حسین جزائر کے جُھرمٹ مالدیپ کا پویلین

1,552

مالدیپ پویلین کیا کہہ رہا ہے؟

مالدیپ منفرد قدرتی حُسن سے مالا مال جزائر کا ایک ایسا جُھرمٹ ہے کہ جہاں دیگر دنیا کے برعکس زندگی اور فطرت ابھی تک ساتھ ساتھ جی رہے ہیں۔ یہاں مادیت اور مصنوعیت نے ابھی تک فطرت کو ہڑپ نہیں کیا اور ماحول دوست طرزِ زندگی ابھی تک اپنے عروج پر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایکسپو 2020 دبئی کے دامن میں آباد مالدیپ پویلین کا ہر حصہ اور ہر چیز مکمل طور پر ماحول دوست طرزِ زندگی کی عکاسی کر رہی ہے اور اقوامِ عالم کو ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے طریقے بتا رہی ہے اور یہ بھی بتا رہی ہے کہ بنی نوع انسان کی بقاء قدرتی ماحول کے ساتھ زندہ رہنا سیکھنے میں ہے نہ کہ اس کو برباد کرنے میں۔

Source:https://visitmaldives.com/en/news/maldives-represented-at-the-worlds-largest-fair-expo-2020-dubai

مالدیپ پویلین میں کیا کیا ہے؟

یوں تو اس چھوٹے سے مگر انسان کے بنیادی مسکن سیارہ زمین کے ساتھ وفادار ترین ملک کا پویلین حیرت انگیز طور پر اہلِ نظر کے لئے اپنے اندر حکمت اور حُسن کے انگنت موتی جمع کئے ہوئے ہے مگر اس میں موجود چند مظاہر بطورِ خاص دعوتِ دید و فکر دے رہے ہیں۔

Source:https://visitmaldives.com/en/news/maldives-represented-at-the-worlds-largest-fair-expo-2020-dubai

1۔ تھیم

مالدیپ پویلین کی تھیم سمندری زندگی کی ہے۔ چنانچہ آپ کو پویلین کی چھت پر بھی سمندری حیات ملے گی اور اس کی دیواروں پر بھی سمندر ہی کی 3 ڈی تصاویر ملیں گی۔ گویا مالدیپ پویلین آنے والوں کو یہ احساس ہوتا ہے کہ جیسے وہ عرب کے صحرا میں نہیں بلکہ ننھے ننھے جزائر مالدیپ کے جُھرمٹ میں پہنچ گئے ہیں اور اب ان کے ہر طرف بس سمندر ہی سمندر ہے۔

2۔ بوڈیوبیرو

اس پویلین میں آںے والے مالدیپ کی موسیقی اور رقص کی مقبول ترین صنف ‘بوڈیوبیرو’ کے ذریعے اس کی تہذیب، ثقافت اور ورثے سے تفصیلی طور پر آگاہ ہوتے ہیں۔

3۔ تھیئٹر

مالدیپ پویلین میں ایک کشتی نما تھیئٹر بھی ہے جس میں ایک روایتی کشتی کے لہراتے بادبانوں کو پردۂ سیمی میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں آپ ملک کی کامیابیوں کی داستان نشر ہوتی دیکھ سکتے ہیں۔

Source:https://visitmaldives.com/en/news/maldives-represented-at-the-worlds-largest-fair-expo-2020-dubai

4۔ مرجان پر نقش و نگار

یوں تو مرجان کا اپنا حسن ہی بے نظیر ہوتا ہے مگر جب اس پر بھی نقش و نگار بنا دیئے جائیں تو پھر تو دیکھنے والے دیکھتے ہی رہ جاتے ہیں اور مرجان کی چٹانوں سے مالامال سمندروں کے حامل اہلِ مالدیپ اپنی مرجان سے بنی مساجد، عمارات اور سجاوٹی اشیاء کیلئے بطورِ خاص مشہور ہیں۔

5۔ زیورات

یوں تو مالدیپ کی خواتین کا روایتی لباس اور ‘فیلی’ ہی بے حد دیدہ زیب ہوتا ہے مگر جب وہ ان کے ساتھ اپنے ملک کے روایتی زیورات جیسے کہ ‘فٹارو بئی’ اپنے گلے میں پہنتی ہیں تو پھر تو ان کی جاذبیت دیکھنے والوں کو دم بخود ہی کر دیتی ہے۔

6۔ مسدھوانی

ناریل کی لکڑی سے بنائی جانے والی مالدیپ کی روایتی موٹر بوٹس اور عام کشتیاں بھی پویلین آنے والوں کو نہایت کامیابی سے اپنی جانب متوجہ کر رہی ہیں اور مالدیپ کے ہنرمندوں کیلئے تعریف و توصیف سمیٹ رہی ہیں۔

7۔ اوول ہو گون ڈی

مالدیپ پویلین آنے والے بچے بالخصوص اوول ہو گون ڈی میں دلچسپی لے رہے ہیں جو کہ ملک کی ایک مقامی بورڈ گیم ہے۔ یہ کھیل مالدیپ بھر میں بچوں اور بڑوں دونوں میں یکساں مقبول ہے۔

Source:https://expo2020maldives.gov.mv/maldives-at-expo2020/

8۔ روایتی ٹوکریاں

مالدیپ کے ہُنرمندوں کی جانب سے پتوں اور لکڑی سے بنائی گئی خوبصورت روایتی ٹوکریاں بھی جہاں اہلِ مالدیپ کی ماحول دوستی اور ان کے طرزِ زندگی کو اجاگر کرتی ہیں وہیں مقامی دستکاروں کی محنت اور مہارت کی دھاک بھی بٹھاتی ہیں۔

مالدیپ پویلین کے مقاصد کیا ہیں؟

مالدیپ کی ایکسپو 2020 دبئی میں شرکت کا بنیادی مقصد اپنے منفرد قدرتی ماحول کی نمائش کرنا اور دنیا کو اپنی ترقی کی کہانی سنانا ہے۔ یہ نہایت چھوٹا ملک بے نظیر قدرتی حُسن اور نہایت پُرآسائش سیاحتی مقامات کا حامل ہے جو کہ دنیا بھر میں موجود سیاحوں کے لیے بے حد دلکشی رکھتے ہیں۔ ملک کا قدرتی ماحول اور ترقی کا فلسفہ مل کر مقامی ہوٹلنگ و سیاحت کی صنعت کی بنیاد رکھتے ہیں۔

دریں اثناء، پویلین میں نمائش کیلئے رکھی گئی اشیاء، ویڈیوز، تصاویر و دیگر اعانتیں مالدیپ کی تہذیب و ثقافت، تاریخ، روایات اور ہر سطح پر قدرتی ماحول کے ساتھ ہم آہنگی کی کوششوں کو اجاگر کرتی ہیں۔ چنانچہ یہ پویلین آنے والوں کو مالدیپ کی تاریخ، قدرتی ماحول، کھانوں اور فنون وغیرہ سے متعارف کروانے کیلئے متعدد دستاویزی فلمز دکھاتا ہے اور نمائش کیلئے مالدیپ سے لائے گئے نوادراتِ فن کو دیکھنے اور حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

کیا مالدیپ پویلین ماحول دوست ہے؟

مالدیپ کی تحفظِ ماحول کو اولین ترجیح دینے والی ترقی کی داستان دیگر ننھے جزائر پر آباد اقوام کی ماحول دوست ترقی کی خواہش کو حقیقت کا روپ دینے میں ان کی معاونت کر سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماحول دوستی مالدیپ پویلین کی ذیلی تھیم ہے اور پوری نمائش گاہ کے ڈیزائن اور اشیاء میں اس کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ لہٰذا ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینے والے اور ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے سے موزوں ترین انداز میں نمٹنے والے مالدیپ کے حالیہ تاریخی اقدامات کہ جن کی مدد سے انسانیات کے محفوظ مستقبل کی منزل کو حاصل کرنا ممکن ہے، پوری آب و تاب کے ساتھ پویلین میں نمایاں کئے گئے ہیں اور آنے والوں سے خوب داد و تحسین سمیٹ رہے ہیں۔

Source:https://gulfnews.com/expo-2020/pavilions/expo-2020-dubai-sheikh-mohammed-visits-maldives-palestine-pavilions-1.83206057

مالدیپ پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

مالدیپ پویلین میں مختلف تھیمز پر ہفتہ وار پروگرامز منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں مندوبین بڑی تعداد میں شرکت بھی کر رہے ہیں اور انہیں بہت زیادہ پسند بھی کر رہے ہیں۔ بالخصوص اب تک یہاں آب و ہوا اور حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے ایک ہفتہ منایا گیا۔ مالدیپ کی شہری اور دیہی ترقی کے حوالے سے بھی ایک ہفتہ منایا گیا۔ ایک ہفتہ علم اور تعلیم کے نام رہا جب کہ ایک ہفتہ سفر اور رابطوں کو موضوع سخن بنایا گیا۔ اسی طرح آنے والے دنوں میں ایک ہفتہ صحت اور تندرستی سے متعلق پروگرامز کے نام رہے گا جب کہ ایک ہفتے کے دوران مالدیپ میں غذا، زراعت اور روزگار کے مواقع سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ نمائش کے آخری ایام میں یعنی مارچ 2022ء کے آخری عشرے میں مالدیپ پویلین میں ایک ہفتہ پانی کے نام بھی کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More