قِدیہ ماسٹر پلان اور رولر کوسٹر

526

قدیہ ماسٹر پلان میں کیا کیا ہے؟

قِدیہ ماسٹر پلان کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس شاندار اور خوبصورت ترین مقام کے حیرت انگیز قدرتی زمینی خد و خال کو مزید دلکش بنایا جا سکے۔ یہاں ذرائع نقل و حمل کا ایسا وسیع جال بچھایا جا رہا ہے کہ جو سیاحوں کو آسانی اور برق رفتاری سے ایک خوبصورت مقام سے دوسرے خوبصورت مقام تک اور وہاں سے مزید آگے ہر اس جگہ پہنچا دے گا کہ جہاں وہ جانا چاہیں گے۔ ماسٹر پلان یا جامع منصوبے کے مطابق، قِدیہ کو مندرجہ ذیل حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:

1۔ مکہ ہائی وے سے قِدیہ کی جانب جانے والا راستہ

2۔ ارائیول پوائنٹ یا وہ مقام جہاں سے آپ قِدیہ شہر میں داخل ہوتے ہیں

3۔ گرین بفر یا شہر کا ہرا بھرا علاقہ

4۔ فیوچر ڈویلپمنٹ یا ایسا علاقہ جس میں مستقبل کی ضروریات کی تکمیل کیلئے مختلف منصوبے مکمل کئے جائیں گے

5۔ ایروڈرم اور ایئر فیلڈ یعنی ایئر پورٹ اور اس سے متعلقہ تنصیبات کیلئے مختص علاقہ

گالف کمیونٹی نامی علاقے میں ایک 18 سوراخوں والا گالف چیمپیئن شپ کورس اور کلب ہاؤس ہوں گے۔ ایک رہائشی علاقہ ہو گا جس میں عام گھر بھی ہوں گے، شاندار اور وسیع و عریض مکانات بھی ہوں گے اور چھٹیاں گزارنے کیلئے الگ تھلگ نجی رہائش گاہیں یا ریسٹ ہاؤزز بھی ہوں گے۔ گالف کے میدان جیسی سیرگاہ بھی ہو گی اور چشمے کے کنارے بنا ایک ہوٹل بھی ہو گا۔ مزید برآں یہاں گُھڑ سواری کی سہولیات بھی ہوں گی۔

ایکو زون یا قدرتی ماحول پر مبنی یہ علاقہ سیاحوں کو جنگلی حیات سے مالا مال سحر انگیز قدرتی ماحول فراہم کرے گا اور صحرا کے مُنفرد ماحول کو جاننے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہاں آنے والے سیاح پہاڑی علاقوں میں بائیکس چلا سکیں گے۔ ہائیکنگ کر سکیں گے۔ کوہ پیمائی کر سکیں گے۔ بلند عمارتوں اور پہاڑوں سے پُلیوں اور رسیوں کی مدد سے ادھر سے ادھر جھول سکیں گے۔ دُہری رسیوں کی مدد سے عمودی چٹانوں سے اتر سکیں گے۔ صحراؤں کی وسعت اور پہاڑوں کے دامن میں خیمہ زن ہو سکیں گے یعنی کیمپنگ بھی کر سکیں گے اور وسیع و عریض پُرآسائش آرام گاہوں جیسے خیموں میں قیام اور مٹر گشت سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ قدرتی ماحول میں بنے عالی شان بنگلوں میں قیام اور سیر کر سکیں گے اور جنگلی و صحرائی جانوروں اور پرندوں سے ملاقاتیں بھی کر سکیں گے۔

8۔ سٹی سینٹر یا قِدیہ شہر کے مرکزی علاقے کو قِدیہ ویلیج کا نام دیا گیا ہے جو کہ ایک کثیر المقاصد علاقہ ہے۔ اس علاقے میں کھیلوں کے انگنت مقامات تعمیر کئے جائیں گے جن میں ایک سٹیڈیم، کئی کھیلوں کی سہولیات سے آراستہ ایک ارینا، متعدد کھیلوں کے لئے ایک ہال، سپورٹس ہب یا کھیلوں کا ایک مرکز، آبی کھیلوں کا ایک مرکز، خواتین کیلئے کھیلوں کا ایک مرکز، بچوں کے لئے کھیلوں کا ایک مرکز، ایک سرسبز و شاداب علاقہ، ذرائع نقل و حمل کا وسیع جال، ایک ہائی سٹریٹ، ایک کثیر المقاصد علاقہ، موسیقی، ڈراموں اور دیگر فنون لطیفہ سے متعلق ایک سینٹر، ایک کمیونٹی ہال اور تخلیقی کاموں کے لئے ایک مقام شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں یہاں آؤٹ لیٹ مال نامی ایک بہت بڑا شاپنگ پلازہ اور ایک بہت بڑی جامع مسجد بھی تعمیر کی جائے گی۔

موشن زون نامی علاقہ موٹر سپورٹس کے شائقین اور کھلاڑیوں کے لئے تمام اقسام کی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ یہاں زیرِ تعمیر مقامات میں موٹر سپورٹس ایکسپیرینسز، موٹر سپورٹ بزنس پارک، پرائیویٹ ریس رِزورٹ، پرائیویٹ ریس ٹریک ریزیڈینشل ریزورٹ، سپیڈ پارک، ٹیک پارک اور موشن ہب شامل ہیں۔

10۔ قَدیہ کا علاقہ رِزورٹ کور خالصتاً تفریح اور ہلے گُلے کے لئے مختص کیا گیا ہے اور قِدیہ کے سب سے زیادہ ولولہ خیز تھیم پارکس اسی علاقے میں بنائے جا رہے ہیں۔ یہاں زیر تعمیر نمایاں مقامات میں سِکس فلیگز قِدیہ، فیسٹِول گراؤنڈز، سکیٹ پارک، بہت سے ہوٹل، آبی تھیم پارک، مستقبل کا تھیم پارک، فارمولہ ون ریسنگ کے لئے سپیڈ پارک، مہمانوں کے لئے پارکنگ کا نظام، خریداری کے مراکز، کھانے پینے کے مراکز اور تفریحی مراکز شامل ہیں۔

Source:https://qiddiya.com/en/media/media-gallery/

قِدیہ میں کیسی رولر کوسٹر چلائی جائے گی؟

قِدیہ کے علاقے رِزورٹ کور میں زیرِ تعمیر سِکس فلیگز نامی تھیم پارک میں ایک رولر کوسٹر چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے جو کہ دنیا کی تیز رفتار ترین رولر کوسٹر ہو گی اور اپنے سواروں کو 155 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سیر کروائے گی۔ اس پر سواری کو فالکنز فلائٹ یا شہباز کی پرواز کا نام دیا گیا ہے۔ ‘شہباز کی پرواز’ کا روٹ دنیا کی تمام رولر کوسٹرز میں سب سے طویل ہو گا اور یہ دنیا میں سب سے زیادہ بلندی تک جانے والی رولر کوسٹر بھی ہو گی۔ یہ اپنے مُسافروں کو تقریباً اڑھائی میل کا فاصلہ طے کروائے گی اور اس دوران ایک عمودی چوٹی پر چڑھنے اور پھر وہاں سے غوطہ لگانے کی مشق کرے گی اور کچھ دیر پیرابولا کی شکل میں بھی ہوا میں گزارے گی۔ اس عرصے کے دوران مسافروں کو بے وزنی کی کیفیت میں ہوا میں رہنے کا تجربہ ہو گا۔ یہ مُسافت تقریباً 3 منٹ میں ختم ہو گی۔ قِدیہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فلِپ گیس کا کہنا ہے کہ ‘اس وقت یہ رولر کوسٹر ڈیزائننگ اور انجینیئرنگ کے مرحلے میں ہے۔ شہباز کی پرواز قِدیہ کے اُفق پر چھا جائے گی۔ پورے راستے کو اپنی منزل کے ارد گرد بُن ڈالے گی۔ کبھی تھیم پارک کو عبور کر جائے گی، کبھی چوٹیوں پر چڑھ جائے گی تو کبھی اُن سے نیچے اُتر آئے گی۔ یہ دنیا میں سب سے زیادہ اوپر سے نیچے کی جانب سفر کرنے والی رولر کوسٹر ہو گی۔ چنانچہ یہ کمزور دل والوں کے لئے نہیں ہو گی’۔

قِدیہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے شیڈول کے مطابق، 79 ایکڑ کے رقبے پر مُحیط تھیم پارک سِکس فلیگز کے پہلے فیز کی تکمیل پر یعنی 2023ء میں ہی یہاں ‘شہباز کی پرواز’ بھی اپنے سفر کا آغاز کر دے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More