فیفا عالمی کپ قطر 2022ء ۔۔۔۔۔ نیا کیا ہے؟
فیفا عالمی کپ قطر کیسا ہو گا؟
فیفا عالمی کپ 2022ء میں کچھ ایسے نئے تجربات کئے جا رہے ہیں کہ جو اس سے پہلے کسی عالمی کپ میں نہیں کئے گئے تھے۔ اس عالمی کپ کی انفرادیتیں اور اس سے منسوب اچھوتے تجربات اسے آغاز سے بہت پہلے ہی شائقین فٹبال کی توجہ کا مرکز بنائے ہوئے ہیں۔ تو آئیے ایک نظر اس عالمی کپ کے منفرد اعزازات اور اس کے چند بنیادی حقائق پر ڈالتے ہیں اور یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان نئے تجربات کے دنیائے فٹبال پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
اس مقابلے کی پہلی انفرادیت تو یہ ہے کہ یہ دنیا کا پہلا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ ہے کہ جو مشرقِ وسطیٰ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے کبھی کوئی عالمی فٹبال کپ کسی خلیجی ریاست کی میزبانی میں منعقد نہیں ہوا۔ اس کا دوسرا بڑا اعزاز یہ ہے کہ اس سے قبل کبھی کوئی فٹبال ٹورنامنٹ اتنی چھوٹی جگہ پر بھی منعقد نہیں ہوا۔۔۔۔۔۔۔ واضح رہے کہ چھوٹی جگہ سے مراد فٹبال گراؤنڈز نہیں بلکہ مملکتِ قطر کا کل رقبہ اور اس کے مختلف فٹبال گراؤنڈز کا باہمی فاصلہ ہے جو کہ اس قدر کم ہے کہ شائقینِ فٹبال ایک ہی دن میں دو الگ الگ مقامات پر الگ الگ اوقات میں منعقد ہونے میچز کو روبرو دیکھنے کیلئے بہ سہولت ایک سے دوسری جگہ پہنچ سکتے ہیں۔
قطر میں واقع وہ تمام سٹیڈیمز کہ جن میں فیفا عالمی کپ 2022ء کے میچز منعقد کئے جانے ہیں باہم ایک گھنٹے سے کم ڈرائیو کی دوری پر واقع ہیں۔ مثال کے طور پر وہ شائقین کہ جنھوں نے اپنا دن کا وقت قطر کے شہر الوکارا کے جنوبی علاقے میں واقع الجنوب سٹیڈیم میں اپنی پسندیدہ فٹبال ٹیم کو داد دیتے ہوئے گزارا ہے، شام کے وقت کے مزے کو دوبالا کرنے کیلئے الکھور شہر میں واقع البیت سٹیڈٰم میں بہ سہولت پہنچ سکتے ہیں اور ایک بالکل نئے ماحول اور صورت حال کو اپنی یادداشتوں میں محفوظ کر سکتے ہیں۔
شائقئینِ فٹبال کے لئے ایک میچ کی جائے انعقاد سے دوسرے مئیچ کی جائے انعقاد تک پہنچنا بھی کسی طور مشکل نہیں ہے کیونکہ قطر کا ماس ٹرانزٹ سسٹم نہایت مؤثر، مربوط اور جامع ہے۔ چنانچہ اگر وہ چاہیں تو میٹرو کے ذریعے باآسانی ایک سٹیڈیم سے دوسرے سٹیڈیم تک پہنچ سکتے ہیں۔ گاڑیاں بھی بکثرت دستیاب ہیں لہٰذا اگر وہ میٹرو میں ہجوم کے ساتھ سفر کرنے کی بجائے انفرادی طور پر یا صرف اپنے اہل خانہ یا دوست احباب کے ساتھ ایک سے دوسرے سٹیڈیم جانا چاہتے ہیں تو وہ گاڑیاں یا ٹیکسیاں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہی نہیں، قطر کے بیشتر سٹیڈیمز ریلوے ٹریک سے بھی منسلک ہیں۔ لہٰذا اگر شائقینِ فٹبال سڑک کی بجائے ریل کے سفر کو ترجیح دینا چاہیں تو ان کے لئے یہ سہولت بھی موجود ہے۔
لیکن قطر کے شاندار اور وسیع شہری ذرائع نقل و حمل کی استعداد کی کہانی یہاں ختم نہیں ہوتی، بلکہ ابھی جاری ہے۔۔۔۔۔۔ کیونکہ اگر آپ صرف ایک شخص ہیں اور قطر میں صرف فٹبال دیکھنے نہیں آئے بلکہ اس ملک کی سیاحت کا بھی ارادہ رکھتے ہیں، اس کے موسم کو محسوس کرنا اور اس کی ثقافت اور مقامات کو غور سے دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر آپ کے لئے قطر بھر میں نجی بائیک سروس بھی موجود ہے۔ یوں بائیک کی سواری آپ کو قطر کے قدرتی نظاروں، مادی ترقی، شہری و دیہی ثقافت، طرزِ بود و باش اور اہلِ قطر کو زیادہ قریب اور باریک بینی سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع دے گی۔
لیکن بات ابھی بھی ختم نہیں ہوئی۔۔۔۔۔۔ اہلِ قطر ان دنوں شائقینِ فٹبال کی بہترین میزبانی کو یقینی بنانے اور انہیں تمام ممکنہ سہولیات بہم پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرنے کی لگن کے ساتھ مسلسل مصروف عمل ہیں اور پوری کوشش کر رہے ہیں کہ وہ بیرونی دنیا سے یہاں فٹبال میچز دیکھنے کیلئے آنے والوں کو اپنے حُسنِ انتظام اور ترقی سے حیران اور پریشان بھی کر دیں اور خوب داد بھی سمیٹیں اور مستقبل کیلئے اپنے ملک کو عالمی برادری کی نگاہ میں مواقع سے بھرپور ملک کے طور پر رجسٹر بھی کروا لیں۔۔۔۔۔۔۔۔ چنانچہ اگر آپ قطر میں منعقد ہونے والا
فیفا ورلڈ کپ 2022ء دیکھنے جاتے ہیں تو پھر آپ کو تیز رفتاری، سکون اور عیش و الطاف کے ساتھ ایک سے دوسرے فٹبال سٹیڈیم تک پہنچانے کے لئے اہلِ قطر نے شاندار اور خوبصورت آبی ٹیکسیوں کا انتظام بھی کر رکھا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیونکہ تقریباً سارا قطر ہی سمندر کے کنارے واقع ہے لہٰذا ملک کے بیشتر شہروں میں موجود سٹیڈیمز ساحلوں کے قریب ہیں۔ ملک کے بیشتر ساحلی علاقے نہایت ترقی یافتہ، حُسنِ انتظام کے مظہر اور جدید بندرگاہوں کے حامل ہیں۔ لہٰذا ایک سے دوسرے فٹبال سٹیڈیم تک پہنچنے کیلئے شائقین بکثرت دستیاب آبی ٹیکسیوں کی خدمات بھی حاصل کر سکتے ہیں اور فٹبال کی سنسنی کے ساتھ ساتھ سمندر کی وسعت اور آبی حیات کی رنگینی، تنوع اور اداؤں سے بھی محظوظ ہو سکتے ہیں۔
اور ہاں۔۔۔۔۔۔۔! یہ تمام کے تمام ذرائع نقل و حمل مکمل طور پر ماحول دوست توانائی استعمال کرتے ہیں۔ یوں زمین پر اتنی بڑی انسانی سرگرمی کے باوجود فطرت کو صفر نقصان پہنچے گا اور کسی قسم کے کاربن مرکبات قطر کی فضا میں زہر گھولنے کیلئے موجود نہیں ہوں گے جس سے نہ صرف شائقین دھوئیں اور بیماریوں سے محفوظ رہیں گے بلکہ سیارہ زمین بھی فیفا عالمی کپ قطر کے انعقاد کا تاوان اپنی آلودگی میں اضافے کی صورت میں دینے سے محفوظ اور صحتمند رہے گا۔ گویا یہ انسانی تاریخ کا پہلا کاربن فری فیفا ورلڈ کپ ہو گا۔۔۔!
بہترین ذرائع نقل و حمل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اہلِ قطر نے دنیا بھر سے متوقع شائقینِ فٹبال کے لئے تمام اقسام کی رہائشی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کا انتظام بھی کر رکھا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کم آمدن والے فرد ہیں یا زائد آمدن والے، سادہ یا سستی ترین رہائش حاصل کرنا چاہتے ہیں یا عالی شان، پرآسائش اور سہولیات سے بھرپور رہائش حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ قطر کے ہر فٹبال سٹیڈیم کے قرب و جوار میں ہر طرح کے ہوٹلز، ریسٹورینٹس اور گیسٹ ہاؤزز کا جال بچھا ہوا ہے۔