امارات کا ٹرانزٹ ویزہ حاصل کرنے کا طریقہ
ٹرانزٹ ویزہ سے کیا مراد ہے؟
ٹرانزٹ ویزہ سے مراد ہے پروانۂ راہداری یعنی ایک سے دوسری جگہ جاتے ہوئے کسی درمیانی مقام سے گزرنے یا کچھ دیر وہاں ٹھہرنے کا اجازت نامہ۔
اماراتی ٹرانزٹ ویزہ کی کتنی اقسام ہیں؟
متحدہ عرب امارات 2 اقسام کے ٹرانزٹ ویزے جاری کرتا ہے۔ ایک 48 گھنٹے قیام کیلئے جو کہ مفت ہوتا ہے اور دوسرا 96 گھنٹے قیام کیلئے جس کے عوض صرف 50 درہم وصول کئے جاتے ہیں۔ یہ ٹرانزٹ ویزے صرف امارات سے تعلق رکھنے والی ایئرلائنز سپانسر کر سکتی ہیں اور امارات میں داخلے سے قبل ان کی پراسیسنگ مکمل کرنا اور منظوری لینا لازمی ہوتا ہے۔ ان دونوں اقسام کے ٹرانزٹ ویزوں کی مدت میں توسیع نہیں ہو سکتی۔
ٹرانزٹ ویزہ کسے درکار ہوتا ہے؟
خلیج تعاون تنظیم میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ شامل دیگر پانچوں ممالک کے شہری بغیر ویزہ امارات آ سکتے ہیں جبکہ تقریباً 50 ممالک ایسے بھی ہیں جن کے شہریوں کو اماراتی حکومت ویزہ آن ارائیول یعنی یو اے ای پہنچنے کے بعد ویزہ لینے کی سہولت دیتی ہے۔ ان دونوں کیٹیگریز میں شامل ممالک کے علاوہ دیگر تمام ملکوں کے شہریوں کو اگر ایک سے دوسرے ملک جاتے ہوئے کچھ دیر کیلئے امارات میں ٹھہرنا ہو تو ان کیلئے ضروری ہے کہ وہ پہلے یہاں کا ٹرانزٹ ویزہ حاصل کریں۔
آپ کیلئے ٹرانزٹ ویزہ کون اپلائی کر سکتا ہے؟
صرف متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی وہ 5 ایئرلائنز جن میں سے کسی ایک کے ذریعے آپ کو سفر کرنا ہو گا، آپ کے سفر کے آغاز سے قبل آپ کیلئے ٹرانزٹ ویزہ کا بندوبست کر سکتی ہیں۔ یہ 5 ایئرلائنز اتحاد ایئرویز، ایمیریٹس ایئرلائنز، فلائی دبئی، ایئر عریبیہ اور ایئر عریبیہ ابوظہبی ہیں۔ اگر آپ کے ٹرپ کا بندوبست کوئی ٹریول ایجنسی کر رہی ہے تو وہ بھی آپ کو امارات کا ٹرانزٹ ویزہ لینے میں مدد کر سکتی ہے لیکن اسے بھی کسی اماراتی ایئرلائن ہی کے ذریعے ویزہ لینا پڑتا ہے۔ ان ایئرلائنز کے ایجنٹس ان 3 میں سے کسی 1 ذریعے سے آن لائن ٹرانزٹ ویزہ اپلائی کر سکتے ہیں:
1۔ ای چینلز پورٹل کے ذریعے
2۔ متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کے ای چینلز کی ایپل اور اینڈرویڈ ایپلی کیشنز کے ذریعے
3۔ ہر امارت کے متعلقہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے آن لائن چینلز کے ذریعے
ٹرانزٹ ویزہ سے متعلق قواعد و ضوابط کیا ہیں؟
ٹرانزٹ ویزہ کی دونوں اقسام سے متعلق قواعد و ضوابط میں محض معمولی فرق ہے۔
48 گھنٹے کے ٹرانزٹ ویزہ سے متعلق قواعد
ایک سے دوسرے ملک سفر کے دوران متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈوں پر اتر کر کچھ دیر ٹھہرنے اور پھر فلائٹ تبدیل کرکے آگے جانے والے ایسے مسافر مفت ٹرانزٹ ویزہ حاصل کر سکتے ہیں جنہیں یہاں زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے تک ٹھہرنا ہو۔ تاہم، ان مسافروں کیلئے یہاں آمد سے قبل ہی کسی اماراتی ایئرلائن کے ذریعے ٹرانزٹ ویزہ لینا ضروری ہوتا ہے۔ یہ ویزہ نہ تو رینیو ہو سکتا ہے اور نہ ہی اس کی مدت میں توسیع ہو سکتی ہے۔ یہ ویزہ آپ کے امارات میں داخل ہونے کے بعد 48 گھنٹے تک مؤثر رہتا ہے اور آپ کو ان 48 گھنٹوں کے ختم ہونے سے پہلے پہلے ہر صورت یو اے ای سے نکلنا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ایک بار ٹرانزٹ ویزہ لے لینے کے بعد آپ اس کی ٹائپ تبدیل نہیں کروا سکتے یعنی 48 گھنٹے کا ٹرانزٹ ویزہ لے لینے کے بعد آپ اسے 96 گھنٹے کے ٹرانزٹ ویزہ میں تبدیل نہیں کروا سکتے۔ یہ ویزہ لینے کیلئے آپ کے پاس مندرجہ ذیل اشیاء ہونا ناگزیر ہیں:
1۔ کم از کم 3 ماہ کی معیاد والا پاسپورٹ یا کوئی اور مصدقہ سفری دستاویز
2- سفید پس منظر والی 1 تصویر
3۔ آپ کی اگلی یعنی تیسری منزل کیلئے بُک شدہ ٹکٹ۔ واضح رہے کہ آپ کی اگلی منزل اس مقام سے مختلف ہونی چاہئے جہاں سے آپ امارات آئے ہیں۔
96 گھنٹے کے ٹرانزٹ ویزہ سے متعلق قواعد
ایک سے دوسرے ملک جانے کے دوران اماراتی ہوائی اڈوں پر اترنے والے ایسے مسافر جنہیں اگلی فلائٹ تاخیر سے ملنی ہوتی ہے محض 50 درہم میں 96 گھنٹے تک کا ٹرانزٹ ویزہ لے سکتے ہیں۔ یہ ویزہ بھی یو اے ای پہنچنے سے پہلے کسی اماراتی ایئرلائن ہی کے ذریعے اپلائی کرنا اور حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس ویزہ کی مدت میں مزید توسیع نہیں ہو سکتی۔ یہ ویزہ رینیو بھی نہیں ہو سکتا۔ یہ ویزہ آپ کے امارات میں داخلے کے 96 گھنٹے بعد تک مؤثر رہتا ہے اور آپ کو اس کی مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے پہلے امارات سے نکلنا ہوتا ہے۔ یہ ویزہ لینے کیلئے آپ کے پاس مندرجہ ذیل اشیاء ہونا ناگزیر ہیں:
1۔ کم از کم 6 ماہ کی معیاد والا پاسپورٹ یا کوئی اور مستند سفری دستاویز
2- سفید پس منظر والی 1 تصویر
3۔ آپ کی اگلی منزل کیلئے بُک شدہ ٹکٹ۔ واضح رہے کہ آپ کی اگلی منزل اس سے مختلف ہونی چاہئے جہاں سے آپ یہاں آئے ہیں۔
کیا ٹرانزٹ ویزہ کیلئے مزید اخراجات بھی درکار ہوتے ہیں؟
دنیا کے کسی بھی ملک کے شہری سے متحدہ عرب امارات کا ٹرانزٹ ویزہ اپلائی کرنے پر یہاں کے کسی وفاقی، مقامی یا نجی ادارے کی جانب سے کوئی فیس یا اضافی رقم وصول نہیں کی جاتی۔ تاہم، 30 اماراتی درہم کی فیس برائے روانگی ہر اس مسافر سے وصول کی جاتی ہے جو متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈوں میں سے کسی سے بھی گزر کر کسی اگلی منزل کی جانب اڑان بھرتا ہے۔
ٹرانزٹ ویزہ سے متعلق مزید رہنمائی کہاں سے مل سکتی ہے؟
متحدہ عرب امارات کا ٹرانزٹ ویزہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد مندرجہ ذیل لنکس سے مزید رہنمائی بھی حاصل کر سکتے ہیں:
ابوظہبی ایئرپورٹس کی ویب سائٹ پر موجود ٹرانزٹ گائیڈ سے
انٹرنیشنل کنکشنز کے عنوان کے تحت ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹس کی ویب سائٹ پر کنکٹنگ فلائٹس سے متعلق دی گئی تفصیلات سے
امارات کا ویزہ اپلائی کرنے کے طریقۂ کار اور اس کے لوازمات کی وضاحت سے متعلق اتحاد ایئرویز کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات سے
ایمیریٹس ایئرلائن کی ویب سائٹ پر موجود متحدہ عرب امارات کا ویزہ اپلائی کرنے کے طریقۂ کار سے