یو اے ای پویلین، ایکسپو 2020 دبئی

544

یو اے ای پویلین کیسا ہے؟

دبئی میں وسیع و عریض رقبے پر جاری ایکسپو 2020 کے بیچوں بیچ الوصل پلازا کے سامنے متحدہ عرب امارات کا اپنا پویلین بھی پوری شان اور تمکنت کے ساتھ ایستادہ ہے۔ پویلین کا ڈیزائن محوِ پرواز شہباز کے پروں سے متاثر اور مشابہ ہے۔ عمارت کے اندر مختلف الانواع نمائشوں کے اہتمام کے لئے متعدد مقامات یا حصے بنائے گئے ہیں جن میں ایک آڈیٹوریم، کھانے پینے کے سٹالز اور خصوصی مہمانان کے لئے بنائے گئے لاؤنجز وغیرہ شامل ہیں۔ پویلین کی 3 منازل ہیں اور یہ واحد عمارت ہے جو ایکسپو 2020 کے 31 مارچ کو اختتام پذیر ہو جانے کے بعد بھی بدستور موجود رہے گی اور اہل عالم کو یاد دلاتی رہے گی کہ کبھی اس عمارت کے اندر اور باہر چاروں طرف ایکسپو 2020 کا میلہ سجایا گیا تھا۔ باقی تمام ممالک کے پویلینز نمائش کے 6 ماہ مکمل ہونے کے بعد منہدم کر دیئے جائیں گے۔

Source:https://www.urbansystems.design/experience/expo-2020-uae-pavilion-dubai

یو اے ای پویلین کی متعدد امتیازی خصوصیات میں سے چند یہ ہیں:

1۔ پویلین کی چھت سے شہباز کے پروں کی عکاسی کرنے والے ایسے 28 پر منسلک ہیں کہ جنہیں اتارا بھی جا سکتا ہے۔ ان پروں کو حرکت بھی دی جا سکتی ہے اور یہ دھوپ کی کثیر مقدار کو اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں کیونکہ ان کے تخلیق کاروں نے ان کے اندر شمسی توانائی کو کام میں لانے کی صلاحیت رکھنے والا نظام بھی نصب کر رکھا ہے۔

2۔ پویلین کو لیڈ پلاٹینم ریٹنگ حاصل کرنے کے نکتۂ نظر سے بنایا گیا ہے۔

3۔ پویلین کی تین منزلہ عمارت 15064 مربع میٹر رقبے پر محیط ہے۔

4۔ یو اے ای پویلین کے ڈیزائن اور اس میں جاری نمائشون و دیگر پروگرامز کے انعقاد کا بنیادی مقصد متحدہ عرب امارات کے وسیع اور شاندار ورثے اور ثقافت اور روشن مستقبل کو اہلِ عالم کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔

5۔ آنے والوں کے تجربے کو عمیق اور متنوع بنانے کے لئے پویلین کو 6 مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

Source:https://www.urbansystems.design/experience/expo-2020-uae-pavilion-dubai

یو اے ای پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

اماراتی پویلین میں جاری سرگرمیوں میں سے چند ایک کی تفصیل حسبِ ذیل ہے:

1۔ متحدہ عرب امارات کے پویلین میں اوسس یا نخلستان کے نام سے ایک پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس کا مقصد آنے والوں کو ملک کی ثقافت اور ورثے کے مختلف رنگوں سے متعارف کروانا ہے۔

2۔ پویلین کی تزئین و آرائش اس انداز سے کی گئی ہے کہ جونہی آپ اس میں داخل ہوتے ہیں تو آپ خود کو عالمی برادری اور پوری اماراتی قوم کے ساتھ جُڑا ہوا اور سب سے باخبر محسوس کرنے لگتے ہیں۔

3۔ پویلین کی غلام گردشوں، راہداریوں اور ایوانوں کو تصاویر، ویڈیوز، زیبائش و دیگر اعانتوں کی مدد سے اس طرح آراستہ کیا گیا ہے کہ آپ اس میں داخل ہوتے ہی یوں محسوس کرتے ہیں کہ جیسے کسی ایسے سفر کا آغاز ہو گیا ہو کہ جو آپ کو بیک وقت متعدد اقسام کے احساسات سے مالا مال کرتا جا رہا ہو اور آپ کسی ایسی سرزمین پر آگے بڑھ رہے ہوں کہ جو نہایت تیزی سے اپنے خد و خال تبدیل کرتی جا رہی ہو۔

4۔ دیگر روایتی پروگرامز کے ساتھ ساتھ آنے والوں کو متحدہ عرب امارات کے پویلین میں داخل ہوتے ہی جشن کا سماں بھی دیکھنے اور محسوس کرنے کو ملے گا جو قطعی بے سبب نہیں بلکہ اس کا محرک ملک کی روایات کی عظمت اور قوم کی اجتماعی ترقی پر اظہار تشکر و انبساط کرنا ہے۔

5۔ یو اے ای کے پویلین کا دورہ کرنے والوں کو ملک کی اعلیٰ اقدار کے متعلق ایک مسحور کن دستاویزی فلم بھی دکھائی جا رہی ہے جس کا مقصد بڑے خواب دیکھنے والوں اور ان کو حقیقت کا رنگ دینے والوں کی عظمت کو سلام پیش کرنا اور دنیا کو ان سے متعارف کروانا ہے۔ یہ دستاویزی فلم ناظرین کی ان بڑے خواب دیکھنے والوں سے ملاقات بھی کرواتی ہے کہ جو انسانیت کو ایک بہتر مستقبل دینے کی خاطر اپنی زندگیوں کو وقف کئے ہوئے ہوتے ہیں۔ یہ فلم آپ کو بتائے گی کہ کس طرح صحرا نشینوں نے جو کبھی پینے کے پانی اور رہنے کی چھت تک سے محروم تھے محض 50 برس کے قلیل عرصے میں خلاؤں میں بھی اپنا نقش قدم ثبت کر ڈالا ہے اور اس برق رفتاری سے درست جانب سفر کیا ہے کہ دنیا کی بڑی بڑی ترقی یافتہ قوموں کو بھی حیران کر دیا ہے کیونکہ وہ جس مقام پر صدیوں میں پہنچی ہیں، متحدہ عرب امارات نے وہ مقام محض 50 برس میں حاصل کر کے اپنی برتری، محنت اور قابلیت کو بے نظیر ثابت کر دیا ہے۔

6۔ عمارت کے اندر آپ کو جا بجا ریت کے ٹیلے نطر آئیں گے! جی ہاں ریت کے ٹیلے، جو اہلِ عالم کو ملک کی عاجزانہ شروعات کی یاد دلاتے ہیں اور ان ٹیلوں کے بیچوں بیچ نصب انگنت سکرینز آپ کو نہ صرف امارات کے ارتقاء کی داستان سناتی ہیں بلکہ ان کو چھونے پر آپ ملک کے انسانیت کے مستقبل کے لئے ویژن سے بھی آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔

Source:https://www.thenationalnews.com/uae/expo-2020/2021/11/22/sheikh-hamdan-speaks-of-uaes-rich-heritage-at-expo-2020-dubai/

اماراتی پویلین میں کس کیلئے کیا ہے؟

1۔ اگر آپ کسی قسم کا ہنر رکھتے ہیں اور یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کیا آپ کے ہنر کی متحدہ عرب امارات میں مانگ ہے یا نہیں اور اگر ہے تو کس شعبے میں اور کس جگہ پر تو پھر آپ کو یو اے ای کے پویلین کا دورہ ضرور کرنا چاہئے اور یہاں آئے روز مختلف پروگرامز کا انعقاد کرنے والے اداروں کے اربابِ بست و کشاد سے ملاقات کرنی چاہئے۔

2۔ اگر آپ تخلیقی ذہن کے حامل ہیں اور اپنی تخلیقات کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے کسی موزوں پلیٹ فارم سے محروم ہیں تو پھر تو یو اے ای کے پویلین اور وہاں موجود بڑے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کے خواہشمندوں کی ہر ممکن مدد پر مائل افراد اور اداروں سے آپ کو ضرور ہی ملنا چاہئے۔

3۔ اگر آپ کاروباری شخصیت ہیں اور محفوظ ترین سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو بھی یو اے ای پویلین سے بہتر شاید ہی کوئی جگہ ہو کہ جو آپ کی اس حوالے سے درست ترین رہنمائی کر سکتی ہو۔

4۔ اگر آپ سیاحت کے شوقین ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات میں آپ کے لئے دیکھنے کو کیا کیا ہے تو پھر جان لیں کہ اگر آپ نے اماراتی پویلین دیکھ لیا تو سمجھیں کہ کم از کم آدھا یو اے ای تو آپ نے دیکھ ہی لیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More