دبئی ایکسپو 2020 میں پولینڈ پویلین
اپنی قدیم ثقافت اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ مصنوعات کے حسین امتزاج سے سجا پولینڈ کا پنڈال ،دبئی ایکسپو میں پہلے دن سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔
صحرائے عرب کی سرزمین پر دبئی ایکسپو سن دو ہزار بیس کا شاندار آغاز دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے شعبے سے متعلقہ افراد کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے ۔دبئی ایکسپو کے انعقاد کو ایک معجزاتی نوعیت کی اہمیت کا حامل کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا ۔یکم اکتوبر سن دو ہزار اکیس کو اس کا باقاعدہ افتتاح ہوا ۔یہ ایکسپو سن دو ہزار بیس میں کورونا وائرس کے باعث ملتوی کر دی گئی تھی ۔یہ نمائش چھ ماہ تک جاری رہے گی جس میں دنیا بھر سے تقریباً ایک سو بانوے ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ان ممالک کی فہرست میں جمہوریہ پولینڈ بھی شامل ہے ۔
آئیے دبئی ایکسپو دو ہزار بیس میں پولینڈ کے پویلین کی چیدہ چیدہ خصوصیات پر نظر ڈالتے ہیں ۔
(1) قدیم ثقافت اور جدید ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج:
ایکسپو میں پولش پویلین اپنے قدیم اور جدید کلچر کا حسین گلدستہ ہے جس کی رنگا رنگی دیکھنے والی نگاہوں کی اپنی طرف کھینچتی ہے ۔پولش پویلین کا مرکزی نکتہ کثیر جہتی ہے جس میں پولینڈ ثقافت کو ایک نئی طرز پر دکھانے کی بہترین کوشش کی گئی ہے ۔مرکزی خیال فطرت سے متاثر ہے جسے ”ڈبلیو ایکس سی اے اسٹوڈیو“ سوئس اسٹوڈیو نے ”بیلپراٹ“ پارٹنر کے ساتھ مل کر پویلین اور نمائش دونوں کے لیے ڈیزائن کیا۔
(2) ایکسپو میں پولش پویلین کا تخلیقی ڈھانچہ:
پولش پویلین اپنے اندر ایک خوب صورت دنیا آباد کیے ہوئے ہے ۔پولش پویلین کا دورہ ”پولش ٹیبل“ سے شروع ہوگا جہاں مہمانوں کو گائیڈز یعنی پولینڈ کی یونیورسٹیوں کے طلباء گرمجوشی سے خوش آمدید کہیں گے۔
پویلین کے اندر تخلیقی ٹیم نے دو ستونوں کے ذریعے اپنے ملک کے انسانی وسائل اور جغرافیائی نقشے کی اہمیت کو بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔
پہلے ستون کو سماجی سرمایہ کے طور پر پیش کیا گیا جو محنتی، وسائل سے مالا مال اور باشعور لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے، جبکہ دوسرا وسطی یورپی ملک کا متنوع قدرتی ماحول ہے جو کہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ پرسکون کیفیت کا حامل رہا ہے۔ ان میں سے ایک ستون پولینڈ کی خوبصورتی اوربھرپور تاریخی اور عصری ورثے کی نمائندہ صورت ہے جبکہ دوسرا پائیدار مستقبل کا عکاس ہے۔
(3) پولش ٹیبل کا تخلیقی ڈیزائن:
یہ ٹیبل zeita اسٹوڈیو نے تخلیق کیا ہے۔ یہ خصوصی طور پر لکڑی کے سو سے زیادہ بلاکس اور پولش خصوصیات کے حامل مواد سے بنے خصوصی ماڈیولز سے تیار کیا گیا ہے جس میں شیشہ ، چاندی اور تانبے ، سٹیل اور سیرامکس شامل ہیں۔
پولینڈ ٹیبل ، پولینڈ پویلین میں ایک بہترین رابطہ کار ملٹی میڈیا آرٹ کی تنصیب ہے۔اسے ایک خوش آمدید بین الثقافتی جلسہ گاہ کے طور پر تخلیق کیا گیا۔ ماڈیولز میں سے ایک ایلومینیم میںD 3 پرنٹ بھی شامل ہے ۔پولش ٹیبل پولینڈ کے حسین مناظر ، قدرتی وسائل ، ڈیزائن اور ثقافت کے بارے میں داستان گوئی جیسا ہوگا۔
(4) پویلین کے اہم زون:
بنیادی نمائشی زونوں کے علاوہ ، پولش پویلین میں ایک پیروگی پیش کرنے والا کیفے بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہاں گفٹ شاپ اور بچوں کے لیے تفریح سے بھرپور پلے زون بھی تیار کیا گیا ہے۔ روزانہ لائیو میوزیکل پرفارمنس کے لیے بھی پویلین میں بہترین جگہ شامل کی گئی ہے، جو موسیقی کے شائقین کے لیے ایک منفرد تجربہ ہوگا۔
(5) پویلین کا فنِ تعمیر:
پویلین کا فنِ تعمیر اپنی مثال آپ نظر آتا ہے۔ اسے تعمیراتی فن کا شاہکار کہا جا سکتا ہے، جس میں ایک وسیع درخت نما ماڈیولر ڈھانچہ بناتا ہے جو زائرین کو ایک وسیع چھت کے سائے میں آرام فراہم کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
یہ ڈھانچہ دیکھنے والوں کو عمارت کے ساتھ مربوط نمائش پر غور کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ کھلی جگہ نمائش کے ساتھ پویلین انسان اور فطرت کے بقائے باہمی کی عکاسی بھی کر رہا ہے۔
(6) پولینڈ کے مہاجر پرندوں کے متحرک مجسمے:
پولش پویلین کا ایک اور اہم منظر متحرک پرندوں کے مجسمے ہیں۔ یہ متحرک مجسمے پرندوں کے جھنڈ کی صورت میں بنائے گئے ۔ مجسمے خاص طور پر پولینڈ سے عرب دنیا میں پرندوں کی ہجرت کا استعارہ ہیں ۔یہ صحرا کی گرمی سے پولینڈ کی سرزمین کے ٹھنڈے سائے کی علامت کے طور پر استعمال ہوئے ہیں ۔بنیادی طور پر یہ عرب ملکوں اور پولینڈ کے درمیان بہترین رابطے کی تشریح بھی کرتے ہیں۔ یہ پولش ثقافت میں حرکت ،تبدیلی اور جدت کے طور پر پیش کیے گئے ہیں۔
(7) پولش مصور کی ایک یادگار پینٹنگ:
پویلین کی ایک خاص بات جو آرٹ اور مصوری کے شائقین کے لیے یقیناً خاصے کی چیز ہوگی وہ مشہور پولش مصور پروفیسر لیون تاراسویچ کی ایک یادگار پینٹنگ ہے ۔پروفیسر لیون تاراسویچ پولینڈ کے سب سے نمایاں تخلیق کاروں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں ۔
(8) ایکسپو میں پولش پویلین کی بہترین نگرانی:
ایکسپو دبئی میں پولینڈ کا پویلین زائرین کو تمام تر سہولیات کے ذریعے پولینڈ کی ثقافت اور جدید ٹیکنالوجی کو دریافت کرنے پر اکساتا ہے۔ اور انہیں پولینڈ میں فطرت ، شعور ، پائیدار زندگی کی قربت کا شدید اور کثیر جہتی تجربہ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اس پویلین مقصد پولینڈ کو ایک تخلیقی ملک کے طور پر پیش کرنا ہے جو جدید دنیا کے چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہے اور ان سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
مرکزی تخلیقی اور ڈیزائن ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہوئے سو سے زیادہ فنکاروں اور تخلیق کاروں نے شمال کے دو سو پولش سائنسی اور ثقافتی اداروں کے ساتھ اشتراک کیا تاکہ پویلین کو دنیا کے سامنے منفرد انداز میں پولش ثقافت کا آئینہ دار بنایا جا سکے۔
ایکسپو دبئی دو ہزار بیس میں پولش پویلین پولینڈ کی سرمایہ کاری اور تجارتی ایجنسی کا ایک منصوبہ ہے۔ پولش پویلین میں روزانہ کی کارروائیوں کی نگرانی پانچ مختلف پولینڈ یونیورسٹیوں کے طلباء انجام دے رہے ہیں۔
مندرجہ بالا تمام خصوصیات کے ساتھ دبئی ایکسپو دو ہزار بیس میں پولینڈ کا پویلین بلاشبہ منفرد اہمیت کا حامل ہے ۔ پولینڈ کے تخلیق کاروں نے اپنے تخلیق کردہ ڈیزائنز کے ذریعے پولش ثقافت اور ٹیکنالوجی کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے لیے بہترین فن کا مظاہرہ کیا ہے