متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ

3,588

گولڈن ویزہ کیا ہوتا ہے؟

2019ء میں متحدہ عرب امارات میں طویل المدتی رہائشی ویزوں سے متعلق ایک نیا نظام متعارف کروایا گیا۔ یہ نیا نظام غیرملکیوں کو یو اے ای میں کسی اماراتی سپانسر کے بغیر رہنے، کام کرنے، پڑھنے اور متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر اپنے کاروبار کی 100 فیصد ملکیت حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ یہ ویزے 5 یا 10 سال کیلئے جاری کئے جائیں گے اور خودبخود رینیو بھی ہو جائیں گے۔ اس طرح کے طویل المدتی رہائشی ویزوں کو گولڈن ویزوں کا نام دیا گیا ہے۔

امارات کا گولڈن ویزہ کون حاصل کر سکتا ہے؟

گولڈن ویزوں یا طویل المدتی رہائشی اجازت ناموں کے انتظام کیلئے 2018ء میں منظور کی جانے والی یو اے ای کی وفاقی کابینہ کی ایک قرارداد مندرجہ ذیل غیرملکیوں کو امارات کے گولڈن ویزے جاری کرنے کی اجازت دیتی ہے:

1۔ سرمایہ کاروں کو

2۔ کاروباری افراد کو

3۔ سائنس کے مختلف شعبوں اور دیگر علوم میں خصوصی صلاحیتیں رکھنے والے افراد اور محققین کو

4۔ سائنس کے مختلف شعبوں میں غیرمعمولی صلاحیتیں رکھنے والے ذہین طلباء کو

گولڈن ویزہ کے حصول کیلئے کس سے رابطہ کیا جائے؟

متحدہ عرب امارات کا نظام مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار ہے۔ یہاں تمام اقسام کے امورِ سلطنت آن لائن ہی انجام دیئے جاتے ہیں۔ مقامی شہریوں یا غیرملکیوں کو کسی بھی شعبے سے خدمات کے حصول کیلئے ذاتی طور پر جانا نہیں پڑتا بلکہ وہ تمام سرکاری و نجی اداروں سے تمام اقسام کی خدمات باآسانی آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔ بعینہٖ غیرملکی شہری متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ بھی نہایت سہولت کے ساتھ متعلقہ اداروں کی ویب سائٹس کے مندرجہ ذیل لِنکس پر جا کر آن لائن ہی اپلائی اور حاصل کر سکتے ہیں:

1۔ بطور سرمایہ کار متحدہ عرب امارات میں طویل المدتی رہائش کی اجازت حاصل کرنے کیلئے درکار لائحہِ عمل یا پروسیجرز کو مکمل کرنے کیلئے پہلے 6 ماہ کی معیاد والے متعدد بار داخلے کی اجازت کے حامل ویزہ کیلئے اپلائی کرنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں۔

2۔ کاروباری شخص یا غیرمعمولی طالبعلم کے طور پر متحدہ عرب امارات میں طویل المدتی رہائش کی اجازت کے حصول کیلئے درکار پروسیجرز یا ضابطے کی کارروائی کو مکمل کرنے کیلئے پہلے اس لنک پر کلک کرکے 6 ماہ کی معیاد والے متعدد بار داخلے کی اجازت کے حامل ویزہ کے حصول کیلئے درخواست دیں۔

3۔ خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے طور پر متحدہ عرب امارات میں طویل المدتی رہائش کی اجازت کے حصول کیلئے درکار لائحہِ عمل کو مکمل کرنے کیلئے پہلے ایک بار داخلے کی اجازت کے حامل 6 ماہ کے ویزے کے حصول کیلئے اس لنک پر کلک کرکے اپلائی کریں۔

مزید تفصیلات کیلئے گولڈن ویزہ سے متعلق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کی ویب سائٹ پر شائع شدہ یہ تحریر ملاحظہ کریں۔

اماراتی ویزوں سے متعلق رہنمائی کہاں سے حاصل کی جا سکتی ہے؟

متحدہ عرب امارات کے ویزوں سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کرنے کیلئے آپ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت سے اس ٹول فری نمبر 600522222 یا فیڈبیک پلیٹ فارم پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ متحدہ عرب امارات سے باہر ہیں تو اپنے ملک میں موجود متحدہ عرب امارات کے قریبی سفارتخانے یا قونصل خانے میں سے کسی سے راابطہ کر سکتے ہیں۔

اگر آپ متحدہ عرب امارات میں مقیم غیرملکی شہری ہیں اور آپ کو دبئی کیلئے ویزہ درکار ہے تو آپ ایمار سروس سے ٹول فری نمبر 8005111 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ متحدہ عرب امارات سے باہر ہیں تو ٹول فری نمبر 97143139999+ پر ایمار سروس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

بزنس گولڈن ویزہ کے حصول کا کیا طریقہ ہے؟

یو اے ای کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت نے گولڈن ویزہ سسٹم کے ایک جزو کے طور پر بزنس ویزہ اپلائی کرنے کیلئے ایک الیکٹرانک پیلٹ فارم https://business.goldenvisa.ae/ لانچ کیا ہے۔ دنیا بھر میں موجود کاروباری تجربے کے حامل پیشہ ور افراد متحدہ عرب امارات میں اپنا ذاتی کاروبار سیٹ کرنے کیلئے یہاں کا بزنس ویزہ اپلائی کرنے کے اہل ہیں۔

درخواست گزار گولڈن ویزہ حاصل کرنے کیلئے اس ویب سائٹ کے ذریعے اپنے پراجیکٹس کی آفیشل دستاویزات جمع کروا سکتے ہیں۔ اسی ویب سائٹ کے ذریعے متعلقہ سرکاری اہلکار بھی درخواستوں اور ان کے ساتھ منسلک دستاویزات کا جائزہ لے کر معلوم کر سکتے ہیں کہ کیا درخواستگزار تمام مطلوبہ شرائط پر پورا اترتے ہیں یا نہیں۔

اس ویب سائٹ کے ذریعے درخواستگزاروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے 3 مراحل ہوتے ہیں:

1۔ نامزدگی کیلئے درخواست دینا

سب سے پہلے تو آپ کو کاروباری افراد کی سہولت کیلئے قائم کردہ کسی سرکاری طور پر منظورشدہ سہولتکار ادارے سے درخواست کرنا ہو گی کہ وہ آپ کو یہاں کاروبار کرنے کیلئے نامزد کرے۔ یہ سہولتکار ادارہ 30 یوم کے اندر اندر آپ کی درخواست کا جائزہ لے کر آپ کو بذریعہ ای میل مطلع کرے گا کہ کیا آپ کو نامزد کر دیا گیا ہے یا نہیں۔

2۔ دستاویزات اپلوڈ کرنا

جونہی سہولتکار ادارے کی جانب سے آپ کو نامزد کیا جائے گا، آپ کو بذریعہ ای میل ایک لنک موصول ہو گا جس پر آپ کو حصول ویزہ کیلئے درکار دستاویزات اپلوڈ کرنا ہوں گی۔

3۔ ویزہ وصول کرنا

متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کی جانب سے آپ کی ویزہ درخواست اور اس سے منسلک تمام دستاویزات کی جانچ پڑتال اور تصدیق کی جائے گی اور کچھ غلط یا ناخوشگوار معلومات سامنے نہ آنے کی صورت میں آپ بہت جلد یو اے ای کا ویزہ وصول کر لیں گے۔

گولڈن ویزہ کی کتنی اقسام ہیں؟

متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ 2 طرح کا ہوتا ہے اور یہ دونوں ہی اقسام طویل المدتی ویزوں سے متعلق ہیں۔ تاہم، ان میں سے ایک 5 سالہ جبکہ دوسری 10 سالہ مدت کے گولڈن ویزوں سے متعلق ہے۔ دونوں کیلئے متعین کردہ شرائط یا قواعد و ضوابط میں فرق محض عددی قیمتوں تک ہی محدود ہے اور یہ دونوں طرح کے گولڈن ویزے خودبخود رینیو بھی ہو جاتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More