انڈیا امارات تعاون برائے توانائی و بینکاری

2,694

انڈیا امارات تعاون برائے توانائی کب شروع ہوا؟

جنوری 2017ء میں ابو ظہبی کے ولی عہد کے دورۂ انڈیا کے دوران، ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) کرناٹکا کے شہر مینگلور میں خام تیل کا سٹریٹجک ذخیرہ تیار کرنے پر رضامند ہوئی اور انڈین سٹریٹجک پٹرولیم ریزروز (آئی ایس پی آر ایل) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے۔ اس ذخیرے کی تیاری کے بعد انڈین حکومت کی ملکیت آئی ایس پی آر ایل ابو ظہبی کروڈ کے 5.86 ملین بیرلز کو کرناٹکا میں زیرِ زمین ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کی حامل سہولت حاصل کر لے گی۔ یہ اس قسم کی تیسری سہولت ہے جو اے ڈی این او سی نے ایشیاء میں تیار کی ہے۔ اس سے قبل ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی جاپان اور جنوبی کوریا میں بھی ایسے ہی معاہدوں کے تحت تیل ذخیرہ کرنے کے منصوبے مکمل کر چکی ہے۔

ادنوک انڈیا میں کیا کر رہی ہے؟

اے ڈی این او سی کی جانب سے آئی ایس پی آر ایل کے لئے خام تیل کا پہلا ذخیرہ مئی 2018ء میں تیار کیا گیا اور تیل کی پہلی کھیپ 21 مئی، دوسری 9 اکتوبر اور تیسری 7 نومبر 2018ء کو انڈیا پہنچی۔ 12 نومبر 2018ء کو ابو ظہبی کی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) نے کرناٹکا میں پادور کے مقام پر آئی ایس پی آر ایل کی زیر زمین تیل ذخیرہ کرنے کی سہولت کے قریب ہی خام تیل تلاش کرنے کے لئے انڈین سٹریٹجک پٹرولیم ریزروز لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے۔

انڈیا کب اماراتی آئل سیکٹر میں داخل ہوا؟

انڈیا کی سرکاری ملکیت آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن کی سربراہی میں قائم ایک کنسورشیم کو، جس میں انڈین آئل اور بھارت پٹرو ریسورسز بھی شامل ہیں، 599 ملین ڈالر کی فیس برائے شمولیت ادا کرنے پر متحدہ عرب امارات میں زیریں زکوم آئل فیلڈ کے علاقے میں 10 فی صد حصہ دے دیا گیا ہے۔ یہ ڈیل بتاتی ہے کہ ایسا تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ امارتِ ابو ظہبی نے ایک انڈین گروپ کو کسی آئل فیلڈ میں حصہ دار بنایا ہے۔

رتنا گری پراجیکٹ کیا ہے؟

سعودی آرامکو اور ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی نے رتنا گری ریفائنری اور پٹرو کیمیکلز لمیٹڈ کے منصوبے کو مشترکہ طور پر مکمل کرنے کے لئے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جو کہ 1.2 ملین بیرلز پٹرول روزانہ صاف کر سکنے کی صلاحیت کی حامل ایک بہت بڑی ریفائنری اور پٹروکیمیکلز کمپلیکس کی تعمیر کا مشترکہ معاہدہ ہے۔ یہ ایک تذویراتی اشتراک اور رتنا گری میں بہت بڑی ریفائنری اور پیٹرو کیمیکلز کمپلیکس کی تیاری کے لئے 44 بلین ڈالر کی نئی مشترکہ سرمایہ کاری ہے۔ یہ معاہدہ سعودی آرامکو اور اے ڈی این او سی کی جانب سے انڈین آئل لمیٹڈ، بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ پر مبنی انڈین نیشنل آئل کمپنیز کے ایک کنسورشیم کے ساتھ اشتراک کر کے مشترکہ طور پر تعمیرکئے جانے والے، مشترکہ ملکیت اور مشترکہ طور پر چلائے جانے والے کمپلیکس سے متعلق مشترکہ تذویراتی تعاون کے اصول متعین کرتا ہے۔ سعودی آرامکو اور اے ڈی این او سی مل کر اس نئی مشترکہ طور پر چلائی جانے والی کمپنی آر آر پی سی ایل کی نصف ملکیت کی حامل ہوں گی جبکہ باقی نصف کا مالک انڈین کنسورشیم ہو گا۔

انڈیا ابو ظہبی آن شور بلاک 1 میں کیا کر رہا ہے؟

ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی اے ڈی این او سی نے 25 مارچ 2019 کو 2 انڈٰین آئل کمپنیوں بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ اور انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کے کنسورشیم سے ابو ظہبی آن شور بلاک ون میں تیل تلاش کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے۔ تیل کی تلاش کے مرحلے میں کنسورشیم 100 فی صد حصے کا مالک ہو گا اور 170 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ اس سرمایہ کاری میں ابو ظہبی آن شور بلاک ون میں تیل اور گیس کی موجودگی کے مواقع تلاش کرنے اور انہیں جانچنے کے عمل میں شریک ہونے کی فیس بھی شامل ہے۔ بلاک ون میں تیل تلاش کرنے اور دریافت شدہ تیل کے ذخائر کی صلاحیت کا تخمینہ لگانے میں کامیابی کے بعد انڈین کنسورشیم ہی کو موقع دیا جائے گا کہ وہ دریافت شدہ ذخائر کو ڈویلپ کرے اور وہاں سے تیل کی پیداوار کا آغاز کرے۔ تاہم، ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی کے پاس اس بات کا اختیار ہے کہ وہ تیل کی پیداوار کے مرحلے میں 60 فی صد حصہ اپنے پاس رکھ لے۔

کیا یو اے ای میں کوئی انڈین بینک ہے؟

بینک آف برودا جو کہ اکلوتا ہندوستانی بینک ہے جسے متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ نے ملک میں تمام بینکنگ آپریشنز کرنے کا لائسنس دے رکھا ہے، 1974ء سے یو اے ای میں کام کر رہا ہے۔ بینک آف برودا کے یو اے ای میں 1 زونل آفس، 6 برانچیں اور 4 کسٹمر سروس سینٹرز کام کر رہے ہیں۔ دیگر انڈین بینکس جن کے متحدہ عرب امارات میں نمائندہ دفاتر موجود ہیں، ان میں بینک آف انڈیا، ایچ ڈی ایف سی بینک لمیٹڈ، آئی سی آئی سی آئی بینک لمیٹڈ، پنجاب نیشنل بینک، یونین بینک آف انڈیا، فیڈرل بینک، آندھرا بینک، کارپوریشن بینک، ایکسِس بینک، انڈین اوور سیز بینک اور انڈسٹریل بینک لمیٹڈ وغیرہ شامل ہیں۔

کیا انڈیا میں کوئی اماراتی بینک ہے؟

انڈیا میں متعدد اماراتی بینکس کام کر رہے ہیں۔ ابو ظہبی کمرشل بینک کی انڈیا میں 2 برانچیں ہیں جبکہ مشرق بینک کی 1 برانچ ہے۔ نیشنل بینک آف ابو ظہبی نے 2 نومبر 2015ء کو انڈیا میں اپنے بینکنگ آپریشنز کا آغاز کیا تھا۔

کیا اماراتی و انڈین مالیاتی ادارے اکٹھے کام کرتے ہیں؟

انڈیا کا کنارا بینک اور سٹیٹ بینک آف انڈیا یو اے ای میں مقامی منی ایکسچینج ہاؤزز کے ساتھ اشتراک کر کے یہاں کرنسیوں کے تبادلے کے مراکز چلا رہے ہیں۔ یہ مراکز انڈیا سے یو اے ای آنے اور یہاں سے انڈیا جانے والے انڈین و دیگر مسافروں کو اماراتی درہم کو انڈین کرنسی سے یا انڈین کرنسی کو اماراتی درہم یا دیگر کرنسیوں سے تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ یوں انڈیا سے امارات خریداری و تفریح کے لئے آنے والوں کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے کاروباری افراد کے لئے بھی یہ سینٹرز نہایت سود مند ثابت ہو رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More