فقیہ پلانیٹیریم جدہ

1,272

فقیہ پلانیٹیریم کیا ہے؟

وہ آلات یا نمونہ کہ جو نظامِ شمسی، اس کے اجزاء، ان کی ماہیت و حرکیات اور افعال وغیرہ کی عکاسی کرے، پلانیٹیریم کہلاتا ہے۔ جدہ کا فقیہ پلانیٹیریم بھی ایسی ہی ایک جگہ ہے۔ یہاں کئے جا سکنے والے مشاہدے یا دیکھے جا سکنے والے نظارے اس پلانیٹیریم کو جنوں خیز، منفرد اور عہدِ نو کی منزل بنا دیتے ہیں۔ یہ وہ مقام ہے کہ جہاں پہنچ کر آپ اس کائنات اور اس کے مظاہر سے متعلق اپنی باقاعدہ تعلیم کی شروعات کر سکتے ہیں۔

فقیہ پلانیٹیریم آنے کے کیا فوائد ہیں؟

یہاں آنے والے ہر اس منظر اور اس کے جزو کو قربت اور گہرائی سے دیکھ سکتے ہیں جو رات کے وقت آسمان پر دکھائی دیتا ہے۔ وہ یہاں آسمان پر دکھائی دینے والے ستاروں کے جُھرمٹ دیکھ سکتے ہیں اور ہر جُھرمٹ میں شامل ایک ایک ستارے کو باریک بینی سے دیکھ سکتے ہیں۔ نظام شمسی میں موجود مختلف سیاروں کو قریب سے اور تفصیل سے دیکھ سکتے ہیں۔ اپنی کائنات کے پار موجود دیگر کائناتوں اور کہکشاؤں کو دیکھ سکتے ہیں۔ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ خلا سے ہماری زمین کیسی دِکھتی ہے۔ یہاں تک کہ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ خلا سے جدہ کو دیکھنا کیسا لگتا ہے۔ اس تعلیمی و معلوماتی مرکز کی ایک اور خاصیت یہ ہے کہ یہاں آنے والے چاند کا 7 میٹر بڑا ماڈل بھی دیکھ سکتے ہیں۔

فقیہ پلانیٹیریم آنے والے جان سکتے ہیں کہ خلا باز کیا اور کیسی تربیت لیتے ہیں۔ وہ انہیں خلا میں رہتے اور کام کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ سیاروں اور سورج کے متعلق حیرت انگیز اور تفصیلی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ کائنات میں روشنی کے حقیقی ذرائع، یعنی ستاروں کو دیکھ سکتے ہیں۔ جان سکتے ہیں کہ یہ ستارے کس طرح وجود میں آئے ہیں۔ خلا کی سائنس اور ٹیکنالوجی کو جان سکتے ہیں اور خلا میں سفر کرنے کی ٹیکنالوجی کے متعلق بھی جان سکتے ہیں۔

Source:http://www.fakiehplanetarium.com/mediacenter.php?section=3

14 میٹر کی گول یا گنبد نما سکرین جو کہ آپ کو مکمل طور پر گھیر لیتی ہے اور اس کی تیاری میں استعمال کی جانے والی جدید ترین ڈجیٹل ٹیکنالوجی جو کہ آپ کو فور کے ہائی ریزولوشن ویڈیو میں مکمل طور پر محو کر دیتی ہے اور چاروں جانب سے سنائی دینے والی نہایت طاقتور اور شاندار آواز، یہ سب عناصر مل کر ایسا ماحول تخلیق کر دیتے ہیں کہ آپ کو یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے آپ خود اُڑ کر خلا میں جا پہنچے ہوں اور اس ماحول کا حصہ بن گئے ہوں جو کہ محض سکرین پر آپ کے سامنے ہویدا ہے۔

چنانچہ اگر آپ اپنے خلائی سفر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، یعنی خود کو خلا میں محسوس کرنا چاہتے ہیں اور اپنے چاروں جانب ایسا ماحول دیکھنا چاہتے ہیں کہ جس کے درمیان بیٹھ کر اگر آپ سیلفی بنائیں تو یوں محسوس ہو کہ جیسے یہ سیلفی آپ نے واقعتاً خلا میں جا کر لی ہے، کائنات کے کسی اور سیارے پر پہنچ کر یا پھر کسی اور کہکشاں کے قریب سے گزرتے ہوئے لی ہے تو پھر آپ کو فقیہ پلانیٹیریم جدہ ضرور جانا چاہئے۔ بالخصوص اگر آپ چھوٹے بچوں کے والد یا والدہ ہیں اور اپنے بچوں کو دکھانا اور سمجھانا چاہتے ہیں کہ ہماری یہ کائنات کتنی وسیع ہے، کیسی ہے، اس میں کیا کیا ہے اور اس کے اُس پار مزید کیا کیا اور کیسا کیسا ہے تو پھر تو آپ کو اس پلانیٹیریم کا دورہ ضرور کر لینا چاہئے۔

‘پاسپورٹ ٹو یونیورس’ کیا ہے؟

فقیہ پلانیٹیریم آنے والے بچوں کے لئے بالخصوص اور خلائی سائنس و تحقیق میں دلچسپی رکھنے والے دیگر افراد کے لئے بالعموم یہاں چند شوز کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جن میں سے ایک نہایت مقبول شو پاسپورٹ ٹو دا یونیورس ہے۔ یہ شو اپنے سامعین و ناظرین کو قابل مشاہدہ کائنات کے سنسنی خیز سفر پر لے جاتا ہے تاکہ وہ زحل کے دائروں کے درمیان خود کو پرواز کرتا محسوس کر سکیں اور سات ستاروں کے مجموعے کے عین وسط میں اڑنے کا تصور کر سکیں اور اس سب کے ساتھ ساتھ یہ بھی جان سکیں کہ کسی بلیک ہول میں غوطہ لگانے سے کیا ہوتا ہے۔

‘سورج سے آگے’ کیا ہے؟

Source:http://www.fakiehplanetarium.com/mediacenter.php?section=3

یہ ایک کارٹون فلم کی طرز پر بنائی گئی خلائی ڈاکیومینٹری ہے جس میں سیلیسٹ نامی ایک ننھی بچی خلائی سفر پر جاتی ہے جہاں وہ نئی زمینوں اور نئے سیاروں سے واقف ہوتی ہے۔ درحقیقت وہ اپنے کمرے میں علم فلکیات کی ایک کتاب پڑھ رہی ہوتی ہے کہ اسے نیند آ جاتی ہے اور پھر وہ خلا کے سفر پر روانہ ہو جاتی ہے۔ وہ اپنے اس خواب کے دوران چاند پر بھی جا نکلتی ہے۔ فقیہ پلانیٹیریم آنے والے بچے اس شو کے ذریعے خود کو سیلیسٹ کے ساتھ محو پرواز اور نت نئی دریافتوں میں کھوتا ہوا محسوس کر سکتے ہیں اور محض کارٹون فلم دیکھ کر نہایت قیمتی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

‘خلاباز’ کیسا شو ہے؟

یہ بھی فقیہ پلانیٹیریم میں دکھایا جانے والا ایک نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز شو ہے جس میں ہم ایک خلا باز کو زمین کی اندرونی اور بیرونی خلا میں گھومتے ہوئے دیکھ سکتے۔ خلا باز کے جسم کے اندر سے چھوڑے جانے والے راکٹ کو دیکھ سکتے ہیں اور بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے اردگرد تیرتے ہوئے خلا باز کو دیکھ سکتے ہیں۔ اس شو میں ہم ایک فرضی خلا باز کو ہر اس خطرے کا سامنا کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں جس کا کہ کسی بھی حقیقی خلا باز کو اپنے سفر کے دوران سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یوں یہ شو دیکھنے والے بچے بلاشبہ اہلِ علم اور صاحبانِ عمل کی عظمت سے آشنا ہو سکتے ہیں اور سمجھ سکتے ہیں کہ دنیا کو انگنت فوائد پہنچانے والے لوگ خود کیسی کیسی مشکلات جھیلتے ہیں۔

فقیہ پلانیٹیریم میں کیا پابندیاں ہیں؟

فقیہ پلانیٹیریم بنیادی طور پر ایک علمی مرکز ہے۔ اس لئے انتظامیہ نے یہاں آنے والوں کے لئے کچھ خصوصی قواعد بھی بنا رکھے ہیں جن پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔ مثلاً 3 سال سے چھوٹے بچوں کو یہاں لانے کی اجازت نہیں ہے۔ یہاں آنے والوں کے لئے اپنے موبائل فونز کو بند یا میوٹ رکھنا لازمی ہوتا ہے اور شوز کے دوران ویڈیو بنانے یا تصاویر کھینچنے کی بھی اجازت نہیں ہوتی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More