بوسنیا اور ہرزیگوینا کا انسان دوست پویلین

2,562

بوسنیا اور ہرزیگوینا کا پویلین کیسا ہے؟

ایکسپو 2020 کے اپرچونٹی ڈسٹرکٹ میں آباد بوسنیا اور ہرزیگوینا کا پویلین آنے والوں کو ان الفاظ میں خوش آمدید کہتا اور اپنا تعارف کرواتا ہے، ”انسانیت کی محبت میں ایکسپو 2020 میں شرکت کرنے والے دل نما ملک میں خوش آمدید۔” باوجود اس کے کہ شرق و غرب کے نقطۂ ملاپ پر جنوب مشرقی یورپ میں واقع بوسنیا اور ہرزیگوینا ایک نوعمر ملک ہے اور اس نے حال ہی میں یعنی محض 1992ء میں سابق یوگو سلاویا سے آزادی حاصل کی ہے مگر یہاں مختلف ثقافتوں نے باہم مل کر ایک بھرپور تاریخ کو جنم دیا ہے۔

یہ پویلین آنے والے مہمانوں کو اپنے ملک کے متنوع جغرافیائی خد و خال کہ جن میں تصویر جیسے حسین پہاڑ بھی ہیں اور ہرے بھرے جنگلات بھی، شور مچاتی جھیلیں بھی ہیں اور مبہوت کر دینے والے دریا بھی، کی تصویریں اور ویڈیوز دکھا کر باور کراتا ہے کہ بوسنیا اور ہرزیگوینا کی سیاحت سے محروم رہنا حُسنِ فطرت کے دیدار کے موقع کو ضائع کر دینے کے مترادف ہے۔

Source:https://www.youtube.com/watch?v=wW-27JnwmR4

بوسنیا پویلین میں کیا کیا ہے؟

یوں تو بوسنیا پویلین میں ایسا بہت کچھ ہے جو آنے والوں کو مبہوت کر سکتا ہے تاہم اب تک یہاں کا دورہ کرنے والے افراد حسبِ ذیل چیزوں، تصاویر اور ویڈیوز وغیرہ میں بطورِ خاص دلچسپی لے رہے ہیں:

1۔ قدرتی حُسن سے مالا مال 2836 میٹر بلند کوہِ میگلِک کی مسحور کُن چوٹی

2۔ بوسنیا اور ہرزیگوینا کے متنوع خد و خال میں سے گزرتے طویل ترین دریاؤں میں سے ایک دریائے بوسنیا کے بہتے پانی کی اٹھکیلیاں

3۔ کوکیوِکو اور براکو جھیلوں میں تیرتے اور خوب موج مستی کرتے فطرت پرست افراد کا بذریعہ ویڈیوز نظارہ۔

4۔ بوسنیا اور ہرزیگوینا کے ہُنرمندوں کے کمالِ فن اور محنت کے منہ بولتے ثبوت بوسکو جھیل کا نظارہ جو کہ ملک کی سب سے بڑی مصنوعی جھیل ہے۔

پویلین میں سراجیوو کے متعلق کیا ہے؟

بوسنیا اور ہرزیگوینا کا پویلین اپنے دارالحکومت سراجیوو کے حُسن و خوبی کا بطورِ خاص احاطہ کرتا ہے۔ پویلین میں آنے والوں کو بتایا جاتا ہے کہ کس طرح یہ شہر ملک میں موجود تمام ثقافتوں اور مذاہب کو ماننے والوں کا مشترکہ وطن اور ورثہ ہے۔ سراجیوو سلطنتِ عثمانیہ کے زمانے سے اب تک مسلسل ملک کے خوشحال ترین شہروں میں سے ایک رہا ہے اور اسے عرفِ عام میں یورپ کا یروشلم بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں مسلمان، مسیحی اور یہودی باہمی ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں۔ بوسنیا پویلین تہذیبوں کے خوبصورت اختلاط کے مظہر سراجیوو کی نہایت عمدہ اور واضح منظر کشی کرتا ہے اور مندوبین کو شہر کے دعوتِ نظارہ و ترغیبِ محبت دیتے مناظر سے روشناس کراتے ہوئے سماج سدھار کیلئے اپنے رویوں کو مزید مثبت بنانے پر آمادہ کرتا ہے۔ سراجیوو ایک نہایت متنوع الجہات شہر ہے۔ اس کا مشرقی حصہ عثمانی عہد کے سراجیوو کی یاد دلاتا ہے جو کہ مشرقی خد و خال کا حامل ہے جب کہ شہر کے مغربی جانب آسٹرو ہنگرین طرزِ تعمیر اپنی رعنائیاں بکھیر رہا ہے۔

پویلین بوسنیا کے متعلق کیا بتاتا ہے؟

پویلین آنے والے بوسنیا کے متعلق متعدد حقائق سے روشناس ہوتے ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ یہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کے لوگ بے حد ملنسار اور مہمان نواز ہیں جو کہ مسحور کن پہاڑوں کے ساتھ ساتھ رہتے ہیں۔ ان پہاڑوں میں قرونِ وسطیٰ کے محلات کے کھنڈرات اور آبشاریں بھی جا بجا موجود ہیں۔ اسی طرح ہرزیگوینا کے عثمانی اور آسٹرو ہنگرین تاریخ کے آئینہ دار نقوش بھی کسی طور قابلِ فراموش نہیں ہیں۔

یوں دبئی ایکسپو میں قائم اس پویلین کا دورہ کرنے والے افراد بلاشبہ بوسنیا اور ہرزیگوینا کی روح کو یہاں محسوس کر سکتے ہیں۔ وہ یہاں آ کر اہلِ بوسنیا کی مہمان نوازی کا مشاہدہ کر سکتے ہیں اور ان کے ملک کے قدرتی حسن سے اپنی آنکھوں کو خیرہ کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ایسے لوگوں سے بھی مل سکتے ہیں کہ جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی تغیر کی آمیزش سے اپنے ملک میں نئے سے نئے اور بہتر سے بہتر مواقع پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ یہاں آنے والوں کو بوسنیا کے سیاحتی و ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات، بڑے بڑے عجائب گھروں، تاریخی اہمیت کے حامل مقامات اور دیگر شعبوں کے متعلق سیر حاصل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پویلین کیا پیغام دیتا ہے؟

ایکسپو 2020 دبئی میں آباد بوسنیا اور ہرزیگوینا کے پویلین کا دورہ کرنے والے افراد یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ ملک کی معیشت کا ڈھانچہ بنیادی طور پر آبی توانائی اور دیگر طریقوں سے پیدا کی جانے والی صاف یا غیرمہلک توانائی کی پیداوار کی صلاحیت پر منحصر ہے۔ پویلین آنے والوں کو یہ بھی بتاتا ہے کہ زراعت، ماہی گیری اور صنعتی پیداوار جو کہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی جیسی حیثیت رکھنے والے شعبے ہیں، کو نظر انداز کئے بغیر جدید ٹیکنالوجی پر منحصر ایک پائیدار معیشت کی تعمیر پر توجہ مرکوز کرنا بوسنیا اور ہرزیگوینا کی معاشی حکمتِ عملی کا مرکزی نقطہ ہے۔

بوسنیا پویلین کن مواقع کی نمائش کر رہا ہے؟

بوسنیا اور ہرزیگوینا کا پویلین بنیادی طور پر تو اپنے ملک میں روز بروز ترقی کرتی ہوئی سیاحت کی صنعت میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پویلین انتظامیہ ملک میں موجود صنعت، زراعت، ماہی گیری، ٹیکنالوجی و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو بھی اپنے یہاں موجود مواقع سے بھرپور انداز میں روشناس کروا رہی ہے۔ دریں اثناء، ملک کا مشرق اور مغرب کے سنگم پر واقع ہونا یعنی دنیا کی بڑی بڑی منڈیوں کے وسط میں موجود ہونا بھی یہاں سرمایہ کاری کے خواہشمندوں کو خوشحالی کی نوید سناتا ہے۔ علاوہ ازیں، بوسنیا کے لوگوں کا مہمان نواز ہونا اور یہاں کے پالیسی سازوں کا ہر طرح کے لوگوں اور مواقع کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہونا اور کھلا ذہن اور وسعتِ قلبی رکھنا بھی ملک میں غیرملکی مہمانوں اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے نہیات حوصلہ افزا امر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More