نیوم کہ اِک شہر ہے عالم میں انتخاب

750

نیوم کیا ہے؟

جب میر نے اپنے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘دلی جو ایک شہر تھا عالم میں انتخاب’ تب واقعی دلی اجڑ چکا تھا اور میر کی دلبرداشتگی بجا تھی لیکن اگر وہ ہم جیسے مٹی کے مادھو نہ ہوتے اور مستقبل میں جھانکنے کی استطاعت سے مالا مال ہوتے تو شاید جان لیتے کہ جنہیں وہ پرانی دلی کے کھنڈرات سمجھ رہے تھے وہ دراصل نئی دہلی کی بنیادیں تھیں کہ وقت کا دھارا ایسی ہی نامعلوم چالیں چلا کرتا ہے۔ بعینہٖ اگر ہم یہ سوچ سوچ کر ہلکان ہوئے جا رہے ہیں کہ اگر دنیا کی آبادی اسی طرح بڑھتی گئی تو کل کا آدمی کہاں جائے گا؟ تو پھر یقیناً ہم بھی میر ہی سے بے خبر ہیں اور نہیں جانتے کہ کل کا آدمی کل کی دنیا میں جائے گا جس کی بنیادیں راقم تقدیر آج ہمارے گرد و پیش میں شاید جا بجا رکھ رہا ہو گا مگر ہماری محدود بصیرت ہمیں ان کا پتہ دینے سے قاصر ہے۔ لیکن پھر بھی اگر کسی کو یہ سب فسانہ اور محض جی کا بہلاوا محسوس ہو رہا ہے تو وہ کم از کم مستقبل کے ایک سراغ ‘نیوم’ کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتا ہے۔

نیوم شمال مغربی سعودی عرب میں زیر تخلیق ایک نیا شہر ہے۔ یہ بحیرۂ احمر اور خلیج عقبہ کے کنارے ایشیاء، یورپ اور افریقہ کے نقطۂ ملاپ کے قریب ہی دنیائے کاروبار کی مصروف ترین گزر گاہوں میں سے ایک کے پہلو میں آباد ہو رہا ہے۔ تذویراتی اعتبار سے 26 ہزار 500 مربع کلو میٹر کے رقبے پر محیط نیوم دنیا کے مرکز یا چوراہے میں واقع ہے۔ دنیا کی 70 فی صد آبادی نیوم شہر سے محض 8 گھنٹوں کی فلائٹ کی دوری پر واقع ہے۔

نیوم کس موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے زیرتعمیر ہے؟

نیوم کو موزوں زندگی کے مستقبل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کی بنیادیں نہ تو تاریخ نے رکھی ہیں اور نہ ہی اسے کل کے امکانات یا مواقع کو دیکھ کر تعمیر کیا جا رہا ہے بلکہ اس کی بنیادیں اس یقین کے ساتھ رکھی جا رہی ہیں کہ جب یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا تو یہ اپنے لئے زندگی کی ہمہ ہمی، امکانات اور مواقع خود پیدا کرے گا۔

نیوم کو یہ نام کیوں اور کیسے دیا گیا؟

لفظ ‘نیوم’ (neom) کو دو الفاظ سے اخذ کیا گیا ہے۔ اس کے پہلے 3 حروف قدیم یونانی سابقے نیو (neo) سے لئے گئے ہیں جس کے معنی ‘نئے’ کے ہیں۔ چوتھا حرف ‘م’ عربی لفظ ‘مستقبل’ سے اخذ کیا گیا ہے جس کے معنی آنے والے زمانے کے ہیں۔ یوں ‘نیوم’ کا مطلب ہے ‘نیا مستقبل’ اور اپنے نام کے عین مطابق، نیوم شہر مستقبل کی ایسی سرزمین بننے جا رہا ہے کہ جہاں بہترین خیالات، نہایت معتبر کاروبار، مستحکم کمپنیاں، نئے زمانے کی صنعتیں اور اعلیٰ ترین تخلیقی، فنی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد انسانیت کو درپیش کلیدی چیلنجز کے حل تلاش کرنے کے لئے یکجاء ہوں گے۔

نیوم کی بنیاد کب اور کیسے رکھی گئی؟

نیوم کو 22 جنوی 2019ء کو ایک مکمل جوائنٹ سٹاک کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا۔ یہ کمپنی مکمل طور پر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ آف سعودی عریبیہ کی ملکیت ہے۔ عوام کے سامنے اس منصوبے کا باقاعدہ اعلان ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 24 اکتوبر 2017ء کو کیا۔

نیوم کیوں بسایا جا رہا ہے؟

بہتر زندگی گزارنے کے لئے موزوں ہونا اور تخلیقی عمل میں پیش پیش ہونا نیوم کی تعمیر کے بنیادی مقاصد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں معیشت کے 16 بڑے شعبوں سے متعلق صنعتیں قائم کی جا رہی ہیں اور اس بستی کے سببِ تعمیر کے تناظر میں ان صنعتوں کو یہ نام دیئے گئے ہیں: توانائی کا مستقبل، پانی کا مستقبل، سفر کا مستقبل، بائیو ٹیکنالوجی کا مستقبل، خوراک کا مستقبل، اشیاء سازی کا مستقبل، میڈیا کا مستقبل، تفریح، ثقافت اور فیشن کا مستقبل، ٹیکنالوجی اور ڈجیٹل شعبوں کا مستقبل، سیاحت کا مستقبل، کھیلوں کا مستقبل، ڈیزائنز، نقشوں اور تعمیرات کا مستقبل، خدمات کا مستقبل اور صحت اور عوامی فلاح کا مستقبل۔ جب کہ تعلیم اور بہتر زندگی کے لئے موزوں ہونے کے شعبوں کو دیگر تمام شعبوں کی بنیاد کی سی اہمیت حاصل ہے۔

نیوم کی تعمیر کا مقصد کیا ہے؟

نیوم انسانی ترقی کا عروج ہے۔ اس کا تصور آنے والے کل کی ممکنہ عکاسی کرتا ہے۔ اسے بنیادوں سے بلندیوں تک ایک لیبارٹری کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ وہ مقام ہے کہ جہاں نجی کاروبار اس ‘نئے مستقبل’ کے راستے کا تعین کریں گے۔ یہ شہر ان لوگوں کی منزل بنے گا جو بڑے خواب دیکھتے ہیں اور غیرمعمولی زندگی گزارنے، تیزی سے ترقی کرتے ہوئے کاروبار کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کے طریقے نافذ کرنے کیلئے ایک نیا ماڈل تخلق کرنے کے سفر کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

مستقبل قریب میں نیوم دنیا بھر سے آنے والے 10 لاکھ افراد کا گھر اور جائے روزگار بننے والا ہے۔ اس بڑے شہر میں قصبے بھی ہوں گے اور شہر بھی۔ بندرگاہیں بھی ہوں گی اور کاروباری علاقے بھی ہوں گے۔ تحقیقاتی مراکز بھی ہوں گے اور کھیلوں کیلئے سہولیات بھی ہوں گی۔ تفریح گاہیں بھی ہوں گی اور سیاحتی مقامات بھی ہوں گے۔

کون لوگ نیوم کو آباد کر رہے ہیں؟

جیسا کہ نیوم مستقبل کی ایجادات کا ایک مرکز بننے جا رہا ہے تو نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند، بزنس کی دنیا کے سرکردہ افراد اور بڑے بڑے ادارے یہاں تحقیق کرنے، نئی اشیاء تیار کرنے، نئی ٹیکنالوجیز کو تجارتی پیمانے پر متعارف کروانے اور نئی کمپنیوں کی بنیاد رکھنے کے لئے جوق در جوق آ رہے ہیں۔

نیوم کے مکینوں کی امتیازی خصوصیات کیا ہوں گی؟

نیوم کے مکین بین الاقوامی اخلاقیات سے آشنا ہوں گے اور انہیں کا عملی مظاہرہ کریں گے۔ وہ جستجو، خطرات کا مقابلہ کرنے اور تنوع کی ثقافت کو اپنانے میں پیش پیش ہوں گے۔ ان کی معاونت کرنے اور ان کے حقوق کا تعین اور تحفظ کرنے کے لئے انسانیت، علوم اور ایجادات کے اس زیر تعمیر مرکز میں ترقی پسندی کے نظریات کا حامل قانون نافذ ہو گا۔ یہ قانون بین الاقوامی اخلاقیات و روایات سے ہم آہنگ ہو گا اور معاشی ترقی میں مددگار و معاون ہو گا۔

1 Comment
  1. Waleed says

    Future destination

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More