امارات کا رہائشی بننے کا طریقہ

3,848

رہائشی ویزہ کیا ہوتا ہے؟

متحدہ عرب امارات کا ایسا ویزہ جو آپ کو قانونی طور پر یہاں سکونت اختیار کرنے کا اہل بناتا ہے، رہائشی یا ریذیڈینسی ویزہ کہلاتا ہے۔ یو اے ای میں کام کرنے، سرمایہ کاری کرنے، تعلیم حاصل کرنے اور رہنے سے متعلق شرائط پر پورا اترنے کی آپ کی اہلیت کے مطابق مختلف اقسام کے رہائشی ویزے جاری کئے جاتے ہیں جیسے کہ گولڈن ویزہ، ورک اینڈ ریذیڈینسی پرمٹ، غیرملکیوں کا فیملی ریذیڈینسی ویزہ سپانسر کرنا وغیرہ۔

کون کیسے یو اے ای کا رہائشی بن سکتا ہے؟

وہ غیرملکی شہری یو اے ای کے رہائشی بن سکتے ہیں جو:

1۔ متحدہ عرب امارات میں کسی کمپنی کے ملازم ہوں۔ اس صورت میں متعلقہ کمپنی اس وقت اُن کا رہائشی ویزہ اپلائی اور سپانسر کرے گی جب وہ پہلے ہی سے یو اے ای میں موجود ہوں گے۔

2۔ متحدہ عرب امارات کے کسی سرکاری ادارے کے ملازم ہوں۔ اس صورت میں متعلقہ سرکاری ادارہ اس وقت اُن کا رہائشی ویزہ اپلائی اور سپانسر کرے گا جب وہ پہلے ہی سے یو اے ای میں موجود ہوں گے۔

3۔ متحدہ عرب امارات میں کسی کاروبار میں سرمایہ کار ہوں۔ اس صورت میں وہ خود اپنی کمپنی کے رجسٹرڈ نام کی سپانسرشپ کے تحت اپنا رہائشی ویزہ اپلائی اور پراسیس کریں گے۔

4۔ متحدہ عرب امارات میں کوئی جائیداد خریدیں۔ اس صورت میں ان کا رہائشی ویزہ ان کی زیرملکیت جائیداد کے تحت سپانسر کیا جائے گا۔

5۔ متحدہ عرب امارات میں موجود رجسٹرڈ جامعات یا دیگر تعلیمی اداروں میں سے کسی ادارے کے طالبعلم ہوں اور ان کا ادارہ انہیں سپانسر کرے۔ اس صورت میں متعلقہ یونیورسٹی یا کالج اپنے نام کے تحت ان کا رہائشی ویزہ اپلائی اور سپانسر کرے گا۔

6۔ متحدہ عرب امارات میں موجود 55 سال سے زائد عمر کے ریٹائرڈ مکین ہوں۔ ایسے ریٹائرڈ افراد کو 5 سال کا طویل المدتی اور رینیوایبل رہائشی ویزہ مل سکتا ہے بشرطیکہ وہ کسی مقامی جائیداد میں کم از کم 2 ملین اماراتی درہم کی سرمایہ کاری کریں یا کم از کم 1 ملین درہم کی نقد رقم کے حامل ہوں یا ان کی آمدن کم از کم 20 ہزار درہم ماہانہ ہو۔

7۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم کسی ملازم پر معاشی طور پر انحصار کرتے ہوں اور وہ انہیں سپانسر کرے

8۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم کسی سرمایہ کار یا کاروباری شخص پر انحصار کرتے ہوں اور وہ انہیں سپانسر کرے

9۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم کسی مقامی جائیداد کے مالک پر انحصار کرتے ہوں اور وہ انہیں سپانسر کرے۔

واضح رہے کہ انحصار کرنے والوں میں والدین، میاں، بیوی، اولاد، قریبی رشتہ دار اور ملازمائیں شامل ہوتی ہیں۔ مزید برآں یو اے ای کا رہائشی ویزہ صرف اس صورت میں کسی غیرملکی کو جاری کیا جاتا ہے جب وہ پہلے ہی سے ملک کے اندر موجود ہو اور وہ کسی داخلی اجازت نامے کو استعمال کرکے امارات کے کسی زمینی، بحری یا فضائی داخلی مقام یعنی بندرگاہ، ہوائی اڈے یا زمینی سرحد کے ذریعے ملک میں داخل ہوا ہو، قطع نظر اس بات کے کہ اس کا داخلی اجازت نامہ کوئی سیاحتی ویزہ ہے یا وزٹ ویزہ، طویل المدتی قیام کا اجازت نامہ ہے یا مختصر قیام کی اجازت دیتا ہے۔

رہائشی ویزہ کیلئے کیا شرائط ہیں؟

متحدہ عرب امارات کا رہائشی ویزہ حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ درخواستگزار 18 سال یا اس سے زائد عمر کا ہو، ایک میڈیکل ٹیسٹ پاس کرے جس سے یہ ثابت ہو کہ وہ طبی طور پر صحتمند ہے، اپنی سکیورٹی کلیئرنس کروائے اور وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کو اپنے اماراتی شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے درخواست دے۔

رہائشی ویزہ کی معیاد کتنی ہوتی ہے؟

رہائشی ویزہ کی قسم اور سپانسر کے مطابق اس کے تحت متحدہ عرب امارات میں مدتِ قیام کی متعین کردہ معیاد بھی بدلتی رہتی ہے۔ بالعموم یہ ویزہ ایک، دو یا تین سال کا ہوتا ہے۔ تاہم، رہائشی ویزوں سے متعلق پالیسیز میں بعض حالیہ تبدیلیوں کے مطابق اب یہ ویزے چند مخصوص شرائط کے تحت 5 یا 10 سال کی طویل مدتوں کیلئے بھی جاری کئے جا سکتے ہیں۔ اس طرح کے رہائشی ویزوں کے حصول کے طریقۂ کار اور ان کے حصول کیلئے عائد کردہ شرائط و ضوابط سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کرنے کیلئے آپ مندرجہ ذیل لنکس میں سے کسی پر کلک کر سکتے ہیں۔

طویل المدتی رہائشی ویزے

متحدہ عرب امارات کے لئے 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزہ

دبئی کے لئے 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزہ

یو اے ای کے رہائشی ویزہ کے کیا فوائد ہیں؟

متحدہ عرب امارات کا قانونی شہری ہونا آپ کو اس قابل بنا دے گا کہ آپ وہاں:

1۔ اپنا بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں۔

2۔ مالی سہولیات تک رسائی حاصل کر سکیں۔

3۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے درخواست دے سکیں۔

4۔ سرکاری ہیلتھ سروسز اور ہیلتھ انشورنس تک رسائی حاصل کر سکیں۔

5۔ اپنے بچوں کو سرکاری یا نجی سکولوں یا دیگر تعلیمی اداروں میں سے جس میں چاہیں داخل کروا سکیں۔

6۔ کام کر سکیں اور سرمایہ کاری کر سکیں

7۔ مخصوص مقامات پر ویزہ کے بغیر جا سکیں۔

رہائشی ویزہ کے حامل افراد دستیاب سہولیات تک رسائی کیسے حاصل کریں؟

رہائشی ویزہ کے حامل افراد مندرجہ بالا سہولیات کے حصول کیلئے مزید معلومات یا رہنمائی نیچے دیئے گئے لنکس سے حاصل کر سکتے ہیں:

1۔ متحدہ عرب امارات میں بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے طریقۂ کار سے متعلق رہنمائی آپ یہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔

2۔ بطور ریذیڈینسی ویزہ ہولڈر آپ یو اے ای میں یہ مالی سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔

3۔ امارات میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے طریقۂ کار سے متعلق تفصیلات جاننے کیلئے یہاں کلک کریں۔

4۔ متحدہ عرب امارات کے مکین غیرملکی شہری یہاں ہیلتھ انشورنس کرانے کے طریقۂ کار سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں۔

5۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم غیرملکی شہری اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانے کے طریقۂ کار سے متعلق رہنمائی یہاں سے جبکہ نجی سکولوں میں داخل کرانے کے طریقۂ کار سے متعلق رہنمائی یہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔

6۔ امارات کے رہائشی ویزہ کے حامل افراد یہاں کام کرنے اور سرمایہ کاری کرنے کے طریقۂ کار سے متعلق رہنمائی یہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔

7۔ امارات کے غیرملکی مکین جن مقامات پر بغیر ویزہ جا سکتے ہیں، اُن کی تفصیل جاننے کیلئے وہ یہاں موجود اپنے متعلقہ سفارتخانوں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More