سعودی پویلین، ایکسپو 2020 دبئی

1,574

سعودی پویلین کیسا ہے؟

ایکسپو 2020 دبئی میں قائم سعودی پویلین سلطنت کے ماضی و حال اور اقوامِ عالم کے شاندار مشترک مستقبل کی بہترین عکاسی کر رہا ہے۔ سعودی پویلین ایکسپو 2020 کے اپرچونٹی ڈسٹرکٹ میں واقع ہے اور مندوبین کو بتاتا ہے کہ اقوام عالم کو ایک مشترک اور روشن مستقبل کے حصول کیلئے کس طرح مل کر کام کرنا اور کن حکمتِ عملیوں کو اپنانا چاہئے۔ آنے والوں کو سعودی قوم کی عزم و ہمت سے بھرپور ترقی کے سفر کی داستان سے روشناس کروانے کیلئے پویلین کو ‘لوگ، فطرت، ورثہ اور مواقع’ نام کے چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یوں ہر قسم کے مقاصد اور مزاج کے حامل افراد کو یہاں یقینی طور پر اپنی پسند کا بہت کچھ یا کچھ نہ کچھ ضرور مل جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی پویلین کی امارات بھر میں مقبولیت میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

سعودی پویلین ایکسپو 2020 دبئی کا دوسرا سب سے بڑا پویلین ہے اور اس کا کل رقبہ 13 ہزار 59 مربع میٹر ہے۔ پویلین کا تخلیقی اور سسٹین ایبل ڈیزائن لیڈ پلاٹینم سرٹیفائیڈ ہے۔ یہاں آنے والے سعودی عرب کے لوگوں، متنوع سطح زمین، مختلف خطوں، ماضی، حال اور مستقبل سے کما حقہ آگاہ ہو سکتے ہیں اور سلطنت کی تیز رفتار ترقی کی حکمتِ عملی کو سمجھ کر اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس پویلین کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ جمود یا یکسانیت اسے چھو کر بھی نہیں گزری۔ یعنی یہاں جاری سرگرمیوں کی تعداد اور مزاج میں اس قدر تفاوت پائی جاتی ہے کہ اگر آپ ایک بار صبح کو چکر لگانے کے بعد شام کو واپس آئیں تو آپ کو پویلین کے مناظر اس قدر بدلے ہوئے نظر آئیں گے کہ آپ کو یوں محسوس ہو گا کہ جیسے آپ کسی اور جگہ آ گئے ہیں۔

Source:https://gulfnews.com/expo-2020/photos/expo-2020-look-whats-inside-the-record-holding-saudi-arabia-pavilion-1.1632585652407?slide=2

سعودی پویلین کی امتیازی خصوصیات کیا ہیں؟

سلطنت کے عظیم الشان پویلین کی نمایاں خصوصیات حسبِ ذیل ہیں:

بے نظیر مہمان نوازی

آپ سعودی پویلین کا دورہ کریں اور عربوں کی روایتی مہمان نوازی سے محروم رہیں، ظاہر ہے ایسا نہیں ہو سکتا۔ یہاں آپ کا استقبال کرنے اور آپ کو سلطنت کے شاندار ماضی اور باکمال حال کی منفرد اور سنسنی خیز کہانیاں سنانے کیلئے ملنسار اور خوش اخلاق میزبانوں اور رہنماؤں کی ایک پوری ٹیم موجود ہو گی۔

Source:https://gulfnews.com/expo-2020/photos/expo-2020-look-whats-inside-the-record-holding-saudi-arabia-pavilion-1.1632585652407?slide=6

تخلیقی طرزِ تعمیر و زیبائش

سعودی پویلین میں آپ کو سلطنت کے ہنرمندوں اور فنکاروں کی مشترکہ کاوش کے طور پر ایک بصری خطہ بھی ملے گا جو کہ ایک جہازی سائز کے کثیر پہلوی 30 میٹر وسیع گلوب اور ایک متعامل فرش پر مبنی ہے جو آپ کو سلطنت کے بے نظیر، حسین اور تخلیقی مناظر کی سمعی و بصری سیر پر لے جاتا ہے۔

مستقبل کی سرزمین

پویلین میں ایک بزنس پارک بھی بنایا گیا ہے جہاں کوئی بھی آ سکتا ہے اور دنیا بھر سے آئے کاروباری رہنماؤں سے مختلف الانواع فنی و پیشہ ورانہ شراکت داریوں کے قیام اور بھاری سرمایہ کاری کے مواقع کے حصول کیلئے رابطہ کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہاں آنے والے افراد سعودی عرب کے مستقبل کے مختلف ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سلطنت کے اعلان کردہ متعدد منصوبوں کے بہت بڑے مجموعی پروگرام ویژن 2030 کے متعلق اہم اور مفید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ منصوبے دنیا بھر کے شہریوں کو شاندار رہائشی و تجارتی مواقع فراہم کرنے کیلئے تشکیل دیئے گئے ہیں اور ان دنوں ان پر نہایت برق رفتاری سے کام جاری ہے۔ چنانچہ اگر آپ سعودی پویلین کا دورہ کریں تو عین ممکن ہے کہ آپ ان منصوبوں کے متعلق جامع معلومات حاصل کرنے کے بعد ان میں سے کسی ایک یا زائد کو اپنے اگلے سیاحتی یا کاروباری دورے کا ہدف بنانے کا فیصلہ کر لیں۔

Source:https://gulfnews.com/expo-2020/photos/expo-2020-look-whats-inside-the-record-holding-saudi-arabia-pavilion-1.1632585652407?slide=4

مرکزِ جستجو

سعودی پویلین میں ایک مرکزِ دریافت بھی ہے۔ معیشت، سرمایہ کاری، فنون، ثقافت، فطرت، توانائی اور مزید بہت کچھ ایسا ہے کہ جسے آپ اس مرکز کی سیر کے دوران دیکھ اور سمجھ سکتے ہیں۔

دن اور رات کے مناظر میں فرق

سعودی پویلین رات کے وقت الگ اور دن کے وقت الگ سہولیات فراہم کرتا ہے۔ دن کے وقت یہاں آنے والے ایک عظیم الشان آئینے میں اپنی شبیہ دیکھ سکتے ہیں اور پویلین کے باہر جاری متعدد مظاہراتِ فن سے محظوظ ہو سکتے ہیں جب کہ رات کے وقت پویلین آنے والے یہاں دکھائے جانے والے منفرد اور شاندار نظاروں میں گم ہو سکتے ہیں۔

ثقافتی سرگرمیاں

سعودی پویلین ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کے معاملے میں بھی کسی سے پیچھے نہیں اور یہاں گاہے گاہے مختلف ثقافتی پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جن میں سعودی عرب کے مختلف خطوں میں بسنے والے مرد و زن کے من پسند اور روایتی پہناوؤں، کھانوں، موسیقی، شاعری، مصوری و دیگر اشیاء کو عالمی کمیونٹی کے سامنے اجاگر کیا جا رہا ہے۔ بالعموم رات کے اوقات میں یہاں سجائی جانے والی عرب موسیقی کی محفلوں اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں میں شریک فنکار پویلین آنے والے عالمی و عرب مندوبین سے خوب داد سمیٹ رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ پویلین اب تک نہ صرف ایک دن کے دوران 23 ہزار سے زائد افراد کا استقبال کرنے کا اعزاز حاصل کر چکا ہے بلکہ مجموعی طور پر بھی 5 لاکھ سے زائد افراد کا استقبال کر چکا ہے جو کہ کسی بھی عالمی نمائش میں سجائے گئے سعودی پویلین کا دورہ کرنے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

Source:https://www.saudigazette.com.sa/article/609623

سعودی پویلین میں کیا کیا ہے؟

سعودی پویلین میں ایک ماحول دوست توانائی کا سٹیشن ہے جہاں سے یہ سیکھا جا سکتا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کو اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر اور محفوظ مقام کیسے بنا سکتے ہیں۔ یہاں سعودی دستکاریوں اور دیگر روایتی ثقافتی مصنوعات کو بھی جا بجا نمایاں کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی نوجوان نسل کی تخلیقات اور تخلیق کردہ معاشی مواقع بھی نمائش کا دورہ کرنے والوں کو متاثر کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ پویلین انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ایکسپو 2020 دبئی کے 6 ماہ کے دوران مجموعی طور پر سعودی پویلین میں 1800 سے زائد پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں متعدد تھیمز ایسی بھی ہوں گی کہ جن پر ہفتہ وار پروگرامز بھی منعقد کئے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More