الحُکیر لینڈ ریاض

2,715

الحُکیر لینڈ کیا ہے؟

تاثر اکثر درست نہیں ہوتے کیونکہ ان کی بنیاد اندازوں پر رکھی جاتی ہے اور ظاہر ہے کہ اندازے یعنی مفروضے کسی بھی صورت حقائق کے سامنے نہیں ٹھہر سکتے کیونکہ ان کا وجود ہوا میں معلق جب کہ حقائق زمین پر موجود اور اپنے پیروں پر مضبوطی سے جمے ہوئے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کے متعلق آج تک بیرونی دنیا کی جانب سے قائم کئے جانے والے بیشتر مفروضے بھی کسی قسم کی بنیاد یا حقیقی وجود سے عاری ہیں۔ سعودی عرب کے متعلق بیرونی دنیا میں پایا جانے والا ایک عمومی تاثر یہ ہے کہ اب سے پہلے سعودی حکومت اور سرمایہ کار مقامی لوگوں کے لئے تفریحی مقامات کی تعمیر و ترقی میں قطعاً کوئی دلچسپی نہیں لیتے تھے اور انہوں نے ایک عرصہ تک اپنے لوگوں کو زیادہ تر تفریحات سے محروم رکھا ہے اور اب جو انہوں نے بہت تیزی سے ملک بھر میں تفریحی و سیاحتی منصوبوں کا جال بچھانا شروع کر دیا ہے تو بھی وہ یہ سب بنیادی طور پر اپنے لوگوں کے لئے نہیں بلکہ غیرملکی سیاحوں کو اپنے سیاحتی مقامات کی جانب متوجہ کرنے اور زرِمبادلہ کمانے کے لئے کر رہے ہیں۔

تاہم، سچ یہ ہے کہ ان تمام مفروضوں کا حقیقت سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں کیونکہ ملک بھر میں آج سے کئی دہائیاں قبل تعمیر کئے جانے والے زبردست تفریحی مقامات کی ایک لمبی فہرست موجود ہے۔ بس فرق صرف اتنا ہے کہ پہلے زمانوں میں تعمیر کئے جانے والے یہ تفریحی مقامات قدرے کم سہولیات سے آراستہ تھے اور ان کی تشہیر بالکل نہیں کی جاتی تھی۔ چنانچہ نہ تو یہ مقامات خود بیرونی دنیا کو اپنی جانب کھینچ سکے اور نہ ہی سعودی حکومت نے انہیں بیرونی دنیا میں متعارف کروانے میں کوئی دلچسپی لی۔ ایسا ہی مدتوں پہلے سے یہاں قائم ایک تفریحی مقام الحُکیر لینڈ بھی ہے جو کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تعمیر کردہ ایک تھیم پارک یا تفریحی پارک ہے جسے 1987ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔

الحُکیر لینڈ ایک نہایت خوبصورت تفریح گاہ ہے جو کہ بیشتر سہولیات سے آراستہ ہونے کی وجہ سے بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے اور کئی دہائیوں سے سعودی دارالحکومت میں موجود ہونے کے سبب یہاں جانا اور گھومنا پھرنا مقامی آبادی کی عادت اور روایت بن چُکا ہے۔ پارک کی اچھی بات یہ ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس کی رنگینیوں اور رعنائیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ یہاں کی انتظامیہ بدلتے وقت اور جدید تقاضوں کے ساتھ ساتھ یہاں موجود سہولیات میں مسلسل اضافہ کرتی رہتی ہے۔ یہ پارک سال بھر کھلا رہتا ہے اور بالخصوص اردگرد کی آبادیوں کے لوگ تو سکون اور آرام کے چند لمحوں کی تلاش میں کم و بیش بلاناغہ یہاں آتے ہیں، سیر کرتے ہیں، دوست احباب سے ملتے ہیں، گپ شپ کرتے ہیں، کھاتے پیتے ہیں اور اپنے بچوں کو کھیلنے کودنے اور صحت افزاء تفریح کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

الحُکیر لینڈ میں کیا کیا ہے؟

مشینی رائیڈز آج کل بلاشبہ بچوں میں بالخصوص اور بڑوں میں بالعموم بے حد مقبول ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ الحکیر پارک میں متعدد طرح کی مشینی رائیڈز کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں سے کچھ بچوں کے لئے اور کچھ بڑوں کے لئے ہیں جب کہ کچھ کمزور دل والوں کے لئے ہیں اور کچھ مضبوط دل والوں کے لئے۔ کچھ رائیڈز تو جسم میں اس قدر سنسناہٹ پیدا کر دیتی ہیں کہ اچھے اچھے مضبوط دل رکھنے کے دعوے دار بھی دل تھام کر رہ جاتے ہیں۔ البتہ خطرے کے تصور اور معانی سے ناآشنا بچے ان رائیڈز سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ یہاں ویڈیو گیمز کے شوقین افراد کے لئے بھی کئی طرح کی گیمز کھیلنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہاں لگائی گئی سینما سٹائل سکرینز اور خصوصی طور پر تخلیق کئے گئے ماحول میں ویڈیو گیمز کھیلنا یقیناً پرانے کھلاڑیوں کے لئے بھی ایک منفرد اور خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔

Source:https://www.inspirock.com/saudi-arabia/riyadh/al-hokair-land-a2303539935

الحُکیر لینڈ میں کچھ پارٹی رومز بھی بطورِ خاص بنائے گئے ہیں جہاں انتظامیہ کی جانب سے تو گاہے گاہے محافلِ موسیقی و دیگر فنی و ثقافتی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہی رہتا ہے تاہم، ان کے ساتھ ساتھ سکولز، نجی کمپنیاں اور افراد بھی اگر چاہیں تو یہاں اپنی تقریبات منعقد کر سکتے ہیں۔ وہ یہاں دوست احباب کو بلا کر ان کی ضیافت کر سکتے ہیں۔ کسی میوزک کنسرٹ کا اہتمام کر سکتے ہیں۔ اپنے بچوں کی سالگرہ کی تقریب منعقد کر سکتے ہیں۔ سکولز یہاں بچوں کے من پسند ماحول میں مختلف تعلیمی و تفریحی محافل اور ورکشاپس وغیرہ کا اہتمام کر سکتے ہیں تاکہ بچے کارٹون فلمز، رائیڈز اور موج مستی کے شوق میں کچھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی زیادہ دلچسپی اور دلجمعی کے ساتھ حصہ لیں۔

الحکیر لینڈ میں ایک ملٹی ڈائمینشن سینما بھی موجود ہے جہاں بچے کارٹونز دیکھ سکتے ہیں اور معلوماتی ڈاکیومینٹریز دیکھ سکتے ہیں اور بڑے اپنی پسند کی فلمیں اور ڈرامے وغیرہ دیکھ سکتے ہیں۔ مزید برآں، یہاں سپرنگ بورڈ یا ٹریمپولین بھی موجود ہے جس پر اچھلنا بچوں کا من پسند مشغلہ ہے۔ یہاں ڈوجم کارز یا بمپر کارز بھی موجود ہیں جنہیں چلانا اور ایک دوسرے سے اُلجھانا اور وہ بھی کسی خوفناک حادثے کے خطرے کے بغیر، بلاشبہ بچے ہی نہیں بڑے بھی بہت پسند کرتے ہیں۔

Sourcehttps://www.inspirock.com/saudi-arabia/riyadh/al-hokair-land-a2303539935

یہ ٹھیک ہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کا موسم سال کے بیشتر مہینوں میں نہایت گرم اور خشک رہتا ہے مگر اس کے باوجود یہاں آنے والے سیاحوں کو گھبرانے کی چنداں کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ الحکیر لینڈ کی انتظامیہ نے گرمی کے ستائے بچوں اور بڑوں دونوں کے لئے ٹھنڈے پانی کے شاندار سوئمنگ پولز کا اہتمام کر رکھا ہے کہ جن میں غوطہ زن ہو کر بلاشبہ وہ سُکھ کا سانس لے سکتے ہیں۔

تفریح کھانے پینے کے بغیر یقیناً ادھوری اور بے مزہ رہتی ہے۔ لہٰذا الحکیر لینڈ میں موجود فوڈ اینڈ بیوریج سیکشن بھی آپ کا منتظر ہے جہاں آپ کو ٹھنڈے اور گرم مشروبات بھی ملیں گے، کانٹی نینٹل کھانے بھی ملیں گے اور فاسٹ فوڈ بھی ملے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More