نیوم اور دا لائن، سڑک نہ گاڑی
نیوم اور دا لائن کس خواب کی تعبیر ہیں؟
کیا واقعی سڑکوں اور گاڑیوں کے بغیر کوئی شہر بسایا جا سکتا ہے؟ عام حالات میں تو اس سوال کا جواب صرف تیمور حسن تیمور کے ان لفظوں ہی میں دیا جا سکتا ہے کہ
وہ جو ممکن نہ ہو ممکن یہ بنا دیتا ہے
خواب دریا کے کناروں کو ملا دیتا ہے
یعنی اگر کسی کو ایسا شہر دیکھنے کا شوق چرائے تو وہ ایسا کوئی خواب دیکھ لے کیونکہ حقیقت میں تو اب گاڑیوں اور سڑکوں کے بغیر کوئی گاؤں بھی نہیں بستا تو شہر کیسے بسے گا؟ لیکن واقعہ یہ ہے کہ عام حالات اب رہے نہیں۔ اب انقلابات کا دور ہے۔ عجائبات کا دور ہے۔ کہنہ روایات اور قدیم تصورات کی شکست کا دور ہے۔ نئی رسومات اور منفرد ایجادات کا دور ہے۔ انسان کی جبلی بے قراری نئی مشینوں اور دلفریب تکنیکوں سے مہمیز پا کر کبھی صحراؤں میں پھول کھلانے لگتی ہے تو کبھی سمندروں میں شہر بسانے لگتی ہے۔ آج کا آدمی اگرچہ انسانیت کے اظہار میں تو ابھی خام ہے مگر عقلیت کی نمائش میں کسی طور پیچھے نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ نیوم بسا رہا ہے اور اس میں دا لائن بچھا رہا ہے اور یوں سڑکوں، گاڑیوں، دھوئیں، شور اور انگنت دیگر عمرانی مسائل سے پاک شہر آباد کرنے کے خواب کو حقیقت کا روپ دے رہا ہے۔
کیا سڑکوں، گاڑیوں کے بغیر شہر بن سکتا ہے؟
سڑکوں اور گاڑیوں کے بغیر نیوم جیسے بڑے شہر کو بسانے کا منصوبہ واضح کر رہا ہے کہ عہدِ قدیم سے لے کر اکیسویں صدی تک کسی شہر کی تعمیر کے لئے اس طرح کا طریقہ پہلے کبھی نہیں اپنایا گیا۔ نیوم کی تعمیر میں اختیار کئے جانے والے طریقۂ کار کے تحت انسان اور فطرت یہاں اس زمین سے محروم ہونے سے محفوظ رہیں گے کہ جس پر دیگر تمام شہروں میں گاڑیاں اور اُن سے بھری ہوئی سڑکیں قابض ہو جایا کرتی ہیں۔ روایتی سڑکوں، پُلوں اور انڈر پاسز وغیرہ کی بجائے نیوم میں آمد و رفت کے لئے ایسا ڈھانچہ تعمیر کیا جا رہا ہے جو قدرتی ماحول کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہو گا اور خوبصورتی، سکون اور خاموشی سے آراستہ نظاروں کی زیارت کی دعوتِ عام دے گا۔
دا لائن کا منصوبہ ماحول دوست توانائی کی متعدد اقسام سے آراستہ ہو گا۔ یوں نیوم میں آبادیوں یا محلوں کے علاوہ صنعتیں بھی لگائی جا سکیں گی مگر اس کے باوجود ماحول آلودگی سے پاک ہی رہے گا۔ نیوم میں پیدل چلنے والوں کو ترجیح دینے سے مراد یہ ہے کہ یہاں بستیاں انسانوں کے لئے بسائی جا رہی ہیں نہ کہ گاڑیوں کیلئے۔ اِن بستیوں میں آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے بغیر آسانی سے پیدل آیا جایا جا سکتا ہے کیونکہ اِن بستیوں کے نقشے پیدل چلنے والوں کی سہولت اور آسانی کو مدِ نظر رکھ کے بنائے گئے ہیں۔ مکینوں کو تمام ضروری خدمات اور سہولیات محض 5 منٹ کی چہل قدمی کے فاصلے پر دستیاب ہوں گی۔
سڑکیں اور دیگر متعلقہ خدمات جیسے کہ تیز رفتار ذرائع نقل و حمل سے منسلک سہولیات، بجلی اور پانی وغیرہ کی ترسیل کے لئے درکار ڈھانچہ، ڈجیٹل نیٹ ورکس کا ڈھانچہ اور سامان کی ترسیل کے لئے درکار تنصیبات وغیرہ دا لائن کے ساتھ ساتھ زیرِ زمین مختلف متعلقہ نہ نظر آنے والی تہوں میں مخصوص جگہوں پر تعمیر کی جائیں گی۔ تیز رفتار ذرائع آمد و رفت لمبے فاصلوں کو زمانۂ گزشتہ کی کوئی چیز بنا دیں گے اور نیوم کے شہریوں کی زندگیوں کو کئی طرح کی پریشانیوں سے آزاد کر کے نہایت سادہ اور آسان بنا دیں گے۔
نیوم کی تعمیر کا ماحول پر کیا اثر ہو گا؟
مکینوں کے معیارِ زندگی کو بُلند کرنے اور تحفظِ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے نیوم کی 95 فی صد زمین کو محفوظ کر لیا جائے گا۔ یوں دا لائن کا زیرِ زمین ڈھانچہ مکینوں کے طرزِ زندگی کو فطرت سے ہم آہنگ کر دے گا۔
زیرِ تعمیر میگا سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کے دوران ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سخت اصول وضع کئے گئے ہیں تاکہ نیوم کے قدرتی ماحول اور قیمتی ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کوئی بھی ترقیاتی کام صرف ماحول دوست بین الاقوامی طریقوں کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ تحفظ ماحول کے تمام اصولوں کو سرکلر کاربن اکانومی کی تخلیق کے لئے درکار معیارات کے مطابق وضع کیا گیا ہے۔ سرکلر کاربن اکانومی سے مراد ایسی معاشی سرگرمیاں ہیں کہ جن میں صنعتوں، گاڑیوں اور توانائی سے چلنے والی دیگر مشینوں سے کاربن کا اخراج کم اور از سر نو استعمال زیادہ سے زیادہ ہو۔
اگرچہ نیوم اور دا لائن کی تعمیر کا بنیادی اصول تحفظ ماحول ہے تاہم، ان منصوبوں کی تعمیر کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نیوم کی کاروباروں اور کاروباری افراد کو اپنی جانب کھینچنے کی صلاحیت پر سمجھوتہ کئے بغیر اس اصول پر عملدرآمد کریں۔ بہ الفاطِ دیگر نیوم کے ماحول دوست ہونے سے مراد یہ ہرگز نہیں کہ وہ کاروبار دوست نہیں ہو گا جیسا کہ عموماً دیگر پُرفضا پہاڑی مقامات وغیرہ پر ہوتا ہے کہ وہ سیر و تفریح اور رہائش کے لئے تو موزوں ہوتے ہیں مگر صنعت و تجارت وغیرہ کے لئے نہیں۔ نیوم میں سکونت، صنعت، تجارت، جدت، رفتار اور ماحول دوستی سب ساتھ ساتھ چلیں گے۔
نیوم میں صنعتیں اور کاروبار کیسے ترقی کریں گے؟
دا لائن نیوم کی طاقت بنے گی اور اسے اچھوتے خیالات، فنون اور ایجادات کا مرکز بنا دے گی جہاں عالمی کاروبار اور ابھرتے ہوئے ماہرین و سرمایہ کار آسانی سے پہنچ سکیں گے اور انسانی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنا سکیں گے، کاروباروں کو فروغ دے سکیں گے اور نت نئی شاندار ٹیکنالوجیز کو تجارتی پیمانے پر متعارف کروا سکیں گے۔
دا لائن کا ایک اور طرۂ امتیاز یہ ہے کہ وہ تجارت اور صنعت کو آبادیوں سے جوڑ کر نہ صرف اشیاء کی ترسیل کے نظاموں کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دے گی بلکہ کام کرنے کے نئے اور بہتر طریقے بھی متعارف کروائے گی۔ یہ نئے طریقوں کو فروغ دے کر کاروباری افراد کے لئے حالات کو موزوں بنا دے گی۔
نیوم اور دا لائن تیز رفتار نقل و حمل، آلودگی سے پاک توانائی، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کی مدد سے شاندار ماحول اور موافق حالات کو برقرار رکھ کر صنعتکاری کے نظام کو یکسر بدل کر رکھ دیں گے۔