الجُبیل: ساحلِ نخیل، مرینہ اور کارخانوں کی دُنیا

1,274

الجُبیل کیا ہے اور کیوں اہم ہے؟

الجُبیل سعودی عرب کا ایک شہر ہے جو کہ خلیجِ فارس کے کنارے واقع ہے۔ سعودی عرب رقبے کے لحاظ سے ایک بہت بڑا مُلک ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے تمام علاقے یکساں حیثیت یا شناخت نہیں رکھتے۔ بعض مقامات تیل اور دیگر معدنیات کی پیداوار کی وجہ سے اور پیٹرو کیمیکلز انڈسٹریز کی بُہتات کی وجہ سے قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں تو بعض مقامات مذہبی حوالوں سے نہایت معتبر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے مرکز کی سی حیثیت رکھتے ہیں۔ جب کہ بعض مقامات روایتی پیشوں جیسے مچھلیاں پکڑنے اور مقامی تجارت کے سواء بود و باش کا کوئی اور ذریعہ نہ ہونے کے سبب ملکی معیشت میں خاطر خواہ اہمیت نہیں رکھتے۔ تاہم ان میں سے اکثر اپنے متنوع زمینی خد و خال اور قدرتی حُسن کی وجہ سے دیکھنے والوں کو متاثر کئے بغیر نہیں رہتے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے بیشتر مقامات کو ترقی دینے اور غیرملکی سیاحوں کیلئے مزید دلکش اور سہولیات سے بھرپور بنانے کیلئے اب سعودی حکومت متعدد سیاحتی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ تاہم، گزشتہ چند دہائیوں کے دوران سلطنت میں ایک اور قسم کے علاقے بھی بہت تیزی سے اُبھر کر سامنے آئے ہیں اور وہ ہیں صنعتی علاقے۔

سعودی حکومت اس حقیقت سے کماحقہُ آگاہ ہے کہ اُس کے تیل کے کنویں اگلی چند دہائیوں کے بعد خُشک ہو جائیں گے۔ چنانچہ اِس نے اُس دور کے آنے سے بہت پہلے ہی اپنی معیشت کا تیل پر انحصار ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش شروع کر دی ہے اور ملک کے بعض علاقوں کو عالمی سیاحت کا مرکز، بعض کو بین الاقوامی تجارت کا مرکز اور بعض کو مقامی و علاقائی ضروریات پوری کرنے کی اہل صنعتوں کا مرکز بنانے کیلئے تیزی سے مختلف اہداف کیلئے موزوں علاقے مختص کر کے وہاں مطلوبہ انفراسٹرکچر کی تیاری شروع کر دی ہے۔ یہی وہ پس منظر ہے کہ جس کے تحت سعودی عرب کی حکومت نے دہائیوں پہلے 1975ء میں الجُبیل کو مُلک کا ایک بڑا صنعتی مرکز بنانے کیلئے بھرپور کوششیں شروع کی تھیں اور آج اُس کے اِس خواب کی تعبیر ہمارے سامنے ہے۔

ماضی میں یہ شہر صرف اپنی موتیوں کی صنعت کے لئے جانا جاتا تھا کیونکہ یہ سمندر کے قریب تھا چنانچہ سمندر سے موتی چُننا یہاں کے بڑے پیشوں میں سے ایک تھا۔ تاہم، اب یہ دنیا کی چوتھی اور مشرقِ وسطیٰ کی سب سے بڑی پیٹرو کیمیکلز کمپنی کا حامل ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا واٹر اینڈ پاور پروجیکٹ بھی الجُبیل میں ہے جو روزانہ 2743.6 میگا واٹ بجلی اور 8 لاکھ کیوبک میٹر پانی فراہم کرتا ہے۔ اس وقت جُبیل انڈسٹریل سٹی دُنیا کا سب سے بڑا سِول انجینیئرنگ کا منصوبہ ہے۔ اس کا رقبہ 1016 مربع کلو میٹر ہے اور اس میں انگنت انڈسٹریل یونٹس کے ساتھ ساتھ ایک بہت بڑی بندرگاہ بھی ہے۔ شہر کی صنعت و تجارت کا سعودی جی ڈی پی میں حصہ 7 فی صد سالانہ ہے۔

SOurce:https://www.tripadvisor.com/LocationPhotoDirectLink-g298544-d9882778-i180334675-Al_Nakheel_Beach-Al_Jubail_Eastern_Province.html

جُبیل ٹو کیا ہے؟

بیکٹیل کارپوریشن جو کہ امریکہ ایک بہت بڑی تعمیراتی و انجینیئرنگ کمپنی ہے، جُبیل کو صنعتی شہر بنانے کے سعودی حکومت کے 1975ء کے فیصلے کے وقت سے اس منصوبے کے ساتھ وابستہ ہے اور آج تک یہاں کام کر رہی ہے۔ شہر میں صنعتوں کے بے تحاشہ پھیلاؤ کے باوجود مزید صنعتکاروں کی یہاں سرمایہ لگانے میں دلچسپی کو دیکھتے ہوئے سعودی حکومت نے 2004ء میں 3.8 بلین ڈالر کی خطیر رقم سے جُبیل ٹو کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ یہاں مزید صنعتیں اور مکانات تعمیر کئے جا سکیں۔ اس منصوبے کے لئے بھی انفراسٹرکچر کی تعمیر کا کام بیکٹیل کارپوریشن ہی کر رہی ہے۔

الجُبیل میں سیاحوں کیلئے کیا ہے؟

یہ ٹھیک ہے کہ بنیادی طور پر الجُبیل صنعتکاروں، تاجروں، تکنیکی ماہرین اور حصولِ روزگار کے خواہشمند دیگر افراد کی دلچسپی کا مرکز ہے مگر اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ یہاں دلدادگانِ حُسنِ فطرت و حُسنِ جہاں کے ذوقِ نظر کی تسکین کے لئے کچھ بھی نہیں۔

Source:https://twitter.com/ItentertainSa/status/921562730691284992/photo/1

1۔ ساحلِ النخیل

اگر آپ اپنے فرصت کے لمحات کو مسرت و شادمانی سے بھرپور بنانا چاہتے ہیں تو پھر آپ کے لئے جُبیل کے ساحلِ النخیل سے بہتر شاید ہی کوئی اور جگہ ہو۔ اس ساحل کو 3 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ ایک حصے کو پام کے درختوں سے بھر دیا گیا ہے۔ چُنانچہ یہ حصہ پام بیچ بھی کہلاتا ہے۔ دوسرے حصے کو والی بال اور باسکٹ بال کھیلنے والوں کے لئے وقف کر دیا گیا ہے۔ یہاں جاگنگ ٹریکس بھی بنائے گئے ہیں اور ان کے کنارے پام کے درخت بھی لگائے گئے ہیں۔ تیسرا حصہ مرکزی ساحلی علاقے پر مشتمل ہے جہاں بہت سی چھتریاں لگائی گئی ہیں اور پام کے درخت لگائے گئے ہیں اور بے کنار سمندر کی بے قرار موجوں کے روبرو آرام کرنے اور غم بُھلانے کے لئے گوشۂ عافیت بسایا گیا ہے۔ یہاں سے سمندر کا نظارہ دم بخود کر دینے والا اور اپنی عظمت کی دھاک بٹھا دینے والا ہے۔

2۔ ساحلِ الفناتیر اور مرینہ

جُبیل میں ایک اور مسحورکُن اور دلکش مقام الفناتیر سی فرنٹ اور مرینہ ہیں۔ یہاں سمندر میں ڈوبتے سوج کے ششدر کر دینے والے نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ سارے علاقے میں پھیلے ہوئے درختوں کے جُھنڈ یہاں کی خوبصورتی کو دوچند کر دیتے ہیں۔ یہاں آپ مچھلیاں پکڑ سکتے ہیں، غوطہ خوری کر سکتے ہیں، واٹر سکیئنگ کر سکتے ہیں اور کئی دیگر مہم جوانہ کھیل بھی کھیل سکتے ہیں۔ یہاں بچوں کے کھیلنے اور جاگنگ کرنے کیلئے بھی کچھ حصہ مُختص کیا گیا ہے۔

3۔ الجُبیل اور شاپنگ

وہ احباب جو سیاحت کو خریداری کے بغیر نامکمل سمجھتے ہیں، اُن کے لئے الجُبیل میں بہت سے روایتی اور غیرروایتی بازار ہیں اور کچھ اعلیٰ درجہ کے خریداری کے مراکز بھی ہیں جیسے کہ الجُبیل مال جسے سعودی عرب بھر میں ممتاز مقام حاصل ہے اور جہاں سے آپ مقامی اور روایتی اشیاء بھی خرید سکتے ہیں اور دنیا بھر کے تمام جدید ترین برینڈز کی اشیاء بھی خرید سکتے ہیں۔ مال میں بچوں کیلئے کھیل کود کی متعدد سرگرمیوں کے اہتمام کے ساتھ ساتھ کئی مقامی و بین الاقوامی ریستوران بھی موجود ہیں اور فاسٹ فوڈ شاپس بھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More