فیفا عالمی کپ، شہرِ علم میں کھیل کود

480

جیسے جیسے فیفا عالمی کپ قطر 2022ء کے دن قریب آتے جا رہے ہیں ویسے ویسے صرف کھلاڑیوں اور شائقین کا جوش و خروش ہی نہیں بڑھ رہا، اہلِ قطر کی تیاریاں، انتظامات اور اہلِ عالم کو حیران کرنے کا شوق بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ ہر روز نئے سے نئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سٹیڈیمز، شہروں، شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات کو سجایا سنوارا جا رہا ہے اور ملک کے کسی کونے کو فٹبال کے کھیل کے رنگ میں رنگنے سے گریز نہیں کیا جا رہا۔ حتیٰ کہ شہرِ علم کو بھی نہیں بخشا گیا۔۔۔۔۔! اور بخشا بھی کیونکر جاتا کہ بھلا طلبہ یعنی نوجوانوں سے بڑھ کر قطر بھر میں کون فٹبال کا دیوانہ ہو گا۔۔۔۔؟ چنانچہ بجائے روایتی بزرگ بن کر بچوں کو ورلڈ کپ کے میچز سے دور رکھنے کی بے سود نصیحت کرنے کے، اہلِ قطر نے فیفا عالمی کپ کا میزبان ہی اپنے ملک کے سب سے بڑے "شہرِ علم” کو بنا ڈالا ہے تاکہ ان کے بچوں کو پڑھائی چھوڑ کر میچز دیکھنے کیلئے دور دراز جانے میں وقت برباد نہ کرنا پڑے اور وہ اپنے ہی گھر میں رہتے ہوئے باآسانی پڑھتے بھی رہیں اور فٹبال مقابلوں سے لطف اندوز بھی ہوتے رہیں۔

لہٰذا قطر کا وہ ایجوکیشن سٹی جو اب سے پہلے صرف علم، ایجادات، تجربات اور اچھوتے خیالات کا ایک توانا مرکز ہوا کرتا تھا اب 40 ہزار نشستوں کے حامل ایک پُرشکوہ فٹبال سٹیڈیم کا مالک بھی بن چکا ہے جو کہ عین شہر کے وسط میں تعمیر کیا گیا ہے تاکہ کوئی طالب علم کھیل کے میدان سے دور نہ رہ سکے۔۔۔۔۔! ہے ناں غیر روایتی اور حقیقت پسندانہ سوچ۔۔۔۔۔؟

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/education-city-stadium

ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم کی تعمیر کی تکمیل 15 جون 2020ء کو ہوئی تھی اور اس کی افتتاحی تقریب دنیا بھر میں موجود شائقین فٹبال کی آگاہی و دلچسپی کی غرض سے ٹیلی ویژن پر براہِ راست دکھائی گئی تھی تاکہ انھیں یہ پتہ چل سکے کہ وہ سٹیڈیم کیسا ہے کہ جہاں فیفا عالمی کپ 2022ء کے متعدد میچز کھیلے جائیں گے۔ اہلِ قطر کو یقین ہے کہ ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم میں فٹبال کے عالمی مقابلوں کا انعقاد اس کھیل کے مستقبل کو مزید روشن کر دے گا اور یہاں آ کر متحارب ٹیموں کو ایک دوسرے سے ٹکراتے دیکھنا شائقینِ فٹبال کیلئے ایک خوشگوار تجربہ بن جائے گا۔

ایجوکیش سٹی سٹیڈیم چاروں طرف سے ملک کی ایسی سرکردہ جامعات میں گھرا ہوا ہے کہ جہاں طلبہ و طالبات کو جدید ٹیکنالوجیز سکھائی جا رہی ہیں جو پرجوش نوجوان طلبہ کے اذہان سے گزرنے کے بعد مزید جدت اور بہتری کے ساتھ دنیا کے سامنے آ رہی ہیں۔ یہاں درس و تدریس میں ہمہ وقت مصروف اساتذہ اور ماہرین طلبہ کو ہر وقت صرف ایک ہی سبق دیتے ہیں کہ انھیں ان جامعات سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد خود کو سماج کیلئے بہترین اور مفید ترین ثابت کرنا ہے۔ چنانچہ غالب امکان ہے کہ اس قدر علمی ماحول میں آنے والے بین الاقوامی کھلاڑی، شائقین اور سیاح یہاں آئیں تو فیفا عالمی کپ کے میچز دیکھنے مگر اپنے اردگرد دیکھ کر ایسی خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو جائیں کہ یہاں سے جانے پر شاید ہی آمادہ ہوں!

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/education-city-stadium

سچ تو یہ ہے کہ قطر فاؤنڈیشن برائے تعلیم، سائنس اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا مرکز سمجھا جانے والا ایجوکیشن سٹی کا سارا علاقہ اپنی تخلیقات اور استقامت سمیت پُرعزم اور پوری طرح تیار ہے کہ وہ فیفا عالمی کپ قطر 2022ء کو بھی انسانی و سماجی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کرے۔

قطر کا یہ سٹیڈیم بھی وہی کرے گا جو اس کے باقی سٹیڈیمز کر رہے ہیں یعنی جونہی فیفا عالمی کپ 2022ء اختتام پذیر ہو گا ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم کی نصف یعنی 20 ہزار نشستیں ترقی پذیر ممالک کے ان زیر تعمیر یا محدود گنجائش کے حامل فٹبال سٹیڈیمز کو عطیہ کر دی جائیں گی کہ جن کے پاس وسائل کی کمی ہے اور جہاں شائقین مقامی کھلاڑیوں کو داد دینے کیلئے بڑی تعداد میں صرف اس لئے نہیں آ پاتے کیونکہ ان کے سٹیڈیمز میں گنجائش کم ہوتی ہے۔

یوں اگرچہ فیفا عالمی کپ کے بعد ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم میں صرف 20 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش رہ جائے گی مگر اس کے باوجود اس کے ڈیزائن میں شامل کئے گئے نہایت جدید اور منفرد قسم کے خم اس سٹیڈیم کی دلکشی اور یہاں آنے والوں کو ہونے والے خوشگوار احساس میں کمی نہیں آنے دیں گے اور بدستور شائقینِ فٹبال کو مضبوطی کے ساتھ اپنے سحر میں لئے رہیں گے۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/stadiums/education-city-stadium

ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم کی ایک اور نہایت خاص بات یہ ہے کہ یہ ملک کے دارالحکومت اور سب سے بڑے شہر دوحہ کے مصروف ترین مرکز سے صرف 7 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ دوحہ سے یہاں تک سڑک کے ذریعے بھی آیا جا سکتا ہے اور برق رفتار میٹرو ٹرین کے ذریعے بھی آیا جا سکتا ہے۔ فیفا عالمی کپ کے میزبان تمام سٹیڈیمز کی طرح درجۂ حرارت میں کمی لانے یعنی ٹھنڈک میں اضافہ کرنے والی جدید ٹیکنالوجیز کی مدد سے ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم بھی سارا سال کھلاڑیوں اور شائقین کو یکساں فرحت بخش درجۂ حرارت فراہم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں، سٹیڈیم میں خصوصی افراد کی آمد اور آرام کو یقینی بنانے کے لئے بھی بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ لیکن ان تمام انتظامات و سہولیات کے باوجود وہ شائقین جو کچھ مزید شاہانہ اہتمام اور اعلیٰ ترین معیار کی میزبانی چاہتے ہوں گے، ان کیلئے وی آئی پی اینکلوژرز بھی موجود ہیں۔

ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم کو چاروں جانب سے سرسبز و شاداب گھاس کے میدانوں، کیاریوں پگڈنڈیوں، درختوں اور پوودوں نے گھیر رکھا ہے۔ اس اہتمام کا مقصد اس پورے منصوبے کو مکمل طور پر ماحول دوست اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں، اس سٹیڈیم کے اردگرد آپ کو فٹبال کی ٹریننگ اور پریکٹس کے لئے گراؤنڈز یا پِچز بھی ملیں گی، ایک شاندار اور خوبصورت گالف کورس بھی ملے گا اور قطر کی مقامی سوغاتوں اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی اشیاء کی حامل دکانیں بھی ملیں گی۔

فیفا عالمی کپ تو چند ہفتوں کیلئے منعقد ہو گا اور پھر ختم ہو جائے گا مگر ایجوکیشن سٹی میں مقیم طلبہ، اساتذہ اور دیگر افراد ان سہولیات سے ہمیشہ استفادہ کرتے رہیں گے اور یہ علاقہ اسی طرح خطے میں ماحول دوستی اور ترقی کے استعارے کے طور پر زندہ رہے گا

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More