ایران پویلین، ایکسپو 2020 دبئی

440

ایرانی پویلین کیسا ہے؟

ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی دبئی میں موجود ٹیم شاید جب ہر ملک، ہر قوم اور ہر کس و ناکس کے اپنے اپنے پویلینز کے نمبر ون ہونے کے نعرہ ہائے رِندانہ کو سنتے سنتے تھک گئی تو اس نے از خود نوٹس لینے اور خود مُنصف بننے کا فیصلہ کیا اور ایکسپو 2020 دبئی کے ہر پویلین کے دورے پر نکل کھڑی ہوئی۔ اس طویل دورے کے دوران انگنت پویلینز کی انگنت تصاویر لینے اور ویڈیوز بنانے کے بعد ان احبابِ محنت پسند نے 15 پویلینز کو شاندار ترین یا خوبصورت ترین کا خطاب دے ڈالا۔ آپ ان مُنصفین نما صحافیوں کے نکتۂ نظر یا ذوقِ جمال کو ہدفِ تنقید بنانا چاہیں تو ضرور بنائیں مگر للہ! ان کی محنت و ہمت کی داد دینا مت بھولئے گا۔ اس بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی ٹیم کی جانب سے شاندار ترین قرار دیئے جانے والے پویلینز میں سرِفہرست ایران، برطانیہ، پاکستان، روس، جاپان، سوِٹزر لینڈ، مصر اور سعودی عرب کے پویلینز تھے۔

ایرانی پویلین کے متعلق ان احباب کا کہنا ہے کہ اس کو آگ میں پکی چکنی مٹی کے گولوں میں لپٹے نیلگوں ڈبوں یا بلاکس کے ایک سلسلے کی مدد سے بنایا گیا ہے۔ ہر ڈبہ ملک کی ثقافت، روایات اور ورثے کے مختلف عناصر کی نمائش کرتا ہے۔ چکنی مٹی کے سینکڑوں گولے پویلین کی دیواروں سے لٹک رہے ہیں۔ ‘شفٹ پراسس پریکٹس’ نامی تعمیراتی کمپنی کے ماہرین کی جانب سے ڈیزائن و تعمیر کردہ اس پویلین میں پانی کی ندیاں آنے والوں کے لئے بنائی گئی راہداریوں کے ساتھ ساتھ چلتی ہیں۔ روایتی اور جدید طرزِ تعمیر کے اس حسین امتزاج کو ایکسپو دبئی کے موبلٹی ڈسٹرکٹ میں بنایا گیا ہے اور یہاں ایرانی ٹیکنالوجیکل مصنوعات، کھانوں، مشروبات، ثقافتی نوادرات اور نمائشوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

SOurce:https://www.expo2020dubai.com/en/understanding-expo/participants/country-pavilions/iran

ایرانی پویلین میں کیا کیا ہے؟

ایران کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے شہری، ہنرمند، دستکار، موسیقار، فنکار، باورچی، مصنوعات ساز اور نمائش کنندگان اس پویلین میں اپنی اپنی اشیاء و خدمات کو شائقین کے ذوقِ نظر کی تسکین کیلئے پیش کر رہے ہیں۔ پویلین آنے والوں کو روایات، ثقافتی ورثے، قدرتی اور تاریخی مقامات کی ویڈیوز و تصاویر، مقامی دستکاریوں اور کھانوں کے ذریعے قدیم ایرانی سرزمین کے متعلق زیادہ سے زیادہ جاننے کے قابل بنایا جا رہا ہے اور ان کے ذوقِ جمال کی تسکین کیلئے اور جاننے کے عمل کو ان کی طبائع نازک پر بار بننے سے روکنے کیلئے ایرانی پویلین میں براہِ راست مظاہراتِ فن اور ورکشاپس کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

ایرانی پویلین میں ان تمام معمول کی نمائشوں اور سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کچھ غیرمعمولی نمائشوں اور سرگرمیوں کا سسلسلہ بھی جاری ہے۔ مثلاً یہاں آنے والوں کو ایران کے شعبۂ طب کی ترقی سے روشناس کروایا جا رہا ہے اور انہیں مختلف ویڈیوز، ورکشاپس اور بریفنگز کے ذریعے دکھایا جا رہا ہے کہ ایران کا شعبۂ صحت اس حد تک ترقی کر چکا ہے کہ اب اڑوس پڑوس کے ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی یہاں موجود علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لئے یہاں آ سکتے ہیں۔

ایرانی پویلین اپنے ملک کے چھوٹے اور نئے کاروباروں کو بھی اپنی مصنوعات کو دبئی ایکسپو کے عظیم الشان پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر میں متعارف کروانے کے وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے اور آنے والوں کو اپنی نوجوان نسل کی توانائیوں، صلاحیتوں، آئیڈیاز اور کار ہائے نمایاں سے متعارف کروانے میں بھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کر رہا۔

Source:https://www.expo2020dubai.com/en/understanding-expo/participants/country-pavilions/iran

اس سب کے علاوہ بھی آپ کو ایرانی پویلین میں کئی منفرد اشیاء اور سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گی اور ایران کے متعلق ایسے بہت سے قدیم اور جدید حقائق جاننے کو ملیں گے کہ جن سے آپ اب تک بے خبر رہے ہیں۔ دریں اثناء، ایران اپنے ان بازاروں، عجائب گھروں، مساجد، پُلوں، حماموں، مدارس، مزاروں، گرجا گھروں، میناروں اور محلات وغیرہ کی بھی خوب تصویری و ویوول نمائش کر رہا ہے کہ جن میں سے 26 یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دیئے جانے والے مقامات کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ اور ہاں! پویلین آنے والے ہاتھ سے بُنے جانے والے بے نظیر اور عالمی شہرت کے حامل ایرانی قالینوں کو نہ صرف بُنا جاتا ہوا دیکھ سکتے ہیں بلکہ خود بھی اس عمل میں حصہ لینے کی کوشش کر کے ایک منفرد تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔

مشروب مرکز کیا ہے؟

ایرانی پویلین بھی ایکسپو 2020 میں قائم انگنت دیگر پویلینز کی طرح متعدد حصوں میں بٹا ہوا ہے جن میں سے ہر حصے کا رنگ و روپ اور وہاں جاری سرگرمیاں دوسرے حصوں کے خد و خال سے یکسر مختلف ہیں۔ چنانچہ اگر آپ اپنے ایکسپو دبئی کے دورے کو یادگار، معلوماتی، علمی، تفریحی اور بھرپور بنانا چاہتے ہیں تو اس کو چند پویلینز یا ان کے چند حصوں تک محدود رکھنے کی غلطی ہرگز مت کیجئیے گا اور ایرانی پویلین کے مشروبات مرکز یا سیرپ ہاؤس کو فراموش کرنے کی غلطی تو بھول کر بھی مت کیجئے گا کیونکہ ہو سکتا ہے کہ اس اکیلے مرکز میں آپ کو اتنی زیادہ اقسام کی چائے، قہوے، جوسِز اور دیگر مشروبات پینے، دیکھنے، لطف اٹھانے اور حیران ہونے کو مل جائیں کہ جتنے شاید آپ نے پہلے کبھی نہ دیکھے ہوں۔ یہ مشروبات مزے دار بھی ہیں اور تازگی بخش بھی۔ یہاں ایران کی روایتی جڑی بوٹیوں سے بننے والی کئی طرح کی ایسی چائے اور مشروبات بھی دستیاب ہیں کہ جن کے متعدد طبی فوائد بھی تجربات سے ثابت ہیں۔

ایرانی پویلین کی نمایاں خصوصیات کیا ہیں؟

ایران ان معدودے چند ممالک میں سے ایک ہے کہ جن کے بیشتر مقامات کے لوگ ہر سال چاروں موسموں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ چنانچہ ایرانی پویلین کی انتظامیہ نے اپنے ملک کی اس خوبی کو نمایاں کرنے کا انتظام کچھ یوں کیا ہے کہ جونہی آپ پویلین میں داخل ہوتے ہیں، باری باری چاروں موسم آپ کے استقبال کو آ جاتے ہیں۔ مزید بر آں یہاں آپ کو ایران کی انگنت زرعی مصنوعات، صنعتی اشیاء، دستکاریوں، معدنیات و سی فوڈز کے علاوہ ملک میں موجود کاروباری مواقع اور سرمایہ کار دوست ماحول سے بھی متعارف کروایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More