تہذیب، ثقافت، ساحل، مرجان اور دمام

687

دمام کیا ہے؟

آج سے چند دہائیاں پہلے تک دمام سعودی عرب کا ایک ننھا سا شہر ہوا کرتا تھا جو کہ محض چند چھوٹی چھوٹی دیہی آبادیوں پر مشتمل تھا۔ تاہم، اب یہ سلطنت کا چھٹا سب سے بڑا شہر ہے۔ دمام کی اس برق رفتار مادی و معاشی ترقی کا سبب یہاں سے دریافت ہونے والا تیل ہے۔ سرزمینِ دمام سے تیل کے کنویں دریافت ہونے کے بعد پوری آئل انڈسٹری کا اپنے تمام تر لوازمات کے ساتھ یہاں منتقل ہونا فطری امر تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں لاکھوں نوکریاں پیدا ہوئیں، نئے کاروبار شروع ہوئے، پراپرٹی اور ریٹیل سے لے کر پیٹرو کیمیکلز انڈسٹریز تک بہت سی صنعتیں لگیں اور کچھ عرصہ پہلے تک جس شہر کا انحصار صرف سمندر سے مچھلیاں پکڑنے اور موتی ڈھونڈ کر فروخت کرنے پر تھا وہ دنیا کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی صنعتوں میں سے ایک کا مرکز بن گیا۔ چنانچہ آج دمام سعودی عرب میں صنعت و تجارت کے ایک مرکز کی سی حیثیت رکھتا ہے۔ دریں اثناء، یہ دلکش ساحلوں، وسیع بندرگاہوں، سحر انگیز جزائر، تاریخی و ثقافتی مقامات اور تفریح گاہوں سے بھی بھرپور ہے۔ یوں یہ ان چند نمایاں ترین مقامات میں سے ایک ہے کہ جن کا دورہ ہر اس شخص کو ضرور کرنا چاہئے جو حسنِ فطرت اور زندگی کی رعنائیوں کو سراہنے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ تو آئیے! لفظوں سے تصویر بناتے ہیں اور اس میں حسنِ فطرت اور انسان کی کاریگریوں کی کہانیوں سے رنگ بھرتے ہیں اور پھر اس رنگین تصویر میں دل، روح اور تصور سمیت کھو کر دمام کے چند کلیدی سیاحتی مقامات کی سیر کرتے ہیں۔

1۔ دمام کورنیش

یہ دمام کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے جہاں سے آپ نہ صرف سمندر کے سحر انگیز نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں بلکہ قریب ہی واقع چند ثقافتی و تاریخی اہمیت کے مقامات کا مشاہدہ بھی کر سکتے ہیں۔ یہ علاقہ عزیزیہ بیچ سے جزیرۂ تاروت تک پھیلا ہوا اور دلنشیں سر سبز و شاداب مقامات میں گِھرا ہوا ہے۔ یہاں آنے والوں کا دل یہیں ٹھہرے رہنے اور بے کنار سمندر کے بے حساب حُسن کو دیر تلک تکتے رہنے کی ترغیب دینے کے سوا باقی سارے تقاضے بھول جاتا ہے۔ سمندر میں ہولے ہولے ڈوبتے سورج کو دیکھنے والا یوں دم بخود رہ جاتا ہے کہ جیسے جسم سے تصویر میں ڈھل چُکا ہو۔ یہاں بچوں کے کھیلنے کے لئے الگ سے مقامات بنائے گئے ہیں جہاں ان کی پسند کے بہت سے جھولے، ننھی گاڑیاں اور دیگر لوازمات موجود ہیں۔ تفریح اور موج مستی کو فاسٹ فوڈ یا سنیکس کے بغیر ادھورا سمجھنے والوں کے لئے ٹک شاپس اور دیگر انتظامات بھی موجود ہیں۔

2۔ ہیریٹیج وِلیج

Source:https://web.facebook.com/saudiarabiabuzz/photos/pcb.744790719420704/744790622754047

ہیریٹیج ولیج مقامی تہذیب و ثقافت کی تاریخ اور ارتقاء کا آئینہ دار ہونے کے ناطے دمام آنے والے سنجیدہ افراد، تاریخ کے طالب علموں اور مشرقِ وسطیٰ کی تہذیب میں دلچسپی رکھنے والوں کے لئے بالخصوص نہایت اہم اور قابلِ دید مرکز ہے۔ یہاں آنے والوں کو بلاشبہ مقامی اور پورے مشرقِ وسطیٰ کی گزشتہ اور موجودہ تہذیبوں، ثقافتوں، روایات، اقدار اور تاریخی حالات و واقعات کے متعلق بہت کچھ جاننے کو ملتا ہے۔ اِس مرکز کی روایتی انداز میں کی گئی آرائش اور یہاں نمائش کے لئے رکھے گئے فن پارے اور تاریخی نوادرات دمام کی متنوع تاریخ سے آگاہی حاصل کرنے کے بہترین ذرائع ہیں۔ تاریخ کے سمندر میں غوطہ زن ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں بھوک پر قابو پانے کے بھی خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں اور مقامی ریستوران آپ کو روایتی و کانٹینینٹل ہر طرح کے کھانے مہیا کرتا ہے۔

3۔ نصف چاند جیسی خلیج

دمام اپنے آرٹسٹِک ساحلوں کے لئے خاص شہرت رکھتا ہے۔ سعودی عرب بھر میں دمام کا یہ ساحل، جسے اس کی شکل کی مناسبت سے نصف چاند جیسی خلیج، شاطی نصف القمر یا ہاف مون بے کا نام دیا گیا ہے، موسم گرما میں سیر کا موزوں ترین مقام سمجھا جاتا ہے۔ سیاح یہاں کے سحر انگیز ماحول اور نظاروں کو کبھی فراموش نہیں کر پاتے۔ ساحل پر غوطہ خوری کے لئے آنے والوں کو بھرپور سمندری ماحول فراہم کرنے اور اُن کے ذوقِ نظر کی تسکین کے لئے یہاں مرجان کی مصنوعی چٹانوں کی تعمیر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ یہ سفید ریتلا ساحل اپنے پانیوں کی سبزی مائل نیلگوں جھل مل کے سبب سیاحوں پر اضافی سنسنی اور سردی طاری کر کے ان کی سیر کا مزہ مزید دوبالا کر دیتا ہے۔

4۔ جزیرۂ مرجان

سعودی عرب میں موجود ساحلوں میں سے چند بہترین ساحلوں کا حامل المرجان آئی لینڈ نامی یہ مصنوعی جزیرہ دمام آنے والے ہر شخص کو لازماً دیکھنا چاہئے۔ بیرونی دنیا سے آنے والے سیاحوں کے ساتھ ساتھ یہ جزیرہ مقامی افراد میں بھی بہت زیادہ مقبول ہے اور وہ اکثر اپنا چھٹی کا دن یہیں گزارتے ہیں اور قدرت کے حسین نظاروں سے اپنی آنکھوں کو خیرہ کرتے ہیں۔ ہرے بھرے ماحول اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد کے لئے بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ یہ مصنوعی جزیرہ سعودی عرب بھر کے دلکش مقامات میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ یہاں آپ کئی طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ کشتی رانی کا مزہ لے سکتے ہیں۔ مچھلیاں پکڑ سکتے ہیں۔ غوطہ خوری کر سکتے ہیں۔ بچوں کے لئے ایک علیحدہ وسیع و عریض کھیل کا میدان بنایا گیا ہے جہاں وہ اپنی پسند کی کھیلیں کھیل سکتے ہیں اور خوب ہلا گُلا کر سکتے ہیں۔ یہاں آپ اپنی پکنک پارٹی کے دوران باربی کیو ڈِنر بھی کر سکتے ہیں اور اُفق کے اُس پار سے چڑھتے اور سمندر کی گہرائیوں میں اُترتے سورج کے نظارے کے لئے اپنی صبحیں جبکہ سمندر میں ڈوبتے اور اُفق کے اُس پار گُم ہوتے سورج کے سحر انگیز حُسن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے اپنی شامیں بھی جزیرۂ مرجان کے نام کر سکتے ہیں۔ جزیرے کے ساحل سے چلنے والی چند خصوصی کشتیاں آپ کو اردگرد کے سمندر میں موجود منفرد، خوبصورت اور قابل دید چٹانوں، آبی حیات کے مساکن اور دیگر مقامات تک لے جانے کے لئے ہمیشہ تیار رہتی ہیں۔ اس مصنوعی جزیرے کی سیر کیلئے آپ کو کوئی ٹکٹ نہیں خریدنا ہوتی۔ بیرونی دنیا سے آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لئے جزیرۂ مرجان کے قریب چند شاندار ہوٹل بھی موجود ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More