بچے اور ایکسپو 2020 دبئی

466

ایکسپو 2020 دبئی میں بچوں کیلئے کیا ہے؟

اگر آپ اپنے بچوں کو یہ بتانا اور دکھانا چاہتے ہیں کہ جس ملک اور ماحول میں وہ رہتے ہیں اور جن اشیاء سے ان کا پالا پڑتا ہے، ان کے علاوہ بھی دنیا میں بہت کچھ ہے جیسے مختلف الاقسام پہاڑ، دریا، آبشاریں، وادیاں، جنگلات، پھل، پھول، فصلیں، صحرا، ساحل، سمندر، آبی اور بری مخلوقات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ، سائنسی کمالات، سیارے، ستارے، سیارچے، زمین اور سمندروں میں چھپے خزانے اور اس سب کچھ کو مسخر کرنے میں ہمہ وقت مصروف عزم، ہمت اور جستجو کے پیکر سائنس دان اور مفکر تو پھر آپ کی اس خواہش کا ون سٹاپ سلوشن ہے ایکسپو 2020 دبئی۔۔۔۔۔۔۔۔ کیونکہ یہاں بچوں کیلئے اتنا کچھ ہے کہ شاید شمار کرنا مشکل ہو جائے۔ مثلا:

1۔ نمائش گاہ کے اپرچونٹی ڈسٹرکٹ میں اوپٹی روبوٹس ننھے بچوں کی خوشی اور بڑے بچوں کی تدریس کا ہر ممکن سامان کر رہے ہیں۔

2۔ الوصل پلازہ میں ہر روز منعقد کیا جانے والا فلکیاتی منظر کشی کا پروگرام بھی بچوں کیلئے نہیات مفید، معلوماتی اور دلچسپ ثابت ہو رہا ہے۔

3۔ ایکسپو 2020 کا آبی تفریح گاہوں پر مبنی حصہ بھی بچوں اور بڑوں دونوں میں یکساں مقبول ہو رہا ہے۔

4۔ ایکسپو 2020 دبئی کے اپرچونٹی پویلین میں انسانیت کی مستقبل کی ممکنہ موزوں حکمت عملیوں کی عکاسی کے لئے قائم کیا گیا مشن شیئرڈ روم بھی بچوں اور بڑوں دونوں کیلئے نہ صرف دلچسپی کے بے حد سامان لئے ہوئے ہے بلکہ سب کیلئے بہترین تربیت گاہ بھی ہے۔

5۔ امریکی پویلین کے باہر ایستادہ سپیس ایکس راکٹ بھی بچوں کے جاننے کے شوق کو ہوا دینے اور انہیں علمی سوال کرنے اور ملنے والے جوابات کو سمجھنے اور پرکھنے پر مائل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

6۔ روشنیوں کا کھیل کھیلتا سعودی پویلین بھی بچوں کو خوب محظوظ اور متحیر کر رہا ہے۔

7۔ فلسطینی پویلین میں جاری ورچوئل ریئلٹی شو بھی بچوں اور بڑوں دونوں میں یکساں مقبول ہو رہا ہے۔

8۔ لگزمبرگ پویلین کی منفرد سلائیڈ نے تو بڑوں کو بھی بچا بنا ڈالا ہے اور یہاں آنے والے کم و بیش سب ہی اپنی عمروں اور جسامت کا لحاظ کئے بغیر لڑھکنے پر آمادہ نظر آ رہے ہیں۔

9۔ تقریباً ہر رات کی تاریکی میں انڈیا پویلین کا لائٹ شو بھی دیکھنے والوں سے داد سمیٹے بغیر نہیں رہتا۔

10۔ دھند تو سب نے دیکھی ہے اور سب ہی اس سے پریشان بھی رہتے ہیں لیکن سویڈن والے نہیں کیونکہ انہوں نے اپنے پویلین کے اندر بھی بہت سی دھند جمع کر رکھی ہے اور وہ بھی ایسی جو صحت کے لئے قطعاً نقصان دہ نہیں۔ چنانچہ یہ دھند ننھے بچوں کو چھپن چھپائی کھیلنے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ بڑے بچوں کو دھندلکوں کے راز کو جاننے پر راغب بھی کر رہی ہے۔

آئیے یہاں جاری چند مزید نمایاں سرگرمیوں اور ان کے مقامات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

Source:https://www.thenationalnews.com/uae/expo-2020/2021/10/19/best-pavilions-and-things-to-do-for-children-at-expo-2020-dubai/

الوصل پلازہ

رات کے وقت ایکسپو 2020 دبئی کیلئے مختص کردہ علاقے کے مرکز میں ایستادہ الوصل پلازہ کا گنبد نما وسیع پروجیکٹر آتی جاتی رنگوں کی لہروں کا جادوئی نظارہ پیش کرنے لگتا ہے جسے بچے تو بچے بڑے بھی بہت پسند کرتے ہیں۔ یہاں سے پھوٹنے والی دلفریب دھنیں بھی موسیقی کے قدردانوں سے داد لئے بغیر نہیں رہتیں۔

آبشار

ایکسپو 2020 کیلئے بسائے گئے شہرکے دامن میں ایک آبشار بھی ہے جو کہ آنے والوں کو نہایت خوشگوار احساس دیتی ہے۔ بچے بلندی سے نیچے گرتے پانی کو چھو کر لطف اندوز ہوتے رہتے ہیں جب کہ بڑے پانی کے منفرد انداز میں زمین پر گرنے اور پتھروں میں غائب ہونے کے منظر کو دیکھ کر حیران ہوتے رہتے ہیں۔

Source:https://www.thenationalnews.com/uae/expo-2020/2021/10/19/best-pavilions-and-things-to-do-for-children-at-expo-2020-dubai/

اپرچونٹی پویلین

بڑوں کو بالعموم اور بچوں کو بالخصوص ایکسپو 2020 کے اپرچونٹی پویلین کا دورہ ضرور کرنا چاہئے کیونکہ اس پویلین کے منتظمین نے پانی، توانائی اور خوراک کے تحفظ کے طریقے سکھانے کا جامع اور بہترین انتظام کر رکھا ہے۔ یوں یہاں آنے والے دیرپا یا سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ یعنی انسانیت کے مستقبل کے لئے غیرمہلک ترقی کے طریقے سیکھ بھی سکتے ہیں اور ان کو اپنانے کا عہد بھی کر سکتے ہیں۔

ایکسپو ایکسپلورر

چونکہ یہ نمائش دبئی کے 1083 ایکڑ رقبے پر قائم انگنت پویلینز کے اندر اور باہر جاری ہے چنانچہ یہ بھی اظہر من الشمس ہے کہ اتنے بڑے رقبے پر پیدل گھومنے کا دم تو خال خال ہی جغادریوں میں ہو گا لہٰذا انتظامیہ نے نمائش گاہ کا دورہ کرنے والوں کی سہولت اور سیر کیلئے یہاں ٹرین اور گالف کار کو ملا کر ایکسپو ایکسپلورر نامی ایک نئی سواری ایجاد کر کے چلا دی ہے جس کی سیر بچوں کو بالخصوص بہت بھاتی ہے اور جس میں بیٹھ کر بڑے اپنے اپنے پسندیدہ پویلینز یا مقاماتِ دید تک آسانی سے پہنچ جاتے ہیں۔

Source:https://www.thenationalnews.com/uae/expo-2020/2021/10/19/best-pavilions-and-things-to-do-for-children-at-expo-2020-dubai/

کھیل کے میدان

‘لطیفہ کی مہمات’، ‘راشد کی دنیا’ اور ‘دنیا کے گرد’ سمیت ایکسپو 2020 کے علاقے میں، بالخصوص موبلٹی ڈسٹرکٹ میں یعنی بیلجیئم کے پویلین کے قریب، متعدد کھیل کے میدان یا پلیئنگ ایریاز بنائے گئے ہیں۔ ‘لطیفہ کی مہمات’ نامی پلیئنگ ایریا میں ایک صفر گریوٹی چیمبر اور متحدہ عرب امارات کے مریخ پر بھیجے گئے مشن ہوپ پروب کا ایک ماڈل بھی بنایا گیا ہے جب کہ ‘راشد کے کھیل کے میدان’ میں آپ کو سپرنگز پر اچھلتی شارک مچھلیاں اور سلائیڈز سے پھسلتی وہیل مچھلیاں بھی ملیں گی۔ گویا اگر یوں کہا جائے کہ ایکسپو 2020 دبئی میں سب سے زیادہ جن کی خوشی کا اہتمام کیا گیا ہے وہ بچے ہیں تو یہ قطعاً غلط نہ ہو گا۔

ہیمر ہاؤس

یہ ایک کمیونٹی آرٹ پراجیکٹ ہے جسے شہرہ آفاق عرب داستان الف لیلیٰ سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا ہے۔ یہاں ہر روز بچوں کے لئے ورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں انہیں بتایا جاتا ہے کہ سمندروں سے کورل ریفس کس طرح مسلسل ختم ہوتی جا رہی ہیں اور اس کے کیا اثرات ہوں گے۔

Source:https://www.thenationalnews.com/uae/expo-2020/2021/10/19/best-pavilions-and-things-to-do-for-children-at-expo-2020-dubai/

صحرائی کھیت

یہ مقام ایکسپو 2020 دبئی کے احاطے میں ‘لطیفہ مہماتی کھیل کے میدان’ کے قریب ہی واقع ہے۔ صحرائی کھیت درحقیقت ایک تربیتی مرکز ہے جہاں بچوں کو ان پودوں کے متعلق بتایا جاتا ہے جو کہ قدرتی طور پر صحراؤں میں اُگتے ہیں یا بحیرۂ عرب میں بالعموم مچھلیوں کی خوراک بنتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More