تخلیقی اور ہمدرد قوم کا فلپائن پویلین

1,624

فلپائن پویلین کیسا ہے؟

اہلِ فلپائن کا دعویٰ ہے کہ ایکسپو 2020 دبئی کے دامن میں آباد ان کا پویلین درحقیقت ایک تخلیقی اور ہمدرد قوم کا پویلین ہے۔ فلپائن پویلین ‘بینگکوٹا’ یعنی کورل ریف یا مرجان کی چٹان سے مشابہ ہے۔ مرجان کی قدرتی اور نامیاتی شکل میں ڈھالا ہوا یہ پویلین آنے والوں کو واضح، آزادی سے بہتے ہوئے اور کشادہ مقامات کا سا تاثر دیتا ہے اور یہ بتاتا ہے کہ فلپائن کی ثقافت بھی اس کے پویلین ہی کی طرح کشادگی، معنویت، رنگا رنگی، اختلافات اور رابطوں پر زور دیتی ہے۔ دریں اثناء، یہ پویلین فلپائن کے طرزِ تعمیر، فن اور ڈیزائن کی بھرپور عکاسی کرتا ہے اور اہلِ فلپائن کی 4 ہزار سالہ تاریخ، ثقافت اور فطری ہم آہنگی کے عروج کی داستان سناتا ہے۔ پویلین فلپائن کی غذاؤں، دستکاریوں، زیبائشی مصنوعات اور دیگر منفرد ثقافتی عناصر کی بھی بھرپور نمائش کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے پویلین میں قائم ‘گو لوکل’ اور ‘مراہِیو بوتیک’ فلپائن میں فی زمانہ رائج دستکاریوں، سجاوٹی اشیاء، ملبوسات اور اشیائے تعیش وغیرہ کا نہایت متاثر کن انتخاب اہلِ نظر کے ذوق کی تسکین کے لئے سجائے ہوئے ہیں۔

Source:https://www.dreamstime.com/dubai-uae-philippines-pavilion-expo-jubilee-district-global-event-sustainability-future-innovation-philippines-image233095862

مینگروو کیفے کیا ہے؟

اہلِ فلپائن نے اپنے پویلین میں ایک نہایت شاندار اور روایتی فلپائنی کیفے بھی کھول رکھا ہے۔ اس کو مینگروو کیفے کا نام دیا گیا ہے اور یہ حقیقی فلپائنی ساحلی ماحول کی منظر کشی کرتا ہے۔ یہاں آنے والے سچ مچ چند لمحوں کے لئے اس شبہے میں پڑ جاتے ہیں کہ وہ صحرائے عرب میں ہیں یا ساحلِ فلپائن پر؟ اس کیفے میں بیٹھ کر خالصتاً فلپائنی ماحول میں خالصتاً فلپائنی کھانے کھا کر متحدہ عرب امارات میں مقیم اہلِ فلپائن کی تو جیسے سیرِ وطن کی حاجت پوری ہو جاتی ہے۔ دوسری طرف دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین کو کیفے مینگروو کا مینیو فلپائنی کھانوں کے ذائقوں، رنگوں، اقسام، لذت اور خوشبوئیات سے متعارف کرواتا ہے۔

فلپائن پویلین کی کیا خصوصیات ہیں؟

Source:https://www.thediarist.ph/the-bangkota-experience-the-shimmering-pavilion-and-the-philippines-calling-card-to-the-world/

فلپائن پویلین کے متعلق چند دلچسپ حقائق یا اس کی نمایاں خصوصیات حسبِ ذیل ہیں:

1۔ وسعت

یہ پویلین 3163 مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اب تک منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائشوں میں فلپائن کا یہ سب سے بڑا پویلین ہے۔ مزید برآں، یہ ایکسپو 2020 دبئی کے سسٹین ایبلٹی ڈسٹرکٹ یعنی ماحول دوستی پر زور دینے والے حصے میں واقع ہے۔

2۔ فلپائنی کمیونٹی کی معاونت

متحدہ عرب امارات میں آباد کمیونٹیز میں فلپائنی کمیونٹی کا حصہ بہت بڑا ہے۔ تقریباً 7 لاکھ اہلِ فلپائن متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں جو اپنے ملک کے پویلین کا دیدار کرنے غول در غول چلے آ رہے ہیں اور اپنے ملک کی مصنوعات اور کاریگروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہی حاصل کر رہے ہیں اور ان سے استفادہ کرنے کے طریقوں پر غور بھی کر رہے ہیں۔ یوں یہ پویلین ان دنوں دبئی میں اہلِ فلپائن کے کمیونٹی سینٹر کا کام بھی کر رہا ہے۔

3۔ فلپائنی معیشت

یہ پویلین فلپائن کے تخلیقی اذہان اور ابھرتے ہوئے باصلاحیت افراد کیلئے عالمی معیار کے پلیٹ فارم کا کام کر رہا ہے جو انہیں اپنی جدید ٹیکنالوجیکل مصنوعات اور استعدادوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بھرپور موقع فراہم کر رہا ہے۔ یوں اس پویلین کا دورہ کرنے والے نہ صرف فلپائنی نوجوانوں کی تخلیقات سے واقف ہوتے ہیں بلکہ وہ فلپائنی معیشت کے جدید ڈجیٹل خطوط پر استوار ہونے سے بھی آگاہ ہوتے ہیں۔

Source:https://www.thediarist.ph/the-bangkota-experience-the-shimmering-pavilion-and-the-philippines-calling-card-to-the-world/

فلپائنی پویلین کیا کر رہا ہے؟

فلپائن پویلین اپنے ملک کی شناخت کی نمائش کر رہا ہے۔ یہ غیرملکی سیاحوں کو اپنے ملک کی قدیم تاریخ، امتیازات اور خوبصورتیوں سے آگاہ کر رہا ہے۔ اس پویلین کا دورہ کرنے والے فلپائن کی تخلیقی صنعتوں کے متعلق بطورِ خاص واقفیت حاصل کرتے ہیں۔ وہ فلپائن کے فنِ تعمیر، نوادرات، اشیائے سجاوٹ، فنون، ذرائع ابلاغ، موسیقی، رقص، فلموں، فیشن، ویڈیوز، کھیلوں، دستکاریوں، کھانوں، تصاویر اور فنونِ لطیفہ کے دیگر پہلوؤں سے کماحقہ آگاہی حاصل کرتے ہیں۔ یہ آگاہی انہیں اپنے اور اہل فلپائن کے ذوق میں اختلافات اور اتفاقات تلاش کرنے اور باہمی تعاون کی راہیں تلاش کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یوں یہ پویلین دنیا بھر میں موجود علوم و فنون کے قدردانوں، طلبہ اور ماہرین کو فلپائنی طلبہ و ماہرین کے قریب لا رہا ہے۔ فلپائنی مصنوعات کیلئے نئی منڈیاں اور نئے خریدار تلاش کر رہا ہے اور فلپائنی معیشت کو ترقی کے نئے راستوں کی جانب لے جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں تعینات فلپائنی سفیر محترمہ ہجائیسیلین کوئنٹانا کا پویلین میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر کوئی ہمارے ‘بینگکوٹا پویلین کے پیچ و خم سے ظاہر ہونے والے نظریات کو سمجھنے کی کوشش کرے تو اسے معلوم ہو جائے گا کہ ہم اپنے متعلق دنیا والوں کے قدیم تصورات کو بدلنے میں کوشاں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم اب خود کو یکسر مختلف اور نئے انداز میں دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ محترمہ ہجائیسیلین کا مزید کہنا تھا کہ فلپائن پویلین کی ایکسپو 2020 میں شرکت کا مقصد صرف یہ نہیں کہ وہ دنیا کو اپنے متعلق، اپنی کامیابیوں کے متعلق اور اپنی مصنوعات و ٹیکنالوجیز کے متعلق بتائے بلکہ اس کا مقصد یہ بھی ہے کہ ہم دنیا سے مزید سیکھیں، مزید جانیں اور اہل علم کو دعوت دیں کہ وہ ہمیں نئے خیالات سے آگاہ کریں اور اس قابل بنائیں کہ ہم دنیا اور اس کے مسائل کا بہتر طور پر سامنا کر سکیں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اقوام عالم کو بھی ایک بہتر مستقبل دینے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

Source:https://www.thediarist.ph/the-bangkota-experience-the-shimmering-pavilion-and-the-philippines-calling-card-to-the-world/

پویلین میں کس کیلئے کیا ہے؟

فلپائن پویلین میں جہاں صارفین کیلئے بھانت بھانت کی اشیاء اور سرمایہ کاروں کیلئے فلپائن کی جدید ڈجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کرنے کے مواقع ہیں وہیں بچوں کیلئے بھی بہت کچھ ہے۔ رنگ برنگے مرجان کے تراشے ہوئے ماڈلز اور فضاء میں معلق رنگین مصنوعی مچھلیاں بچوں کو بطورِ خاص اپنی جانب متوجہ کر رہی ہیں۔ پویلین کی کیوریٹر میریان پاسٹر روسِس نے متعدد فلپائنی فنکاروں کے ساتھ مل کر پویلین کو اس قدر عمدگی سے سجایا ہے کہ دیکھنے والے دیکھتے ہی رہ جاتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More