فیفا عالمی کپ کی ٹکٹیں، اب نہیں تو کبھی نہیں

2,034

کچھ مواقع روز ملتے ہیں۔ کچھ کبھی کبھی اور کچھ عمر بھر انتظار کرواتے ہیں مگر ملتے ہی نہیں۔۔۔۔۔۔۔ لیکن کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جو زندگی میں ایک آدھ بار ہی صحیح پر مِل ضرور جاتے ہیں۔۔۔۔۔ فیفا عالمی کپ قطر 2022ء بھی ایسا ہی ایک موقع ہے کہ جو آپ کو زندگی میں صرف اور صرف ایک ہی بار دیکھنے کو ملے گا۔ بلاشبہ آپ نے اس سے پہلے بھی فیفا عالمی کپ دیکھے ہوں گے اور اس کے بعد بھی دیکھیں گے لیکن ان میں سے کوئی بھی فیفا عالمی کپ قطر 2022ء بہرحال نہیں ہو گا!

اہلِ قطر کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک ایسا منفرد تجربہ ہو گا کہ جس کا متبادل شائقینِ فٹبال کو کبھی نہیں ملے گا کیونکہ وہ اپنے یہاں اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے صرف اپنے سٹیڈیمز کو نہیں بلکہ تقریباً پورے ملک کو سجا رہے ہیں۔ ننھے سے قطر کا کم و بیش ہر شہر فیفا عالمی کپ کی میزبانی کر رہا ہے اور ہر میزبان سٹیڈیم کے اردگرد کے علاقوں کو بھی قطر سرکار نے اس قدر بنا سجا دیا ہے اور اس قدر سہولیات سے بھر دیا ہے کہ دیکھنے والوں کا دنگ رہ جانا فطری امر ہے۔

خبر یہ ہے کہ جو لوگ زندگی میں اس ایک ہی بار مل سکنے والے موقعے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ان کے لئے ٹکٹس کی فروخت کا آغاز ہو چکا ہے۔ ٹکٹس کے اجراء کیلئے درخواستیں وصول کرنے کا کام 19 جنوری 2022ء کو شروع ہوا۔ قطر والے اور فیفا والے فٹبال کے سحر انگیز اور جنوں خیز کھیل کے خصوصی جشن کی جانب خطے اور دنیا بھر میں موجود شائقین کو متوجہ کرنے کے لئے ٹکٹس کے ساتھ متعدد مصنوعات اور پیکجز بھی دے رہے ہیں۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/news/Fans-invited-to-secure-a-once-in-a-lifetime-experience-as-applications-open-for-FIFA-World-Cup-Qatar-2022-tickets

شائقینِ فٹبال کو قطر کی جانب سے ٹکٹوں کے ساتھ ابتداً تو اور بھی بہت سی پیشکشیں کی جا رہی ہیں لیکن ایسا شاید کچھ دیر گزر جانے کے بعد نہ ہو سکے کیونکہ تب تک یہ پیکجز ختم ہو جائیں گے اور ٹکٹس خریدنے والوں کو صرف میچز دیکھنے کے اجازت ناموں کے حصول پر ہی خوش ہونا پڑے گا۔ چنانچہ اگر آپ قطر میں ہیں یا عالمی کپ دیکھنے کیلئے وہاں جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو پھر پہلے آئیے پہلے پائیے کے اصول پر عمل کرتے ہوئے جلد از جلد اپنی ٹکٹس اور من پسند پیکجز بُک کروائیں۔

فیفا ورلڈ کپ قطر 2022ء لمیٹڈ لائبلٹی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر الخاطر کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور عرب دنیا میں منعقد ہونے والا پہلا فیفا عالمی کپ ایک غیرمعمولی موقع ہو گا اور ہم اپنے شراکت داروں، عالمی کپ کے انعقاد و اہتمام کے حقوق رکھنے والوں اور دیگر متعلقہ افراد، اداروں و ممالک سمیت شائقینِ فٹبال کو اس ٹورنامنٹ کے توسط سے آپس میں جوڑ دینے کی اپنی خواہش کی تکمیل کا نہایت بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے قطر کا رُخ کرنے والے شائقین بلاشبہ یہاں آنے کے بعد صرف اور صرف فٹبال میچز تو بہرحال نہیں دیکھیں گے بلکہ قطر کی تہذیب، ثقافت اور روایات وغیرہ کا بھی مشاہدہ کریں گے۔

فیفا کی سیکریٹری جنرل محترمہ فاطمہ سامورا کا کہنا ہے کہ عالمی کپ کے ٹکٹس کے ساتھ متعارف کروائے گئے پیکجز اور مصنوعات سے لگتا ہے کہ فیفا کا بنیادی مقصد صرف یہ ہے کہ اس خوبصورت کھیل کو دنیا بھر میں موجود زیادہ سے زیادہ شائقین تک پہنچایا جا سکے۔ اس میلے کو دیکھنے کے لئے آنے والے یقینی طور پر عرب دنیا کی ثقافت اور تاریخ سے بھی روشناس ہوں گے اور اعلیٰ ترین سٹیڈیمز میں منعقد ہونے والے میچز کا لطف بھی لیں گے اور ہم سب اس وقت کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں کہ جب مختلف ثقافتوں کے لوگ فٹبال کے کھیل کے طفیل قطر کے میدانوں میں یکجاء ہوں گے۔

19 جنوری 2022ء سے 8 فروری 2022ء تک صرف ٹکٹس کے اجراء کیلئے درخواستیں وصول کی گئیں۔ اس مدت کے دوران اس سے کوئی فرق نہیں پڑا کہ کون سی درخواست پہلے فیز کے پہلے دن آئی، کون سی دوسرے یا تیسرے دن آئی۔ تمام ٹکٹس درخواستیں جمع کروانے کی مدت ختم ہو جانے کے بعد جاری کی جائیں گی۔ اگر درخواستوں کی تعداد موجود ٹکٹس کی تعداد سے بڑھ گئی تو پھر قرعہ اندازی ہو گی۔ تمام کامیاب، جزوی طور پر کامیاب اور ناکام درخواست گزاروں کو 8 مارچ 2022ء کو بتایا جائے گا کہ کیا وہ ٹکٹس کے حصول میں کامیاب ہوئے ہیں یا نہیں۔ اسی روز کامیاب امیدواروں کو یہ بھی بتا دیا جائے گا کہ اب انھوں نے مزید کیا کرنا ہے اور ملنے والے ٹکٹس کی ادائیگی کب اور کیسے کر کے انھیں کنفرم کروانا ہے۔

Source:https://www.qatar2022.qa/en/news/Fans-invited-to-secure-a-once-in-a-lifetime-experience-as-applications-open-for-FIFA-World-Cup-Qatar-2022-tickets

فیفا عالمی کپ 2010ء، 2014ء اور 2018ء کیلئے فیفا کی جانب سے اپنائی گئی ٹکٹِنگ پالیسی کے عین مطابق، میزبان ملک کے مکین خصوصی قیمت والی ٹکٹس کی خصوصی کیٹگری یعنی کیٹگری 4 سے استفادہ کر سکیں گے جس کے تحت انھیں 40 قطری ریال میں ٹکٹس مل سکیں گے۔

قطر میں مقیم غیرملکی شہری ویزہ کارڈز سے ٹکٹوں کی ادائیگی کر سکتے ہیں جب کہ بین الاقوامی شائقینِ فٹبال ویزہ کارڈز کے ساتھ ساتھ آن لائن بینکنگ سمیت فی زمانہ رائج تمام دیگر طریقوں سے بھی ٹکٹس کی فیس ادا کر سکتے ہیں۔ تاہم یاد رکھیں کہ ویزہ کارڈ فیفا عالمی کپ قطر 2022ء کی ٹکٹس کی فیس ادا کرنے کیلئے مختص کردہ ترجیحی طریقہ ہے۔ 19 جنوری سے 8 فروری تک جاری رہنے والے ابتدائی مرحلے میں شائقینِ فٹبال نے کئی طرح کی ٹکٹس کے حصول کیلئے درخواستیں دیں۔

کچھ تو ایسے تھے کہ جو صرف کوئی ایک خاص میچ دیکھنا چاہتے تھے لہٰذا انھوں نے صرف اسی ایک میچ کے ٹکٹس خریدے۔ جب کہ کچھ ایسے تھے کہ جو کسی خاص ٹیم کے تمام یا بیشتر میچز دیکھنے کے شوقین تھے تو انھوں نے اپنی پسندیدہ ٹیم کے تمام میچز کی ٹکٹس کے حصول کیلئے درخواستیں دیں۔ کچھ فٹبال دیوانے ایسے بھی تھے کہ جو چار مختلف سٹیڈیمز میں اوپر تلے یعنی لگاتار منعقد ہونے والے میچز کی ٹکٹس کیلئے درخواستیں دے رہے تھے۔ کسی بھی قسم کی معذوری کا شکار خصوصی افراد بھی ہر سٹیڈیم میں مختص کردہ نشستوں کی تعداد کے تناسب سے متذکرہ بالا تمام کٹیگریز کی ٹکٹس کیلئے درخواستیں دے سکتے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More