دبئی ایکسپو 2020

677

دبئی ایکسپو 2020 کیا ہے؟

صدیاں گزر گئیں۔ انگنت تہذیبیں آئیں اور مٹ گئیں۔ بڑے بڑے جغادری سائنسی ماہرین و فلسفی مٹی میں مل گئے مگر حضرتِ انسان کی ٹائم مشین بنانے یعنی وقت کے پہیے کو اُلٹا گھمانے کی خواہش کبھی پوری نہ ہوئی۔ چنانچہ تیمور حسن تیمور نے انوکھے لاڈلے یعنی حضرتِ انسان کو یہ کہہ کر جی بہلانے کا مشورہ دے ڈالا تھا کہ جو حقیقت میں نہ پا سکو اس کے محض خواب دیکھ کر جی بہلا لیا کرو، یعنی

وہ جو ممکن نہ ہو ممکن یہ بنا دیتا ہے

خواب دریا کے کناروں کو ملا دیتا ہے

لیکن کیا کریں اہلِ دبئی کا کہ یہ سرحدیں تسلیم کرنے کے قائل ہی نہیں رہے۔۔۔۔۔ شاید انہوں نے عدیم کے اس اصول کو گلے کا ہار بنا لیا ہے کہ

پلٹ کے آنکھ نم کرنا، مجھے ہرگز نہیں آتا

گئے لمحوں کا غم کرنا، مجھے ہرگز نہیں آتا

سرِ تسلیمِ خم کر کے بہت کچھ مل تو سکتا ہے

سرِ تسلیمِ خم کرنا، مجھے ہرگز نہیں آتا

محبت ہو تو بے حد ہو، جو نفرت ہو تو بے پایاں

کوئی بھی کام کم کرنا، مجھے ہرگز نہیں آتا

لہٰذا بھلا ہو اہلِ دبئی کا کہ انہوں نے وقت کا پہیہ الٹا گھما ڈالا ہے اور 2021ء کے جنگل میں 2020ء کا منگل کر دکھایا ہے۔۔۔۔۔ جی ہاں! بات ہو رہی ہے دبئی ایکسپو 2020 کی۔

ناشُدنی کورونا وائرس کے سبب تاخیر کا شکار ہونے والی دبئی ایکسپو 2020 کا پورے طمطراق کے ساتھ افتتاح ہو چکا ہے۔ چند دن پہلے تک کی نمائش کے منتظمین کی ایک معصومانہ خواہش یا امید آج حقیقت میں بدل چکی ہے اور یہ نمائش کورونا بحران کے آغاز کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا عالمی اجتماع بن چکی ہے۔ دبئی کے 1 ہزار 83 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی فنِ تعمیر کی شاہکار عمارات کے اندر دنیا کے 190 سے زائد ممالک اپنی ثقافتوں اور تخلیقات کی نمائش کر رہے ہیں۔

Source:https://twitter.com/HazzaBinZayed/status/1443623692211265536/photo/2

دبئی ایکسپو کے مقاصد کیا ہیں؟

ایک اندازے کے مطابق، دبئی کی حکومت اس نمائش کو منعقد کروانے پر اب تک 7 بلین امریکی ڈالرز کی خطیر رقم خرچ کر چُکی ہے۔ حکام کو امید ہے کہ ان کی یہ کاوش محض اگلے 6 ماہ کے اندر اندر 25 ملین یعنی اڑھائی کروڑ افراد کو دبئی کی جانب متوجہ کرے گی جس کے نتیجے میں اس امارت میں سیاحت اور سرمایہ کاری دونوں شعبوں میں ہوشرُبا ترقی ہو گی۔ یاد رہے کہ یکم اکتوبر 2021ء کو شروع ہونے والی یہ نمائش 31 مارچ 2022ء تک جاری رہے گی۔

اس نمائش کے انعقاد کا بنیادی مقصد ‘ذہنوں کو ملانا اور مستقبل کی تعمیر کرنا’ ہے تاکہ تعلیم، تخلیقات اور تعاون کے اہم ترین اور معتبر ترین شعبوں میں اہلِ عالم کو درپیش بڑے اور سنگین مسائل کے حل تلاش کرنے کیلئے دنیا کے تمام ممالک اور اقوام کو اکٹھا کیا جا سکے۔

Source:https://twitter.com/MohamedBinZayed/status/1443664936157122594/photo/1

دبئی ایکسپو کی افتتاحی تقریب کیسی رہی؟

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے جمعرات کی شام ایک نہایت حسین، رنگین اور پُروقار تقریب میں نمائش کا افتتاح کیا۔ اس تقریب میں دنیا بھر سے بے شمار عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے بھی شرکت کی جن میں اطالوی مغنیہ اینڈریہ بوسیلی، برطانوی پاپ سٹار ایلی گولڈِنگ اور چینی پیانو نواز لینگ لینگ بھی شامل تھے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ یہ نمائش ایک ایسا غیرمعمولی واقعہ ہو گا کہ جو انسانی یادداشت میں طویل عرصے کے لئے نقش ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ ہم اپنی برداشت اور رواداری جیسی اعلیٰ اقدار کی امین سرزمین پر 192 ممالک کے نمائندگان کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں اور درحقیقت ہم اس عالمی اجتماع پر اس لئے سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ انسانیت کے لئے بے انتہاء ضروری بین الاقوامی تعاون کو درپیش عالمی مسائل کے حل تلاش کئے جا سکیں۔

Source:https://twitter.com/MohamedBinZayed/status/1443664936157122594/photo/2

دبئی ایکسپو میں کیا کیا ہے؟

وسیع و عریض رقبے پر منعقد کردہ دبئی ایکسپو میں 192 ممالک کے علیحدہ علیحدہ پویلینز تو ہیں ہی کہ جہاں ان ممالک کی حکومتوں، سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، فنکاروں، ماہرین، ہنرمندوں، دستکاروں، تاجروں و دیگر اربابِ بست و کشاد نے اپنی اپنی ایجادات، تخلیقات، فنون، خیالات، نظریات، تجربات و عجائبات کے موتی بکھیر رکھے ہیں اور اہل قلب و نظر کو ورطۂ حیرت میں ڈال رکھا ہے مگر ان پویلینز کے علاوہ یہاں اور بھی بہت کچھ ہے۔

اس ایکسپو کے اہم ترین مقامات اس کے کچھ خصوصی پویلینز ہیں۔

1۔ یہاں ایک سسٹین ایبلٹی ڈسٹرکٹ ہے جو دنیا بھر میں موجود ماحول دوست توانائی کے بہتر سے بہتر ذرائع اور دیگر ماحول دوست اشیاء کی نمائش کر رہا ہے۔

2۔ یہاں ایک موبیلٹی ڈسٹرکٹ بھی موجود ہے کہ جو طبعی یا مادی دنیا اور ورچوئل یا آن لائن دنیا کے مابین موجود تفریق کو تحلیل کرتے ہوئے دنیا کو بہتر اور مؤثر انداز میں مربوط کر کے زیادہ تیزی سے آگے لے جانے کے طریقے دکھا رہا ہے۔ تاہم آپ کے لئے ایکسپو کے اس حصے میں ہونے والے سریع الحرکت مظاہراتِ ٹیکنالوجی کو شاید لفظوں کی تصویر سے پردۂ تصور پر نقش کرنا ذرا مشکل ہو، لہٰذا آگے بڑھتے ہیں۔۔۔۔

3۔ اگر آپ ایسے اربابِ بست و کشاد کو دیکھنا اور ملنا چاہتے ہیں کہ جو آج کے خوابوں اور خواہشوں کو کل کی حقیقتوں میں بدل رہے ہیں تو پھر آپ کیلئے دبئی ایکسپو کے منتظمین نے ایک اپرچونٹی ڈسٹرکٹ بھی بنا رکھا ہے۔

4۔ دبئی ایکسپو آپ کے لئے پروگرام فار پیپل اینڈ پلانٹ بھی لے کر آئی ہے۔ یہ پلیٹ فارم ہر اس شخص کے لئے ہے کہ جو معاشرے اور زمین کی بہتری و ترقی کے لئے اپنے خیالات و ایجادات کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہے۔

5۔ دبئی ایکسپو عالمی مجالس کا اہتمام بھی کر رہی ہے۔ جہاں اہل فکر و دانش اور طلبہ و ماہرین کو انگنت دلچسپ، اہم، تحیر آمیز، سنجیدہ، علمی، فکری، انسانی و تہذیبی مسائل پر تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

6۔ ایکسپو کا ایک اور اہم اقدام گلوبل بیسٹ پریکٹس پروگرام بھی ہے کہ جہاں دنیا کو درپیش نہایت بڑے بڑے مسائل کے حقیقی حل نمائش کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں۔

7۔ انسانی تہذیب کے ارتقاء اور عروج میں خواتین کے کردار کا اعتراف کرنے کے لئے، ان کی عظمت کو سلام پیش کرنے کے لئے اور ان کی مسلسل جاری کاوشوں کی نمائش کرنے کیلئے دبئی ایکسپو میں ایک وومینز پویلین بھی موجود ہے۔

8۔ اس عظیم الشان اور طویل المعیاد ایونٹ کے شراکت داروں اور منتظمین کے پویلینز بھی دبئی ایکسپو کا حصہ ہیں۔

1 Comment
  1. Mirza Riasat Baig says

    Proud to be part of Expo2020 construction stage.It was so difficuilt and challanging time due to Covid-19.

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More