برج خلیفہ۔۔۔ دنیا کی بلند ترین حقیقت

1,927

بُرج خلیفہ کیا ہے؟

دبئی میں واقع 828 میٹر بلند اور 160 سے زائد منازل پر مشتمل عمارت برج خلیفہ کا خواب سے حقیقت بننا انسانی تخیل اور سائنسی علوم کے ملاپ کی کارفرمائی ہے۔ عمارت سے متعلق حقائق اور اعدادوشمار نہایت تحیرآمیز ہیں۔

برج خلیفہ کون کون سے عالمی ریکارڈز کا حامل ہے؟

یہ دنیا کی بلند ترین عمارت ہے۔ یہ آزادانہ کھڑے ہونے کی سہولت فراہم کرنے والا دنیا کا بلند ترین مقام ہے۔ یہ دنیا کی سب سے زیادہ منازل کی حامل عمارت ہے۔ دنیا کی بلند ترین مصروف یا زیراستعمال منزل بھی اسی عمارت میں ہیں۔ یہ دنیا کی بلند ترین نظارہ گاہ ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ سفر کرنے والا اور بلند ترین مقام تک جانے والا ایلیویٹر بھی بُرج خلیفہ میں نصب ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ سفر کرنے والا اور بلند ترین مقام تک جانے والا سامان کی نقل و حمل کرنے والا ایلیویٹر بھی بُرج خلیفہ ہی میں نصب ہے۔

برج خلیفہ پر موجود روزہ داروں کیلئے کیا ہدایات ہیں؟

زمین پر مکمل غروب آفتاب کے کئی منٹ بعد تک بلند منازل پر سورج دکھائی دیتا رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی علمائے کرام نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹاور کی 80 ویں منزل سے اوپر موجود افراد دبئی کے مقامی وقت سے 2 منٹ بعد مغرب کی اذان دیں گے اور روزہ افطار کریں گے جبکہ 150 ویں منزل سے بلند منازل پر موجود مسلمان دبئی کے مقامی وقت سے 3 منٹ بعد اذانِ مغرب دیں گے اور روزہ افطار کریں گے۔

برج خلیفہ کا ڈیزائن کس نے بنایا؟

بُرج خلیفہ کا نقشہ ممتاز امریکی ماہر تعمیرات ایڈرن سمتھ نے مقامی صحرائی پھول سپائڈر للی سے متاثر ہو کر تیار کیا۔

ارمانی ہوٹل دبئی کہاں واقع ہے؟

برج خلیفہ میں واقع ارمانی ہوٹل دبئی جس کا داخلی راستہ جیورجیو ارمانی کا ڈیزائن کردہ ہے، آنے والوں کو بالکل گھر جیسا محسوس ہوتا ہے اور اس تاثر کو مستحکم کرنے کیلئے ہوٹل میں کوئی استقبالیہ کاؤنٹر نہیں بنایا گیا۔

برج خلیفہ میں کیا کیا ہے؟

برج خلیفہ ایک کثیر المقاصد عمارت ہے جہاں ارمانی ہوٹل دبئی اور ارمانی ریزیڈنسز کے علاوہ بھی 1.85 ملین مربع فٹ جگہ پر رہائشی اپارٹمنٹس جبکہ 3 لاکھ مربع فٹ جگہ پر دفاتر واقع ہیں۔ علاوہ ازیں، ٹاور میں بہت سے لاؤنجز، ہیلتھ اینڈ فٹنس کلبز، 4 تالاب اور بلندی سے اردگرد کا نظارہ کرنے کیلئے 2 پلیٹ فارمز بھی موجود ہیں۔

ورلڈ وائسز کیا ہے؟

بُرج خلیفہ میں رہائشی اپارٹمنٹس سے منسلک ایک راہداری میں ممتاز سپینی فنکار اور مجسمہ ساز جوم پلینسا سے منسوب ایک نہایت شاندار مجسمہ ورلڈ وائسز موجود ہے۔ مجسمے میں 196 تھالیاں شامل ہیں جن پر چھت سے قطرہ قطرہ گرتا ہوا پانی بیک وقت گویا ہوتی انگنت آوازیں تخلیق کرتا ہے جو کہ درحقیقت دنیا بھر میں پھیلے ہوئے انگنت لوگوں کی آوازوں کا علامتی اظہار ہیں۔

دنیا کی بلند ترین آرٹ گیلری کہاں ہے؟

برج خلیفہ میں موجود دنیا کی بلند ترین آرٹ گیلری میں دنیا کے 85 سے زائد ممتاز مصوروں کے فن پارے موجود ہیں۔ مصوری کے مختلف سکولز کی نمائندگی کرنے والے یہ فن پارے بنیادی طور پر عرب ثقافت ہی کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرتے ہیں۔

بُرج خلیفہ کی کارپوریٹ اینٹرنس کیسے سجائی گئی ہے؟

مصری نژاد مصور کریم راشد کا مجسمہ ‘ایوولوٹس’ برج خلیفہ کے کارپوریٹ سیکٹر کیلئے مختص حصے کے داخلی راستے کو سجاتا ہے۔ یہ مجسمہ ایک نہایت چمکدار نامیاتی تہہ اور شفاف الٹراوائلٹ مزاحمت کے حامل قدرتی پتھروں سے بنی بدلتی ہوئی بیضوی اشکال پر مبنی ہے۔

برج خلیفہ کی تعمیر میں کتنے افراد نے حصہ لیا؟

برج خلیفہ کی تعمیر میں 12 ہزار سے زائد کاریگروں نے حصہ لیا۔ ان کے کام اور مہارت کی عکاس تصاویر کو برج کے ورک ایکشن ریزولوشن روم میں سجایا بھی گیا۔

ڈاؤن ٹاؤن دبئی کیا ہے؟

برج خلیفہ دبئی کے علاقے ڈاؤن ٹاؤن دبئی میں واقع ہے۔ تقریباً 2 مربع کلو میٹر رقبے پر آباد کم و بیش 20 بلین ڈالر کی خطیر رقم سے یہ پورا ٹاؤن بھی برج خلیفہ کے ساتھ ساتھ ہی تعمیر ہوا ہے۔ یہاں واقع دبئی مال، محمد بن راشد بلووارڈ، سوق البحر، اولڈ ٹاؤن اور دی ایڈریس ہوٹلز وغیرہ بھی برج خلیفہ کے ساتھ ساتھ ہی وجود میں آئے ہیں۔

ارمانی ریزیڈنسز میں کیا خاص ہے؟

144 ارمانی ریزیڈنسز دبئی برج خلیفہ کے 9 ویں سے 16 ویں فلور تک واقع ہیں۔ ان میں سے ہر اپارٹمنٹ کی فنشنگ لینے والوں کی مرضی کے مطابق کی گئی ہے اور اسے فرنش بھی ان کی خواہش کے مطابق کیا گیا ہے جس کا مقصد شاندار ڈیزائن اور پرآسائش رہائش کو یقینی بنانا تھا۔ اپارٹمنٹس کی ڈیزائننگ اور فرنشنگ میں ہر چیز کا اس قدر خیال رکھا گیا ہے کہ یہ تاثر اور توازن کا حسین امتزاج بن گئے ہیں۔

برج خلیفہ میں کتنی سیڑھیاں ہیں؟

برج خلیفہ میں کل 2909 سیڑھیاں ہیں جو گراؤنڈ فلور سے 160 ویں منزل تک جاتی ہیں۔

برج خلیفہ سے دبئی فاؤنٹین کا نظارہ کیسا لگتا ہے؟

دبئی شہر کے شاندار نظارے کے ساتھ ساتھ برج خلیفہ کی بلند نظارہ گاہوں سے دبئی فاؤنٹین کا منفرد فضائی منظر بھی دیکھا جا سکتا ہے جس سے پھوٹتی ہوئی دُھن اس نظارے کو سہ آتشہ بنا دیتی ہے۔

برج خلیفہ کی منفرد مہک کا کیا سبب ہے؟

برج خلیفہ کے عوامی مقامات پر ایک خصوصی خوشبو کا سپرے کیا جاتا ہے جسے 18 خوشبوئیات کے ملاپ سے بنایا گیا ہے اور جس کو سونگھنا قطعی منفرد احساس سے دوچار کرتا ہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ تصاویر کس عمارت کی کھینچی گئیں؟

برج خلیفہ دنیا کی ان چند عمارتوں میں سے ایک ہے جن کی سب سے زیادہ تصاویر کھینچی گئی ہیں اور بے شمار مزید لوگ بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے فوٹوگرافروں کا خواب بھی کہا جاتا ہے۔

دنیا کی سب سے طاقتور کرینز کا استعمال کہاں ہوا؟

برج خلیفہ کی تعمیر میں دنیا کی 3 سب سے بڑی کرینز استعمال ہوئیں جن میں سے ہر ایک 25 ٹن تک وزن اٹھا سکتی تھی۔

برج خلیفہ کی زمین کو کتنے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے؟

برج خلیفہ کی زمین کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے ایک حصہ گھروں، دوسرا دفاتر اور تیسرا ہوٹلوں کیلئے رکھا گیا ہے۔ برج خلیفہ کے احاطے میں ایک حصہ پام کے درختوں کیلئے مختص ہے، 6 آبی گزرگاہیں ہیں، ایک مصنوعی جھیل ہے جس کے کنارے چہل قدمی کی جگہ ہے، کچھ جنگلی درخت ہیں، کھیلنے کی جگہ ہے اور چند باغیچے بھی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More