یونان پویلین اور کامیابی کا راستہ

2,628

یونان پویلین کا کیا دعویٰ ہے؟

یہ جتنے منہ اتنی باتیں والا محاورہ ایکسپو 2020 دبئی کے آغاز سے پہلے تک تو جچتا تھا مگر اب ذرا ترمیم کر کے اسے جتنے پویلین اتنی کہانیاں کر دیا جانا چاہئے۔۔۔۔۔ آپ خود سوچیں۔۔۔۔۔ اتنا بڑا عالمی میلہ۔۔۔۔192 ممالک کے پویلین۔۔۔۔ ہر ملک کی اپنی اپنی انگنت کہانیاں، اپنی اپنی انفرادیتیں، چیزیں، طریقے، روایات، اصول، تصورات اور نجانے کیا کیا۔۔۔۔؟ بندہ کیا کیا سنے اور کیا کیا سمجھے۔۔۔۔۔ دانائی، تدبر، فراست، جدت اور تخلیقات تو جیسے یہاں بارش کی طرح برس رہی ہیں۔۔۔۔۔۔

چنانچہ اگر آپ یو اے ای میں ہیں اور ایک آدھ سے زیادہ پویلین نہیں گھوم سکتے اور جگہ جگہ الطاف کی بارش میں نہیں نہا سکتے تو پھر آپ کو ایک ہی مشورہ دیا جا سکتا ہے کہ اور کہیں جائیں یا نہ جائیں۔۔۔۔۔ بس یونان پویلین ضرور جائیں کیونکہ اہل یونان آپ کو ماضی کی بجائے مستقبل کی سیر کروا رہے ہیں اور یہ بلاشہ ایک نیا تجربہ ہو گا۔۔۔۔۔ یونان پویلین کا سارا فوکس مستقبل پر ہے۔۔۔ وہ ماضی کو ماضی سمجھ کر پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے پویلین کے دروازے اہل عالم پر وا ہی صرف اس لئے کئے ہیں تاکہ وہ انہیں ایسی تخلیقات سے روشناس کروا سکیں کہ جو مستقبل کا زیادہ بہتر اور روشن راستہ دکھاتی ہیں۔

پویلین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ کامیابی، تخلیقات اور مستقبل کے درست راستے پر چلنا چاہتے ہیں تو یونان کی پیروی کریں۔ یونانی معیشت اور معاشرے کے بنیادی پہلوؤں کے متعلق جانیں اور سمجھیں کہ یہ سرزمین کس طرح ازمنۂ رفتہ سے نکل کر مستقبل کے یونان میں تبدیل ہوئی ہے۔

یونان پویلین میں کیا کیا ہے؟

یونانیوں کے یہاں دھاگے کی علامتی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ چنانچہ اگر آپ یونان پویلین جائیں تو وہاں موجود جال یا پیچ و خم میں شامل نیلے دھاگے کی پیروی کرنا مت بھولیں۔ یہ دھاگہ آپ کو وہ سب دریافت کرنے میں مدد دے گا جو آج کا یونان دنیا کو پیش کر رہا ہے۔ پویلین کی متعامل دیواریں، وہاں نصب کی گئی مشینیں اور یونانی ثقافت، لوگوں، ٹیکنالوجی اور دیگر امور پر دکھائی جانے والی ویڈیوز آنے والوں کو اہل یونان کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کرتی ہیں اور یہ بتاتی ہیں کہ اس قوم نے کس طرح اپنے ماضی کو بہت پیچھے چھوڑ کر جدید ڈجیٹل دنیا کے ساتھ قدم ملا کر تیز رفتاری سے ترقی کا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔ یونان پویلین آنے والے ماحول دوست ترقی کی منزل کی جانب یونان کے کامیاب سفر میں جدید ایجادات کے کلیدی کردار کو بھی بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔

یونانی ثقافت، یونان کی روایتی مصنوعات، ملکی معیشت کے تمام شعبوں کا جدید اور اچھوتی ٹیکنالوجیز سے آراستہ ہونا، یونان کے طرز حکمرانی کا جدید ڈجیٹل خطوط پر استوار ہونا، یونان کی بحری جہاز رانی کی صنعت کا دنیا بھر میں مال کی ترسیل کے نیٹ ورکس میں کلیدی کردار، ملک کے توانائی کے شعبے کا ماحول دوست ذرائع پر انحصار اور ملک کا تعمیرات و دیگر تمام شعبوں میں بھی ماحول دوست طریقوں کو اپنانا اہلِ یونان کی وہ استعدادیں اور رنگ ہیں کہ جنہیں یونان پویلین بطورِ خاص آنے والوں کے سامنے پیش کر رہا ہے۔

یونان پویلین کیسا ہے؟

یونان پویلین ایک مسحورکن تجربہ پیش کرتا ہے جو 8 تذویراتی طور پر منتخب کردہ تھیمز کی بنیاد پر بصارت اور سماعت کے ذریعے اپنے ملک کا بیانیہ آنے والوں تک پہنچاتا ہے۔ یہ آٹھوں تھیمز درحقیقت اہلِ یونان کی داستان کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہیں۔ یعنی یونان پویلین کے 8 مختلف حصے ہیں اور ان میں سے ہر ایک بالکل مختلف تناظر آنے والوں کے سامنے رکھتا ہے۔ یہ تمام تناظرات ایک واضح اور ہلکے پھلکے ڈیزائن کو پُرجوش کر دینے والی آوازوں کی حامل مؤثر ترین ویڈیوز کے ساتھ ملا دیتے ہیں اور یوں حاضرین کے سامنے چلنے والی ویڈیوز موجودہ اور آنے والے دور میں متوقع یونانی سماجی و معاشی ترقی کو دوٹوک اور مفصل انداز میں بیان کر دیتی ہیں۔

یونانی پویلین کا ہر حصہ اپنے ملک کی ترقی کی کہانی کا الگ پہلو دیکھنے والوں کے سامنے رکھتا ہے جن میں سے ہر ایک دوسرے کی تصدیق کرتا ہے اور اسے مزید نکھار بخشتا ہے۔ یہ سب پہلو مل کر ایک ایسے ملک کی تصویر ہمارے سامنے رکھتے ہیں جو آج میں رہتے ہوئے اپنے کل کی تعمیر کر رہا ہے، اسے نکھار رہا ہے اور نئی و تخلیقی راہوں پر ڈال رہا ہے۔ پویلین کی تھیم میں تین عناصر کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

1۔ کہانی

قدیم یونانی افسانوی ادب میں شامل بھول بھلیاں یا راستہ تلاش کرنے کی کہانی درحقیقت دریافتوں اور کلیدی پیش رفتوں کی کہانی ہے جو ہمیں سمجھاتی ہے کہ پریشان کن گھن چکروں میں اپنا راستہ کس طرح تلاش کیا جاتا ہے۔ چنانچہ ایکسپو 2020 دبئی میں موجود یونانی پویلین کو بھی ایک یونانی جزیرے کریٹ کے رہنے والوں کی تخلیق کردہ بھول بھلیاں یا راستہ تلاش کرنے کی کہانی اور جزیرہ کریٹ کے افسانوی ادب میں ایسی بھول بھلیوں کے حوالے سے مقبول کردار شہزادی اریاڈن کے ذہن میں موجود دھاگے کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس معروف یونانی لوک داستان کو عہدِ نو میں پیش کرنا اور پویلین کے ڈیزائن کو اس کے مطابق تیار کرنا واقعی یونانی ماہرین تعمیر کا کارنامہ ہے جن کی جانب سے ایک جدید راستہ تلاش تعمیر کیا گیا ہے جو آنے والوں کو یہ احساس دلاتا ہے کہ جیسے وہ آج میں زندہ ہونے کے باوجود آنے والے کل کے یونان کو دریافت کر رہے ہیں۔ چنانچہ شہزادی اریاڈن کا نیلا دھاگہ پویلین میں داخلے کے وقت سے لے کر وہاں سے رخصت ہونے تک دورہ کرنے والوں کے لئے رہنما کا کام کرتا ہے۔

2۔ راستہ

نیلے دھاگے والے راستے پر سفر کے دوران پویلین آنے والے مہمانوں کے پاس یہ موقع ہوتا ہے کہ وہ جدید یونان کو پویلین کے آٹھوں الگ الگ تھیمز والے حصوں میں تلاش کریں اور یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ یونان کس طرح آج میں رہتے ہوئے اپنے مستقبل کو تخلیق کر رہا ہے۔

3۔ روشنی

یونان پویلین کے ایک حصے میں بہت ہلکا پھلکا اور روشن ماحول تخلیق کیا گیا ہے اور اسے نہایت متاثر کن آڈیوز اور اعداد و شمار سے آراستہ ویڈیوز سے مزین کر دیا گیا ہے جو کہ یونان کی سماجی و معاشی ترقی کو تفصیل کے ساتھ آنے والوں کے سامنے پیش کرتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More