ملائیشیاء پویلین۔۔۔۔ انسان دوست، ماحول دوست

440

ملائیشیاء پویلین کی تھیم کیا ہے؟

انسانی معاشروں کا زندہ رہنے، اپنی ضروریات کی تکمیل اور ترقی کرنے کی خاطر آئندہ نسلوں کی بقاء کیلئے ناگزیر اشیاء و ذرائع کو نقصان نہ پہنچانا سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ یا پائیدار ترقی کہلاتا ہے۔ آج تک انسان جنگلات اور اوزون کی تہہ سے لے کر زمین میں چھپے توانائی و معدنیات کے خزانوں اور زمین کی زرخیزی تک انگنت ایسے ذرائع و اشیاء کو ایسے ایسے ناقابلِ تلافی نقصانات پہنچا چکا ہے کہ جن کے سبب آئندہ نسلوں کا کرۂ ارض پر بہتر اور محفوظ زندگی گزارنا خاصا مشکل ہو گیا ہے۔ تاہم، آج کے انسان کو اپنی اس غلطی کا پوری طرح احساس ہو چکا ہے اور وہ اس غلطی کو سدھارنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے پر پوری طرح آمادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ انسسٹین ایبل ڈویلپمنٹ یا ناپائیدار ترقی کو دل سے بُرا جاننے لگا ہے اور پوری کوشش کر رہا ہے کہ وہ ایسی ترقی نہ کرے کہ جو آنے والی نسلوں کی بربادی کا سبب بنے۔

تاہم، اہلِ ملائیشیاء نہ ایسا کچھ سوچ رہے ہیں اور نہ ایسی کوئی کوششیں کر رہے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیونکہ وہ خالی اور خیالی نہیں بلکہ عملی لوگ ہیں۔ چنانچہ وہ اس مجموعی انسانی غلطی کو سدھارنے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں اور ان کے اسی عمل کی ایک مثال ایکسپو 2020  دبئی کے دامن میں آباد ملائیشیاء پویلین ہے کہ جس کی تھیم ہی ‘پائیداریت کی حوصلہ افزائی کرنا’ یعنی ایسی انسانی ترقی پر زور دینا ہے کہ جو آنے والی نسلوں کیلئے کرۂ ارض کے ماحول اور دنیا کے ثقافتی، سیاسی و معاشی نظاموں کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر ممکن ہو سکے۔

Source:https://twitter.com/Expo20Malaysia/status/1450112505527750667/photo/3

ملائیشیاء پویلین کیسا ہے؟

اب اگر آپ اس تمام پس منظر کو سمجھ چکے ہیں تو پھر آپ کو یہ جان کر یقیناً بہت خوشی ہو گی کہ ملائیشیاء کا پویلین نیٹ زیرو کاربن پویلین ہے یعنی یہ کاربن کی نیوٹریلٹی یا توازن کو یقینی بناتا ہے۔ بہ الفاظِ دِگر یوں کہیئے کہ یہ عمارت اور اس کی تعمیر میں استعمال ہونے والا ہر قسم کا مواد جتنی کاربن ڈائی آکسائیڈ فضاء میں خارج کرتا ہے، اتنی ہی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ختم بھی کر دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ پویلین ایکسپو 2020 دبئی کے سسٹین ایبلٹی ڈسٹرکٹ میں واقع ہے۔ یہ عمارت ملائیشیاء کے بارش کا سبب بننے والے جنگلات جیسے ماحولیاتی کردار کی حامل ہے۔ یعنی یہ اپنے مٹیریئل، تعمیر اور روزمرہ امور کے دوران وجود میں آنے والے یا زیرِ استعمال ہر قسم کے کاربن ذرات کی از خود تلافی کرنے کی مکمل استطاعت رکھتی ہے۔

یوں آپ اگر اس پویلین کو شاندار خیالات اور روشن نظریات کی نمائش گاہ کہیں تو شاید زیادہ بہتر ہو گا اور اگر آپ ملائیشیاء کے پویلین کے اندر جائیں، گھومیں پھریں اور یہاں زیرِ نمائش تکنیکوں و اشیاء اور سرگرمیوں پر غائر نگاہ ڈالیں تو آپ کو یہ بھی معلوم ہو جائے گا کہ یہ پویلین پائیدار زراعت یعنی ماحول دشمن اور انسان دشمن زہریلی ادویات، زمین کی زرخیزی کم کرنے والی فصلوں، آبپاشی، ادویات اور دیگر اقسام کی آلودگیوں کو جنم دینے جیسی برائیوں سے مُبرا زراعت سے لے کر محدود کاربن پیدا کرنے والے شہر بنانے اور بسانے تک کے طریقوں اور ان پر عمل درآمد کی بھی نمائش کر رہا ہے۔

Source:https://twitter.com/Expo20Malaysia/status/1450112505527750667/photo/4

ملائیشیاء پویلین میں کیا ہو رہا ہے؟

ایکسپو 2020 دبئی میں رونق افروز ملائیشیاء پویلین میں جاری چند نمایاں سرگرمیاں حسبِ ذیل ہیں:

1۔ ملائیشیاء پویلین شوقِ دیدار اور بصیرتِ تعامل یا قوتِ خرید رکھنے والے دور دراز یا دبئی سے باہر موجود احبابِ زمانہ کو آن لائن ورچوئیل شراکت کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ اس سہولت کو استعمال کرنے کا طریقہ جاننے کے خواہشمند قارئین اس لنک سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

2۔ ملائیشیاء پویلین میں ایک ملائیشیاء کیفے بھی ہے۔ بالکل ویسے ہی جیسے دبئی اور پورے یو اے ای میں انگنت اہلِ ملائیشیاء بھی ہیں۔ چنانچہ یہ کیفے اپنی منفرد خوشبوئیات اور ذائقوں کے ساتھ دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والے افراد میں بالعموم اور یہاں آباد وطن کی یاد میں بے قرار انگنت ملائیشینز میں بالخصوص بے حد مقبول ہو گیا ہے۔

3۔ ملائیشیاء کا اچھوتے ڈیزائن کا حامل ‘رین فاریسٹ کینوپی پویلین’ بذاتِ خود بھی ایک زبردست نظارہ گاہ بنا ہوا ہے اور اس میں موجود نمائشیں دیکھنے والوں کی طرح محض اس پویلین کو دیکھنے کے شوقین افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

4۔ پویلین میں ملائیشیاء اپنی سسٹین ایبل عمارتی لکڑی اور اس سے بنی اشیاء کی بھی نمائش کر رہا ہے۔

5۔ پویلین میں ملائیشیاء کے بینکس بھی عالمی معیشت کی بحالی سے متعلق اپنے مفید اور قابلِ عمل خیالات اور پیکجز کے ساتھ پیش پیش ہیں۔

6۔ زندگیوں کو سسٹین ایبل یعنی ماحول دوست، انسان دوست اور معیشت دوست طور اطوار اور رویوں کے سانچوں میں ڈھالنے کے لئے یہاں ملائیشیاء کی ربر کونسل بھی اپنے بہترین آئیڈیاز اور مصنوعات کے ساتھ موجود ہے۔

Source:https://twitter.com/Expo20Malaysia/status/1448732569944698883/photo/2

7۔ نمائش میں ملائیشیاء کے تقریباً تمام بڑے چھوٹے برانڈز بھی اپنی انگنت شاندار اور اچھوتی مصنوعات اور بہترین خدمات کے ساتھ موجود ہیں۔

8۔ نمائش میں ملائیشیاء کی ثقافت، ثقافتی اشیاء و علامات، تہذیب اور تمدن کو بھی دنیا کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔

9۔ نمائش میں ملائیشیاء کا ٹیکنالوجی پارک اور ملائیشیاء کا گرین ٹیکنالوجی و ماحولیاتی تبدیلی کا مرکز بھی مشترکہ طور پر شریک ہیں جن کا مشن دنیا بھر میں موجود چھوٹے چھوٹے کاروباری اداروں کی مدد کرنا اور انہیں فنی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عالمی تجارت میں سے زیادہ بڑا حصہ اپنے نام کرنے کی استتاعت حاصل کر سکیں۔

10۔ پویلین میں ملائیشیاء عالمی ماحولیاتی تنازعے میں اپنے جنگلات کے مؤثر اور موافق کردار کو بھی دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔

11۔ ملائیشیاء کی کئی چھوٹی بڑی کمپنیاں اور محققین بھی انسانی معاشرے اور کاروباری ترقی کے لئے اپنی بہت سی مفید ایجادات کے ساتھ نہ صرف نمائش میں شریک ہیں بلکہ ایکسپو 2020 دبئی انوویشن گرانٹ جیتنے کیلئے پُرعزم بھی ہیں۔

12۔ ملائیشیاء کی وزارتِ سیاحت، فنون اور ثقافت پویلین کی پروموشنل پارٹنر بھی ہے اور اس یقین کے ساتھ اس نمائش میں شریک بھی ہے کہ وہ پویلین کا دورہ کرنے والے عالمی مندوبین کو ملائیشیاء میں موجود انگنت سیاحتی مقامات اور حسین نظاروں سے روشناس کروانے اور ملک میں سیاحت کو مزید فروغ دینے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کر لے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More