دوحہ کی سیر

752

دوحہ کیسا شہر ہے؟

ترقی ہو یا جدت، سہولیات ہوں یا سامانِ تسکینِ ذوقِ جمال کچھ بھی کسی کی میراث نہیں۔ مشرق ہو یا مغرب، جدید امریکہ ہو یا لاطینی امریکہ، یورپ ہو یا صحرائے افریقہ محنت، اولوالعزمی، استقامت، ویژن اور وسائل کا درست استعمال کسی بھی قوم یا ملک کو کسی بھی حوالے سے اقوامِ عالم میں امتیازی مقام دلا سکتا ہے۔ کوئی اور اس سادہ اور اٹل حقیقت کو بھلے سمجھا ہو یا نہ سمجھا ہو مگر مشرقِ وسطیٰ کے بیشتر ممالک بخوبی سمجھ چکے ہیں اور ان کی گزشتہ 5 دہائیوں کی تاریخ اس سچ کی عکاس ہے کہ وہ اب شوکتِ انسانی اور مادی ترقی کے اس مقام سے بس ذرا ہی پیچھے ہیں کہ جہاں پہنچنے میں یورپ کو صدیاں لگیں۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرح آج کا قطر اور اس کا دارالحکومت دوحہ بھی حُسن، ترقی اور جدت کے ایسے ہی مظاہر ہیں کہ جنہیں دیکھنے والا دیکھتا رہ جاتا ہے اور ہمیشہ کے لئے یہاں کے باسیوں اور انہیں اس مقام تک پہنچانے والوں کی عظمت کا گواہ اور گرویدہ ہو جاتا ہے۔

قطر کا دارالحکومت دوحہ دنیا کے جدید ترین اور دلفریب ترین دارالحکومتوں میں سے ایک ہے۔ یہ ملک کے مشرقی حصے میں واقع ہے۔ اس کی آبادی قریباً 6 لاکھ 46 ہزار افراد پر مشتمل ہے جن میں سے بیشتر غیرملکی کارکنان و سرمایہ کار ہیں جو مدتوں سے اپنے آبائی ممالک کو خیرباد کہہ کر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دوحہ کو پیارے ہو چکے ہیں اور جن کی تعداد میں دن دُگنی اور رات چوگنی ترقی ہو رہی ہے۔ دوحہ معاشی ترقی اور آبادی دونوں حوالوں سے نہایت برق رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔

دوحہ کی آبادی و معیشت کیوں روبہ عروج ہیں؟

دوحہ کی آبادی بھی ملک کے تمام دیگر علاقوں کی نسبت زیادہ تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے کیونکہ دنیا بھر سے روزگار کی تلاش میں دوحہ کا رُخ کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے کاروباری مراکز بھی مسلسل ثروت کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں کیونکہ ایک تو شہر کی آبادی کا بیشتر حصہ نہایت خوشحال افراد پر مشتمل ہے کہ جن کی قوتِ خرید بہت زیادہ ہے اور دوسرے سارے جہان میں اس شہر کے حُسن، رعنائیوں اور رنگینیوں کے چرچے اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ یہاں دنیا بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ بھی کم و بیش سارا سال چلتا رہتا ہے۔ یوں ان کی شاپنگ بھی دوحہ کے کاروباری مراکز کی اوسط آمدن میں مسلسل اضافہ کرتی جا رہی ہے۔

دوحہ موجودہ مقام پر کتنے عرصہ میں پہنچا؟

دوحہ کی معاشی اور معاشرتی ترقی کا طرۂ امتیاز ہی یہ ہے کہ یہ قلیل ترین عرصے میں ترقی کے بلند ترین مقام تک پہنچ چکا ہے۔ بیسویں صدی کے آغاز تک یہ صرف ایک ننھا سا مگر نہایت اہمیت کا حامل گاؤں ہوا کرتا تھا۔ اس کی امتیازی حیثیت کا سبب یہ تھا کہ یہ سمندری مچھلیوں اور موتیوں کا گڑھ سمجھا جاتا تھا اور خطے میں ان دونوں اجناس کی تجارت کا مرکز تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس دور میں یہاں سمندر سے موتی چننے والے مقامی تاجروں کے پاس قریباً 350 کشتیاں تھیں۔ مگر آج کم و بیش ایک صدی بعد کا دوحہ ایک شاندار معاشی انقلاب سے آشنا ہو کر اپنی معیشت کے کسی ایک چھوٹی سی صنعت پر انحصار کے دور کو خیر باد کہہ کر صنعت، تجارت، کان کُنی، ماہی گیری اور ٹیکنالوجی سمیت معیشت کے ہر شعبے میں صفِ اول میں کھڑا ہے۔

کیا دوحہ شعبۂ سیاحت میں ترقی کر رہا ہے؟

یہ دوحہ کی اسی معاشی ترقی کا ثمر ہے کہ یہاں کے لوگ نہ صرف نہایت خوشحال اور پُرآسائش زندگیاں گزار رہے ہیں بلکہ اب حکومت انہیں تفریحی و سیاحتی سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لئے بھی خاطر خواہ انتظامات کر رہی ہے۔ دوحہ میں کئی نئے سیاحتی مقامات کی تعمیر اور پرانے مقامات کی تزئین و آرائش کا عمل مکمل ہو جانے کے بعد نہ صرف مقامی آبادی میں ان مقامات کی سیر کا رجحان بڑھ رہا ہے بلکہ غیرملکی سیاح بھی بہت تیزی سے ان مقامات کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔ بالخصوص یہاں تعمیر کئے گئے متعدد عجائب گھر نہایت تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں اور دنیا بھر میں موجود قطر اور مشرق وسطیٰ کی قدیم اور تحیر آمیز تاریخ کے طلبہ و ماہرین کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔

اپنی بے مثال میزبانی، شاندار کھانوں، خریداری کے زبردست و منفرد مواقع، روایتی بازاروں اور مہم جوئیوں و سرگرمیوں کے بے شمار مواقع کے ساتھ دوحہ تیزی سے پھل پھول رہا ہے اور یہ یقینی بنا رہا ہے کہ ہر سوچ اور ہر مزاج کے حامل سیاح کی دلچسپی کے لئے یہاں کچھ نہ کچھ ضرور موجود ہو۔

Source:https://www.london-unattached.com/doha-qatar-stopover/

دوحہ میں سیاحوں کیلئے کیا ہے؟

دوحہ کے چند نمایاں سیاحتی مقامات مندرجہ ذیل ہیں:

1۔ دوحہ آنے والوں کو شہر کے روایتی بازار سوق واقف کا چکر ضرور لگانا چاہئے۔ بازار کی بھول بھلیوں میں مقامی اشیاء سے لدی دکانوں کا جال انہیں یقیناً بہت بھلا لگے گا۔ اگر آپ اہل دوحہ کے روایتی اور من پسند کھانوں سے لطف اندوز ہونا چاہیں تو سوق واقف میں موجود بہت سے معروف ریستورانوں اور کیفیز میں سے کسی سے کھانا کھانا مت بھولیں۔

2۔ اگر آپ روایت پرست نہیں بلکہ جدت پسند ہیں تو دوحہ میں موجود متعدد عالمی معیار کے شاپنگ مالز بھی آپ کی منزل ہو سکتے ہیں۔ یہاں سے آپ دنیا کے ہر بڑے اور شاہانہ برانڈ کی اشیاء خرید سکتے ہیں۔ خریداری کے ساتھ ساتھ ان شاپنگ مالز میں آنے والے خاندان، بالخصوص بچے بہت سی تفریحی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

3۔ تاریخ، تہذیب، ثقافت، فنون، لوک وِرثے اور نسلِ انسانی کے ارتقاء جیسے سنجیدہ علمی معاملات سے شغف رکھنے والے سیاحوں کے لئے دوحہ میں سب سے اہم مقامات قطر کا قومی عجائب گھر اور اسلامی فنون کا عجائب گھر ہیں جو اپنے اندر بہت سے نوادرات سیٹے ہونے کے ساتھ ساتھ بذاتِ خود فنِ تعمیر کے شاہکار بھی ہیں۔

4۔ اگر آپ خود کو حُسن، رعنائی اور جاذبیت کے حصار میں دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر کتارا کلچرل ویلیج دوحہ بھی آپ کا منتظر ہے۔ جس کا ماحول، فن تعمیر اور وہاں موجود فن و ثقافت کے شاہ پارے سب کچھ اپنی مثال آپ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More