انڈیا امارات تعلقات

1,564

امارات انڈیا تعلقات کی اساس کیا ہے؟

یوں تو امارات اور انڈیا گہرے دوست ہیں جو مذہبی، ثقافتی اور معاشی رشتوں میں ایک دوسرے کے ساتھ بہت مضبوطی سے بندھے ہوئے ہیں تاہم ان کے باہمی رشتے کی اساس معاشی تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں کے مالیاتی اور تجارتی تعلقات مسلسل ترقی پذیر ہیں اور یہ تجارت ہی ہے جو عوام کے باہمی میل جول کو بڑھا رہی ہے اور دونوں ملکوں کے لوگوں کو دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بھی قریب لا رہی ہے۔

امارات انڈیا روابط کتنے پرانے ہیں؟

جن خطوں میں آج متحدہ عرب امارات اور انڈٰیا واقع ہیں ان کے لوگ تقریباً 3000 قبل مسیح سے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ سینکڑوں سال قبل چیزوں کے تبادلے کی صورت ہونے والی تجارت کے زمانے میں امارات کے لوگ انڈیا والوں سے کپڑے اور مصالحے لے کر انہیں موتی اور کھجوریں دیا کرتے تھے۔

کیا انڈٰیا امارات معاشی و تجارتی تعلقات پروان چڑھ رہے ہیں؟

ستر کی دہائی میں انڈیا امارات باہمی تجارت کا حجم 180 ملین ڈالر سالانہ تھا جو کہ آج 59 بلین ڈالر سالانہ ہو چکا ہے اور یوں اب امارات چین اور امریکہ کے بعد انڈیا کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار بن چکا ہے۔ 20-2019ء کے اعدادوشمار کے مطابق، انڈیا نے امارات کو تقریباً 29 بلین ڈالر کی اشیاء فروخت کیں۔ یوں امریکہ کے بعد انڈیا سے سب سے زیادہ اشیاء یو اے ای نے برآمد کیں۔ اسی طرح 2019ء میں یو اے ای کیلئے انڈیا (تیل کے علاوہ) 41.43 بلین ڈالر کی تجارت کے ساتھ دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار رہا۔

امارات اور انڈیا ایک دوسرے سے کیا خریدتے ہیں؟

انڈیا متحدہ عرب امارات کو منرلز، سیریلز، چینی، پھل، سبزیاں، چائے، گوشت، مچھلی، کپڑا، ملبوسات، ڈوریاں، دھاگے، کپاس، مشینیں اور کیمیکلز وغیرہ برآمد کرتا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات انڈیا کو پٹرول، پٹرولیم مصنوعات، قیمتی دھاتیں، پتھر، جواہرات، زیورات، منرلز، کیمیکلز، لکڑی، لکڑی کا سامان اور خام تیل برآمد کرتا ہے۔ سال 20-2019 کے دوران انڈیا نے امارات سے 21.83 ملین میٹرک ٹن خام تیل برآمد کیا۔

کیا امارات انڈیا میں سرمایہ کاری کرتا ہے؟

2019ء کے ایک اندازے کے مطابق، انڈیا میں اماراتی سرمایہ کاری کا کُل حجم 10 سے 11 بلین ڈالر ہے جس میں 6.65 بلین ڈالر کی فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ ہے جو کہ یو اے ای کو انڈیا میں نواں بڑا ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کرنے والا ملک بناتی ہے۔ انڈیا میں یہ بلاواسطہ اماراتی سرمایہ کاری بنیادی طور پر 5 شعبوں میں منقسم ہے جن میں سے خدمات کے شعبے کا حصہ 15.78 فیصد، آبی نقل و حمل کا حصہ 8.8 فیصد، توانائی کے شعبے کا حصہ 8.34 فیصد، انفراسٹرکچر کے شعبے کا حصہ 7.15 فیصد جبکہ ترقیاتی شعبے کا حصہ 7.08 فیصد ہے۔ علاوہ ازیں 2019ء ہی کے ایک اندازے کے مطابق، انڈیا میں امارات کی پورٹفولیو انویسٹمنٹ بھی 3.35 سے 4.35 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

کیا انڈیا امارات میں سرمایہ کاری کرتا ہے؟

یو اے ای میں قائم انڈین سفارتخانے کا کہنا ہے کہ امارات میں انڈین سرمایہ کاری کے حتمی اور سرکاری اعدادوشمار تو موجود نہیں ہیں تاہم ایک اندازے کے مطابق، انڈین کمپنیز کی امارات میں سرمایہ کاری کا حجم 85 بلین ڈالر سے بڑھ چکا ہے۔ متعدد انڈین کمپنیز تنہاء یا شراکت داری کی بنیاد پر سپیشل اکنامک زونز میں سیمنٹ، بلڈنگ مٹیریلز، کپڑے، انجینئرنگ پراڈکٹس اور الیکٹرانکس کا سامان وغیرہ تیار کر رہی ہیں۔ علاوہ ازیں کئی کمپنیاں سیاحت، ہوٹلنگ، کیٹرنگ، صحت، تعلیم اور ریٹیل کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ یہی نہیں، بعض انڈٰین کمپنیاں امارات میں چینی، کھادیں، کیمیکلز اور گاڑیاں وغیرہ بنانے کے ساتھ ساتھ سٹیل اور توانائی کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

کیا انڈٰیا اور امارات آزاد تجارت کا معاہدہ کر چکے؟

انڈیا یو اے ای سمیت گلف کوآپریشن کونسل میں شامل تمام ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ سے متعلق امور طے کرنے میں مصروف ہے۔ 25 اگست 2004ء کو انڈیا اور جی سی سی نے معاشی تعاون سے متعلق فریم ورک ایگریمنٹ پر دستخط کئے جو کہ فریقین کی جانب سے معاشی اور تجارتی رشتوں کو مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار اور فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی راہ ہموار کرنے کی کوشش تھی جس کے بعد سے معاہدے پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ انڈیا جی سی سی فری ٹریڈ ایگریمنٹ کا پہلا دور مارچ 2006ء میں سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوا۔

امارات میں مقیم انڈین آبادی کا کیا کردار ہے؟

متحدہ عرب امارات میں آباد تقریباً 33 لاکھ انڈین شہری یہاں کی سب سے بڑی غیرملکی کمیونٹی ہیں۔ یو اے ای سینٹرل بینک کی 2018ء کی رپورٹ کے مطابق، یہ انڈینز ہر سال اوسطاً 17.56 بلین ڈالر کا خطیر زرِمبادلہ اپنے ملک بھجواتے ہیں۔ امارات کی کُل آبادی کا تقریباً 30 فیصد انڈین شہریوں پر مشتمل ہے۔ یہ انڈین شہری نہ صرف یہ کہ امارات کی معاشی ترقی میں سرگرم حصہ لے رہے ہیں بلکہ امارات انڈیا تعلقات کی مضبوطی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انڈیا امارات دفاعی تعلقات کی نوعیت کیا ہے؟

جون 2003ء میں پہلی بار امارات اور انڈیا کے مابین دفاعی تعاون کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے اور جوائنٹ ڈیفنس کوآپریشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے بعد اس شعبے میں دوطرفہ تعاون میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور 3 مارچ 2021ء سے 21 مارچ 2021ء کے درمیان یو اے ای میں ہونے والی سالانہ بین الاقوامی فوجی مشقوں ڈیزرٹ فلیگ 6 میں پہلی بار انڈین ایئر فورس نے شرکت کی۔ آئی اے ایف کے 6 ایس یو تھرٹی ایم کے آئی، 2 سی سترہ اور 1 آئی ایل 78 ٹینکر ایئرکرافٹ نے ان مشقوں میں حصہ لیا۔

انڈیا اور امارات کے ثقافتی تعلقات کیسے ہیں؟

1975ء میں انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے مابین ایک ثقافتی معاہدے پر دستخط ہوئے۔ پھر 1994ء سے 1996ء کے عرصے کیلئے دوطرفہ ثقافتی تبادلے کے پروگرام پر دستخط ہوئے جس کے بعد سے امارات کی وزارت ثقافت اور متعدد دیگر ثقافتی ادارے یو اے ای کے مختلف شہروں میں انڈین ثقافتی تقریبات جیسے کہ انڈین فلم فیسٹول اور انڈین پینٹنگز ایگزیبیشن وغیرہ کا اہتمام کرتے رہتے ہیں۔ 2009ء میں ابوظہبی میں واقع انڈین سفارتخانے میں انڈین کلچرل سینٹر بھی قائم کر دیا گیا تھا جو کہ انڈٰین فنون، مذاکروں، میلوں، نمائشوں اور یوگا وغیرہ کا اہتمام کرتا رہتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More