یو اے ای کی انڈین کمیونٹی

2,295

امارات میں کتنے ہندوستانی مقیم ہیں؟

ابو ظہبی میں قائم انڈین سفارتخانے کی ویب سائٹ کے مطابق، یو اے ای میں تقریباً 33 لاکھ انڈین شہری مقیم ہیں۔

کیا انڈیا کو امارات سے ترسیلاتِ زر موصول ہوتی ہیں؟

متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک کی جانب سے 2018ء میں جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق، یو اے ای میں مقیم انڈینز ہر سال تقریباً 17.56 بلین ڈالر کا خطیر زرِ مبادلہ اپنے ملک بھجواتے ہیں۔

امارات کی انڈین کمیونٹی کے خدوخال کیا ہیں؟

یو اے ای میں رہائش پذیر 33 لاکھ انڈین شہری یہاں کی سب سے بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہیں۔ ان میں سے 15 سے 20 فی صد افراد پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت حاصل کئے ہوئے ہیں۔ 20 فی صد فنی تعلیم و تربیت سے بے بہرہ ہیں اور غیر تکنیکی امور سے متعلق دفتری ملازمتیں کرتے ہیں۔ ان میں کلیریکل کام کرنے والے، دکانوں و دفاتر میں معاونین کے طور پر خدمات سر انجام دینے والے، سیلز مین اور اکاؤنٹینٹس وغیرہ شامل ہیں۔ یو اے ای میں مقیم باقی 65 فی صد انڈین شہری محنت مزدوری کرتے ہیں۔ دریں اثناء، انڈیا سے ہجرت کر کے یہاں آباد ہو جانے والوں میں کاروباری افراد کی بھی ایک خاطر خواہ تعداد موجود ہے۔ یوں متحدہ عرب امارات میں مقیم انڈین کمیونٹی یہاں کی معاشی و سماجی ترقی میں کلیدی اور ہمہ جہت کردار ادا کر رہی ہے۔

دونوں حکومتیں انڈینز کیلئے کیا کر رہی ہیں؟

کچھ عرصہ قبل منعقد ہونے والے انڈیا امارات سٹریٹجک مذاکرات کے دوران یو اے ای کی حکومت نے بھی اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں یہاں مقیم انڈین آبادی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور انہیں سراہا۔ متحدہ عرب امارات میں محنت مزدوری کر کے روزی کمانے والے ہندوستانی کارکنان کی ایک بڑی تعداد کے مقیم ہونے کے سبب انڈیا اور امارات کے دو طرفہ تعلقات کا مرکزی موضوع یو اے ای میں مقیم انڈین کارکنان کے لئے شکایات کے ازالے کا تیز رفتار طریقۂ کار مرتب کرنا ہوتا ہے۔

انڈین سفارتخانہ اپنے شہریوں کیلئے کیا کر رہا ہے؟

ابو ظہبی میں موجود انڈین سفارتخانے نے یو اے ای کی انڈین آبادی کی سہولت اور مفادات کو یقینی بنانے کے لئے گائیڈ لائنز یا رہنماء اصول متعارف کروائے ہیں جن سے آگاہی بالخصوص نووارد انڈین شہریوں کو متحدہ عرب امارات میں ممکنہ طور پر پیش آ سکنے والی مشکلات سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ دریں اثناء، یہ گائیڈ لائنز یو اے ای آنے والے انڈین شہریوں کو روزگار کے حصول کے امکانات و طریقوں، تفریحی مقامات اور وہاں پہنچنے کے ذرائع اور قیام و طعام کے لئے موزوں مقامات وغیرہ سے متعلق جاننے میں ممد و معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ مزید بر آں، ہندوستانی سفارت خانے اور قونصل خانوں کے افسران باقاعدگی سے متحدہ عرب امارات کی جیلوں اور مزدوروں کے کیمپس کے دورے بھی کرتے رہتے ہیں تاکہ وہاں ممکنہ طور پر موجود اور کسی مشکل میں مبتلا انڈین شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔ انڈین سفارت خانے اور قونصل خانوں میں متحدہ عرب امارات کی انڈین کمیونٹی کے ارکان ہفتے کے ہر ورکنگ ڈے پر بلا روک ٹوک کسی بھی کام کے لئے آ سکتے ہیں۔ انڈین سفارتخانے اور قونصل خانوں اور انڈین شہریوں کے درمیان بلا تعطل رابطوں کو یقینی بنانے کے لئے کچھ دیگر انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

این آر آئی رجسٹریشن سسٹم کیا ہے؟

انڈین سفارت خانے نے اپنے یو اے ای میں قیام پذیر شہریوں کے لئے ایک جامع آن لائن یا ویب بیسڈ این آر آئی (نان ریذیڈینٹ انڈین) رجسٹریشن سسٹم تیار کیا ہے تاکہ وہ دیا گیا فارم پُر کر کے مطلوبہ تفصیلات فراہم کریں اور خود کو اس سسٹم پر رجسٹر کروائیں۔

ای مائگریٹ سسٹم کیا ہے؟

یکم جون 2015ء سے انڈین سفارت خانے کی جانب سے ایک اور آن لائن ویب پورٹل ای مائگریٹ سسٹم کے نام سے بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کا مقصد انڈین نرسز سمیت تمام ہندوستانی کارکنان کی بھرتی کو یقینی بنانا ہے۔

آئی سی ڈبلیو ایف کیا ہے؟

ابو ظہبی میں واقع انڈین سفارت خانے نے تکلیف میں مُبتلا کارکنان یا کسی مشکل میں گِھرے مکینوں کو قلیل مدتی یا ہنگامی نوعیت کی مالی مدد مثلاً خوراک، راشن، پناہ اور زادِ راہ فرایم کرنے کے لئے انڈین کمیونٹی ویلفیئر فنڈ یا آئی سی ڈبلیو ایف قائم کیا ہے۔

آئی ڈبلیو آر سی کیا ہے؟

انڈین ورکرز ریسورس سینٹر (آئی ڈبلیو آر سی) اپنی چوبیس گھنٹے آپریشنل رہنے والی ہیلپ لائن کے ساتھ نومبر 2010ء سے دبئی میں کام کر رہا ہے۔ چند سال قبل، ستمبر 2017ء میں، ایک اور انڈین ورکرز ریسورس سینٹر شارجہ میں بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

کیا اماراتی انڈینز ثقافتی تقریبات منعقد کرتے ہیں؟

یو اے ای اور انڈیا کے لوگ تاریخی رشتوں میں ایک دوسرے سے بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین سرکاری و عوامی دونوں سطوح پر مسلسل ثقافتی وفود اور پروگرامز کے تبادلے ہوتے رہتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں واقع انڈین سفارت خانہ کبھی خود اور کبھی یو اے ای میں موجود انڈین ایسوسی ایشنز و ثقافتی تنظیموں کے اشتراک سے متعدد ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔ یہ تقریبات نہ صرف مشین کی طرح مسلسل محنت کرنے والی انڈین کمیونٹی کے لئے تفریح کا سامان بنتی ہیں بلکہ یہاں موجود مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے انڈین شہریوں کو ایک دوسرے کے اور اماراتی شہریوں و حکام اور دیگر غیر ملکی کمیونٹیز کے ارکان کے قریب آںے کے بھرپور مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔

یو اے ای کی وزارتِ ثقافت و علمی ترقی نے انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل گروپ کے ساتھ مل کر انڈین سفارتخانے کے تعاون سے 4 اپریل 2017ء کو ابو ظہبی میں انڈیا یو اے ای کلچرل سیلیبریشنز انیشی ایٹِو کا افتتاح کیا۔ پھر 4 جون 2017ء کو یہاں تیسرے بین الاقوامی یوگا ڈے کو بھی بھرپور انداز سے منایا گیا۔ اس دن کے سلسلے میں منعقد کی گئی تقریب میں یو اے ای کے وزیر ثقافت و علمی ترقی شیخ نھیان بن مبارک النھیان اور وزیر مملکت برائے برداشت شیخہ لبنیٰ بنت خالد بن سلطان القاسمی نے بھی شرکت کی۔ غرض اس طرح کی متعدد ثقافتی تقریبات انڈین کمیونٹی و سفارتخانے اور یو اے ای کی حکومت کے اشتراک سے متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں میں گاہے گاہے منعقد کی جاتی رہتی ہیں جن کی مدد سے نہ صرف مقامی آبادی کو ہندوستانی تہذیب و ثقافت سے روشناس ہونے کا موقع ملتا ہے بلکہ یہاں مقیم انڈین کمیونٹی کو بھی پردیس میں دیس جیسا ماحول اور لطف میسر آ جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More