رشیا پویلین اور کری ایٹِو اِکانومی

509

روسی پویلین کے اہداف کیا ہیں؟

اہلِ روس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی یہ دیکھنا اور جاننا چاہتا ہے کہ گزشتہ چند صدیوں کے دوران روسی سائنسدانوں نے کتنی زیادہ اور بہترین تخلیقات سے اپنی قوم اور پوری دنیا کو نوازا ہے تو پھر اسے ان کے ایکسپو 2020 دبئی میں آباد پویلین کا دورہ ضرور کرنا چاہئے۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ وہ نہ صرف یہ کہ ایک شاندار اور وسیع و عریض ثقافتی ورثے کے مالک ہیں بلکہ انہوں نے اسے امتدادِ زمانہ کی شکست و ریخت کے عمل کے دوران نہایت عمدگی سے سنبھال کر بھی رکھا ہے تاکہ وہ آنے والی نسلوں کو بتا سکیں کہ ان کا ماضی قابل فخر اور تخلیقی سرشت رکھنے والے عظیم انسانوں سے بھرپور تھا۔

چنانچہ اہلِ روس ایکسپو 2020 دبئی کو اپنی موجودہ اور گزشتہ نسلوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور زرخیز ثقافتی و تہذیبی ورثے کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے کا ایک بہترین موقع سمجھتے ہوئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ دنیا نہ صرف یہ کہ ان صلاحیتوں سے متاثر ہو بلکہ استفادہ بھی کرے۔ لہٰذا اگر آپ دبئی یا متحدہ عرب امارات کے کسی بھی اور حصے میں ہیں یا 31 مارچ سے پہلے پہلے وہاں جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اب تک تخلیقات و تہذیب و تمدن کے ارتقائی عمل میں روس کے حصے ‘بقدر جثے’ سے ناآشنا ہیں تو آپ کو رشیا پویلین کا کم از کم ایک دورہ ضرور کر لینا چاہئے۔

Source:https://www.expo2020russia.org/en/#business

یہاں آنے والے روس میں تخلیق کی جانے والی جدید ترین اور اچھوتی ٹیکنالوجیز کو دنیا کے فائدے کے لئے متعارف کروانے والے روشن دماغ افراد کے بے شمار کار ہائے نمایاں سے روشناس ہو سکیں گے اور جان سکیں گے کہ انسانیت کے بہتر مستقبل کا خواب درحقیقت ہم سے کیا تقاضے کر رہا ہے۔ مزید برآں، جیسا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے سال 2021 کو تخلیقی معیشت یا کری ایٹو اکانومی کا بین الاقوامی سال قرار دیا گیا ہے تو اگر آپ روسی پویلین کا دورہ کریں تو آپ یقیناً کماحقہ آگاہ ہو جائیں گے کہ کری ایٹو اکانومی درحقیقت ہوتی کیا ہے اور یہ کہ روسی تخلیقات کس طرح اس کے لوگوں کے فکری و فنی عروج کی گواہی دے رہی ہیں۔

رشیا پویلین کیوں جانا چاہئے؟

رشیا پویلین کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کا پویلین ہی دراصل وہ مقام ہے کہ جہاں موجود ‘تخلیقی ذہن مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں‘۔ چنانچہ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہاں ایسا کیا ہے کہ جس کے متعلق اس طرح کا دعویٰ کیا جا رہا ہے تو پھر آپ کو وہاں ضرور جانا چاہئے۔ اگر آپ خود بھی تخلیقی ذہن کے حامل ہیں اور جدید تخلیقات کے متعلق جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو بھی آپ کو وہاں ضرور جانا چاہئے اور اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ اپنی تخلیقی جہات کو کس طرح کام میں لا کر اپنے اور اپنے ہم عصروں کے لئے نئے اور روشن راستے تلاش کر سکتے ہیں تو بھی آپ کو رشیا پویلین اور اسی طرح کے دیگر مقامات کا دورہ ضرور کرنا چاہئے کہ جن میں تخلیقات اور تخلیق کاروں اور سماج سدھار میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی جا رہی ہو۔

Source:https://edition.cnn.com/world/live-news/expo-2020-dubai-first-look-spc-intl/h_b04b5a9f5b3de279e91bfb84883f4599

روسی پویلین کے اربابِ بست و کشاد کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ایک باہم مربوط دنیا میں آپ اپنا مقام کس طرح بنا سکتے ہیں اور باہمی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کو بہتر طور پر کیسے جان سکتے ہیں تو بھی آپ کو رشیا پویلین میں زیرِ نمائش مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کا غائر جائزہ ضرور لینا چاہئے۔ تخلیقی کاوشوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ روسی پویلین میں متعدد رنگا رنگ ثقافتی و کاروباری پروگرامز کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے جن میں اہلِ ذوق اور اہلِ ثروت و اہلِ ہُنر سب کیلئے تسکین کے سامان موجود ہیں۔ انتظامیہ نے اپنی پوری کوشش کی ہے کہ رشیا پویلین کے اندر داخل ہونے والوں کو یوں محسوس ہو کہ جیسے وہ یو اے ای کے وسیع و عریض صحرا کے پُرشکوہ نمائش گھر میں نہیں بلکہ برف پوش روس کے جدید نظاروں، آوازوں اور ذائقوں کی دنیا میں پہنچ چکے ہیں۔

روسی پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

روسی پویلین میں شیڈول چند اہم سماجی و کاروباری سرگرمیوں کی تفصیل کچھ یو ہے:

1۔ پویلین میں 14 سے 18 نومبر کے دوران قطب شمالی اور مشرق بعید میں موجود مخفی کاروباری صلاحیتوں پر چند نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

2۔ پویلین میں 28 اور 29 نومبر کو روسی زبان و ادب پر چند لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا اور بین الاقوامی حاضرین کو روسی زبان سیکھنے سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

3۔ پویلین میں 3 اور 4 دسمبر کو ‘رشیا فورم: ڈرائیونگ دا فیوچر’ کے نام سے ایک تقریب منعقد کی جائے گا۔

4۔ پویلین میں 6 اور 7 دسمبر کو ‘اوارڈ فورم: ٹائم آف انوویشن’ کے عنوان سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔

5۔ پویلین آنے والے 14 دسمبر کو روسی موسیقی سے لطف اندوز ہو سکیں گے اور اس کی تاریخ و جہات سے واقف ہو سکیں گے۔

6۔ پویلین آنے والے 15 اور 16 دسمبر کو ‘رشیا: فیوچر ایجوکیشن’ کے نام سے ہونے والی محافل میں شرکت کر سکیں گے۔

Source:https://www.e-architect.com/dubai/expo-2020-dubai-russian-pavilion-building

7۔ پویلین میں 5 جنوری کو روسی آرٹس پر مختلف محافل و نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

8۔ پویلین میں 7 جنوری کو روس میں ہونے والی شہری ترقی موضوعِ گفتگو بنے گی۔

9۔ وہ لوگ جو روس کی سیاحت کا شوق رکھتے ہیں 8 جنوری کا دن ان کے نام رہے گا۔

10۔ پویلین انتظامیہ نے 14 جنوری کا دن روسی خواتین کی عظمت کو سلام پیش کرنے اور ان کی خدمات و کارہائے نمایاں کا اعتراف کرنے اور انہیں دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے مختص کر دیا ہے۔

11۔ پویلین میں 16 جنوری کو ‘رشیا: گلوبل فوکس’ کے نام سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

12۔ پویلین میں 25 اور 26 جنوری کو ‘رشین عرب بزنس فورم’ کا اہتمام کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More