ایکسپو 2020 دبئی، ہر پویلین نمبر ون

450

مقابلہ اعصاب کو کمزور کر دیتا ہے۔ ذہنوں اور جسموں کو تھکا دیتا ہے۔ انسان بھاگتے بھاگتے تھک جاتا ہے اور کبھی کبھی تو تھک کر گِر بھی جاتا ہے۔ مقابلہ ترقی کرنے اور آگے نکلنے کیلئے مہمیز ضرور کرتا ہے مگر آگے نکلنے یا ایسا کرنے کی کوشش میں پوری جان لگا دینے والوں کو اندر اندر سے توڑتا اور تھکاتا بھی جاتا ہے لیکن اس کے باوجود انسان کی الہڑ طبیعت میں جانے ایسا کیا ہے کہ وہ ڈرتا ہے تو صرف پیچھے رہ جانے سے، نہ کہ لڑتے لڑتے اور دوڑتے دوڑتے تھک کر گر جانے سے۔ گویا دراصل یہ انسان کی سرشت میں رکھ دی گئی نمبر ون بننے کی خواہش ہی ہے کہ جو اسے دنیا و مافیہا سے بے نیاز کر کے سرپٹ دوڑتے رہنے اور مسلسل آگے بڑھتے رہنے پر مائل کرتی رہتی ہے۔ لہٰذا آج ہمارے ارد گرد جتنی بھی مادی ترقی ہے وہ دراصل انسان کے اسی جنون نما خواہش کی دین ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور اب اسی خواہش کی کارفرمائیاں اور کارستانیاں ہمیں ایکسپو 2020 دبئی کے بین الاقوامی سٹیج پر بھی ایسے ایسے معجزے دکھا رہی ہیں کہ اب تو انور مسعود صاحب کے اس دعویِ رِندانہ پر بے اختیار یقین کر لینے کو جی کرنے لگا ہے کہ

فلک پہ جتنے ملک ہیں وہ اپنے چینل پر

شبانہ روز تماشے بشر کے دیکھتے ہیں

تو آئیے لفظوں کی اعانت سے ایکسپو 2020 دبئی کی ایک بڑی سی تصویر بناتے ہیں اور پھر اس تصویر میں پِنہاں بہت سے ملکوں اور اداروں کے پویلینز میں جاری بہت سی سرگرمیوں پر ایک سرسری سی نگاہ ڈالتے ہیں اور جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ دوسرے پویلینز سے آگے نکل جانے یعنی نمبر ون کہلانے کی خواہش میں کون کون کیا کیا کر رہا ہے۔

کس پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

ایکسپو 2020 کا میلہ بالخصوص فیملیز اور بچوں کیلئے بہت تیزی سے دبئی کا مرکزی تفریحی مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ہر پویلین کی انتظامیہ اچھی طرح جانتی ہے کہ جہاں بچوں کیلئے کھیلنے اور خواتین کیلئے پسند کرنے کو بہت کچھ ہو گا، وہی پویلین سب سے زیادہ مقبول ہو گا اور اسی کی اشیاء کی نمائشیں سب سے زیادہ صارفین حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گی۔ چنانچہ ہر پویلین بچوں اور خواتین کو خوش کرنے کیلئے انگنت سرگرمیوں کا اہتمام کر رہا ہے۔

ان سرگرمیوں کے علاوہ بھی یہاں بے شمار رنگ اور نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ہر قوم اور ہر ملک اپنی اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں کو منفرد اور بھرپور انداز میں پیش کر رہا ہے۔

سعودی پویلین

اس پویلین میں 8 ہزار روشنیوں سے بنا ایک ناقابلِ یقین ایل ای ڈی فلور ہے جو آپ کے ساتھ ساتھ چلتا ہے۔ بچے اس تحیر آمیز نظارے کی جانب بطور خاص متوجہ ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک سعودی پویلین ایک روز میں 23 ہزار سے زائد مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کا اعزاز حاصل کر چکا ہے۔

Source:https://www.arabnews.com/node/1751386/saudi-arabia

فلسطینی پویلین

اگر آپ تاریخ کے طالبعلم ہیں یا سیاحت میں دلچسپی رکھتے ہیں اور یروشلم کے پرانے قصبے اور فلسطین میں واقع دیگر تاریخی مقامات کو دیکھنا چاہتے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ وہ کن ارتقائی مراحل سے گزرے ہیں تو پھر فلسطینی پویلین آپ کے لئے بہترین مقام ہے کیونکہ یہاں ایسی انگنت تصاویر اور ویڈٰوز آپ کا استقبال کر رہی ہیں۔ علاوہ ازیں اگر آپ سرزمینِ فلسطین کے پھلوں اور جڑی بوٹیوں کی مسحور کن اور جُدا جُدا خوشبوئیات سے اپنی سانسوں کو مہکانا اور خود کو فطرت سے کلام کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں تو بھی اس پویلین سے بہتر آپ کے لئے شاید ہی کوئی مقام ہو۔

لیگزمبرگ پویلین

اس پویلین میں درختوں اور پودوں کی رکاوٹوں کے درمیان موجود ایک دیو قامت سلائیڈ سے لطف انددوز ہوتے اور بل کھاتے راستوں اور گردشوں میں گھومنے والوں کو یوں لگتا ہے کہ جیسے وہ ایکسپو 2020 دبئی میں نہیں بلکہ لیگزمبرگ شہر کے سالانہ میلے میں گھوم پھر رہے ہیں۔

نیدرلینڈز پویلین

عمودی کاشتکاری کیسے کی جاتی ہے؟ باریک ہوا کے ذریعے آبیاری کیسے کی جاتی ہے؟ صحرا میں بارش کیسے ہوتی ہے؟ اور ایک دلفریب مخروطی عمارت میں موجود ایک سفید چھتری کس طرح ششدر کر دینے والی ویڈیوز دکھاتی ہوئی پروجیکشن سکرین میں بدل جاتی ہے؟ اگر آپ کو ان تمام تحیر آمیز سوالات کے جوابات جاننے ہیں تو پھر نیدرلینڈز کا پویلین آپ کا منتظر ہے۔

انڈیا پویلین

اگر آپ رات کے وقت انڈیا پویلین جائیں تو آپ کو متحیر اور خوش ہونے کا زیادہ موقع ملے گا کیونکہ اس وقت پویلین کے سامنے موجود روشنی میں ایک شیر کو عمارت کے اوپر چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکی پویلین

اگر آپ چاند سے لائی گئی ساڑھے تین بلین سال پرانی چٹان کو چھونا چاہتے ہیں، مریخ سے آئے شہابیوں کے نمونوں اور مریخ پر جانے والی روور کے ماڈل کو دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر امریکی پویلین آپ کا منتظر ہے۔

سویڈش پویلین

اگر آپ سکینڈینیوین درختوں سے بھرپور جنگل کی سیر کو جانا چاہتے ہیں اور اس جنگل کے بیچوں بیچ بنے ایک کیفے سے سیر شکم ہونا چاہتے ہیں تو پھر سویڈش پویلین آپ کا منتظر ہے۔

فلپائن پویلین

یہ 6 منزلہ پویلین کسی جامع آرٹ گیلری کا منظر پیش کرتا ہے۔ حسن پرستوں، تصویر شناسوں اور آرٹ کے چاہنے والوں کو ضرور یہاں آنا چاہئے۔

آسٹریلیا پویلین

اگر آپ ناقابلِ یقین حد تک دوستانہ کوالا کے بہروپ کو دیکھنا اور مخصوص آسٹریلوی سینڈوچز جیفلیس سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو پھر آسٹریلوی پویلین کا دورہ کرنا نہ بھولیں۔

Source:https://www.expo2020dubai.com/en/understanding-expo/participants/country-pavilions/australia

ہنگری پویلین

ہنگری کے پویلین میں ایک بال پول بنایا گیا ہے جس میں ظاہر ہے کوئی پانی نہیں لہٰذا بچے اس میں بے دھڑک غوطہ زن ہو سکتے ہیں اور خوب مزہ کر سکتے ہیں۔

Source:https://www.expo2020dubai.com/en/understanding-expo/participants/country-pavilions/hungary

برازیل پویلین

برازیل کے پویلین کے مرکز میں ایک بڑا تالاب ہے۔ رات کو پول کی چاروں دیواریں روشن ہو جاتی ہیں اور بڑی بڑی سکرینز پر آبشاروں کی تصاویر اور ویڈیوز چلنے لگتی ہیں جنھں دیکھ کر آپ کو لگے گا کہ جیسے آپ لمحے بھر کو ہی صحیح، دبئی سے پرواز کر کے برازیل کے قدرتی نظاروں کے بیچوں بیچ پہنچ گئے ہیں۔

Source:https://www.expo2020dubai.com/en/understanding-expo/participants/country-pavilions/brazil
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More