نیوم میں کیمپِنگ، ویرانے میں بہار

498

کیا نیوم میں کیمپنگ ہو رہی ہے؟

جب جنگل میں منگل ہو سکتا ہے، ریت میں پھول کِھل سکتے ہیں، ویرانے میں چُپکے سے بہار آ سکتی ہے اور بیمار کو بے وجہ قرار آ سکتا ہے تو پھر نیم صحرائی، نیم پہاڑی اور نیم ساحلی زیر ت
عمیر شہر نیوم کی سائٹ پر کیمپنگ کیوں نہیں ہو سکتی؟ یقیناً ہو سکتی ہے بلکہ ہو رہی ہے کہ یہ دنیا تو شاید انہونی اور ہونی کا فرق مٹانے ہی کے لئے بسائی گئی ہے۔ کل کا آدمی جیسا بھی تھا، آج کا یکسر مختلف اور نہایت بے چین ہے۔ کسی طور نِچلا نہیں بیٹھتا۔ ہر وقت کُچھ نیا کرنے کے بہانے ڈھونڈتا رہتا ہے۔ کبھی شہروں میں جنگل اُگانے لگتا ہے تو کبھی جنگل میں منگل منانے لگتا ہے۔ یہی اضطرابِ آدم ہے جو کبھی ایجاد، کبھی دریافت، کبھی جُستجو، کبھی تلاش اور کبھی محنت کے روپ میں ہویدا ہوتا ہے۔ لیکن اگر نیوم اور اُس کے مقام پر جاری سرگرمیوں کی بات کریں تو یہ شاید اُن معدودے چند مقامات میں سے ایک ہو گا کہ جہاں صرف محنت، تلاش، جستجو، دریافتوں اور ایجادات جیسی عرق ریزیاں اور جاں فشانیاں ہی نہیں ہو رہیں بلکہ کیمپنگ کی شکل میں موج مستی اور ہلا گُلا بھی ہو رہا ہے۔

نیوم کی سائٹ پر کون کیمپنگ کر رہا ہے؟

نیوم کی سائٹ پر موجود کارکنان اور سیاح دونوں وہاں کیمپنگ کر رہے ہیں اور اس رُجحان میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ انتظامیہ یہاں کیمپنگ کو فروغ دینے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے اور کیمپنگ کا شوق رکھنے والوں کے لئے یہاں متعدد سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

Source:https://www.halayalla.com/sa-en/experiences/alula/tours-and-attractions/discover-neom

کارکنان نیوم کی سائٹ پر کیوں کیمپنگ کرتے ہیں؟

نیوم کی سائٹ پر موجود کارکنان کو وہاں موجود مختلف آثارِ قدیمہ کے درمیان اور دلکش مناظر قدرت کے قریب گاہے گاہے کیمپنگ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ وہ اپنے گھروں سے دور اس ویرانے میں کسی قسم کی اُکتاہٹ یا ذہنی تناؤ کا شکار نہ ہوں بلکہ کیمپنگ کے مختصر وقفوں کے سبب بار بار تازہ دم ہوتے رہیں اور زیادہ توانائی اور زیادہ تخلیقی فکر کے ساتھ اس نئی دنیا کو بسانے اور سجانے کا کام کرتے رہیں۔

سیاح نیوم کی سائٹ پر کیوں کیمپنگ کر رہے ہیں؟

سعودی عرب کے مختلف علاقوں کے لوگوں اور دیگر ملکوں سے یہاں آنے والے سیاحوں کو نیوم کی سائٹ پر کیمپنگ کی ترغیب دینے اور سہولیات فراہم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اس میگا سٹی کے آباد ہونے سے پہلے ہی دنیا کو اس سے زیادہ سے زیادہ متعارف کروایا جا سکے اور یہ باور کروایا جا سکے کہ اس خطے کا حُسن اور اس کے جغرافیائی خد و خال کا تنوع واقعی اس قابل ہے کہ یہاں سیاحت، رہائش، سرمایہ کاری اور روزگار کے حصول جیسے معاملات کیلئے آیا جائے۔

سیاحوں کیلئے نیوم کی سائٹ پر کیا ہے؟

نیوم آنے والے سیاح یہاں موجود متعدد خوبصورت وادیوں کی سیر کر سکتے ہیں اور اُن کے حُسن سے اپنی آنکھوں کو خیرہ کر سکتے ہیں۔ قدیم پہاڑوں میں چُھپے ہوئے انگنت غار اور اُن غاروں میں دفن تاریخ کے نقوش تلاش کر سکتے ہیں۔ پہاڑوں کی اوٹ سے اُبھرتے ہوئے سورج کا استقبال کر سکتے ہیں اور تالابوں کے دامن میں ڈوبتے ہوئے سورج کو الوداع کہہ سکتے ہیں۔ رات کو آسمان پر چمتے تاروں کے جُھرمٹوں سے ہم کلام ہو سکتے ہیں اور اپنے قدموں میں بچھے پانیوں کے طفیل زمین پر تاروں کا عکسی فرش بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اپنے جیسے فطرت سے پیار کرنے والے اور جنگل میں منگل منانے والے بہت سے دیگر سیاحوں سے مل سکتے ہیں اور اُن سے اُن کے پسندیدہ اور آنکھوں دیکھے دنیا کے دیگر حسین اور قابل دید مقامات کے متعلق آگاہی لے سکتے ہیں۔ ہائیکنگ کر سکتے ہیں۔ کیمپنگ کر سکتے ہیں۔ اپنے لئے خود خیمے بنا سکتے ہیں۔ وادیِ دیسا کی سیر کر سکتے ہیں۔ نیوم کے کنارے یعنی ساحلوں پر جا سکتے ہیں۔ رنگ برنگی مچھلیوں اور دیگر آبی حیات کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ نیوم کے پہاڑوں اور وادیوں میں موجود جنگلی جانوروں کا دیدار کر سکتے ہیں۔

Source:https://www.halayalla.com/sa-en/experiences/alula/tours-and-attractions/discover-neom

نیوم کی سائٹ پر کیمپنگ کیلئے کیا درکار ہوتا ہے؟

اگر آپ نیوم کی سائٹ پر کیمپنگ کے لئے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہاں کھیلی جانے والی متعدد کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہتے ہیں تو اپنے ساتھ ٹریک سوٹس اور مختلف کھیلوں کیلئے مطلوب دیگر مخصوص ملبوسات رکھنا مت بھولئے گا۔ بدلتے موسموں سے بچنے کیلئے آپ کو گرم، سرد اور واٹر پروف ٹوپیاں بھی لازماً درکار ہوں گی۔ پانی کی بوتلوں کا ہمراہ ہونا بھی ناگزیر ہے۔ ہائیکنگ کیلئے درکار جوتے اور چھڑیاں بھی رکھنا مت بھولئے گا۔ جِلد کو تیز دھوپ اور سورج کو منعکس کرتے پانیوں کی جِھل مِل سے بچانے کے لئے سن سکرین بھی درکار ہو گی۔ آپ کی معمول کی ادویات اور فرسٹ ایڈ باکس بھی آپ کے ہمراہ ہونا ناگزیر ہیں۔ دھوپ سے بچاؤ والے چشمے اور کمر پر لادے جا سکنے والے بیگ بھی اپنے ساتھ لانا مت بھولئے گا۔ اگر آپ نیوم کے سمندر میں غوطہ زن ہونے کا شوق رکھتے ہیں تو اپنے ساتھ تیراکی کا لباس بھی لازماً رکھ لیجئے گا۔ اور ہاں! سب سے اہم بات! کرونا وباء کے دم توڑنے سے قبل نیوم کی سائٹ کی سیاحت کرنے کا ارادہ ہو تو سعودی عرب کی وزارت صحت کی گائیڈ لائنز جاننا اور ان پر عمل کرنا کسی طور مت بھولئے گا۔

نیوم آنے کا موزوں موسم کون سا ہے؟

نومبر تا مارچ نیوم کی سائٹ پر آنے کا موزوں ترین زمانہ ہوتا ہے کیونکہ اس عرصے میں یہاں قدرے سردی ہوتی ہے یا یوں کہئے کہ گرمی نہیں ہوتی۔ چنانچہ آپ جی بھر کر گھوم پِھر سکتے ہیں اور وہ بھی پیاس سے نڈھال ہوئے بغیر اور دل کے ڈوب جانے کے احتمال کے بغیر۔

نیوم کی سائٹ کتنی متنوع ہے؟

نیوم کی سائٹ پر آنے والے سیاحوں کے پاس کیمپنگ کے لئے عہدِ قدیم کے کھنڈرات سے لے کر پہاڑوں، وادیوں اور ساحلوں تک پر مُحیط 2400 کلو میٹر طویل علاقہ ہوتا ہے جس پر وہ جہاں چاہیں بسیرا کر سکتے ہیں۔ یہ علاقہ شمال میں چھوٹے سے تاریخی شہر حقل اور خلیج عقبہ سے لے کر جنوب میں سعودی عرب اور یمن کی سرحد تک جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چلنے والا ساحل 450 کلو میٹر طویل ہے۔ چنانچہ ایسے لوگ جو ایک مقام کے دورے میں کئی طرح کے مقامات کی سیاحت سے لطف اندوز ہونا چاہیں اُن کیلئے نیوم کی سائٹ سے بہتر شاید ہی کوئی اور جگہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More