عجمان۔۔۔۔ حُسن بے نظیر، ترقی بے مثال

643

عجمان کا نام کیسے پڑا؟

عجمان سے کیا مراد ہے اور اسے یہ نام کیسے ملا؟ مختلف ماہرین لسانیات اس سوال کے مختلف جوابات دیتے ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ عجمان سے مراد ہے خوبصورت زیور چنانچہ مقامی لوگوں نے اپنے علاقے سے محبت میں اسے یہ نام دے ڈالا۔ بعض دیگر ماہرین کا کہنا ہے کہ عجمان کا لفظ اپنے عام فہم متبادل عیمان سے نکلا ہے۔ ماہرین کے اس گروہ کا کہنا ہے کہ ریاست کو یہ نام اپنے ہمسایہ ملک عمان سے جغرافیائی خدوخال میں مماثلت کے سبب دیا گیا تھا۔ جب کہ ایک اور مکتب فکر کا کہنا ہے کہ علاقے کو یہ نام اسی خطے میں بسنے والے ایک قبیلے عجمان کی نسبت سے دیا گیا تھا۔

عجمان کا حکمران کون ہے؟

شیخ حمید بن راشد النعیمی عجمان کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کی وفاقی سپریم کونسل کے رکن ہیں۔

عجمان کے آبادیاتی اور جغرافیائی خدوخال کیسے ہیں؟

عجمان کا کُل رقبہ 259 مربع کلو میٹر ہے۔ یوں یہ متحدہ عرب امارات کے صرف 0.3 فیصد حصے پر محیط یعنی رقبے کے لحاظ سے سب سے چھوٹی مگر گنجان آباد ریاست ہے۔ 2017ء کے ایک اندازے کے مطابق، 504846 افراد پر مشتمل عجمان آبادی کے لحاظ سے ملک کی چوتھی بڑی ریاست ہے۔ یوں تو عجمان میں چند ریتلے ساحل بھی ہیں مگر اس کا بڑا حصہ حجر پہاڑوں کے سلسلے پر مشتمل ہے۔ عجمان خلیج عرب کے ساحل پر متحدہ عرب امارات کے شمالی حصے میں واقع ہے اور اس کا ساحل تقریباً 16 کلو میٹر طویل ہے۔ ریاست۔ شارجہ اور اُم القیوین کے درمیان واقع ہے۔

دارالحکومت عجمان کیسا شہر ہے؟

متحدہ عرب امارات کی دیگر ریاستوں کی طرح عجمان کا نام بھی اس کے دارالحکومت ہی سے منسوب ہے۔ دارالحکومت عجمان نے ایک جدید شہر ہونے کے ناطے ہر طرح کی سہولیات سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ اپنا مخصوص روایتی تشخص بھی برقرار رکھا ہے۔ یہاں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور مختلف قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے دفاتر کے ساتھ ساتھ بہت سے بینکس، مارکیٹس اور ایک قدرتی وای میں گھری عجمان پورٹ بھی موجود ہے۔ ریاست کی 90 فیصد سے زائد آبادی دارالحکومت ہی میں مقیم ہے۔ حسین ساحلوں اور پانیوں کو سبز کرتی مینگرووز سے لے کر عجائب گھروں اور بلند و بالا شاپنگ مالز تک عجمان شہر میں وہ سب کچھ ہے جس کی کوئی بھی شہری یا سیاح توقع کر سکتا ہے۔

عجمان کے دیگر شہر کون کون سے ہیں؟

دارالحکومت کے علاوہ عجمان میں 2 دیگر شہر ہیں۔

منامہ: دارالحکومت سے 60 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع یہ شہر اپنی دلکش وادیوں اور میگنیشیم اور کرومیٹ سے بھرپور بلند پہاڑوں کیلئے مشہور ہے۔
مصفوت: دارالحکومت کے جنوب مشرق میں 110 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ شہر زراعت، دفتا اور لیشن جیسے دلکش پہاڑوں اور غلفا جیسی وسیع وادیوں کے سبب مشہور ہے۔

Ajman UAE

عجمان کی معاشی صورتحال کیسی ہے؟

عجمان کی معیشت تقریباً 5 فیصد سالانہ کی شرح سے ترقی کر رہی ہے اور 2019ء میں یہاں کا جی ڈی پی 21008 بلین درہم رہا۔ یہاں کی معیشت ہمہ جہتی ہے یعنی کسی ایک شعبے پر اس کا مکمل انحصار نہیں ہے۔ تاہم، عجمان میں تعمیرات، ریئل اسٹیٹ، بزنس سروسز اور مالیاتی تعاون کے شعبے پورے متحدہ عرب امارات کی نسبت زیادہ تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ دریں اثناء، ہول سیل، ریٹیل اور مرمت کے شعبے بھی جی ڈی پی میں خاطر خواہ حصہ ملا رہے ہیں۔ عجمان پورٹ اور عجمان فری زون مقامی معیشت کی تیز رفتار ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

عجمان میں اعلیٰ تعلیم کے نمایاں ادارے کون کون سے ہیں؟

عجمان میں تعلیمی اداروں کے قیام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ یہاں اعلیٰ تعلیم کے نمایاں ادارے یہ ہیں:

عجمان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

گلف میڈیکل یونیورسٹی

سٹی یونیورسٹی کالج آف عجمان

عجمان کی مشہور کھیلیں کون کون سی ہیں؟

کرکٹ اور فٹبال عجمان کے نوجوانوں کی من پسند کھیلیں ہیں۔ تاہم، موٹر سپورٹس بھی یہاں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ علاوہ ازیں، چمکتے سورج، خوبصورت ساحلوں اور محفوظ پانیوں نے عجمان کو وِنڈ سرفِنگ، جیٹ سکِیئنگ اور یکہ کشتی ریس جیسی آبی کھیلوں کیلئے موزوں ترین مقام بنا دیا ہے۔

عجمان کے اہم سیاحتی مقامات کون کون سے ہیں؟

شہروں، ساحلوں اور پہاڑوں کی سرزمین عجمان میں بہت سے سیاحتی مقامات ہیں جن میں سے چند نمایاں مقامات یہ ہیں:
الزوراء گالف کلب: قدرتی ماحول میں سمندر کنارے تعمیرکردہ 18 ہولز والا شاندار گالف گراؤنڈ لہروں کے مستقل بدلتے مزاج کے ساتھ گالف کھیلنے کو ایک منفرد تجربہ بنا دیتا ہے۔

قلعہ مصفوت: ایک پتھریلی چٹان کے وسط میں تعمیرکردہ یہ انیسویں صدی کا ٹاور نما تاریخی قلعہ اپنے عہد میں عمان سے آنے والے ڈاکوؤں کے خلاف مقامی آبادی کی پہلی دفاعی چوکی ہوا کرتا تھا۔

فیئرمونٹ عجمان: ہر طرح کی سہولت سے آراستہ مستقل چمکتے سورج، خیرہ کُن سیفد ریتلے ساحل اور نیلگوں پانیوں کے کنارے ایستادہ یہ عالی شان ہوٹل دبئی جیسے بڑے شہر سے صرف 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کی بالائی منازل سے آپ عجمان شہر، سمندر اور ساحلی علاقے کے انگنت حسین نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

صالح سوق: اگر آپ خالصتاً عرب ماحول میں بالکل مقامی لوگوں کی طرح خریداری کرنا چاہتے ہیں تو صالح سوق نامی اس روایتی بازار میں ضرور جائیں جس کی پام کے پتوں کی چھت میں تنے بطور بیم استعمال کئے گئے ہیں اور جہاں مرجان کے پتھروں کا فرش بچھایا گیا ہے۔

الزوراء نیچر رِزرو: عجمان شہر کے نہایت قریب تقریباً 10 لاکھ مربع میٹر پر پھیلا ساحلی جھاڑیوں مینگرووز کا یہ قدرتی جنگل پرندوں، سمندری حیات اور سکون کے متلاشی حُسنِ فطرت کے قدردانوں کیلئے جنت ارضی کی حیثیت رکھتا ہے۔

واکنگ اینڈ ہائیکنگ ایریا: مصفوت شہر کے قریب حجر پہاڑوں کے درمیان موجود وادیاں اور پتھریلے میدان مہم جوئی کے شوقین افراد کو حُسنِ فطرت سے لطف اندوز ہوتے ہوئے گھومنے پھرنے اور ہائیکنگ کرنے کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔

عجمان سرائے: یہ پُرتعیش رِزوٹ خلیجِ عرب کے فیروزی پانیوں کے کنارے واقع ہے جہاں سفید ریتلے ساحل سورج کی روشنی میں دہک رہے ہوتے ہیں۔

لقمہ و یغمہ: عجمان یونیورسٹی کے قریب واقع یہ کیفے آپ کو آپ کی خواہش کے مطابق چائے، کافی یا سویٹ ڈِشز وغیرہ کے ساتھ ساتھ ایک لینگوئج لیسن بھی دیتا ہے۔ کیفے آنے والے مقامی افراد اور سیاحوں کو اماراتی لہجے کی تربیت بھی دیتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More