امالا۔۔۔ ماحول دوستی سے سرمایہ کار دوستی تک

457

کیا امالا ماحول دوست پراجیکٹ ہے؟

عالمی معیار کے ماحول دوست اصولوں اور طریقوں کو اپناتے ہوئے امالا کے سیاحتی مقام کو اس طرح تعمیر کیا جا رہا ہے کہ یہ مستحکم یعنی ماحول، سماج اور معیشت دوست سیاحت کے باب میں عالمی سطح پر قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ چاہے آپ خلیج ثلاثہ کا دورہ کریں، کوسٹل ڈویلپمنٹ دیکھنے جائیں یا دی آئی لینڈ کی سیر کریں، ماحول دوست اخلاقیات کا مظاہرہ آپ کو امالا کے ہر پہلو میں رچا بسا نظر آئے گا۔

امالا کے سیاحتی مقام کی تعمیر و ترقی سعودی ویژن 2030ء نامی منصوبے کا حصہ ہے جس کے مطابق ایک توانا معاشرے کی پرداخت کے لئے مستحکم معیشت اور قدرتی ماحول کا تحفظ ناگزیر ہیں۔ امالا اپنے موزوں، متوازن اور ماحول دوست ڈیزائن اور آپریشنز کے ساتھ سیاحتی مقامات کی صف میں ممتاز ترین مقام حاصل کر لے گا کیونکہ اسے اس طرح بنایا جا رہا ہے کہ یہاں روزِ اول ہی سے ماحول میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا انجذاب اور اخراج مساوی ہے۔

امالا میں خلیجی دنیا کا سب سے بڑا شمسی توانائی کا فارم زیرتعمیر ہے جو اس سیاحتی مقام کے افتتاح سے قبل آپریشنل ہو چکا ہو گا۔ مزید برآں، کوڑا کرکٹ کو مؤثر اور مکمل طور پر ٹھکانے لگانے کا انتظام اور اس کو ری سائیکل کرنے کے جدید طریقوں کا استعمال بھی امالا میں ماحول دوست زندگی کو یقینی بنائے گا۔ یہی نہیں، اس صحت افزاء مقام میں صرف ری سائیکل کئے جا سکنے والے پلاسٹکس ہی استعمال کئے جا سکیں گے۔ یہاں صرف امالا کی ضروریات پوری کرنے کے لئے سمندری پانی سے نمکیات الگ کر کے اسے صاف کرنے والا ایک ماحول دوست پلانٹ بھی لگایا جائے گا جو کہ مرجان کی صحت افزاء چٹانوں پر کوئی مضر اثرات مرتب نہیں کرے گا۔ یوں تمام استعمال شُدہ پانی صاف کیا جائے گا اور زراعت کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

امالا میں ایک زرعی فارم بھی بنایا جائے گا جہاں کاشتکاری کے جدید اور ماحول دوست طریقے استعمال کئے جائیں گے تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں اور کام کرنے والے ملازمین کو وافر مقدار میں مقامی زرعی اجناس فراہم کی جا سکیں۔ یہ اقدام ماحول دوست کاشتکاری کو فروغ دینے کے طویل المدتی ہدف کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گا اور مقامی آبادیوں کو زرعی اجناس میں خود کفیل بنائے گا۔

کیا امالا میں آبی حیات کو تحفظ ملے گا؟

کاربن کے متوازن انجذاب و اخراج کو ہدف بنا کر امالا کے قلب میں بہنے والے سمندر اور ساحلی ماحولیاتی نظام کو آلودگی سے پاک رکھنے کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ بحیرۂ احمر دنیا کے اُن چند آبی ذخائر میں سے ایک ہے جن کا ابھی انسان نے مکمل طور پر کھوج نہیں لگایا۔ یہ دنیا کے چند آخری ہنوز پھلتے پھولتے آبی مساکن میں سے ایک ہے۔ چنانچہ چند امتیازی اداروں کے ساتھ تذویراتی اشتراک کر کے امالا نے بحیرۂ احمر کے 4 کلیدی شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق:

1۔ مرجان کی چٹانوں کا بہتر بندوبست کیا جائے گا۔

2۔ بحیرۂ احمر میں پائی جانے والی آبی مخلوقات میں سے ممتاز انواع کا تحفظ کیا جائے گا۔

3۔ عالمی سطح پر آبی ذخائر کے جن علاقوں، مساکن اور انواع کے تحفظ کا فیصلہ کیا گیا ہے ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

4۔ پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

میرین لائف انسٹیٹیوٹ کی مدد سے مقامی اور بین الاقوامی آبی حیات کے تحفظ کو تحقیق اور تعلیم کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا۔ پہلے امالا کے ساتھ ساتھ بہنے والے بحیرۂ احمر کی بحری سائنس اور آبی حیات پر تحقیق اور اس کی حفاظت کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور پھر بتدریج ان میں سے مؤثر ترین تکنیکوں کا اطلاق پورے سعودی عرب اور دنیا کے دیگر علاقوں میں بہنے والے سمندروں پر بھی کیا جا سکے گا۔

کیا امالا سرمایہ کاروں کیلئے موزوں ہے؟

امالا کا ترقیاتی منصوبہ سعودی حکومت کے ویژن 2030ء میں متعین کئے گئے اہداف کے حصول میں سب سے بڑھ کر معاون ثابت ہو گا۔ منصوبہ سرمایہ کاری کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرے گا۔ یہ منصوبہ نئی معاشی منڈیوں کے قیام اور ترقی پر توجہ مرکوز کر کے معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ تندرستی، صحت مند زندگی، کھیلوں، فن و ثقافت، سمندر، سورج اور طرزِ زندگی جیسے معیشت کے نئے شعبوں میں ملازمتیں پیدا کر رہا ہے۔

امالا کے سیاحتی منصوبے کے افتتاح کے ساتھ ہی سعودی عرب کو متعدد طویل المدتی معاشی فوائد ملنے کی توقع کی جا رہی ہے جن میں سے ایک بڑا فائدہ 2030ء تک ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں 0.64 فی صد تک کا اضافہ ہے۔ مزید برآں، توقع کی جا رہی ہے کہ امالا میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بعد یہاں کئی شعبوں میں بہت بڑی اور تذویراتی اعتبار سے نہایت اہم سرمایہ کاریاں ہوں گی جو کہ کثیر ثمرات لائیں گی۔

اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیارات کے مطابق، تعمیر کردہ 3 کمیونٹیز کی تیاری کے بعد امالا ریئل اسٹیٹ اور تعمیرات کی صنعتوں کے لئے متعدد مزید منصوبے بھی پیش کرتا چلا جائے گا۔ سرمایہ کار امالا کے نئے منصوبوں میں مکمل سرمایہ کاری بھی کر سکتے ہیں اور شراکت داری کی بنیاد پر بھی ان کا حصہ بن سکتے ہیں۔ یہاں ہوٹلنگ، ریٹیل، مکانات، تفریح، فن، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لئے متعدد مواقع موجود ہیں۔

امالا میں سیاحوں کے لئے اتنے ہوٹل درکار ہیں کہ جن میں کُل کم از کم 2500 رہائشی کمرے ہوں۔ یہاں 800 شاندار وِلاز بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ یوں امالا سیاحت اور ریئل اسٹیٹ دونوں شعبوں کے لئے متعدد مواقع لا رہا ہے۔ فلیٹوں سے کرائے کے مکانوں اور بلند و بالا عمارتوں تک کی تعمیر کے کاموں میں یہاں نجی شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں، عالمی معیار کے اداروں اور ہوٹلنگ کے شعبے میں مہارت رکھنے والے سرمایہ کاروں کے ساتھ اشتراک کر کے سیاحوں کو جدید اور دلفریب جداگانہ تجربات سے ہمکنار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ امالا کا منصوبہ متعدد لوگوں کی زندگیاں بدل دے گا اور انہیں روزگار بھی فراہم کرے گا۔ ایک اندازے کے مطابق، ابتدائی طور پر یہاں 20000 نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی جو منصوبے کی تکمیل کے بعد 50000 ہو جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More