ابوظہبی سے متعلق اہم حقائق

دیار متحدہ عرب امارات

3,021

ابوظہبی سے کیا مراد ہے؟

عربی زبان میں باپ کو ابو جبکہ ہرن یا غزال کی مقامی صحراؤں میں بکثرت پائی جانے والی ایک قسم کو ظہبی کہتے ہیں۔ یوں ابو ظہبی سے مراد ہے ہرنوں کا باپ۔ ریاست کو یہ نام دیا جانے کا ایک سبب تو اس خطے میں ہرنوں کا بکثرت پایا جانا تھا جبکہ دوسرا سبب 1795ء سے 1816ء تک ابوظہبی کے حکمران رہنے والے شیخ شخبوت بن دھیاب النہیان سے منسوب ایک کہانی ہے۔

ابوظہبی کا حکمران کون ہے؟

ابوظہبی کے امیر شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہیں جو کہ یو اے ای کے صدر بھی ہیں۔ ریاست کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان ہیں۔

ابوظہبی کے نمایاں خدوخال کیسے ہیں؟

متحدہ عرب امارات اور اس میں شامل امارتِ ابوظہبی جو کہ ملک کی سب سے بڑی ریاست یا امارت ہے، دونوں کے دارالحکومت کا نام بھی ابوظہبی ہی ہے جو کہ امارت کے سینٹرل کیپیٹل ڈسٹرکٹ یا ابوظہبی میٹروپولٹن ایریا میں واقع ہے۔ اس مرکزی میٹروپولٹن ریجن کے علاوہ امارتِ ابوظہبی میں 2 مزید میٹروپولٹن ریجنز بھی ہیں جنہیں مشرقی اور مغربی ریجنز کہا جاتا ہے۔ امارتِ ابوظہبی کی سرحدیں سعودی عرب، عمان اور خلیج فارس سے ملتی ہیں۔ یہ 200 جزائر پر مشتمل ہے اور اس کا ساحل 700 کلومیٹر طویل ہے۔

امارتِ ابوظہبی کا دارالحکومت کیسا ہے؟

متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زید بن سلطان النہیان کے حکم پر ایک جاپانی ماہر تعمیرات کٹسوہیکو تاکاہاشی نے 1967ء میں 40000 کے لگ بھگ آبادی کیلئے مجوزہ ابوظہبی شہر کا جامع نقشہ بنا کر دیا تھا جو آج اس سے کئی گنا پھیل چکا ہے اور فلک بوس رہائشی، تجارتی اور سرکاری عمارات سے بھر چکا ہے۔ دارالحکومت میں موجود نمایاں فلک بوس عمارتوں میں برج محمد بن راشد (ورلڈ ٹریڈ سینٹر ابوظہبی)، اتحاد ٹاورز، ابوظہبی انویسٹمنٹ ٹاور، نیشنل بینک آف ابوظہبی ہیڈکوارٹرز، بینناہ ہلٹن ٹاور ہوٹل، اتصلات ہیڈکوارٹرز، الدار ہیڈکوارٹرز اور قصرالامارات شامل ہیں۔ دریں اثناء ابوظہبی پلان 2030ء میں مزید فلک بوس عمارات کی تعمیر کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

ابوظہبی کی معیشت کے امتیازی خدوخال کیا ہیں؟

2018ء کے اعدادوشمار کے مطابق، امارت کا جی ڈی پی 931035 ملین درہم تھا۔ اسی سال کے اعدادوشمار کے مطابق، ریاست کی تیل اور گیس کی برآمدات 217.4 بلین درہم جبکہ دیگر اشیاء پر مبنی برآمدات 64.4 بلین درہم سالانہ پر مشتمل تھیں۔ امارت کی زرعی پیداوار میں کھجور سرفہرست ہے جبکہ دیگر کئی سبزیاں اور پھل بھی یہاں کاشت کئے جاتے ہیں۔ یہاں ڈیری اور لائیو سٹاک کا شعبہ بھی پھل پھول رہا ہے اور مرغیوں، انڈوں، دودھ، بکریوں، بھیڑوں اور اونٹوں کی معقول پیداوار ہوتی ہے۔ بیرونی تجارت اور آمدورفت کیلئے ابوظہبی میں 2 بندرگاہیں ہیں جن کے نام مینا زید اور خلیفہ پورٹ ہیں۔ امارت میں 2 ہی ہوائی اڈے ہیں جن کے نام ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور العین انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہیں۔ دریں اثناء، امارت کی 15 سال سے زائد عمر آبادی میں سے 9۔74 صاحب روزگار ہے اور کل برسر روزگار افراد میں سے خواتین 25.9 فیصد خواتین ہیں۔

ابوظہبی میں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی کیا صورتحال ہے؟

2018ء کے اعدادوشمار کے مطابق، امارت میں 452 سکول اور اعلیٰ تعلیم کے 24 ادارے ہیں جبکہ شرح خواندگی 93.4 فیصد ہے۔ 2018ء ہی کے اعدادوشمار کے مطابق، امارت میں 625 ہسپتال، 925 مراکز صحت اور 715 کلینکس ہیں جبکہ ہر 1000 افراد کیلئے 305 ڈاکٹر اور 10 نرسیں ہیں۔

ابوظہبی میں کون کونسے نمایاں مقامات ہیں؟

یوں تو امارت دلکش تاریخی اور تفریحی مقامات سے بھری ہوئی ہے جن کا شمار خاصا مشکل اور طویل کام ہے تاہم ان میں سے چند نمایاں ترین مقامات یہ ہیں:

شیخ زید مسجد: یہ امارت کے صدر مقام پر واقع ملک کی سب سے بڑی مسجد ہے اور اس کا شمار دنیا کی خوبصورت ترین مساجد میں ہوتا ہے۔ اسے 1996ء سے 2007ء کے دوران تعمیر کیا گیا اور اس میں 40000 سے زائد نمازی بیک وقت نماز ادا کر سکتے ہیں۔

مریم اُمِ عیسیٰ مسجد: یہ عبادتگاہ 1989ء میں ابوظہبی شہر کے علاقے المُشرِف میں محمد بن زید مسجد کے نام سے تعمیر کی گئی تھی تاہم 2017ء میں اس کا نام تبدیل کر دیا گیا۔ اس کا شمار بھی ملک کی نہایت خوبصورت اور کشادہ مساجد میں ہوتا ہے۔

کارنیش: یہ ایک 8 کلومیٹر طویل تفریحی مقام ہے جس میں بچوں کیلئے پلے ایریاز، سائیکل چلانے کے ٹریکس، پیدل چلنے کے ٹریکس، متعدد ہوٹلز، ریستورانز اور کارنیش کی دلکش ساحلی پٹی شامل ہیں۔

یاس واٹر ورلڈ: یہ امارت ابوظہبی کے جزیرے یاس میں واقع خوبصورت واٹر پارک ہے جس میں بچوں اور بڑوں کیلئے تفریح اور کھیل کود کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

فراری ورلڈ: یہ بھی امارت ابوظہبی کے یاس جزیرے میں واقع ایک انڈور تفریحی پارک ہے۔ یہ فراری کا پہلا برینڈڈ تھیم پارک ہے جس میں دنیا کی تیزترین رولر کوسٹر بھی موجود ہے۔

اللوفر ابوظہبی: یہ ملک کی تہذیب و ثقافت اور فنون کا آئنہ دار عجائب گھر ہے جو کہ امارت ابوظہبی کے جزیرے السعدیات میں واقع ہے۔ اس پورے قدرتی جزیرے کو امارت کے ایک اہم سیاحتی و ثقافتی منصوبے کی شکل میں ڈھال دیا گیا ہے۔

ابوظہبی میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کیلئے اہم مقامات کونسے ہیں؟

ابوظہبی میں 4 فٹبال سٹیڈیمز ہیں جن میں الجزیرہ سٹیڈیم، الوحدہ سٹیڈیم، شیخ زید فٹبال سٹیڈیم اور حازا سٹیڈیم شامل ہیں۔ شیخ زید فٹباال سٹیڈیم دراصل زید سپورٹس سٹی میں واقع ہے جس میں ایک ٹینس کورٹ، ایک آئس رِنک اور ایک بولنگ الے بھی موجود ہیں۔ امارت میں شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم بھی موجود ہے جہاں پاکستان سپر لیگ، انڈین پریمئر لیگ اور ابوظہبی ٹی 10 لیگ سمیت متعدد بین الاقوامی ٹورنامنٹس بھی منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ سٹیڈیم کو پاکستان کرکٹ کا گھر سمجھا جاتا ہے۔ مقامی نوجوانوں کی بڑی تعداد کرکٹ اور فٹبال کی دلدادہ ہے اور شہری عموماً مختلف پارکنگ ایریاز اور دیگر کھلے میدانوں میں بھی کرکٹ اور فٹبال کھیلتے نظر آتے ہیں۔ دریں اثناء یہاں ڈوم ایٹ راودھت کے نام سے بھی ایک بڑا سپورٹس کملیکس موجود ہے جہاں کرکٹ شائقین کیلئے متعد انڈور اور آؤٹ ڈور پچز موجود ہیں۔ فٹبال گراؤنڈ موجود ہے۔ ویڈیوو گیمز اور دیگر کمیونٹی سپورٹس کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ ابوظہبی میں موٹرگاڑیوں کی ریس کیلئے یاس مرینا سرکٹ بھی موجود ہے جہاں 2009ء سے ہر سال ابو ظہبی گرینڈ پرِکس کے نام سے ایک فارمولا ون موٹر ریس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ابوظہبی ہر سال جوڈو کے بین الاقوامی مقابلوں ابوظہبی گرینڈ سلام کی میزبانی بھی کرتا ہے۔ امارت مارچ 2019ء میں پہلی سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کی میزبانی بھی کر چکی ہے۔

ابوظہبی میں کتنے سینما گھر ہیں؟

فلم بینوں کیلئے امارت میں بہت سے سینما گھر موجود ہیں جن میں گرینڈ المریاح سینما، نوو سینماز ابوظہبی مال، سٹار خلیفہ سٹی سینما، سائن رائل سینما خالدیاح مال، ووکس سینما مرینا مال، آسکر سینما الراحا، نیشنل سینما اور گرینڈ سفیر سینما مصافحہ سفیر سینٹر نمایاں ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More