source:https://wam.ae/en/details/1395302985802

ڈجیٹل ورلڈ کیا ہے؟

تُرک پویلین کے ایک حصے کو ‘ڈجیٹل دنیا’ کا نام دیا گیا ہے۔ پویلین آنے والوں کو اس حصے میں نقطۂ آغاز سے لے کر بتدریج ترکی کے ساتوں حصوں کی ورچوئل سیر کروائی جائے گی۔ یوں آپ متحدہ عرب امارات میں ہوتے ہوئے ترک سرزمین کے حسین اور متنوع خدوخال، وہاں کے لوگوں کے طرزِ بود و باش، ترکی کی تیز رفتار ترقی کے واضح ثبوت اور وہاں پائے جانے والے جانوروں، پودوں و دیگر حقائق سے روشناس ہو سکتے ہیں۔ ڈجیٹل دنیا کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ آپ کو یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دیئے جانے والے ان 19 مقامات کی بھی تفصیلی ورچوئل سیر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے جو کہ ترکی میں واقع ہیں اور ترک حکومت اور عوام ان قدیم مقامات و عمارات کا نہایت عمدگی سے خیال رکھ رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ہزاروں سال قبل مٹ جانے والی تہذیبوں کے یہ نقوش اپنی اصل حالت میں موجود رہیں اور تاریخ کے طلبہ اور آثارِ قدیمہ پر تحقیق میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے بدستور مفید ثابت ہوتے رہیں۔

Source:https://www.gulftoday.ae/business/2021/10/21/a-new-era-of-cooperation

ترک پویلین آنے والوں کو کیا دکھاتا ہے؟

ترک پویلین کا ڈیزائن ‘گوبیکلی تپہ‘ یا ‘پوٹبیلی ہِل’ سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے جو کہ ترکی کے صوبہ ‘شانلیعرفا’ میں واقع ہے۔ گوبیکلی تپہ ‘یادگار’ کے طور پر بنائی گئی انسانی تاریخ کی پہلی عمارت ہے۔ اس ڈیزائن کے انتخاب، عمارت کے اندر رکھے گئے نوادات کے چناؤ اور دکھائی جانے والی ویڈیوز کا ایک مقصد تو یہ ہے کہ پویلین آنے والوں کو ایک منفرد تجربے کا احساس دلایا جا سکے اور ان کو بتایا جا سکے کہ ترکی انسانیت کیلئے کیسے بہتر اور شاندار مستقبل کا خواہشمند ہے اور دوسرا یہ کہ دنیا بھر سے ترک پویلین آنے والے مندوبین کو ترک خطے اناطولیہ یا ایشیائے کوچک کہ جسے ‘تہذیبوں کا پنگھوڑا’ قرار دیا جاتا ہے، کی منفرد تاریخ سے آگاہ کیا جائے اور ترکی کے ماحول دوست ویژن کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا جائے۔

دریں اثناء، یہاں آنے والے افراد کو ترکی میں اُگنے اور تیار کی جانے والی مصنوعات، ترک صنعتوں اور خدمات وغیرہ سے بھی متعارف کروایا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ سرمایہ کاری کیلئے ترکی کس قدر موزوں مقام پر واقع اور بہترین ماحول کا حامل ملک ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More