مواقع، خوشحالی اور مصر پویلین
مصر پویلین کیوں جائیں؟
جو لوگ قدیم تہذیبوں اور علوم کے گہوارے مصر کے ماضی، حال اور کل کے ویژن سے باخبر ہونا چاہتے ہیں، ان کے لئے ایکسپو 2020 دبئی کے دامن میں آباد مصر پویلین سے بہتر شاید ہی کوئی مقام ہو۔ یہ پویلین آنے والوں کو مصر کی کل اور آج کی کامیابیوں کی کہانیاں سناتا ہے اور بتاتا ہے کہ کس طرح آج کا مصر مواقع اور خوشحالی کی سرزمین بن چکا ہے۔ یوں یہاں آنے والے نہ صرف یہ کہ مواقع کے ایک نئے دور میں پہنچ جاتے ہیں بلکہ سیاحت، ترقیاتی ڈھانچے، تعلیمی ترقی اور مزید شعبوں میں کامیاب اور مثبت طریقوں پر گامزن ایک خوشحال مستقبل کی یقین دہانی کروانے والے ملک سے روشناس ہونے پر شاداں و فرحاں بھی ہو جاتے ہیں۔
مصر پویلین کیسا ہے؟
مصر پویلین آنے والے مشینی سیاحتی گائیڈ ایاڈا کے ساتھ اعلیٰ درجے کا ڈجیٹل سفر کرتے ہیں اور پہلے تو خود کو کسی قدیم ترین انسانی تہذیب کے امین ملک کے پویلین کی بجائے کسی جدید قوم کے ترجمان مسکن میں موجود محسوس کرتے ہیں لیکن پھر جیسے ہی وہ پویلین کے اس حصے میں پہنچتے ہیں کہ جہاں 3 فراعنہ مصر کی ممیز رکھی گئی ہیں تو انہیں یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے وہ جدت اور قدامت کے سنگم پر آ کھڑے ہوئے ہوں۔۔۔۔۔ اور ان کا یہ احساس اس وقت مزید دوچند ہو جاتا ہے کہ جب وہ ایک ٹائم مشین کے ذریعے سفر کرنے کے تھری ڈائمینشنل تجربے سے گزرتے ہیں۔ یوں اگر مصری پویلین کو ایک ایسے ملک کا پویلین قرار دیا جائے کہ جس نے مستقبل کی جانب سفر کو پوری توانائی کے ساتھ جاری رکھنے کے باوجود اپنے ماضی کو فراموش نہیں کیا بلکہ اسے محفوظ اور موجودہ اور آنے والی نسلوں کے سامنے پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تو یہ بے جا نہ ہو گا۔
مصر پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟
مصر کی وزیرِ صنعت و تجارت محترمہ نیوین گمیا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایکسپو 2020 دبئی میں سرگرمِ عمل ان کے ملک کا پویلین اب تک 5 لاکھ سے زائد بین الاقوامی مہمانوں کا استقبال کر چکا ہے اور یوں اس کا شمار اب تک سب سے زیادہ دیکھے اور پسند کئے جانے والے پویلینز میں ہونے لگا ہے۔ اپنے ملک کے پویلین کی دنیا بھر سے دبئی ایکسپو کا دورہ کرنے کے لئے آنے والے مندوبین میں مقبولیت کے اسباب کا تذکرہ کرتے ہوئے محترمہ نیوین کا مزید کہنا تھا کہ مصر پویلین کی آنے والوں کو ماضی کی فرعونوں کی تہذیب کے عہد سے جدید دور کے مصر کی کامیابیوں اور مستقبل کے ویژن تک لے جانے کی صلاحیت اسے ایکسپو 2020 میں آباد دیگر پویلینز سے ممتاز بناتی ہے۔
مصر پویلین میں کون سے نوادرات ہیں؟
مصر پویلین میں قدیم فرعونی تہذیب اور بعد کے زمانوں سے تعلق رکھنے والے متعدد اہم نوادرات بھی رکھے گئے ہیں جن میں مندوبین بے حد دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان میں سے چند نمایاں نوادرات حسبِ ذیل ہیں:
1۔ پویلین میں بادشاہ تتن خامون کے خزانے رکھے گئے ہیں جن میں سیاح بے حد دلچسپی لے رہے ہیں اور قدیم مصری تہذیب کی دولت اور طاقت سے واقفیت حاصل کر رہے ہیں۔
2۔ مصری پویلین میں تین فرعونوں کی حقیقی حنوط شدہ لاشیں بھی رکھی گئی ہیں۔ یوں وہ لوگ جو صرف ان عجائباتِ تاریخ کو دیکھنے کے لئے مصر جاتے ہیں، وہ اب غول در غول ایکسپو 2020 دبئی میں آباد اس پویلین کا دورہ کر رہے ہیں۔
3۔ پویلین میں قدیم مصر میں صداقت، انصاف، توازن اور حق پرستی جیسی اعلیٰ اخلاقی اقدار سے منسوب دیوی ماٹ کا مجسمہ بھی رکھا گیا ہے جو نہ صرف مندوبین کی توجہ حاصل کرنے میں سرِفہرست ہے بلکہ جدید عہد کے بین الاقوامی پلیٹ فارم دبئی میں موجود تمام اقوام کے نمائندوں کو عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے اور صدیوں سے رائج اور مقبول اعلیٰ انسانی اقدار کو از سر نو معتبر جاننے پر مجبور کرنے کی ترغیب بھی دلا رہا ہے۔
مصر پویلین میں دسمبر میں کیا ہوا؟
دنیا بھر میں محبت، رومان، سرد ہواؤں، بارشوں اور برفباریوں کے لئے مشہور دسمبر میں ایکسپو 2020 کا دامن صحرا اور سمندر کے سنگم دبئی میں واقع ہونے کے سبب نہ صرف یہ کہ شدید سردی سے خالی رہا بلکہ عالمی مندوبین کی جوق در جوق آمد کے سبب الٹا ‘ہے گرمیِ آدم سے ہنگامۂ عالم گرم’ کی منہ بولتی تصویر بھی بنا رہا۔ بعینہٖ مصر پویلین میں بھی دسمبر بھر کے دوران خوب سیاحتی گرما گرمی رہی۔ متعدد کامیاب تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور کئی اعلیٰ سطح دورے بھی ہوئے۔
دبئی میں تعینات مصر کے تجارتی دفتر کے سربراہ اشرف حمدی کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کے پویلین نے دسمبر میں متعدد اعلیٰ سطح مہمانانِ گرامی کا استقبال کیا جن میں سویڈن کے بادشاہ اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید النھیان بھی شامل تھے۔
دسمبر ہی کے دوران مصر پویلین میں ماحول دوست توانائی پر سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا جس میں مصر اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی اور اپنے اپنے تجربات و معلومات کا تبادلہ کیا اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی دنیا کے تمام ممالک مصر کی طرح آلودگی پیدا کرنے والے ذرائع توانائی کو مکمل طور پر ترک کر کے ماحول دوست توانائی کا استعمال یقینی بنائیں گے۔ دسمبر ہی کے دوران مصر پویلین میں جدید ایجادات اور کاروباروں کے حوالے سے بھی محافلِ گفت گو کا اہتمام کیا گیا جن میں مصر کے پرانے اور نوجوان تخلیق کاروں اور کاروباری افراد نے مندوبین کو اپنی کامیابیوں، مصنوعات اور ٹیکنالوجیز سے آگاہ کیا اور خوب داد سمیٹی۔
دسمبر ہی کے دوران مصر پویلین میں عربی زبان کے حوالے سے بھی ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا جس میں عرب دنیا سے بالخصوص اور دیگر ممالک سے بالعموم عربی زبان و ادب کے ماہرین و طلبہ نے شرکت کی اور اپنے اپنے ادب پاروں سے حاضرین کو بھرپور انسپائر کیا۔ سمپوزیم میں مصر کے ماہرینِ زبان و ادب کی جانب سے عربی زبان کی ترویج و ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بطورِ خاص حاضرین کے سامنے پیش کیا گیا۔
علاوہ ازیں، اسی ماہ کے دوران مصر پویلین میں نہر سویز کے عالمی تجارت اور مصر کی ترقی میں کردار، مصر میں سیاحت کی سدا بہار صنعت کی ترقی، دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں مصری علماء اور جامعات کے کردار اور مصر سمیت دنیا بھر میں سمارٹ شہروں کی تعمیر کے رجحان پر بھی سمپوزیمز کا اہتمام کیا گیا جن میں متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے ایک دوسرے کو اپنے اپنے تجربات و اقدامات سے آگاہ کیا۔