متنوع اور جدید انڈونیشیاء پویلین

1,342

انڈونیشیاء پویلین کا کیا دعویٰ ہے؟

عجیب دور آ گیا ہے۔ باتوں میں سب شیر ہیں۔ عملاً مٹی کا ڈھیر ہیں۔ کوئی چاند پر جانے کا دعوے دار ہے تو کوئی چاند کو زمین پر لانے کا۔ کس کی سنیں؟ کس کی نہ سنیں؟ کس کی مانیں؟ کس کی نہ مانیں؟ کیا سب ایک دوسرے کا اعتبار کرنا چھوڑ دیں؟ ایسا کیا تو یہ دنیا کیسے چلے گی؟ اعتبار اٹھ گیا تو بچے گا کیا؟ اور اعتبار ٹوٹ جائے تو کیا بچتا ہے؟ بعینہٖ انڈے اور مُرغی والی صورتحال سے دوچار ہے دنیا۔۔۔۔۔ اور اس تمام تر صورتحال کا اب اگر کوئی تھوڑا بہت حل بچا ہے تو وہ صرف ایک ہی ہے۔۔۔۔۔ اور وہ یہ کہ ہر ممکن حد تک کانوں سے سُنے پر اعتبار بند کر دیا جائے اور صرف آنکھوں دیکھے کے دعویٰ ہائے صداقت پر اعتبار کیا جائے۔۔۔۔۔۔۔ اگر دھوکے سے 100 فی صد بچاؤ ممکن نہ ہوا تو بھی کم از کم ففٹی 50 ‘ڈیمج کنٹرول’ تو بہرحال ہو گا ہی ناں۔۔۔۔۔۔؟

تو پھر آئیے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ذکر کرتے ہیں چند مزید دعوؤں کا اور عہد کرتے ہیں کہ اگر وقت ملا اور قسمت نے یاوری کی تو ان دعویٰ ہائے وفا کی صداقت کو پرکھنے کیلئے ہم سب ایکسپو 2020 دبئی کے دامن میں آباد انڈونیشیاء پویلین کا کم از کم ایک دورہ ضرور کریں گے کیونکہ ایک تو کانوں سے سُنی بات اتنی معتبر نہیں ہوتی جتنا کہ آںکھوں دیکھا حال اور دوسرا یہ کہ یہ پویلین دعوے بہت بلند بانگ کر رہا ہے۔۔۔۔۔۔ اگر یہ سچ ہیں تو بلاشبہ ہم سب کا فائدہ ہے اور ہمیں یہ فائدہ ضرور اٹھانا چاہیے اور اگر ایسا نہیں ہے تو پھر ہمیں مستقبل کے لئے یہ سبق اچھی طرح یاد ہو جائے گا کہ

Source:https://www.expo2020dubai.com/en/understanding-expo/participants/country-pavilions/indonesia

لے سانس بھی آہستہ کہ نازک ہے بہت کام

آفاق کی اس کارگہ شیشہ گری کا

کیونکہ یارانِ انڈونیشیاء کا دعویٰ ہے کہ ان کا پویلین تنوع، تخلیقات اور مواقع کا گھر ہے اور آںے والوں کو یہ احساس دلاتا ہے کہ جیسے وہ مستقبل میں پہنچ گئے ہوں۔۔۔۔ پویلین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے اہلِ ملک انڈونیشیاء میں رہتے ہوئے ساری دنیا کا مستقبل تشکیل دینے کیلئے کوشاں ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔! اب بتائیں۔۔۔۔ کیسے لگے دعوے؟

تاہم پویلین انتظامیہ نہایت اعتماد کے ساتھ دعوتِ عام دیتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ انڈونیشیاء کس طرح جدید ٹیکنالوجیز اور مقامی علوم کے ساتھ ہم آہنگ تخلیقات کی مدد سے ایک بہتر مستقبل تشکیل کر رہا ہے تو پھر ہمارے کوچے کا رُخ ضرور کریں۔۔۔۔۔!

انڈونیشیاء پویلین کے مقاصد کیا ہیں؟

پویلین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارا بنیادی مقصد دنیا بھر میں موجود تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو اپنے ملک کی جانب متوجہ کرنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم دنیا کو انڈونیشیاء میں جاری تیز رفتار ترقی اور ایک پائیدار مستقبل کیلئے اس کے ویژن سے آگاہ کر رہے ہیں۔ چنانچہ پویلین میں انڈونیشیاء کی ثقافت، تنوع، مواقع، دستکاریوں، قدرتی عجائبات اور جدید ٹیکنالوجیز کی بھرپور نمائش کی جا رہی ہے۔ انڈونیشیاء میں زمین کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کیلئے شروع کئے جانے والے سٹریٹجک منصوبوں کے متعلق پویلین آنے والوں کو بطورِ خاص بریفنگ دی جا رہی ہے۔

Source:https://expo2020indonesia.id/

انڈونیشیاء پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

انڈونیشیاء پویلین کی انتظامیہ آنے والوں کو حسبِ ذیل معلومات، اشیاء، مواقع اور حیرانیاں فراہم کر رہی ہے:

1۔ پویلین آںے والوں کو انڈونیشیاء میں پائے جانے والے حیاتیاتی تنوع کے متعلق سیر حاصل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

2۔ اس پویلین کی سیر کرنے والے انڈونیشیاء کے نہایت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے پیداواری اداروں یعنی مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے بڑے بڑے کارناموں اور حیرت انگیز مصنوعات و ٹیکنالوجیز کے متعلق نہایت مفید معلومات حاصل کر رہے ہیں اور ان سے استفادہ کرنے کے قابل ہو رہے ہیں۔

3۔ انڈونیشیاء جنگلات کا گھر ہے۔ چنانچہ مُلک کی وزارتِ ماحولیات و جنگلات دنیا کو ماحول کی بہتری کیلئے انڈونیشیاء کے نقشِ قدم پر چلنے، زیادہ سے زیادہ جنگلات لگانے اور ان سے وابستہ کاروباروں کے متعلق معلومات فراہم کرنے اور اپنے ملک میں جاری ایسے کاروباروں کیلئے مزید سرمایہ کار و خریدار تلاش کرنے کیلئے ایکسپو 2020 میں بھرپور شرکت کر رہی ہے۔

4۔ انڈونیشیاء پویلین میں متعدد بزنس فورمز بھی منعقد ہو رہے ہیں جن سے سرمایہ کار، خریدار، ہنرمند، مواقع کے متلاشی اور طلبہ و ماہرین سبھی استفادہ کر رہے ہیں۔

5۔ انڈونیشیاء کی تیز رفتار ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے شعبوں کے نمائندہ ادارے نیشنل ریسرچ اینڈ انوویشن ایجنسی اور آئل پام پلانٹیشن فنڈ منیجمنٹ ایجنسی بھی اپنی زندگیاں بدل دینے والی ایجادات کے ساتھ ایکسپو 2020 دبئی میں شریک ہیں۔

6۔ پویلین آنے والے مندوبین کو انڈونیشین ثقافت اور تہذیب سے روشناس کروانے کیلئے بھی یہاں متعدد ثقافتی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

7۔ انڈونیشیاء کی وزارتِ صنعت اور مغربی جاوا کے ادارے بھی نمائش میں شرکت کر رہے ہیں اور اپنے ملک کی ‘حلال صنعتوں’ اور ان کی مصنوعات کو دنیا کے سامنے متعارف کروا رہے ہیں اور بتا رہے ہیں کہ کس طرح ان کے ملک کے نوجوانوں نے اپنے ملک کی معیشت کو گزشتہ چند دہائیوں کے دوران ایک روایتی معیشت سے ایک ‘تخلیقی معیشت’ میں بدل ڈالا ہے۔

8۔ انڈونیشیاء کے ذہین اور نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور ممتاز تعلیمی اداروں کے نمائندگان بھی پویلین میں منعقد ہونے والے مختلف پروگرامز میں شرکت کر رہے ہیں اور دنیا بھر سے طلبہ و محققین کو اپنے ملک میں آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔

9۔ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران انڈونیشیاء کے انفراسٹرکچر کے شعبے نے بے مثال ترقی کی ہے۔ اس شعبے کے ماہرین بھی پویلین میں منعقد کی جانے والی مختلف تقریبات اور مذاکروں میں شرکت کر رہے ہیں اور نہ صرف دنیا بھر سے آنے والے سرمایہ کاروں کو اپنے ملک کے انفراسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں بلکہ دنیا کو اپنی خدمات بھی پیش کر رہے ہیں اور اپنی مہارتوں و کامیابیوں سے مطلع بھی کر رہے ہیں۔

10۔ جزائر کی سرزمین اور سمندری دولت سے مالا مال انڈونیشیاء کی وزارتِ بحری امور کے ماہرین بھی پویلین میں متعدد تقریبات کی میزبانی کر رہے ہں اور دنیا کو اپنی دلکش و مفید سمندری مصنوعات پیش کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More