الشلال تھیم پارک جدہ

1,384

الشلال تھیم پارک کیسا ہے؟

جدہ کی ساحلی شاہراہ پر یعنی سیاحتی اعتبار سے نہایت موزوں اور دلفریب مقام پر واقع الشلال تھیم پارک 60 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اس پارک کی خوبصورتی اور کسی بھی جدید ترین اور مکمل تھیم پارک سے کہیں بڑھ کر سہولیات سے آراستہ ہونے کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ یہاں ہر سال تقریباً 10 لاکھ لوگ سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں۔ الشلال تھیم پارک کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ آج بھی ویسے کا ویسا نہیں ہے جیسا سالوں قبل اپنی ابتداء کے وقت تھا بلکہ اس کی انتظامیہ مسلسل اس میں موجود سہولیات یا سامانِ تفریح کی تعداد میں اضافہ کرتی رہتی ہے اور آئے دن یہاں نت نئے ایونٹس اور نئی سے نئی تفریحی تکنیکس متعارف کروائی جاتی رہتی ہیں۔ یوں بار بار یہاں آنے والوں کو بھی ہر بار نئی خوشی، نیا ماحول اور نئی تفریحات میسر آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس پارک کو سعودی عرب کے بہترین تفریحی مقامات میں سے ایک ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

Source:http://www.alshallal.com.sa/mediacenter.php?section=3

بالخصوص فیملیز کے ساتھ تفریح پر آنے والوں کے لئے تو یہ موزوں ترین مقام ہے کہ جہاں آ کر وہ خوب لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ وہ چاہیں تو ان رائڈز کا مزہ لے سکتے ہیں جو کمان سے نکلنے والے تیر کی طرح یا غلیل سے پھینکے جانے والے کنکر کی طرح اچانک سٹارٹ ہوتی ہیں اور آن کی آن میں کہاں سے کہاں پہنچ جاتی ہیں اور اگر چاہیں تو رولر کوسٹر کی سیر کا مزہ بھی اٹھا سکتے ہیں اور اگر جدہ کے نیم صحرائی اور ساحلی ماحول میں آباد الشلال تھیم پارک آنے والوں کا گرمی میں برف پر لڑھکنے کو جی چاہ رہا ہو تو پھر وہ یہاں موجود آئس رِنک پر جا کر سکیٹنگ بھی کر سکتے ہیں اور چشمِ تصور سے خود کو کسی قدرتی برفانی مقام پر گھومتا اور موج مستی کرتا ہوا دیکھ سکتے ہیں۔ لیکن اگر ان کا اچھلنے کودنے کی بجائے پرسکون پانیوں پر تیرنے اور چپ چاپ بہتے پانیوں کا شور سننے کو جی چاہ رہا ہو تو بھی تھیم پارک نے ان کے ذوق کی تسکین کا اہتمام کر رکھا ہے۔ چنانچہ وہ یہاں موجود جھیل میں کشتی رانی کا مزہ لے سکتے ہیں۔

مزید برآں، الشلال تھیم پارک کی انتظامیہ اس حقیقت سے اچھی طرح آگاہ ہے کہ تفریح کھانے پینے کے بغیر مکمل نہیں ہوتی اور وہ یہ بھی خوب جانتے ہیں کہ اگر کھانے آپ کی مرضی کے اور لذیذ نہ ہوں تو ساری سیر و تفریح کا مزہ کرکرا ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں دو مختلف مکاتب خوراک سے تعلق رکھنے والے ریستوران قائم کئے گئے ہیں تاکہ سیاح اپنی مرضی اور ذوق کے مطابق جس ریستوران کو چاہیں رونق بخشیں اور جیسا چاہیں کھائیں۔ لہٰذا یہاں موجود ریستورانوں میں سے ایک چائنیز ہے جب کہ دوسرا لبنانی۔ دونوں میں اپنے اپنے شعبوں کے ماہر شیف عمدہ سے عمدہ اور لذیذ سے لذیذ کھانوں کے ساتھ آپ کے منتظر ہیں۔

Source:http://www.alshallal.com.sa/mediacenter.php?section=3

الشلال تھیم پارک میں خواتین کیلئے کیا ہے؟

الشلال تھیم پارک میں خواتین کو امتیازی اہمیت دی جاتی ہے یا یوں کہیئے کہ یہاں انہیں خاص پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ وہ ایسے کہ ان کے لئے دُہرا انتظام ہے۔ یعنی وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ تو یہاں جب چاہیں آ ہی سکتی ہیں لیکن اگر وہ اکیلے آنا چاہیں یعنی یہ چاہیں کہ جب وہ پارک میں ہوں اس وقت مرد نام کی کوئی ‘چیز’ وہاں نہ ہو تو ایسا بھی ممکن ہے! پارک انتظامیہ نے بدھ کی شام 5 بجے سے رات 1 بج کر 30 منٹ تک کا وقت مخصوص برائے خواتین کر رکھا ہے یعنی مردوں کی چھٹی! البتہ 6 سال سے کم عمر ایسے بچے جن کے قد ابھی 120 سینٹی میٹر سے کم ہوں وہ اگر یہ خواتین چاہیں تو ان کے ساتھ آ سکتے ہیں۔۔۔۔۔ ورنہ ان کی بھی چھٹی!

الشلال کی خصوصی سرگرمیاں کیا ہیں؟

آئس سکیٹنگ اور آرکیڈ گیمز کے شوقین افراد کو بھی الشلال انتظامیہ کی جانب سے امتیازی حیثیت دی جاتی ہے۔ ہر روز شام 5 بجے سے رات 1 بج کر 30 تک یہاں آئس سکیٹِنگ کے خصوصی ایونٹس کا اہتمام کیا جاتا ہے جب کہ ہر روز اسی دورانیے میں آرکیڈ گیمز سے شغف رکھنے والوں کے لئے بھی خصوصی ایونٹس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

Source:http://www.alshallal.com.sa/mediacenter.php?section=3

پایریٹ کیا ہے؟

یہ ایک بڑا سا بحری جہاز یا کشتی نما جھولا ہے جو دائیں سے بائیں اور بائیں سے دائیں بہت تیزی سے اور بہت بلندی تک گردش کرتا ہے۔ الشلال آنے والے بچے اور فیملیز اسے بطورِ خاص بہت پسندد کرتے ہیں۔

سامبا ٹاور کیا ہے؟

اس چھوٹے سے ٹاور کی سواری بھی نہایت پُرلطف ہوتی ہے۔ یہ اپنے گرم ہوا کے غبارے کے ذریعے مسافروں کو ساڑھے چھ میٹر کی بلندی تک لے جاتی ہے۔ غبارے کے نیچے ایک کپ نما ڈبے میں بیٹھے سوار اپنے اوپر نیچے جاتے غبارے کو خود کسی جانب گھما بھی سکتے ہیں۔

سومبریرو کیا ہے؟

یہ چار بازوؤں والی رائڈ ہے جس کے ہر بازو کے اختتام پر بیٹھنے کے لئے ایک کپ نما جگہ بنائی گئی ہے۔ یہ کپ خود بھی گھومتے ہیں اور رائڈ کے مرکز سے منسلک چاروں بازو بھی گھومتے ہیں۔ یوں اگر آپ کو لگے کہ دنیا میں آپ نے کم چکر کھائے ہیں تو یہ سواری آپ کو دُہرے چکر دینے کیلئے الشلال تھیم پارک میں موجود ہے!

الشلال کی رولر کوسٹر کیسی ہے؟

الشلال تھیم پارک کی سب سے خاص بات بلاشبہ یہاں کی رولر کوسٹر ہی ہے۔ اس رولر کوسٹر ٹرین کے مسافر پہلے انتہائی بلندی کی جانب ‘اُلٹا’ سفر کرتے ہیں یعنی پہلے رولر کوسٹر اپنا بیک گیئر لگا کر سواروں کو الٹا اوپر کی جانب لے جاتی ہے اور پھر بلندی پر پہنچا کر چھوڑ دیتی ہے یعنی پیچھے جانا بند کر دیتی ہے۔ نتیجتاً کوسٹر اپنے مسافروں سمیت کششِ ثقل کے تحت اس تیزی سے سیدھا نیچے کی جانب بڑھنا شروع کرتی ہے کہ وہ نیچے آنے کے بعد اپنی وی شکل کی پٹڑی کے دوسرے بُلند سِرے پر خود بخود بغیر اپنے انجن کو زحمت دیئے چند ثانیوں میں چڑھ جاتی ہے اور پھر اسی طرح الٹا واپس نیچے اور نیچے سے دوبارہ وی کے پہلے بازو کی چوٹی کی جانب الٹا سفر شروع کر دیتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More