سیل آئی لینڈ جدہ

1,304

سیل آئی لینڈ کیا ہے؟

آنکھیں دو ہیں، عمر تھوڑی ہے اور جھنجٹ بے پناہ ہیں اور اس پہ طُرہ یہ کہ حُسن بے حساب اور مزید آرائشِ جمال ہنوز جاری ہے! بندہ جائے تو جائے کہاں؟ آتش یاد آ گئے

مشتاقِ دردِ عشق دل بھی ہے جگر بھی ہے

کھاؤں کدھر کی چوٹ بچاؤں کدھر کی چوٹ

کیا دیکھے؟ کیا نہ دیکھے؟ وقت اور دیگر وسائل کہاں سے لائے کہ بہت کچھ دیکھ سکے اور حُسنِ جہاں کی جِلا بخش اور عمل انگیز تاثیر سے اپنے وجود میں ایسی توانائیاں سمیٹ سکے کہ جو اُسے اپنے معمولات کو زیادہ سُرعت سے نمٹانے اور زیادہ وقت اور زیادہ وسائل بچانے کے قابل بنا دیں تاکہ وہ سارے عالم میں جا بجا بکھری ہوئی قدرت کی کرشمہ سازیوں اور اس کے نائب کی صناعیوں میں سے کم از کم چند ایک کو تو اپنی نگاہوں میں سیمٹ اور دل میں بسا سکے!

بہرحال اگر آپ بھی تہی دست اور وقت کے معجزے سے محروم ہیں اور تھوڑے وقت میں زیادہ کچھ دیکھنا چاہتے ہیں اور خوب خوش ہونا چاہتے ہیں اور قدرتی مناظر کی دلکشی اور آج کے انسان کی جدت طرازیوں دونوں سے شناسا ہونا چاہتے ہیں تو پھر آئیے چند لمحوں کیلئے جدہ چلتے ہیں اور وہاں کے سیل آئی لینڈ یا جزیرہ الشراع کی سیر کرتے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ کیا واقعی جدید شہروں میں بھی فطرت کے جلوے دیکھے جا سکتے ہیں یا ان پر صرف اہلِ دیہات، والیانِ جنگل، بندگانِ صحرا اور مردانِ کوہستان ہی کا حق ہے؟

Source:https://www.sail-island.com/mediacenter.php?section=3

سیل آئی لینڈ سعودی عرب کے شہر جدہ میں بحیرۂ احمر کے ساحل پر ایک نیا تفریحی مقام ہے۔ اگر آپ بچے ہیں تو سمجھ لیں کہ یہاں آپ کے لئے سب کچھ ہے اور اگر آپ بچوں والے ہیں تو جان لیں کہ آپ اور آپ کے بچے دونوں یہاں بہت خوش ہوں گے۔ سیل آئی لینڈ ایک مصنوعی جزیرہ نُما ہے جس کو مرجان کی ایک چٹان کے کنارے پر بنایا گیا ہے۔ اِسے خاص طور پر ملک میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہاں متعدد عمارات، سہولیات اور تفریحات آنے والوں کی منتظر ہیں۔ تمام عمارتیں پُرتعیش، ایک منزلہ اور بالخصوص گرمیوں کے موسم کی مناسبت سے ڈیزائن کی گئی ہیں۔ ان عمارتوں کے وسط میں سوئمنگ پول ہے اور بیرونی جانب سمندر کا حُسن۔ یہاں سیاحوں کے لئے بحیرۂ احمر کے روبرو آرام کرنے کے کئی پلیٹ فارمز اور مختلف اقسام کی کھیلیں کھیلنے کے لئے بہت سے خصوصی گوشے تعمیر و آراستہ کئے گئے ہیں۔

اس جزیرہ نما کو سیل آئی لینڈ کا نام دینے میں بھی ایک خاص حکمت پوشیدہ ہے۔ یہاں تعمیر کی گئی عمارات کو دور سے دیکھیں تو بالکل، اور قریب سے دیکھیں تو بڑی حد تک، سیل یعنی بادبانی کشتیاں یا بحری جہاز ہی معلوم ہوتی ہیں۔ ابھی تک تو یہاں بادبانی کشتیوں سے مشابہ چار عمارتوں یا حصوں پر مشتمل مصنوعی جزائر کا صرف ایک جُھرمٹ یا گروہ ہی تعمیر کیا گیا ہے جس کے تمام اجزاء سمندر پر تعمیر کئے گئے چھوٹے چھوٹے پُلوں کے ذریعے باہم مربوط ہیں تاہم حکام کا خیال ہے کہ یہاں جزائر کے ایسے 9 مزید گروپس بھی تعمیر کئے جائیں گے جن کی تعمیر کے بعد اہل جدہ کے لئے بالخصوص اور غیرملکی سیاحوں کے لئے بالعموم یہاں تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے اور فرصت کے لمحات سے لطف اندوز ہونے کے مواقع بہت بڑھ جائیں گے۔ ان بادبانی کشتیوں جیسی عمارات کی چھتیں اندر موجود لوگوں کے لئے سائے کا انتظام بھی کرتی ہیں اور باہر موجود لوگوں کو اس قابل بھی بناتی ہیں کہ وہ بہت دور سے بھی آرام سے ان عمارتوں کو دیکھ اور پہچان سکتے ہیں۔ یوں ان عمارات کا منفرد طرزِ تعمیر ان کی تشہیر یا مقبولیت میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

سیل آئی لینڈ کا ماحول کیسا ہے؟

تمام بادبانی کشتی نما عمارتوں کو جزیرہ نما کے ایک اندرونی اور بند حصے میں اکٹھا کر دیا گیا ہے اور یہ سب عمارتیں ایک سوئمنگ پول اور بچوں کے کھیل کود کے حصے کو چاروں جانب سے گھیرے ہوئے ہیں۔ جب کہ بیرونی جانب ان سب عمارتوں اور ریستورانوں تک پہنچنے کا کشادہ راستہ ہے۔ چاروں طرف سمندر کی موجوں، گرم ہوا کی کثرت اور حبس کے باوجود ان خیمہ نما بستیوں میں پہنچتے ہی آپ کو ہلکا ہلکا ٹھنڈا اور پُرسکون ماحول ملے گا۔

Source:https://www.sail-island.com/mediacenter.php?section=3

سیل آئی لینڈ میں بچوں کے لئے کیا ہے؟

سیل آئی لینڈ میں بچوں کے لئے ایک تھیئٹر بھی بنایا گیا ہے جہاں بہت سے دلچسپ کردار ہر ہفتے کے اختتام پر بچوں کے لئے ایک خصوصی شو لے کر آتے ہیں اور انہیں مزے مزے کی کہانیوں کے کرداروں میں ڈھل کر محظوظ بھی کرتے ہیں اور کھیل ہی کھیل میں بہت کچھ سیکھنے اور جاننے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ تھیئٹر ڈراموں کے علاوہ یہاں بچوں کو گانے، پُتلیوں کا ناچ دیکھنے، جادو کے کمالات دیکھنے اور مسخروں کی اٹھکھیلیوں پر حیران ہونے، سوال کرنے، تجسس آشنا ہونے اور کھلکھلانے کا موقع بھی ملتا ہے۔ تھیئٹر انتظامیہ کی جانب سے یہاں آنے والے بچوں کو اپنی مرضی کے افسانوی کرداروں سے آشنا ہونے اور ان میں رنگ بھرنے کے لئے کہانیوں کی کتابوں، رنگ بھرنے کے لئے تصویری کاپیوں اور پینسلوں وغیرہ پر مشتمل تحائف بھی دیئے جاتے ہیں۔

تھیئٹر کے علاوہ سیل آئی لینڈ میں بچوں کے لئے ایک سینڈ ایریا بھی ہے جہاں تخلیقی مزاج کے حامل بچے روایتی کھیل کود سے محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ ریت کے گھروندے اور کھلونے بھی بنا سکتے ہیں اور اپنے اندر کے فنکار یا انجینیئر کو بھی جگا سکتے ہیں۔

جزیرہ نما کے آبی پارک میں خاص طور پر بچوں کے لئے بھی ایک سوئمنگ پول موجود ہے جو انہیں یہاں کے گرم موسم میں بھرپور تفریح کا سامان مہیا کرتا ہے۔ یہاں بچوں کے لئے سلائیڈز اور فوارے بھی ہیں اور پانی سے متعلق تمام دوسری تفریحات بھی ہیں۔ دریں اثناء بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ نے پارک بھر میں لائف گارڈز کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا ہے جو بچوں کو دستیاب تفریحات سے لطف اٹھانے میں مدد بھی دیتے ہیں اور انہیں کسی قسم کے نقصان سے بچانے کے لئے ہر دم مستعد و مددگار بھی رہتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More