یو اے ای کا ویزہ حاصل کرنے کا طریقہ

4,099

پاسپورٹ اور ویزہ میں کیا فرق ہے؟

اگر آپ نے اپنے ملک سے باہر جانا ہو تو اس کیلئے آپ کو اپنی حکومت سے اجازت لینا پڑتی ہے۔ ایسا دنیا کے ہر ملک کے شہریوں کو کرنا پڑتا ہے۔ قطع نظر اس بات کے کہ وہ کیوں اور کتنے عرصے کیلئے جا رہے ہیں، یہ اجازت نامہ ہر صورت درکار ہوتا ہے جسے پاسپورٹ یعنی پروانہ اخراج کہتے ہیں۔ اسی طرح آپ جس ملک میں جانا چاہتے ہیں، اس میں داخلے کیلئے بھی آپ کو وہاں کی حکومت کا اجازت نامہ درکار ہوتا ہے، قطع نظر اس کے کہ آپ چند روز کیلئے گھومنے پھرنے جا رہے ہیں، چند منٹ کیلئے کسی سے ملنے جا رہے ہیں، چند ماہ یا سال حصول تعلیم یا ملازمت کی غرض سے وہاں رُکنا چاہ رہے ہیں یا ہمیشہ کیلئے وہاں سکونت اختیار کرنا چاہ رہے ہیں۔ یہ داخلے کا اجازت نامہ یا پروانہ راہداری ویزہ کہلاتا ہے۔

یو اے ای کا ویزہ حاصل کرنے کا کیا طریقہ ہے؟

یو اے ای میں داخلے کی اجازت یا ویزہ حاصل کرنے کا طریقہ تمام غیرملکیوں کیلئے یکساں نہیں۔ ہم اسے 3 سے 4 گروہوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔

ویزہ کے بغیر آمد

گلف تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے شہریوں کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کیلئے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نہ ہی ان کیلئے یو اے ای کے کسی شہری کی سپانسرشپ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ان افراد کو امارات پہنچنے پر صرف اپنے آبائی خلیجی ملک کا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ دکھانا ہوتا ہے۔ بعینہٖ یو اے ای کے شہری بھی جی سی سی ممالک میں بلاروک ٹوک آ جا سکتے ہیں۔ یو اے ای، سعودی عرب، بحرین، قطر، عمان اور کویت اس تنظیم کے ارکان ہیں۔

امارات آمد پر 30 یا 90 روز کا ویزہ

50 سے زائد ممالک ایسے ہیں جن کے شہری یو اے ای پہنچنے کے فوراً بعد ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ ان میں سے کچھ ممالک کے شہری امارات آمد پر 30 روز کا فوری ویزہ حاصل کر سکتے ہیں جس میں حسبِ ضرورت زیادہ سے زیادہ 10 روز کی توسیع بھی ہو سکتی ہے جبکہ کچھ ممالک کے شہری امارات آمد پر 90 روز تک کا ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔

انڈین شہریوں کیلئے ویزہ کے حصول کا طریقہ کار

وہ انڈین شہری جن کے پاس اپنا پاسپورٹ یا امریکی حکومت کا جاری کردہ وِزٹ ویزہ یا امریکی حکومت کا جاری کردہ گرین کارڈ یا برطانوی حکومت کا جاری کردہ رہائشی ویزہ یا یورپی یونین کا جاری کردہ رہائشی ویزہ ہو، وہ متحدہ عرب امارات میں داخلے پر 14 روز تک کا ویزہ حاصل کر سکتے ہیں بشرطیکہ ان کے گرین کارڈ یا امریکی، برطانوی، یورپی ویزے کی معیاد ختم ہونے میں کم از کم 6 ماہ باقی ہوں۔ تاہم، اماراتی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ممالک جن کے شہری یو اے ای آمد کے بعد ویزہ حاصل کر سکنے کے اہل ہیں، کی فہرست میں کسی بھی وقت ردوبدل ہو سکتا ہے چنانچہ تمام ممالک کے باشندے امارات آمد سے قبل اپنے ملک میں موجود اماراتی سفارتخانے سے رابطہ کرکے حصول ویزہ کے قواعد کی تصدیق کرنا نہ بھولیں۔

http://newskarnataka.com/

ویزہ قبل از آمد

جی سی سی اور تقریباً 50 دیگر ممالک کے شہریوں کے علاوہ باقی تمام ممالک کے افراد کیلئے یو اے ای آمد سے قبل داخلے کا اجازت نامہ لینا اور کسی مقامی شہری سے سپانسرشپ حاصل کرنا ناگزیر ہوتا ہے۔

امارات میں داخلے کے اجازت نامے کی کتنی اقسام ہیں؟

امارات میں داخلے کا اجازت نامہ یا ویزہ ان 4 میں سے کسی ایک قسم کا ہو سکتا ہے:

سیاحتی ویزہ

قلیل مدتی قیام کا ویزہ

دوران سفر کچھ دیر ٹھہرنے کا ویزہ

کام یعنی ملازمت یا سرمایہ کاری وغیرہ کیلئے طویل مدتی قیام کا ویزہ

اماراتی ویزہ کیلئے بنیادی شرائط کیا ہیں؟

متحدہ عرب امارات کے ویزہ کے حصول کیلئے 3 بنیادی شرائط یہ ہیں:

1۔ یو اے ای کے ویزہ کی درخواست دینے سے قبل ان افراد یا اداروں میں سے کوئی آپ کا سپانسر ہونا چاہئے:

کوئی اماراتی شہری

کوئی ایسا غیرملکی ہو جو کہ امارات میں باقاعدہ اقامتی اجازت کے ساتھ مقیم ہو

کوئی اماراتی ایئرلائن

کوئی اماراتی ہوٹل یا ٹور ایجنٹ

کوئی سرکاری عہدے دار یا تنظیم

نجی شعبے یا فری زونز سے تعلق رکھنے والی کوئی کمپنی

2۔ آپ کے پاس اپنا اصل پاسپورٹ ہونا چاہئے جس کی معیاد ختم ہونے میں کم از کم 6 ماہ سے زائد عرصہ باقی ہونا چاہئے۔

3۔ اگر کسی وقت کسی وجہ سے کسی شخص کا ویزہ بین کر دیا گیا ہو یا اسے ملک سے ڈیپورٹ کر دیا گیا ہو تو اس شخص کے امارات میں داخلے اور یہاں کوئی کام کرنے پر پابندی ہو گی۔ ایسے شخص کو دوبارہ امارات آنے سے قبل حکومت سے خصوصی اجازت حاصل کرنا ہو گی۔

امارات کی ویزہ پالیسیز سے آگاہی کیسے مل سکتی ہے؟

متحدہ عرب امارات کا ویزہ اور پرمٹ سسٹم وفاقی اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت اور ہر امارت میں اس اتھارٹی سے ملحق رہائش اور غیرملکیوں سے متعلق امور کے ڈائریکٹوریٹس کے مرتب کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ ویزہ سے متعلق قواعد و ضوابط میں ردوبدل ہوتا رہتا ہے۔ لہٰذا امارات آنے کی خواہش رکھنے والوں کو چاہئے کہ وہ آمد سے قبل اپنے ممالک میں موجود اماراتی سفارتخانے یا متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت سے رابطہ کرکے ویزہ کے حصول سے متعلق قواعد و ضوابط معلوم کر لیں۔

اماراتی ویزہ کی معیاد کتنی ہوتی ہے؟

متحدہ عرب امارات میں داخلے کے اجازت نامے کی معیاد اور وہ عرصہ جس کے دوران آپ امارات آ سکتے ہیں، جاری کردہ اجازت نامے کی قسم پر منحصر ہے۔ وزٹ ویزہ، سیاحتی ویزہ یا ملازمت کے ویزہ کی معیاد بالعموم 60 روز ہوتی ہے۔ جبکہ جی سی سی ممالک سے آنے والوں کا داخلے کا اجازت نامہ 30 روز کا ہوتا ہے۔ ٹرانزٹ ویزہ کے حامل 96 گھنٹے تک یو اے ای میں ٹھہر سکتے ہیں البتہ یہ ویزہ اپنے اجراء کے 14 روز بعد ایکسپائر ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ مختلف اقسام کے ویزوں اور عارضی ورک پرمٹس کی معیاد مختلف ہوتی ہے۔ آپ اپنے ویزہ کی معیاد وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کے ای چینلز پلیٹ فارم یا جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی کی ویب سائٹ سے معلوم کر سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More