یو اے ای میں ملازمت کی تلاش

953

امارات میں ملازمت کیسے مل سکتی ہے؟

متحدہ عرب امارات میں ملازمت حسبِ ذیل ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے تلاش کی جا سکتی ہے:

1۔ وِرچوئل لیبر مارکیٹ

یو اے ای کی وزارتِ انسانی وسائل و امورِ امارات نے اندرون و بیرونِ ملک سے یہاں ملازمت تلاش کرنے والوں کو ملازمت حاصل کرنے کے قابل بنانے کیلئے ورچوئل لیبر مارکیٹ کے نام سے ایک نئی قسم کا الیکٹرانک پلیٹ فارم لانچ کیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ملازمت تلاش کرنے والوں کو اپنے پروفائلز یا سی ویز رجسٹر کرنے اور ملازمتیں دینے والی کمپنیوں کو اپنے یہاں خالی آسامیاں مشتہر کرنے کے قابل بناتا ہے۔

مصنوعی ذہانت کے نظام سے آراستہ یہ پلیٹ فارم اماراتی کمپنیوں کی اعلان کردہ ملازمتوں میں بتائی گئی شرائط کو ایک خودکار متعامل نظام کے ذریعے ملازمت تلاش کرنے والوں کے موافق پروفائلز سے ملا دیتا ہے۔ ملازمتیں دینے والے اس پلیٹ فارم پر اپنی آسامیوں کو مشتہر کرنے کیلئے اپنے ذاتی پیج بنا کر اور ملازمت تلاش کرنے والوں کی ویب سائٹس تلاش کرکے مطلوبہ قابلیت کے حامل امیدواروں کو تلاش کر سکتے ہیں۔ یوں یہ پلیٹ فارم ملازمتیں دینے والوں اور ملازمتیں تلاش کرنے والوں دونوں کی اپنے اپنے مقاصد کے حصول میں مدد فراہم کرتا ہے۔

2۔ اماراتی فری لانسرز کیلئے آن لائن پورٹل

اے ای فری لانسر ڈاٹ اے ای ایک آن لائن متعامل پلیٹ فارم ہے جو کہ ان ماہر اماراتیوں سے رابطہ کرواتا ہے جو کہ سرکاری اور نجی شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں کیلئے بطور فری لانسر کام کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ اِس پلیٹ فارم کے قیام کا مقصد اماراتیت یا امارات اِزم کے مقاصد کے حصول میں معاونت فراہم کرنا اور بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والے اماراتی شہریوں کی مدد کرنا ہے۔ اِس پلیٹ فارم کو یو اے ای کی وزارت انسانی وسائل و امور امارات نے ایمریٹس فاؤنڈیشن اور وفاقی یوتھ اتھارٹی کے تعاون سے فروری 2010ء میں لانچ کیا تھا۔ تاہم، اس پلیٹ فارم کے توسط سے فری لانسنگ کرنے والے اماراتیوں کا کم از کم 21 برس کا ہونا لازمی ہے۔

3۔ آن لائن جاب فیئرز

متحدہ عرب امارات میں متعدد جاب فیئرز منعقد ہوتے رہتے ہیں جو ملازمتیں تلاش کرنے والوں کو شرکت کرنے والی تنظیموں، ان کے کردار اور ان کی جانب سے آفر کردہ ملازمتوں سے آگاہ ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ یہ جاب فیئرز بالخصوص فریش گریجوایٹس کیلئے بہت مفید ہوتے ہیں کیونکہ یہ انہیں اپنی پسند کے شعبے میں جانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ دریں اثناء، جاب فیئرز ملازمتیں تلاش کرنے والوں کو متعلقہ انڈسٹری میں اپنے تعلقات بنانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ یو اے ای میں منعقد ہونے والے بعض نمایاں آن لائن جاب فیئرز حسبِ ذیل ہیں:

ای فیئر۔ یہ ایک آن لائن جاب فیئر ہے جس میں ابو ظہبی میں کام کرنے والی کمپنیاں اور یہیں روزگار کے حصول کے خواہشمند حصہ لیتے ہیں۔

ii۔ کیریئرز یو اے ای

iii۔ نیشنل کیریئر ایگزیبیشن

4۔ کلاسیفائیڈذ

متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والی مختلف کمپنیاں اپنے یہاں خالی ہونے والی آسامیوں سے متعلق اشتہارات آن لائن اور کاغذ پر چھپنے والے اخبارات کے کلاسیفائیڈز سیکشن میں شائع کرواتی رہتی ہیں۔ یہاں تقریباً تمام اخبارات میں کلاسیفائیڈز سیکشن موجود ہیں جو بالعموم خالی آسامیوں کے اشتہارات سے بھرپور ہوتے ہیں۔ امارات میں متعدد زبانوں میں اخبارات شائع ہوتے ہیں۔ تاہم، بیشتر عربی اور انگریزی میں شائع ہوتے ہیں۔ یو اے ای کے کچھ نمایاں انگریزی اخبارات کے کلاسیفائیڈذ سیکشنز کے لنکس حسبِ ذیل ہیں:

خلیج ٹائمز

ii۔ دوبیزل

iii۔ وسیط

اگر آپ کسی دوسرے ملک میں رہتے ہوئے یو اے ای میں ملازمت تلاش کر رہے ہیں تو آپ اپنے ملک کے اخبارات کے ‘اوور سیز جابز’ یا ایسے ہی کسی حصے میں مطلوبہ اشتہارات تلاش کر سکتے ہیں۔

5۔ ملازمین بھرتی کرنے والی ایجنسیز

آپ متحدہ عرب امارات کی ملازمین بھرتی کرنے والی لائسنس یافتہ ایجنسیز کو اپنی سی وی بھیج سکتے ہیں۔ اگر آپ کی اہلیت اور دلچسپی کے مطابق کسی کمپنی میں کوئی آسامی خالی ہوئی تو ایجنسی آپ سے رابطہ کرے گی۔ واضح رہے کہ وزارت انسانی وسائل و امور امارات صرف یو اے ای کے شہریوں کو ملازمین بھرتی کرنے کی ایجنسیاں بنانے کے لائسنس جاری کرتی ہے۔ ملازمت تلاش کرنے والوں کو بھرتی کرنے والی ایجنسیوں کو کوئی پیسے نہیں دینے ہوتے۔ ان ایجنسیوں کی فیس ادا کرنے کی ذمہ داری ان آجروں پر عائد ہوتی ہے جن کیلئے یہ ملازم تلاش کرتی ہیں۔ ملازمین بھرتی کرنے والی لائسنس یافتہ ایجنسیوں کے متعلق جاننے اور اسی حوالے سے کسی قسم کی شکایت کرنے کیلئے آپ وزارت انسانی وسائل و امور امارات سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، ملازمین بھرتی کرنے والی نجی ایجنسیز کی لائسنسنگ اور قواعد و ضوابط سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کے لئے آپ متحدہ عرب امارات کی وزارت انسانی وسائل و امور امارات کے اِس لنک پر کلک کر سکتے ہیں۔

6۔ ویب سائٹس

آپ جن اداروں میں ملازمت کرنا چاہتے ہیں ان کے کیریئر پیجز دیکھ کر اور ان کی ویب سائٹس کے کیریئر سیکشنز میں رجسٹریشن کروا کے بھی وہاں حصولِ ملازمت کو ممکن بنا سکتے ہیں۔ دریں اثناء، یو اے ای کے متعدد وفاقی و بلدیاتی محکمے اپنی ویب سائٹس پر ہی اپنے یہاں خالی آسامیوں کا اعلان کرتے ہیں۔

مزید برآں، یو اے ای میں ملازمت کے حصول کے خواہشمندوں کے لئے مندرجہ ذیل لنکس بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں:

i۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی بزنس ڈائریکٹریز

ii۔ متحدہ عرب امارات میں کپمنیاں اور کاروبار

7۔ پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ ویب سائٹس

دنیا کے دیگر تمام ممالک کی طرح متحدہ عرب امارات کے مختلف اداروں یا کمپنیوں وغیرہ میں بھی خالی ہونے والی آسامیوں میں سے بیشتر پیشہ ورانہ مہارتوں کے حامل افراد اور اُن کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے خواہشمند اداروں کو آپس میں ملانے کا کام کرنے والی ویب سائٹس جیسے کہ لنکڈاِن وغیرہ پر ہی شائع کی جاتی ہیں۔ یہ ویب سائٹس پیشہ ورانہ مہارتوں کے حامل افراد اور اداروں کو ایک دوسرے سے تعلقات بنانے اور رابطے میں رہنے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ آپ انٹرنیٹ پر اس طرح کی بہت سی ویب سائٹس سرچ کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More