قطر پویلین کے نقوش
قطر پویلین کے اہداف کیا ہیں؟
قطر پویلین کا دعویٰ ہے کہ وہ خطے اور دنیا پر دور رس اثرات مرتب کر رہا ہے اور ایکسپو 2020 کے اختتام کے بعد بھی اس کی یادیں یہاں آنے والوں کے دل و دماغ پر نقش رہیں گی کیونکہ وہ ایک متحرک، توانا اور ہمیشہ مستقبل پر نظر رکھنے والے ملک کا پویلین ہے۔ پویلین انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ آج کے اس دور میں کہ جب معیشت ہی ملکوں کی اصل قوت اور اصل شناخت ہوتی ہے، ان کے ملک اور دنیا بھر میں موجود اس کے تجارتی شراکت داروں کیلئے یہ امر نہایت تسلی بخش اور قابل فخر ہے کہ قطر کی معیشت کسی ایک شعبے پر منحصر نہیں ہے۔ لہٰذا ایسا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے کہ اگر کوئی ایک آدھ شعبہ کسی وجہ سے متاثر ہو گیا تو پورا قطر اور اس کے تمام شراکت دار بھی متاثر ہوں گے۔ قطر کی معیشت بہت متنوع ہے۔ فنون ہوں یا طب، کان کنی ہو یا سیاحت یہ ملک ہر میدان میں خود کفالت حاصل کرنے اور دنیا کے دیگر ممالک کی ضروریات بھی پوری کرنے کے قابل ہونے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔
چنانچہ ملک کا ماحول مکمل طور پر سرمایہ کار دوست ہے اور ملکی و غیر ملکی تمام سرمایہ کاروں کیلئے یہاں مواقع کی بڑی تعداد موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایکسو 2020 دبئی میں آباد قطر پویلین کی ساری توجہ اپنے ملک کے سرمایہ کار دوست ماحول کو نمایاں کرنے اور ملک کے لئے زیادہ سے زیادہ بلاواسطہ یا بالواسطہ سرمایہ کاری حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔ قطع نظر اس بات کے کہ یہ سرمایہ کاری میزبانی کے شعبے میں ہو رہی ہے یا سیاحت کے، صنعتوں میں یا تجارت میں، کان کنی میں یا طب میں، فنون میں یا تعمیرات میں اور یا کسی بھی اور شعبے میں۔
قطر پویلین آنے کے کیا فوائد ہیں؟
قطر پویلین کا دورہ کرنے والے مندرجہ ذیل حقائق سے روشناس ہو سکتے ہیں اور انہیں اپنے کسی بھی قسم کے علمی یا عملی فائدے کیلئے استعمال کر سکتے ہیں:
1۔ یہاں آنے والے طلبہ، ماہرین اور سرمایہ کار تفصیلی پس منظر اور اعداد و شمار کے ساتھ یہ بات جان سکتے ہیں کہ قطر کا جی ڈی پی کس طرح دنیا میں سب سے بلند ہے اور پھر ان معلومات و طریقوں کو اپنے اپنے ممالک و شعبوں میں بروئے کار لا کر فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔
2۔ یہاں آنے والے قطر میں سرمایہ کاری کیلئے موجود منفرد اور متنوع مواقع سے آگاہ ہو سکتے ہیں اور مقامی سرمایہ کاروں و حکومتی نمائندوں سے مل کر ایسی کسی سرمایہ کاری کیلئے حکمتِ عملی وضع کر سکتے ہیں۔
3۔ پویلین آںے والے قطر کی تاریخ و ثقافت کے متعلق آگاہی حاصل کر سکتے ہیں اور اس کی تیز رفتار ترقی کی دلچسپ کہانیاں بھی سن سکتے ہیں۔
قطر پویلین کن عناصر سے بنا ہے؟
قطر پویلین بنیادی طور پر مندرجہ ذیل چار عناصر پر مشتمل ہے:
1۔ بادبانی کشتی
اس بادبانی کشتی کو اوپر سے نیچے جاتی ہوئی جیومیٹرک شکل میں اس طرح سجایا گیا ہے کہ یہ سمندر میں تیرتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔
2۔ پام کے دو درخت
منفرد اور خوبصورت انداز میں ایک دوسرے سے الجھے ہوئے اور ایک دوسرے میں گُم ہوتے ہوئے پام کے دو درخت ایک نہایت شاندار یادگار کے روپ میں دکھائی دیتے ہیں۔
3۔ تلواریں
ایک دوسرے سے ٹکراتی اور کراس کا نشان بناتی ہوئی دو تلواروں کے درمیان سے نظر آتی ہوئی بادبانی کشتی کا منظر پوری عمارت کے طرزِ تعمیر کو قطر کے قومی نشان سے ہم آہنگ کر دیتا ہے۔
4۔ پانی
پویلین کے ہر طرف سے آتا ہوا پانی قطر کو ہر طرف سے گھیرتے خلیجِ عرب کو ظاہر کرتا ہے۔
گیلری ون میں کیا ہے؟
قطر پویلین کے ایک حصے کو گیلری ون کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پویلین کے نمایاں ترین مقاماتِ نمائش میں سے ایک ہے اور یہاں آنے والے ایک شاندار ہولوگرافِک نمائش کے توسط سے آئندہ فیفا ورلڈ کپ کے متعلق ہر وہ بات جان سکتے ہیں کہ جسے وہ جاننا چاہتے ہیں۔
گیلری ٹو کیا ہے؟
گیلری ٹو میں آنے والے یہاں نصب کی گئی مسحور کُن سکرینز و دیگر مشینوں کے ذریعے آوازوں، روشنیوں اور ویڈیوز کے ملاپ سے تیار کردہ ایک گہرے اور سحر انگیز سمعی و بصری تجربے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جو کہ بتدریج مبہم اشاروں سے مبہوت کر دینے والی تصاویر کی جانب بڑھتا چلا جاتا ہے۔ یہ یقینی ہے کہ ایک بار اس تجربے سے گزرنے کے بعد آپ کا بار بار اس سے گزرنے کو جی چاہے گا۔
قطر پویلین میں کیا کیا ہے؟
قطر پویلین آنے والوں کو بنیادی طور پر مندرجہ ذیل اشیاء، استعدادیں اور مناظر وغیرہ دیکھنے کو ملتے ہیں:
1۔ زرخیز ورثہ اور ثقافت
قطر پویلین کی انتظامیہ اپنے ملک کے تہذیبی و ثقافتی ورثے، روایات اور اس حوالے سے کام کرنے والے نمایاں عجائب گھروں اور اداروں کو یہاں آنے والوں سے بطورِ خاص متعارف کروا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان کے ملک کے تہذیب و تمدن کے دلدادہ بنیں اور اس کا سیاحتی دورہ کرنے پر آمادہ ہوں۔
2۔ تعلیم و تربیت
پویلین آںے والے اس حقیقت سے بھی باخبر ہو رہے ہیں کہ قطر اپنی جدید اور بے شمار تعلیمی درس گاہوں اور تدریسی منصوبوں کی مدد سے اپنے سکولز، کالجز اور جامعات میں نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کرنے اور اسے آنے والے دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے قابل بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ چنانچہ خطے کے ممالک کے ان افراد کیلئے قطری تعلیمی ادارے بہترین مقامات ہیں کہ جو اپنے بچوں کو مستقبل کے چیلنجز سے ہم آہنگ تعلیم دلوانا چاہتے ہیں۔
3۔ تخلیقی جہت
پویلین اپنے ملک کی تخلیق پرور پالیسیز اور ماحول کو بھی بھرپور انداز میں پراجیکٹ کر رہا ہے اور یہ بتا رہا ہے کہ قطر میں فنون، عالمی روابط، تخلیقات اور سائنس و ٹیکنالوجی کی پرداخت کیلئے نہایت موافق ماحول ہے۔
4۔ باوسائل
پویلین آنے والے ان سنہری حقائق سے بھی کماحقہ آگاہ ہوتے ہیں کہ قطر کس طرح ماحول دوست ترقی و تعمیرات کے ذریعے نہ صرف انسانیت کے بہتر مستقبل کیلئے کوشاں ہے بلکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو بھی بھرپور مواقع اور سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔