یو اے ای ریذیڈینسی ویزہ: منسوخی اور قوانین

654

رہائشی ویزہ کون منسوخ کرتا ہے؟

بالعموم کسی کا رہائشی یا ریذیڈینسی ویزہ سپانسر کرنے والا ہی اُسے منسوخ بھی کر سکتا ہے۔ ویزہ ہولڈر خود ویزہ منسوخی کی درخواست نہیں دے سکتا۔ اپنی اہلیہ، بچوں اور دیگر زیرِکفالت اہلخانہ کے ویزے سپانسر کرنے والے شخص کو اپنا ویزہ منسوخ کرنے سے قبل اپنے زیرکفالت افراد کے ویزے منسوخ کرنے چاہیں۔

واضح رہے کہ اگر آپ کے پاس آپ کے خاندان کے کسی رُکن کا سپانسر کردہ یا آپ کو ملازمت دینے والے کا سپانسر کردہ متحدہ عرب امارات کا رہائشی یا اقامتی ویزہ ہے اور آپ نے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے امارات کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے تو پھر آپ کو اپنا اقامتی ویزہ لازماً منسوخ کروا لینا چاہئے۔

اگر کوئی کمپنی اپنے کسی غیرملکی اہلکار کا ملازمت کا ویزہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو ایسا کرنے سے قبل اس کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ وزارت انسانی وسائل و اماراتی امور سے رابطہ کرے اور اسے درخواست دے کہ ملازم کا لیبر کونٹریکٹ اور لیبر کارڈ دونوں منسوخ کر دے۔ اس درخواست پر ملازم کے دستخط بھی موجود ہونے چاہیں۔ اس کے بعد ملازمت دینے والے کو اپنی امارت کے متعلقہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز کو ویزہ منسوخی کی درخواست دینی چاہئے۔ کمپنی کو ایسے ملازم کا ورک پرمٹ بھی منسوخ کر دینا چاہئے۔ اس مقصد کیلئے اسے وزارتِ انسانی وسائل و امورِ امارات کو ملازم کا دستخط شدہ ایک خط بھی جمع کروانا چاہئے جو یہ بتاتا ہو کہ وہ اپنی ساری مزدوری یا تنخواہ اور دیگر فنڈز وغیرہ وصول کر چکا ہے۔

مزید برآں، رہائشی ویزہ کی منسوخی کی کارروائی اسی امارت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ذریعے مکمل کی جانی چاہئے جس نے اس پر پہلی بار مُہر لگائی تھی۔

ریذیڈینسی ویزہ کیسے منسوخ کروایا جائے؟

ویزہ منسوخ کروانے کے 2 طریقے ہیں:

1۔ بذریعہ رجسٹرڈ ٹائپنگ سینٹر

اس طریقۂ کار کے تحت سپانسر متعلقہ امارت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز کی جانب سے رجسٹر کردہ ٹائپنگ آفس جائے گا۔ ٹائپنگ مرکز سپانسر کی جانب سے ویزے کی منسوخی کا فارم پُر کرے گا اور متعلقہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ذریعے اس کی آن لائن پراسیسنگ کرے گا۔

2۔ آن لائن

اس طریقۂ کار کے تحت سپانسر متعلقہ امارت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز یا وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کے ای چینلز پلیٹ فارم کے ذریعے خود ویزہ منسوخی کے آن لائن پراسیس کو مکمل کرے گا۔

ویزہ منسوخی کیلئے کونسی دستاویزات درکار ہوتی ہیں؟

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ذریعے اقامتی ویزہ منسوخ کروانے کیلئے مندرجہ ذیل دستاویزات درکار ہوتی ہیں:

1۔ سپانسر کرنے والے کا دستخط شدہ ویزہ کینسلیشن فارم

2۔ اگر ویزہ کسی کمپنی یا فرم کی جانب سے سپانسر کیا گیا ہو تو ویزہ منسوخی کا فارم کمپنی کی جانب سے دستخط شدہ ہونا چاہئے اور کمپنی کی مہر سے سیل کیا گیا ہونا چاہئے۔ فارم کے ساتھ وزارتِ انسانی وسائل و امور امارات کا کلیئرنس سرٹیفیکیٹ بھی منسلک ہونا چاہئے۔

3۔ ویزہ ہولڈر کا حقیقی پاسپورٹ بھی ویزہ منسوخی کے فارم کے ساتھ منسلک ہونا چاہئے۔

4۔ ویزہ ہولڈر کا حقیقی شناختی کارڈ بھی ویزہ منسوخی کے فارم کے ساتھ منسلک ہونا چاہئے۔

5۔ اگر وہ شخص جس کا ویزہ سپانسر کیا گیا ہو، متحدہ عرب امارات سے باہر ہو تو اس کا ویزہ سپانسر کرنے والا شخص یا کمپنی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز کو اس کا حقیقی پاسپورٹ یا اس کے رہائشی ویزے کی کمپیوٹرائزڈ کاپی فراہم کر سکتی ہے۔ ریذیڈینسی ویزہ کی کمپیوٹرائزڈ کاپی حاصل کرنے کیلئے نیچرلائزیشن و ریذیڈینسی ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ویزہ منسوخی کیلئے کس سے رابطہ کیا جائے؟

متحدہ عرب امارات کے رہائشی ویزہ کی منسوخی سے متعلق تمام کارروائی مندرجہ ذیل لنکس پر جا کر مکمل کی جا سکتی ہے۔

1۔ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کے ذریعے اپنا رہائشی ویزہ آن لائن منسوخ کروانے کیلئے اس لنک پر کلک کریں۔

2۔ اگر آپ دبئی میں مقیم ہیں تو جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی کے ذریعے اپنے خاندان کا رہائشی ویزہ منسوخ کرنے کی درخواست دینے کیلئے اس لنک پر کلک کریں۔

3۔ لیبر کارڈ اور ملازمت کے معاہدہ کی منسوخی کیلئے وزارتِ انسانی وسائل و امورِ امارات کے اس لنک پر کلک کریں۔

4۔ ویزہ امور سے متعلق اپنی درخواستوں اور سٹیٹس کو ٹریک کرنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں۔

بیرونِ ملک جانے والے اماراتی ویزہ ہولڈرز کیلئے قوانین کیا ہیں؟

اگر متحدہ عرب امارات کے رہائشی ویزہ کا حامل شخص مسلسل 6 ماہ تک یو اے ای سے باہر رہتا ہے تو اس کا رہائشی ویزہ منسوخ ہو جائے گا اور اسے دوبارہ یہاں آنے کیلئے نئے داخلی اجازت نامے کیلئے اپلائی کرنا پڑے گا۔ تاہم، کچھ افراد اس قانون سے مستثنیٰ بھی ہیں۔ ایسے ویزہ ہولڈرز کو 6 ماہ سے زائد یو اے ای سے باہر رہنے کی اجازت ہوتی ہے اور اس کے باوجود ان کا رہائشی ویزہ برقرار رہتا ہے۔ یہ افراد حسب ذیل ہیں:

1۔ کسی اماراتی شہری کی وہ غیرملکی بیوی جس کا ویزہ اس کے شوہر نے سپانسر کیا ہو۔

2۔ اماراتی حکومت کے وہ غیرملکی ملازم جنہیں علاج کیلئے بیرون ملک بھیجا گیا ہو، بشرطیکہ وہ یو اے ای کی منسٹری آف ہیلتھ اینڈ پریوینشن یا دیگر طبی حکام سے منظور شدہ طبی رپورٹ جمع کروا دیں۔

3۔ اماراتی شہریوں کو تعلیمی معاملات یا علاج معالجے میں معاونت فراہم کرنے والے گھریلو مددگار۔

4۔ متحدہ عرب امارات کی بیرون ملک نمائندگی کرنے والے سفارتی و کونسلر مشنز کے ارکان کے ہمراہ رہنے والے گھریلو مددگار اور ایسے مشنز کے وہ ملازمین جن کے پاس یو اے ای کا رہائشی ویزہ موجود ہو۔

5۔ سرکاری شعبے کیلئے کام کرنے والے ایسے غیرملکی شہری جنہیں ملازمت دینے والوں نے کسی تربیتی کورس میں شمولیت یا کوئی مہارت سیکھنے کیلئے یو اے ای سے باہر بھیجا ہو یا وہ جو ملازمت دینے والے کسی اماراتی شہری کے بیرون ملک موجود کسی دفتر میں کام کرتے ہوں اور یو اے ای کے مستند رہائشی ویزوں کے حامل ان کے اہلخانہ یو اے ای ہی میں مقیم ہوں۔

6۔ دبئی کے قوانین کے مطابق، مسلسل 6 ماہ بیرون ملک رہنے کے باوجود ویزہ منسوخی کے قانون سے رہائشی ویزہ کے حامل وہ غیرملکی شہری بھی مستثنیٰ ہیں جو بیرون ملک کسی یونیورسٹی وغیرہ میں زیرتعلیم ہوں۔ تاہم، دیگر امارتوں کے ریذیڈینسی ویزہ ہولڈر غیرملکی طلبہ وہاں کے قوانین معلوم کرنے کیلئے اپنی امارت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More