یو اے ای کا سیاحتی ویزہ حاصل کرنے کا طریقہ

3,756

سیاحتی ویزہ سے کیا مراد ہے؟

اگر آپ سیر و سیاحت کیلئے متحدہ عرب امارات آنا چاہتے ہیں تو پہلے آپ کو سیاحتی ویزہ حاصل کرنا ہو گا۔

سیاحتی ویزہ کی معیاد کتنی ہوتی ہے؟

آپ کے سیاحتی پروگرام کی طوالت کے مطابق یہ ویزہ 30 یا 90 روز کیلئے جاری کیا جا سکتا ہے۔ آپ چاہیں تو ایک بار داخلے کے اجازت نامے والا ویزہ حاصل کر لیں اور اگر آپ کو لگے کہ اس سیاحتی دورے کے درمیان آپ کو کسی کام سے کچھ روز کیلئے ایک بار یا بار بار امارات سے باہر بھی جانا پڑ سکتا تو پھر آپ متعدد بار داخلے کی اجازت کا حامل ویزہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ سیاحتی ویزہ میں ملک چھوڑے بغیر حسبِ ضرورت 2 بار تیس تیس روز کی توسیع بھی کروائی جا سکتی ہے۔

سیاحتی ویزہ کس کیلئے ہوتا ہے؟

متحدہ عرب امارات کا سیاحتی ویزہ ان ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو لینا ہوتا ہے جن کو ویزہ کے بغیر امارات آنے یا یہاں پہنچنے کے بعد ویزہ لینے کی سہولت حاصل نہیں ہوتی۔ دنیا کے کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی سیاح یہ ویزہ حاصل کر سکتا ہے۔ تاہم، کوئی 18 سال سے کم عمر اکیلی خاتون اس ویزہ کے حصول کیلئے درخواست نہیں دے سکتی۔ 18 سال سے کم عمر خواتین کو سیاحتی ویزہ صرف والدین کے ہمراہ سفر کرنے پر ہی مل سکتا ہے۔ جولائی 2018ء میں اماراتی کابینہ کی منظورکردہ ایک قرارداد کے مطابق، اپنے بڑوں کے ہمراہ امارات آنے والے 18 سال سے کم عمر بچے ہر سال 15 جولائی سے 15 ستمبر کے درمیان مفت ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔

آپ کیلئے سیاحتی ویزہ کون اپلائی کر سکتا ہے؟

متحدہ عرب امارات کی چند ایئرلائنز، ایجنسیز اور ہوٹلز آپ کیلئے امارات کا سیاحتی ویزہ اپلائی کر سکتے ہیں۔

1۔ ایئرلائنز کے ذریعے سیاحتی ویزہ

اگر آپ یہ چاہتے ہیں کہ کوئی اماراتی ایئرلائن آپ کیلئے سیاحتی ویزہ حاصل کرے تو پہلے آپ کو اس کی تمام شرائط کو تسلیم کرنا ہو گا۔ ہر ایئرلائن کی اپنی اپنی شرائط ہیں۔ ایک شرط تو یہ ہے کہ آپ نے جس ایئرلائن سے ویزہ لیا ہے، اسی کے ساتھ آپ کو سفر کرنا ہو گا۔ مزید واضح اور تازہ ترین معلومات کیلئے آپ امارات سے تعلق رکھنے والی چاروں ایئرلائنز سے رابطہ کرکے ان کی جانب سے آفر کئے جانے والے سیاحتی ویزہ کی اقسام، سہولیات اور شرائط معلوم کر سکتے ہیں:

i۔ اتحاد ایئرویز کی ویزہ سروسز سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں۔

ii۔ ایمیریٹس ایئرلائن کی ویزہ سروسز کے متعلق جاننے کیلئے اس لنک پر کلک کریں۔

iii۔ فلائی دبئی کی ویزہ سروسز کی تفصیلات اس لنک سے حاصل کریں۔

iv۔ ایئر عریبیہ کی ویزہ سروسز کی معلومات اس لنک پر دستیاب ہیں۔

2۔ ایجنسیز اور ہوٹلز کے ذریعے سیاحتی ویزہ

متحدہ عرب امارات کے لائسنس یافتہ ہوٹلز اور ٹریول ایجنٹس بھی آپ کیلئے سیاحتی ویزہ کا انتظام کر سکتے ہیں بشرطیکہ آپ متعلقہ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے ٹکٹ خریدیں یا اپنے دورے کے دوران متعلقہ ہوٹل میں قیام کیلئے بکنگ کروائیں۔

علاوہ ازیں، آپ اپنے ملک میں موجود کسی ٹریول ایجنسی سے بھی یہ معلوم کرنے کیلئے رابطہ کر سکتے ہیں کہ کیا وہ امارات کے کسی مقامی ٹور آپریٹر کے ساتھ مل کر وہاں کا کوئی سیاحتی پیکج آفر کر رہی ہے یا نہیں۔

تاہم، ایسی کوئی بھی ڈیل کرنے سے پہلے یہ بے حد ضروری ہے کہ آپ اپنے ٹریول ایجنٹ کی ساکھ اور اہلیت وغیرہ کی چھان بین کر لیں۔ متعلقہ ایجنٹ کی تصدیق کرنے سے قبل اسے ہرگز کوئی ادائیگی نہ کریں اور ناں ہی اپنے کوائف و دستاویزات اس کے حوالے کریں۔ اپنے ملک میں موجود کسی ٹریول ایجنٹ کی تصدیق کیلئے، یعنی یہ جاننے کیلئے کہ آیا اس کے پاس اماراتی ٹرپ آرگنائز کروانے کا اجازت نامہ ہے یا نہیں اور وہ پہلے سے یہ کام کامیابی سے کر رہا ہے یا نہیں، آپ وہاں موجود اماراتی سفارتخانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اماراتی سفارتخانے سیاحتی ویزے جاری نہیں کرتے۔ متحدہ عرب امارات کا سیاحتی ویزہ حاصل کرنے کیلئے آپ کو بہرصورت کسی اماراتی ایئرلائن، ٹور ایجنسی یا ہوٹل ہی سے رابطہ کرنا ہو گا جو کہ متحدہ عرب امارات کی ویزہ جاری کرنے والی سرکاری اتھارٹیز سے آپ کا ویزہ اپلائی کریں گے۔

سیاحتی ویزہ کی توسیع کس طرح کروائی جا سکتی ہے؟

اپلائی کرنے پر تمام اقسام کے وِزٹ اور ٹورِسٹ ویزوں کی 2 بار تیس تیس روز کیلئے توسیع ہو سکتی ہے بشرطیکہ متعلقہ اتھارٹیز منظوری دے دیں۔ سیاحتی ویزہ امارات میں رہتے ہوئے ہی رینیو کروایا جا سکتا ہے۔ امارات کے دورے پر آنے والے اور سیاح ہر بار اپنے ویزہ کی توسیع کیلئے 600 اماراتی درہم کے ساتھ درخواست دے سکتے ہیں۔ تاہم، پہلی یا دوسری توسیع کیلئے گزشتہ معیاد ختم ہونے سے پہلے اپلائی کرنا ضروری ہوتا ہے۔

وہ لوگ جو اپنے ویزہ کی معیاد ختم ہونے کے باوجود یو اے ای میں موجود رہتے ہیں اور کسی وجہ سے اپنا ویزہ رینیو نہیں کروا پاتے، انہیں اپنے اضافی مدت قیام کے ہر دن کے عوض 100 اماراتی درہم بطور جرمانہ ادا کرنا پڑتے ہیں۔ تاہم، یہ جرمانہ اضافی قیام کے پہلے 10 روز تک نہیں لیا جاتا یعنی اس کا نفاذ ویزہ ایکسپائر ہونے کے گیارہویں روز سے شروع ہوتا ہے۔

دریں اثناء، سیاحتی ویزہ سے متعلق بیان کردہ ان تمام نئے قوانین کا مندرجہ ذیل کیٹیگریز سے تعلق رکھنے والے سیاحوں پر اطلاق نہیں ہوتا:

جی سی سی ممالک سے آنے والے سیاحوں اور دورہ کرنے والوں پر

جی سی سی شہریوں کے ساتھ آنے والے وہاں مقیم افراد پر

خصوصی داخلی اجازت ناموں کے حامل افراد پر

خصوصی مہمات کیلئے 96 گھنٹے کے اجازت ناموں کے حامل افراد پر

سیاحتی ویزہ کی توسیع کروانے کیلئے کس سے رابطہ کریں؟

اگر آپ امارات کی سیروسیاحت میں مشغول ہیں اور ابھی آپ کا جی نہیں بھرا مگر ویزہ کی معیاد ختم ہونے کو ہے تو آپ اپنے وزٹ یا ٹورسٹ ویزہ کی معیاد میں توسیع کروانے کیلئے وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ البتہ اگر آپ یو اے ای کی امارتِ دبئی میں ہیں اور اپنے ویزہ کی معیاد میں توسیع کروانا چاہتے ہیں تو پھر آپ وفاقی اتھارٹی کے علاوہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More