تھائی لینڈ پویلین، ایکسپو 2020 دبئی

485

تھائی پویلین کیسا ہے؟

ایکسپو 2020 دبئی کے دامن میں متحرک حلقے یعنی موبلٹی ڈسٹرکٹ میں واقع تھائی لینڈ کا پُرجمال اور دلکش پویلین ملک کی خود ساختہ ٹیکنالوجی کا شاہکار اور روایتی دلکشی کا حامل ہے۔ اس پویلین میں ‘مسکراہٹوں کا معجزہ’ کے نام سے ایک فن پارہ بنایا گیا ہے جو تھائی قوم کی کامیابی اور شادمانی کا راز منکشف کرتا ہے۔ یہاں آپ کو 500 سے زائد باہم بُنے ہوئے پھولوں سے بنایا گیا ایک مسحور کن اور حیرت انگیز طور پر مہکتا اور دمکتا ہوا پردہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔ اس پویلین کا دورہ کرنے والوں کو یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے وہ محض چند لمحوں میں پورے تھائی لینڈ کی سیر کرنے کا لطف لے رہے ہیں۔

تھائی لینڈ کے پویلین کا دورہ کرنے والے یہاں موجود باغ میں اُگے اپنے من پسند پھولوں کو دیکھ، چھو اور سونگھ سکتے ہیں اور نقل و حمل، نظامِ ترسیل اور ڈجیٹل روابط سمیت متعدد شعبہ ہائے زندگی میں تھائی لینڈ کی تخلیقی ترقی کا مشاہدہ بھی کر سکتے ہیں جس میں یقیناً اہلِ فکر اور طلبہ کیلئے سیکھنے کو بہت کچھ موجود ہے۔ تھائی لینڈ کے روایتی طرزِ تعمیر میں سنہرے رنگ کو امتیازی حیثیت حاصل ہے۔ یہ ملک کے متعدد اعلیٰ ایوانوں کا رنگ ہے۔ اسی لئے دبئی ایکسپو کے تھائی پویلین کو بھی اس رنگ سے سجایا گیا ہے۔

Source:https://www.bangkokpost.com/business/2192403/thailand-pavilion-garners-attention

ایکسپو 2020 کا مقبول ترین پویلین کون سا ہے؟

رواں برس یکم اکتوبر سے جاری ایکسپو 2020 دبئی میں اب تک کے کامیاب ترین یا مقبول ترین پویلینز میں سے ایک تھائی پویلین بھی ہے کیونکہ اوسطاً 10 ہزار لوگ روزانہ اس پویلین کا دورہ کرنے آ رہے ہیں۔ تھائی پویلین کی انتظامیہ اپنے یہاں آنے والے کل افراد میں سے 15 فی صد کے تجربے کی تفصیلات بھی پویلین کے ڈجیٹل آؤٹ لیٹس کے قارئین اور دورہ کرنے والوں کے ساتھ شیئر کرتی ہے۔

تھائی پویلین کے کیا مقاصد ہیں؟

تھائی پویلین کی تھیم یعنی بنیادی فلسفہ ‘مستقبل کے لئے حرکت’ یا ‘مستقبل کی جانب سفر’ ہے۔ پویلین کے منتظمین اپنے ملک کی حرکت یا مسلسل آگے بڑھنے کے طرزِ عمل کو ملک میں پیدا ہونے والے مواقع کے سبب کے طور پر پیش کر رہے ہیں اور اہلِ عالم کو بتا رہے ہیں کہ کسی بھی جگہ پر مواقع کبھی خود بخود نہیں پیدا ہوا کرتے بلکہ اس کے لئے بھرپور محنت کرنا پڑتی ہے اور مسلسل نئے سے نئے منصوبوں پر غور و فکر کرنا اور انہیں پایۂ تکمیل تک پہنچانا پڑتا ہے جس کے نتیجے میں منطقی اور تدریجی طور پر نئے سے نئے مواقع پیدا ہوتے چلے جاتے ہیں اور یوں افراد اور ملک دونوں کی معاشی حالت بھی تیزی سے بہتر سے بہتر ہوتی چلی جاتی ہے۔

تاہم، نئے، بہتر، مفید اور قابلِ عمل منصوبوں کی تشکیل کیلئے ہمیشہ ایسے بہت سے پلیٹ فارمز کی ضرورت ہوتی ہے کہ جہاں لوگ اپنے منفرد خیالات اور ایجادات پر گفتگو کیلئے اکٹھے ہو سکیں۔ علم تک سب کی رسائی کی راہیں تلاش کر سکیں اور سماج کے تمام گروہوں کیلئے مختلف اور وسیع مواقع کی پرداخت کے طریقے ڈھونڈ سکیں۔

بلاشبہ ایکسپو 2020 دبئی اس قسم کی تمام فکری نشستوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے کہ جہاں دنیا بھر کے ماہرین ایک دوسرے سے مل رہے ہیں اور ایک دوسرے کے تجربات اور معلومات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک میں اپنے پسندیدہ منصوبے شروع کرنے کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تھائی ماہرین بالخصوص مواصلاتی نظام، سیاحت اور ڈجیٹل روابط کے شعبوں میں اپنے ملک کی کامیابیوں کو دنیا بھر سے پویلین آنے والے مندوبین کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں، انہیں اپنے ملک کے ترقی پذیر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں اور ان کے ممالک میں ایسے منصوبے شروع کرنے کیلئے فنی و دیگر معاملات میں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروا رہے ہیں۔

Source:https://uaetimes.ae/land-of-smiles-announces-stunning-live-performances-cultural-performances-sumptuous-cooking-experiences-and-national-celebrations-offering-countless-fun-and-activities-to-meet-the-needs-of-all-ag/

تھائی پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

تھائی پویلین کے منتظمین پورے زور و شور سے اپنے ملک کی مصنوعات، سیاحتی مقامات اور وہاں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کی مارکیٹنگ کر رہے ہیں۔ یوں تو آپ کو پویلین کے مختلف حصوں میں انگنت دیدہ زیب تھائی مصنوعات دیکھنے کو ملیں گی مگر مندرجہ ذیل مصنوعات کو بالخصوص تھائی قوم کے طرۂ امتیاز کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے:

1۔ دنیا بھر میں تھائی ماہرین کی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی صحت اور غُسل سے متعلق تھائی مصنوعات

2۔ نزاکت اور دلکشی میں اپنا ثانی نہ رکھنے والی تھائی لینڈ کے فنکاروں کی بنائی ہوئی منفرد دستکاریاں

3۔ حُسن پرستوں اور آرائشِ جمال کے مشتاق مرد و زن کی من پسند سمجھی جانے والی میک اپ میں استعمال ہونے والی تھائی مصنوعات

4۔ نزاکت، باریکی، نفاست، رنگوں کے انتخاب اور دیگر پہلوؤں سے اپنی مثال آپ سمجھی جانے والی تھائی لینڈ کی مختلف مقامی مصنوعات یا سووینئرز

5۔ دنیا بھر کی خواتین میں بطورِ خاص بے حد مقبول تھائی لینڈ کے زیورات

6۔ ذائقوں اور خوشبو میں اپنا ثانی نہ رکھنے والے تھائی لینڈ کے کھانے اور فاسٹ فوڈ

تھائی معجزہ کیا ہے؟

تھائی لینڈ کے پویلین کی ایک اور خاص بات یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دیا جانے والا اور دنیا بھر میں بے حد مقبول تھائی رقص ہے جسے پرفارمنگ آرٹ کے دلدادگان و ماہرین اور اہلِ تھائی لینڈ اپنے ملک کا معجزہ قرار دیتے ہیں۔ یہ رقص شہرہ آفاق کرداروں ‘خون’ اور ‘تھائی’ کے روایتی رقص کی عہدِ حاضر کے جدید رقص کے ساتھ آمیزش کے ذریعے تھائی لینڈ کے فنون، مہارتوں اور ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔ تھائی لینڈ کے پویلین میں ہر پیر اور جمعہ کی شام اس محفلِ رقص کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

Source:https://www.pattayamail.com/thailandnews/thailands-presence-at-dubai-world-expo-will-benefit-economy-and-tourism-375237

چنانچہ اگر آپ دبئی یا متحدہ عرب امارات کی کسی بھی امارت میں مقیم ہیں اور تھائی لینڈ کے زیورات، غسل، رقص اور سووینئرز وغیرہ کو مِس کر رہے ہیں یا یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر اس ننھے سے ملک میں ایسا کیا ہے کہ دن بدن دنیا بھر میں اس کے دیوانوں کی تعداد بڑھتی ہی چلی جا رہی ہے تو پھر آپ کو اپنے قیمتی وقت میں سے محض چند گھنٹےنکال کر تھائی پویلین کا کم از کم ایک دورہ ضرور کر آنا چاہئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More