ویزہ درخواست کی ٹریکنگ، معیاد، فیس، زائد قیام، سٹیٹس بدلنا
ویزہ درخواست کو کیسے ٹریک کرتے ہیں؟
اگر آپ نے متحدہ عرب امارات کا ویزہ حاصل کرنے کیلئے درخواست دے رکھی ہے اور اب آپ اسے ٹریک کرنا چاہتے ہیں یعنی اس کا سٹیٹس معلوم کرنا یا یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اب آپ کی درخواست پر کارروائی کس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور اس کارروائی کو مکمل ہونے میں مزید کتنا وقت لگے گا تو اس کیلئے آپ کو اپنی ویززہ درخواست کا نمبر اور ریفرنس نمبر معلوم ہونے چاہیں۔ چنانچہ جب آپ ویزہ سروس فراہم کرنے والی کسی مجاز اتھارٹی کو اپنی ویزہ درخواست جمع کروائیں تو اس سے اپنی درخواست کا نمبر اور ریفرنس نمبر لازماً مانگیں تاکہ آپ متعلقہ چینلز سے خود اپنی ویزہ درخواست کو ٹریک کر سکیں۔
1۔ اگر آپ نے ابو ظہبی، شارجہ، عجمان، اُم القیوین، راس الخیمہ یا فجیرہ میں سے کسی امارت کا ویزہ حاصل کرنے کیلئے درخواست دے رکھی ہے تو آپ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کے ای چینلز پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی ویزہ درخواست کو ٹریک کر سکتے ہیں۔
2۔ اگر آپ نے امر سینٹرز دبئی کے ذریعے دبئی کے ویزہ کیلئے درخواست دی ہے تو پھر آپ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی کے ویژن ای فارم کے ذریعے اپنی درخواست کو ٹریک کر سکتے ہیں۔
دبئی ویزہ کو مزید کتنے چینلز سے ٹریک کیا جا سکتا ہے؟
دبئی کے ویزوں کو حسب ذیل ذرائع یا چینلز سے بھی ٹریک کیا جا سکتا ہے:
1۔ آپ دبئی کے ویزہ کیلئے اپنی درخواست اور اس کی معیاد کو جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی ٹریک کر سکتے ہیں۔
2۔ امر ویب سائٹ کے ذریعے دبئی ویزہ کے سٹیٹس، اجراء، معیاد اور اختتامِ معیاد کے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
3۔ آپ بات چیت یا چیٹنگ کے ذریعے بھی امر آفس سے اپنی ویزہ درخواست کا سٹیٹس معلوم کر سکتے ہیں۔
4۔ آپ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی کی موبائل ایپلیکیشن دبئی ناؤ کے ذریعے بھی اپنی ویزہ درخواست کا سٹیٹس معلوم کر سکتے ہیں۔
ویزہ کی معیاد، اجراء اور ایکسپائری کو کیسے معلوم کیا جائے؟
1۔ اگر آپ کے پاس ابو ظہبی، شارجہ، عجمان، اُم القیوین، راس الخیمہ یا فجیرہ میں سے کسی امارت کا داخلی اجازت نامہ یا رہائشی ویزہ ہے اور آپ اس کی معیاد، اجراء یا ایکسپائری ڈیٹ معلوم کرنا چاہتے ہیں تو وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کے ای چینلز پلیٹ فارم کے ذریعے معلوم کر سکتے ہیں۔
2۔ اگر آپ کے پاس دبئی کا داخلی اجازت نامہ یا رہائشی ویزہ ہے اور آپ اس کی معیاد، اجراء یا ایکسپائری ڈیٹ معلوم کرنا چاہتے ہیں تو آپ امر ۔ جی ڈی آر ایف اے دبئی کے ذریعے معلوم کر سکتے ہیں۔
دریں اثناء، ابو ظہبی، شارجہ، عجمان، اُم القیوین، راس الخیمہ یا فجیرہ کے ویزہ کے اجراء، اقسام اور معیاد وغیرہ کے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کرنے کیلئے آپ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت سے اس کے فیڈ بیک پلیٹ فارم یا ٹول فری نمبر 600522222 کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کو متحدہ عرب امارات ہی میں رہتے ہوئے دبئی کے ویزوں کے اجراء، اقسام اور معیاد وغیرہ کے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کرنا ہیں تو آپ امر سروس کے ٹول فری نمبر 8005111 پر رابطہ کر سکتے ہیں اور اگر آپ متحدہ عرب امارات کے باہر سے امر سروس کو کال کرنا چاہیں تو 97143139999+ پر رابطہ کریں۔
مزید تفصیلات کیلئے مندرجہ ذیل لنکس پر کلک کریں:
1۔ ابو ظہبی، شارجہ، عجمان، اُم القیوین، راس الخیمہ اور فجیرہ کیلئے وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت۔
2۔ دبئی کیلئے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈینسی اینڈ فارنرز افیئرز۔
یو اے ای کے ویزوں کی فیس کتنی ہے؟
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ داخلہ نے ابو ظہبی، شارجہ، عجمان، اُم القیوین، راس الخیمہ اور فجیرہ کے مختلف اقسام کے داخلی اجازت ناموں اور رہائشی ویزوں کی درخواستیں دینے کیلئے درکار فیسوں کی فہرست شائع کی ہے۔ تاہم، یہ صرف عربی زبان میں ہے۔
اگر ہنگامی بنیادوں پر اماراتی ویزہ سروس کی خدمات درکار ہوں تو 100 اماراتی درہم کی اضافی فیس بھی ادا کرنا پڑتی ہے۔ اگر آپ ویزہ درخواست آن لائن دے رہے ہیں تو آپ اپلائی کردہ ویزہ کے سروس کارڈ پر دیکھ سکتے ہیں کہ پراسیسنگ کیلئے کتنا وقت درکار ہے۔
دریں اثناء، امر ڈاٹ اے ای کی جانب سے دبئی کے داخلی اجازت ناموں اور رہائشی ویزوں کیلئے لی جانے والی فیسوں کی تفصیلات اس لنک پر موجود ہیں۔
ویزہ ایکسپائری کے بعد قیام کا کیا نتیجہ نکلتا ہے؟
سیاحوں اور وزٹ ویزہ کے حامل افراد کے پاس ان کے ویزوں کی معیاد ختم ہونے کے باوجود 10 روز کی رعایتی مدت ہوتی ہے۔ تاہم، اگر کوئی سیاح یا وزٹر اس رعایتی مدت کے گزر جانے کے باوجود یو اے ای میں موجود رہتا ہے تو اسے جرمانہ کیا جاتا ہے جس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے:
1۔ زائد قیام کے پہلے روز 200 اماراتی درہم
2۔ دوسرے روز سے 100 اماراتی درہم روزانہ
3۔ 100 اماراتی درہم بطور سروس فیس
تاہم، متحدہ عرب امارات کے رہائشی غیرملکیوں کے پاس ویزہ ایکسپائر ہونے کے بعد 30 روز کی رعایتی مدت ہوتی ہے جس کے دوران وہ اپنے ویزہ کا سٹیٹس بدلوا سکتے ہیں یا دوسرا رہائشی ویزہ حاصل کر سکتے ہیں یا مُلک چھوڑ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کسی بھی ویزہ کی معیاد ختم ہو جانے کے بعد دیئے گئے رعایتی عرصے میں کوئی جرمانہ وصول نہیں کیا جاتا۔ اگر رہائشی ویزہ کے حامل افراد رعایتی مدت گزر جانے کے باوجود یو اے ای میں موجود رہیں تو ان پر عائد کئے جانے والے جرمانوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:
1۔ پہلے روز 125 اماراتی درہم بطور جرمانہ وصول کئے جاتے ہیں۔
2۔ اس کے بعد ہر روز 25 اماراتی درہم بطور جرمانہ وصول کئے جاتے ہیں۔
3۔ چھ ماہ گزر جانے کے باوجود اوور سٹے برقرار رکھنے پر 50 اماراتی درہم ہر روز بطور جرمانہ وصول کئے جاتے ہیں۔
4۔ ایک سال گزر جانے کے باوجود اوور سٹے برقرار رکھنے پر 100 اماراتی درہم ہر روز بطور جرمانہ وصول کئے جاتے ہیں۔
ویزہ سٹیٹس کو کس طرح تبدیل کروایا جا سکتا ہے؟
متحدہ عرب امارات کے تمام اقسام کے ویزوں کے حامل افراد اگر اپنے ویزے کو ریزیڈینسی ویزہ میں تبدیل کروانا چاہیں تو وہ یہاں قیام کے دوران اپنے داخلے کا سٹیٹس تبدیل کروا سکتے ہیں۔ اپنے ویزہ کو اقامتی ویزہ میں تبدیل کروانے کیلئے تمام شرائط اور ضوابط کو پورا کرنا پڑتا ہے اور 550 اماراتی درہم بطور فیس ادا کرنا پڑتے ہیں۔ تاہم، درخواستگزار کو جرمانوں سے بچنے کیلئے اپنے ویزہ کا سٹیٹس موجودہ ویزہ کی معیاد ختم ہونے سے پیشتر تبدیل کروا لینا چاہئے۔
ورک ویزہ کے پراسیس سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے جاب سیکشن وزٹ کریں۔