جیک نِکلَس چیمپیئن شپ گالف کورس قِدیہ
جیک نِکلَس چیمپیئن شپ گالف کورس کیا ہے؟
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے نواح میں تعمیر کئے جانے والے تفریحی شہر قدیہ میں دیگر بے شمار پارکوں، تھیئٹروں اور کھیلوں کے مراکز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کا ایک نہایت شاندار، مسحور کُن اور قطعی منفرد گالف کورس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جسے جیک نِکلس چیمپئن شپ گالف کورس کا نام دیا گیا ہے۔ قِدیہ کی سرزمین کی دل کو موہ لینے والی خوبصورتی اور طویق کے عالی شان پہاڑوں کے درمیان میں جیک نکلس کے نام پر جو چیمپئن شپ گالف کورس بنایا جا رہا ہے اسے ڈیزائن بھی گالف کورس ڈیزائننگ کی دنیا کا عظیم ترین شخص جیک نکلس ہی کر رہا ہے۔ یہ گالف کورس نہ صرف ممتاز اور شاہانہ مزاج رکھنے والے گالفرز کے لئے موزوں ترین مقام ہو گا بلکہ عام کھلاڑیوں کو بھی بین الاقوامی معیار کے اس عالی شان گالف کورس میں کھیلنے اور صحیح معنوں میں اس کھیل سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ یہی نہیں، اگر آپ نہیں جانتے کہ گالف کیسے کھیلا جاتا ہے تو بھی آپ کو پریشان ہونے کی چنداں ضرورت نہیں۔۔۔۔۔ کیونکہ اس کورس کی انتظامیہ آپ کے لئے یہ بندوبست بھی کر رہی ہے۔
جیک نِکلَس کورس کی انفرادیت کیا ہے؟
جیک نکلس کورس یوں تو انگنت خصوصیات کا حامل ہو گا تاہم اس کی 3 نہایت منفرد خصوصیات حسبِ ذیل ہوں گی:
1۔ یہ ماحول دوست گالف کورس ہو گا کہ جس کی تیاری میں واٹر ہارویسٹِنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
2۔ یہ گالف کورس نہ صرف قدیہ یا سعودی عرب بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں جیک نکلس کا پہلا سِگنیچر کورس بننے جا رہا ہے۔
3۔ یہ گالف کورس ایک خصوصی گالف ریذیڈینشل کمیونٹی کے مرکز میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔
قدیہ میں گالف کورس کیوں بنایا جا رہا ہے؟
قدیہ کا یہ زیرِ تعمیر گالف کورس سعودی عرب میں اس کھیل کو ترویج دینے کے لئے قائم کئے گئے ادارے ‘گالف سعودی’ کی جانب سے اپنے مقصد کے حصول کے لئے کی جانے والی کوششوں میں سے ایک ہے۔ سرِدست سعودی عرب میں گالف کے صرف 5 ہزار کھلاڑی ہیں۔ تاہم گالف سعودی کا ارادہ ہے کہ ملک بھر میں عوام کے لئے موجود گالف کورسز کی تعداد کو دوگنا سے بھی زیادہ کر دیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو یہ کھیل سیکھنے اور کھیلنے کے مواقع مل سکیں اور اس شعبے میں ملک کا نام روش کرنے کی اہلیت رکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکے۔ اس وقت تک سعودی عرب بھر میں مکمل گالف کورسز کی تعداد صرف 5 ہے۔ چنانچہ 2030ء تک گالف سعودی اس تعداد کو بڑھا کر 10 سے زائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور قدیہ میں اس منفرد اور عالی شان گالف کورس کی تعمیر کا آغاز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
مزید برآں، قدیہ کا یہ گالف کورس مستقبل میں سعودی عرب میں ہونے والے بین الاقوامی گالف ٹورنامنٹس میں یورپی، ایشیائی، امریکی و دیگر ٹیموں کی میزبانی کیا کرے گا۔ اس گراؤنڈ کو سطح سمندر سے 2000 فٹ کی بلندی پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس میں کہیں کسی قسم کا کوئی کھردرا، ناقص یا ناہموار مقام نہیں ہو گا بلکہ یہ مکمل طور پر صاف ستھرے، نفیس اور موزوں میدان اور راستوں پر مشتمل ہو گا۔
جیک نِکلَس گالف کورس کا ڈیزائن کیسا ہو گا؟
قدیہ کے اس گالف کورس کو ڈیزائن اور تعمیر کرنے والے جیک نکلس اور ان کی ٹیم کو متعدد مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور فقید المثال تجربے کے تحت ان تمام مشکلات کو نہ صرف نہایت عمدگی سے حل کر لیا ہے بلکہ یہ یقینی بھی بنایا ہے کہ اپنی تکمیل کے بعد یہ گالف کورس ہر قسم کے نقص یا کمی سے پاک ہو۔
سعودی عرب میں موسم گرما نہایت طویل اور بارش نہایت قلیل ہوتی ہے۔ لہٰذا یہاں ٹرف کو اس کی درست حالت میں برقرار رکھنا اور اس میں پانی کی موزوں مقدار کو برقرار رکھنا یقیناً ایک چیلنج ہے۔ چنانچہ نکلس ڈیزائن ٹیم یہاں 2 جھیلیں بھی تعمیر کر رہی ہے تاکہ ٹرف میں کھیل کے لئے نمی کے درکار تناسب کو مسلسل برقرار رکھا جا سکے۔ منصوبے کی سائٹ پر زیادہ سبزہ بھی نہیں ہے لہٰذا اس کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔
اس گراؤنڈ کی دلکشی کی ایک اہم وجہ اس کے وہ 3 سوراخ بھی ہوں گے جو کہ گراؤنڈ کے جنوبی کنارے پر ایک چھوٹی سی چھلانگ کے فاصلے پر واقع ہوں گے اور جہاں سے نیچے موجود وادی کا نہایت شاندار نظارہ کیا جا سکتا ہو گا۔
یہ منصوبہ 2019ء میں نِکلس ڈیزائن کے حوالے کیا گیا تھا۔ ٹیم نکلس یہاں 9 سوراخوں پر مشتمل پار تھری کورس اور پریکٹس کے لئے ایک وسیع جگہ بھی تعمیر کرے گی۔
قدیہ گالف ایریا میں کیا کیا ہو گا؟
قدیہ کے اس جیک نکلس گالف کورس کا ایک اور نہایت دلچسپ پہلو یہ ہے کہ یہ یہاں اکیلا تعمیر نہیں کیا جا رہا بلکہ ایک زندگی اور توانائی سے بھرپور کمیونٹی بھی اس کے اردگرد بسائی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لئے یہاں متعدد اہم منصوبے بیک وقت نہایت تیز رفتاری سے زیرتعمیر اور تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔
بالخصوص اس گالف کورس کے ارد گرد چند تفریحی پارکس تعمیر کئے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کو یہ شکوہ نہ ہو کہ بڑے خود تو بڑوں والی کھیل یعنی گالف کھیلنے میں مصروف ہو جاتے ہیں مگر ان کے پاس کھیلنے کی کوئی موزوں جگہ نہیں ہے۔ لہٰذا ان تفریحی پارکس میں بچوں کی تسکین کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اِن پارکس میں ایک سفاری پارک بھی شامل ہے جو بہت جلد مکمل ہو جائے گا اور یقیناً بچوں کے لئے نہایت دلکش ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں، یہاں ایک نہایت شاہانہ رِزوٹ ہوٹل بھی بنایا جا رہا ہے جس میں مقامی و غیرملکی سیاحوں کی تمام ممکنہ ضروریات پوری ہو سکیں گی اور انہیں ہر قسم کی آسائش میسر آئے گی۔ مزید برآں، قدیہ کے اس گالف کورس کے ساتھ ہی ایک رہائشی کالونی بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔